(خصوصی رپورٹ) امیر محترم کا دورہ حلقہ اسلام آباد - ڈاکٹر ضمیر اختر خان

10 /

امیر محترم کا دورہ حلقہ اسلام آباد

سال 2022ء کے لیے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق امیر محترم شجاع الدین شیخs کا دورہ حلقہ اسلام آباد،اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے،بخیروعافیت مکمل ہوا۔ دورے کی مختصر روداد حسب ذیل ہےـ:
1۔ ہفتہ 15 جنوری کو امیرمحترم سہ پہر 3بجے اسلام آباد پہنچے۔ ہوائی اڈے سے نائب ناظم اعلیٰ راجہ محمد اصغر اور کینیڈا سے آئے ہوئے رفیق فاروق صاحب کے ہمراہ فیض آباد اور نمازمغرب سے پہلے فیصل مسجد اسلام آباد تشریف لائے۔ جہاں پر دعوۃ اکیڈمی کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں بعد نماز مغرب عوامی خطاب ہوا۔ خطاب کا موضوع’’قوموں کا عروج وزوال قرآن مجید کی روشنی میں‘‘تھا۔ امیرمحترم جب آڈیٹوریم پہنچے تو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ علوم الحدیث کے استاد پروفیسر ڈاکٹر علی طارق نے ان کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر سہیل حسن سابق ڈائریکٹر جنرل دعوۃ اکیڈمی نے بھی امیر محترم کا خیرمقدم کیا۔ دعوۃ اکیڈمی کی روایت کے مطابق ڈاکٹر علی طارق صاحب نے خود ہی امیر محترم کا مفصل تعارف کروایا اور انہیں دعوت خطاب دی۔ امیرمحترم نے شرح وبسط سے مدلل خطاب فرمایا۔ حاضرین کی تعداد آڈیٹوریم کی وسعت سے کافی بڑھ گئی تھی اور ان کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل تھی۔ سیڑھیاں اور اطراف کی تمام خالی جگہیں پُر ہوگئی تھیں اور سامعین نے نہایت توجہ سے خطاب سنا۔ خطاب کے بعد ڈاکٹر سہیل حسن صاحب نے موضوع کا حق ادا کرنے پر امیرمحترم کی ستائش کی اور خود بھی اختصار سے موضوع پر اظہار خیال فرمایا۔ دعا اور نماز عشاء کی جماعت کے ساتھ تقریب مکمل ہوئی۔
2۔ اتوار 16جنوری کو حلقہ اسلام آباد کے جملہ رفقاء کےساتھ امیر محترم کی صبح 9:30 سے دوپہر 2:35تک طویل نشست ہوئی جس میں تذکیربالقرآن،تذکیربالحدیث اور تذکرہ صحابہؓ کے علاوہ حلقہ اسلام آباد کاعمومی تعارف پیش کیا گیا۔چائے کے وقفے کے بعد سوالات وجوابات کا بھرپور دور ہوا۔ بیعت مسنونہ سے پہلے امیر محترم نے سالانہ اجتماع کے موقع پر رفقاء کو دیے گئے اہداف کی یاد دہانی کروائی اور خاص طورپرایک رفیق کے 10 بنیادی اوصاف کے حوالے سے تاکید کی کہ ہر ایک نے ان اوصاف کو اپنے اندر پیدا کرنے کی سعی کرنی ہے۔ نماز ظہر اور دوپہر کے کھانے کے بعد ذمہ داران حلقہ کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی جس میں سوال وجواب کے علاوہ امیر محترم نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں اور گھروالوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہمارے گھر سب سے پہلے اقامت دین کی جدوجہد کےمراکز بنیں۔
3۔ اتوار16 جنوری سہ پہر 3بجے تنظیم اساتذہ پاکستان کے زیر اہتمام، اسلام آبادکے سیکٹر آئیٹینمیں واقع ایک سکول کے آڈیٹوریم میں راولپنڈی/ اسلام آباد کے اساتذہ کے ساتھ نشست کا اہتمام تھا۔ ٹھیک 3بجے امیرمحترم وہاں پہنچ گئے۔ صدرتنظیم اساتذہ ضلع اسلام آباد، راجہ محمد خالد نے امیر محترم کا استقبال کیا اور سیدھے آڈیٹوریم لے گئے جہاں چھٹی کے باوجود اچھی تعداد میں اساتذہ جمع تھے۔ امیر محترم نے علم کی اہمیت ، فضیلت،ضرورت اور علم وحی اور اکتسابی علم کے باہمی تعلق کو واضح کرتے ہوئے تمام اکتسابی علوم کو علم وحی یعنی کتاب و سنت کےتابع کرنے پر زور دیا اور اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالی جو نسل نوع کو مقاصد زندگی سمجھانے میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
4۔ اتوار 16جنوری نماز مغرب سے پہلے انجمن خدام القرآن اسلام آباد کے زیراہتمام پروگرام میں شرکت کے لیے امیرمحترم قرآن اکیڈمی ہمدان ہائٹس،غوری ٹاؤن پہنچے۔صدر انجمن ڈاکٹر خالد نعمت نے آپ کا استقبال کیا۔ نماز کے بعد انجمن کے اراکین کے ساتھ نشست ہوئی۔ ڈائریکٹر اکیڈیمکس،بریگیڈیئر عنایت ولی صاحب نے تعلیمی سال 2021ء کی تفاصیل پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر امیرمحترم نے خطاب فرمایا اور انجمن خدام القرآن اور تنظیم اسلامی کے باہمی ربط کو واضح کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر اسراراحمد m کی ان دونوں اداروں کے سلسلے میں دی گئی رہنمائی کو مشعل راہ قرار دیا اور زور دیا کہ ڈاکٹر صاحب کے تصورات کے عین مطابق ان دونوں کے درمیان ہم آہنگی کو توازن کے ساتھ برقرار رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔عشاء کی نماز اور عشائیے کے بعد رات تقریباً 9:30بجے امیرمحترم لاہور روانہ ہو گئے۔ (رپورٹ: ضمیر اختر خان)