(خصوصی رپورٹ) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

8 /

 

امیرتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ کا دورئہ حلقہ لاہور شرقی

تنظیم اسلامی پاکستان نظم کے اعتبار سے بیس حلقہ جات میں منقسم ہے۔امیر تنظیم سال میں ایک مرتبہ ہر حلقہ کا دورہ کرتے ہیں۔رفقاء، ذمہ دار حضرات سے خصوصی ملاقات کے علاوہ عمومی نوعیت کے دعوتی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔اسی سلسلے میں امیر محترم شجاع الدین شیخ نے 16دسمبر شام تا18دسمبر دوپہر تک کا وقت حلقہ کے لئے مختص کیا تھا۔پہلا پروگرام علاقہ کے علماء سے خصوصی ملاقات پر مشتمل تھا۔حلقہ میں شامل تنظیموں کی خصوصی دعوت پر پندرہ سے زائد علمائے کرام نے شرکت کی۔سب سے پہلے امیر تنظیم اسلامی نے اپنا مختصر اور ضروری تعارف پیش کیا۔بعدازاں امیر تنظیم نے علمائے کرام سے ملاقاتوں کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔شریک محفل علمائے کرام نے اپنا تعارف کرایا اور جس تنظیمی رابطے سے وہ یہاں تشریف لائے، اُسے بھی بیان کیا۔امیرتنظیم نے اُمت مسلمہ کو درپیش سنگین حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے دینی قوتوں کے مابین اتحاد و اتفاق اور قریبی تعلقات کی اہمیت کا تذکرہ کیا۔اُنہوں نے بطور خاص مولانا مفتی تقی عثمانی اور مولانا مفتی منیب الرحمن کی خصوصی کاوشوں کا بھی ذکر کیا۔ اُنہوں نے قرآنِ مجید کے متفق علیہ ترجمہ کے ضمن میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اس ضمن میں خوش آئند پیش رفت کا تذکرہ بھی کیا۔چائے اور دیگر لوازمات کے ساتھ شرکاء کی تواضع کا اہتمام کیا گیا۔لاہور کے بزرگ اور ہمارے دیرینہ ہمدم عالم دین جناب عبدالرئوف ملک کی بھی تشریف آوری ہوئی۔اُنہوں نے تنظیم اسلامی کے جملہ رفقاء کو پُر خلوص دُعائوں سے نوازااور امیر تنظیم سے خوشگوار بے تکلّفانہ انداز سے گفتگو فرمائی۔اس پُروقار تقریب کے بعد امیر محترم نے قرآن آڈٹیوریم میں ’’پاکستان کی بقاء و استحکام کا راز نظریۂ پاکستان کی عملی تعبیر‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں صدارتی خطاب فرمایا۔ مہمان مقررین میں جناب ڈاکٹر حماد لکھوی، سربراہ شعبہ اسلامیات پنجاب یونیورسٹی لاہور شامل تھے۔ڈاکٹر عبدالسمیع اور مرکزی ناظم نشرواشاعت محترم ایوب بیگ مرزا نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ 17دسمبر بروز ہفتہ کو جنرل ہسپتال کے نیورو آڈیٹوریم میں امیر تنظیم اسلامی کا خصوصی خطاب ہوا۔پروگرام کا انعقاد ڈیفنس تنظیم کے امیر جناب راحیل محمود بھٹی، رفیق تنظیم ڈاکٹر پروفیسر میاں محمد حنیف سربراہ شعبہ آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ اور ڈاکٹر ذوالقرنین کی خصوصی کاوشوں سے عمل میں آیا۔امیر تنظیم اسلامی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پروگرام کے بعد پروفیسر ڈاکٹر سردار عبدالعزیز ظفر اور دیگر سینئر ڈاکٹر اور پروفیسر حضرات نے امیر محترم کو الوداع کہا۔نمازِظہر دفتر حلقہ لاہور شرقی میں ادا کی گئی۔
مختصر وقفہ و آرام کے بعد اگلے پروگرام کے لیے مدرسہ جامعہ منظور الاسلامیہ روانگی ہوئی ۔مدرسہ میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے بعد خصوصی دعوتی پروگرام کا آغاز ہوا۔مہتم مدرسہ صاحبزادہ مولانا اسد فاروق کے ہمراہ امیر تنظیم اسلامی اور نائب ناظم اعلیٰ جناب پرویز اقبال سٹیج پر رونق افروز ہوئے۔جلسہ کا آغاز مدرسہ کے شعبہ قراءت کے استاد قاری سید رسول کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔موصوف نے سورئہ آلِ عمران کی آیات 18تا20کی تلاوت کی اور آیات کا ترجمہ بھی بیان کیا۔سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری ڈاکٹر حسیب اسلم نے ادا کی۔مولانا اسد اللہ فاروقی نے بانیٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد ؒ اوراپنے والد پیر سیف اللہ خالد کے باہمی تعلقات کا تذکرہ کیا۔امیرتنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے مدرسہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسے پروگراموں کو دین اسلام اور ملک و ملت کے مفاد کے لیے اہم اور مفید قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ لہٰذا پورے دین کو اختیار کرنے ہی سے اُمت موجودہ زوال سے نجات حاصل کر سکتی ہے وگرنہ اسلام کے کچھ احکامات پر عمل اور بعض دوسرے احکامات سے صرفِ نظر کرکے انہیں چھوڑ دینا دنیوی زندگی میں ذلت کاباعث اور آخرت میں عذابِ خداوندی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والے ملک میں طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی پیش رفت کی بجائے پسپائی کا رجحان نظر آرہا ہے۔محض عقائد ، عبادات، رسومات اور انفرادی اعمال پر عمل کے ساتھ ساتھ اجتماعی احکامات پر عمل پیرا ہونا وقت کا تقاضا ہے۔امیر تنظیم نے کہا دین مخالف اور عوام دشمن استحصالی اور ظالمانہ نظام کا خاتمہ اسلام کا اولین اور اہم ترین مقصد اور نصب العین ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے قیام کے لیے، غیر مسلح ،پُر امن اور منظم جدوجہد چلانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔دینی جماعتوں اور علماء کو باہمی تعاون اور اتفاقِ رائے سے دین کے نفاذ اور منکرات کے خاتمہ کے لئے منظم تحریک برپا کرنا ہوگی۔دعا پر اس محفل کا اختتام ہوا۔ واپس مرکز حلقہ پہنچے اور نمازِ عشاء کی ادائیگی کے بعد امیر تنظیم نے ـ’’ قرآن حکیم اور ہم‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب فرمایا۔اُنہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ نے کرکٹ کے کھیل کو قوم کی زندگی اور موت کا مسئلہ بنا کر انہیں دین و ملت کے تقاضوں سے غافل کر دیا ہے۔ایک مسلمان کی زندگی اور موت کا مسئلہ ایمان کا حصول اور قرآن فہمی ہونا چاہئے۔اُمت مسلمہ کا عروج و سربلندی قرآن سے وابستہ ہے۔انہوں نے شرکاء کو نصیحت کی وہ قرآن مجید سے اپنے تعلق پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے اہم ترین سرگرمی کا حصہ بنا لیں۔انہوں نے کہا کہ ایمان میں اضافہ بھی خود قرآن ہی کے ذریعے ممکن ہے۔امیر محترم، نائب ناظم اعلیٰ اور راقم نے رات کو دفتر حلقہ میں قیام کیا۔نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد امیر حلقہ محترم نورالوریٰ نے درسِ قرآن دیا۔ ناشتہ سے فراغت کے بعد مسجد نور باغ والی میں رفقاء حلقہ سے خصوصی ملاقات پر مبنی نشست کا اہتمام تھا۔
نشست کا آغاز امیر حلقہ جناب نورالوریٰ کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ امیرحلقہ نے حلقہ کے ذمہ دار حضرات کا امیر محترم سے تعارف کرایا۔بعدازاں رفقاء نے امیر محترم سے تنظیمی، دعوتی اور تحریکی موضوعات پر سوالات کیے۔ امیر محترم نے رفقاء کے سوالات کے جوابات دئیے۔چائے کے وقفے کے بعد ذمہ دار حضرات نے امیر تنظیم سے ملاقات کی۔ امیر محترم نے تنظیم اسلامی میں خواتین کی شرکت و شمولیت اور دعوتی و تنظیمی پروگراموں میں خواتین کے کردار پر راہنمائی فرمائی اور اس حوالے سے مسائل کا حل بھی تجویز کیا۔
نمازِ ظہر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے ساتھ یہ دو روزہ خصوصی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔(مرتب کردہ: نعیم اختر عدنان، ناظم نشر و اشاعت، حلقہ لاہور شرقی)

حلقہ پنجاب جنوبی کے ناظم دعوت کا دورہ راجن پورحلقہ پنجاب جنوبی کے ناظم دعوت محترم محمد سلیم اختر نے مورخہ17 دسمبر 2022 کو داجل کے ایک استاد جناب عبدالصبور کی دعوت پر راجن پور کا دعوتی دورہ کیا ۔ راجن پور کےملتزم رفیق جناب ڈاکٹر وقاص اشرف اور 5 رفقاء نے بھی اس دورہ کے دروس قرآنی میں شرکت کی۔ ناظم دعوت نے دن 12:00 بجے داجل کی سٹیپ ون اکیڈمی میں طلبہ و اساتذہ کرام سے ، ’’نوجوانوں کے لیے اسلا م کا پیغام‘‘ کے عنوان سے خطاب کیا۔ نماز ظہر و کھانے کے بعد گرلز اکیڈمی برائے خواتین میںسہ پہر 3:00 بجے’’خواتین کی دینی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ جس میں کثیر تعداد میں طالبات و ٹیچرز نے شرکت کی۔ بعد نماز عشاء مفتی تقی عثمانی کے شاگرد محترم مفتی مشتاق سلیم صاحب کی مسجدمیں درس قرآن مجید ہوا، جس میں 150 کے قریب نمازیو ں نے شرکت کی ۔ مفتی صاحب نے بھی اس درس کو خوب سراہا اور خواہش کا اظہار فرمایا کہ یہ مسجد آپ کے لیے ہر وقت کھلی ہے جب چاہیں درس کے لیے آسکتے ہیں۔ اس پروگرام کے لیے راجن پورکے رفقاء نے بڑی محنت کی۔ 100 کی تعداد میں ہفت روزہ ندائے خلافت تقسیم ہوا۔ دو احباب نے تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ مفتی صاحب نے رات کے کھانے کی میزبانی کی۔ رات کا قیام جناب عبدالصبو ر صاحب کے یہاں کیا۔ صبح ناشتہ کے بعد تونسہ کے لیے روانہ ہو ئے۔
18دسمبر بروز اتوار حلقہ کے منفرد اسرہ تونسہ شریف کا دورہ طے تھا ۔ شدید دھند اور سخت سردی میں داجل سے مرکز تنظیم اسلامی جامع مسجد نور گجر آباد گلشن محمود کالونی تونسہ شریف پہنچے۔ جہاں رفقاء اور سامعین ناظم دعوت کے منتظر بیٹھے تھے ۔ انہوں نے 11:30 بجے ’’حالات حاضرہ اور نجات کی راہ‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ یہ اسرہ تونسہ شریف کا ماہانہ دعوتی اجتماع تھا۔ اس خطاب میں 100 کے قریب رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سلیم اختر صاحب کی ان کوششوں کو شرف قبولیت فرمائے اور جن رفقاء نےاس دورہ کو کامیاب کرنے کے لیے بہت محنت کی، اللہ تعالیٰ ان کی کوششوں کو بھی قبول فرمائے۔ آمین یا رب العالمین ( مرتب:رضا محمد گجر )
حلقہ مالا کنڈ کا سہ ماہی اجتماعحلقہ ملا کنڈ کا سہ ماہی تربیتی اجتماع 11 دسمبر 2022ء کو بمقام جنگئ مسجد تھانہ بائی باس روڈ منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں کافی رفقاء نے شرکت کی۔ محترم شوکت اللہ شاکر نے سورہ المومنون کی آیات 7تا 9 کا درس دیا۔ اس کے بعد کبل کے رفیق نے درس حدیث دیا۔اس کے بعد موضع تھانہ کے رفیق الطاف حسین نے سیرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر مدلل انداز میں خطاب کیا۔ اس کے بعد رفیق آسرہ اوچ لوئر دیر احسان اللہ نے بانی محترم کی کتاب ’’سابقہ اور موجودہ مسلمان امتوں کا ماضی، حال اور مستقبل‘‘ کا مطالعہ کروایا۔اس کے بعد اسرہ مینگورہ کے رفقاء نے صدیق صاحب کی نگرانی میں اُسرہ میٹنگ کا عملی مظاہرہ کرکے دکھایا۔ چائے کے وقفہ پر رفقاء نے ایک دوسرے سے باہمی تعارف حاصل کیا۔ چائے کے وقفہ کے بعد رفیق حبیب علی نے ’’تزکیہ نفس‘‘ کے موضوع پر قرآن واحادیث کی روشنی میں رفقاء کو سمجھایا۔ اس کے بعد غالیگے سے تعلق رکھنے والے رفیق علی شیر نے ’’اقامت دین اور اس کے طریقہ کار‘‘پر مدلل انداز میں گفتگو کی۔ آخر میں امیر حلقہ نے اختتامی بیان کرتے ہوئے رفقاء کو ہدایات دیں کہ کیسے دین کے کام کو ترجیح اوّل دے کر کرنا چاہیے۔ اجتماعی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ اللہ رب العزت ہم سب کی سعی و کوشش کو قبول کرے۔آمین یا رب العالمین! (رپورٹ: رفیق تنظیم)
تنظیم اسلامی باجوڑ شرقی و غربی کا سہ ماہی اجتماعباجوڑ کی دوتناظیم شرقی و غربی کا سہ ماہی اجتماع بروز اتوار صبح 9:30 بجے بمقام باجوڑ پیلس پلازہ نزد راحت ہوٹل خار منعقد ہوا۔
محترم گل محمود نے درس قرآن کا فریضہ ادا کیا اور درس حدیث کی ذمہ داری جناب محمد سعید نے ادا کی۔ اس کے بعد جناب فیض الرحمٰن نے ’’تزکیہ نفس‘‘ کے موضوع پر سیرحاصل گفتگو کی۔ محترم حضرت نبی محسن نے ’’اقامتِ دین اور اس کا نبوی طریقہ کار‘‘ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی انقلاب لانا چاہتے ہو تو سیرت نبوی ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین کا اسوہ اپنانا ہوگا۔
اس کے بعد چائے اور باہمی تعارف کا وقفہ ہوا۔
وقفہ کے بعد محترم شیرمحمد حنیف نے ’’سیرت النبی ﷺ‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ جناب محمد نعیم نے رفقاء کے سامنے مطالعہ لٹریچر پیش کیا ۔ امیر حلقہ جناب ممتاز بخت تنظیمی مصروفیات کی وجہ سے لاہور میں تھے، لہٰذا ان کی جگہ ذمہ داری محترم فیض الرحمٰن نے ادا کی۔
اس بابرکت مجلس کا اختتام محترم فیض الرحمٰن کی دعا پر ہوا۔ اس پروگرام میں تقریباً 30 افراد نے شرکت کی۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری اس سعی کو قبول فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔ (رپورٹ: لاہور خان، معتمد مقامی تنظیم باجوڑ شرقی)
مقامی تنظیم دیر بالا کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی اجتماعتنظیم اسلامی دیر بالا زون کا سہ ماہی اجتماع بمقام بیبیوڑ 18 دسمبر 2022ء کو منعقد ہوا۔ جس میں مقامی تناظیم واڑی، داروڑہ، بیبیوڑ اور دیربالا کے رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز درس قرآن سے ہوا۔ محترم محمد حنیف نے سورہ العصر کا درس دیا۔ اس کے بعد محترم نظیر اللہ نے ’’جماعت کی اہمیت‘‘ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ چائے کے وقفہ کے بعد ہی بیبیوڑ کے رفقاء نے ایک مثالی اسرے کا مذاکرہ کرایا۔
اس کے بعد بیبیوڑ کے مقامی تنظیم کے نائب امیر محترم محمد خالد نے ’’تزکیہ نفس‘‘ پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی انقلابی تحریک کے کارکنوں میں تزکیہ نفس کا عنصر موجود نہ ہو تو تحریک کامیابی کی طرف گامزن نہیں ہو سکتی۔
پروگرام کے آخرمیں محترم ڈاکٹر فیض الرحمٰن نے ’’منہج انقلاب نبویؐ ‘‘ پر مفصل خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں منہج انقلاب نبویؐ کے چھ گوشوں کو واضح کیا۔ انہوں نے مختلف تحریکوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان تحریکوں سے نہ کبھی ماضی میں معاشرے میں تبدیلی آئی ہے اور نہ آئندہ کبھی اسی طریقے سے کامیابی ممکن ہے۔ ہمیں نظام کو تبدیل کرنا ہے۔ نظام کی تبدیلی کے بغیر انقلاب لانا مشکل ہے۔ آخر میں امیرحلقہ ملاکنڈ محترم ممتاز بخت نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اجتماعی دعا پر اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ (رپورٹ: رفیق تنظیم)
حلقہ کراچی جنوبی کے تحت سہ ماہی تربیتی اجتماعسہ ماہی تربیتی اجتماع 18 دسمبر2022 ءبروز اتوار مسجد جامع القرآن ، قرآن کیڈمی ڈیفنس میں بعنوان ’’دین اسلام کا جامع تصور‘‘ منعقد ہوا۔ اس اجتماع میںحلقہ کے تمام رفقاء کو مد عو کیا گیا تھا۔ میزبانی کے فرائض راقم نے ادا کیے۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کا شرف کورنگی شرقی تنظیم کے رفیق جناب حافظ ریان بن نعمان نے حاصل کیا۔ا نہوں نے ’’سورۃ التغابن آیات 01 تا 10‘‘ کی احسن انداز میں تلاوت کی۔ بعدازاں تلاوت کی جانے والی آیات پر ’’ایمانیات ثلاثہ‘‘ کے حوالے سے تذکیر جناب عامرخان نے کی۔ انہوںنے کہا کہ ایمان اصلاًایمان باللہ کا نام ہے۔ ایمان بالرسالت اور ایمان بالآخرت اللہ کو الھادی اور العادل ماننے کا مظہر ہیں ۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کو اسما ءو صفات کے ساتھ ماننا چاہیے۔ قانونی اعتبار سے اہم ترین ایمان بالرسالت ہے ۔ اس کے علاوہ عمل کے اعتبار سے سب سے اہم ترایمان بالآخرت ہے۔ قرآن مجید میں ایمان لانے والوں کا انتہائی حسین انجام جبکہ کفر کرنے والے کے لیے سخت عذاب کی وعید ہے۔ بعد ازاں امیر مقامی تنظیم ڈیفنس محترم عاطف اسلم نے ’’رسومات ‘‘ کے موضوع پر بیان کیا۔ انہو ں نے کہا کہ خوشی اور غمی کے موقع پر دنیا میںرہنے والے سب ہی لوگ کچھ نہ کچھ رسومات اختیار کرتے ہیں ۔ ہمارا دین خوشی یا غمی کے موقع پر رہنمائی دیتا ہے جس پر عمل کرنے سے وہ گھڑی ہمارے لیے نیکی،عبادت اور باعث برکت بن جاتی ہے۔ ہمیں خوشی ہو یا غمی ہر حال میں فرمان الہٰی ،سنت رسولﷺ اور سیرت صحابہ ؓکو مدنظر رکھنا چاہیے۔ راقم نے موضوع’’عبادت اربعہ‘‘ پر ملٹی میڈیا پریزینٹیشن کی مدد سے بیان کیا۔ جس میں دینی فرائض کی عمارت میں عبادات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ نبی اکرم ﷺ اور ان کے جو رفقاء ہیں قرآن نے ان کا وصف بیان کیا ہے کہ وہ کبھی رکوع کی حالت میں ہوتے ہیں ،کبھی سجدہ کی حالت میں۔ عبادات محض کوئی مشقت نہیں بلکہ بندہ مومن کے لیے تحفہ ہیں۔ اس کا ہمیں باقاعدگی اور حقیقی روح کو سامنے رکھتے ہوئے اہتمام کرنا چاہیے۔ مزید ہم رفقاء میں نماز کو بنیا د بنا کر دیگرفرائض شہادت علی الناس اور اقامت دین کی جدو جہد کے لیے ترغیب دلاتے ہیں لیکن اگر کوئی رفیق نماز کو ہی اہمیت نہ دے جس کے بارے روز قیامت سب سے پہلے سوال ہوناہے پھر وہ دیگر فرائض کی ادائیگی میں بھی سستی سے کام لے گا۔ ناظم تربیت مقامی تنظیم اولڈ سٹی جناب محمد نعمان صاحب نے بعنوان ’’اسلام کا معاشی ،معاشرتی و سیاسی نظام‘‘ پر بیان کیا ۔ اور شرکاء کو بانی محترم کے خطبات ’’اسلام کا انقلابی منشور‘‘ اور خطبات خلافت کے مطالعہ کے لیے ترغیب دلائی۔بعد ازاں باہمی ملاقات اور چائے کے لیے 30 منٹ کا وقفہ دیا گیا۔
وقفہ کے بعد موضوع ’’آداب تلاوت قرآن‘‘ معتمد لانڈھی تنظیم جناب حافظ محمد لقمان نے بیان کیے۔ امیر محترم نے سالانہ اجتماع کے اختتام پر ذمہ داران کو توجہ دلائی تھی کہ وہ تجوید ٹیسٹ دینے کا اہتما م کریں گے اور قرآن پاک کی درست ادائیگی کے لیے کوشش کریں گے ۔ بانی ٘محترم  ؒ نے قرآن پاک کے جو پانچ حقوق بیان فرمائیں ہیں ان میں بھی نمبر دو قرآن مجید کی درست تلاوت کرنا ہے۔لہٰذا ہماری یہ تلاوت لحن جلی غلطیوں سے پا ک اور حسن کے ساتھ ہونی چاہیے۔ بعد ازاں امیر مقامی لانڈھی تنظیم جناب محمد ہاشم صاحب نے موضوع ’’ملکی سیاست اور ہمارا مؤقف‘‘ بذریعہ ملٹی میڈیا پریزینٹیشن پیش کیا۔ آپ نے بانی محترم ؒ کے خطاب 1993ء کے چند نکات مرتب کیے تھے جسے عمدگی کے ساتھ شرکاء میں بیان کیا۔ ملکی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے دستور میں درج پالیسی کا بھی مطالعہ کروایا۔
آخر میں امیر حلقہ کراچی جنوبی جناب ڈاکٹر محمد الیا س نے’’ دین اسلام کا جامع تصور اور رسول ؐانقلاب کا طریقہ انقلاب‘‘ پر ملٹی میڈیا پریزینٹیشن کی مدد سے مذاکرہ کروایا۔ آپ نے دین کا مفہوم ، انفرادی اور اجتماعی گوشے ،اسلام اور سیکولرازم میں فرق اور ان کی ادائیگی کے لیے جہاد فی سبیل اللہ کی ضرورت و اہمیت پر سوال جواب کی صورت میں مذاکرہ کروایا۔مذاکرہ کے بعد امیر حلقہ نے تمام حاضرین کا عموماً اور مدرسین کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتہائی محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کیں۔امیر حلقہ نے امیر محترم کی جانب سے سالانہ اجتماع کے موقع پر دیئے گئے اہداف کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ترغیب دلائی اور مرکزی واٹس ایپ براڈ کاسٹ گروپ کو جوائن کرنے کا بھی کہا ۔ آئندہ سہ ماہی کے حوالے سے بھی مرکزا ور حلقہ کی جانب سے طے شدہ پروگرامات سے بھی رفقاء کو مطلع کیا۔ مرحومین کے لیے مغفرت اور بیماروں کی صحت یابی کے لیے دعا پر یہ مبارک محفل اختتام پذیر ہوئی۔ اللہ سب حاضرین کی شرکت کو قبول و منظو رفرمائے۔ آمین یارب العالمین !
(رپورٹ: محمد سہیل راؤ،معتمد حلقہ و ناظم تربیت حلقہ کراچی جنوبی)
نائب ناظم اعلیٰ خیبر پختونخوا کا امراء حلقہ جات کے ساتھ مشاورتی پروگرام27 دسمبر 2022ء کو نائب ناظم اعلیٰ خیبر پختونخوا محترم گل رحمٰن کی رہائش گاہ پر امراء حلقہ جات کے ساتھ ایک مشاورتیپروگرام کا انعقاد ہوا۔ اس اجتماع میں نائب ناظم اعلیٰ خیبرپختونخوا گل رحمٰن، محمد شمیم خٹک، امیر حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی، ممتاز بخت امیر حلقہ ملاکنڈ اور محمد سعید معتمد خاص برائے نائب ناظم اعلیٰ شریک ہوئے۔
نائب ناظم اعلیٰ نے تنظیم میں Follow up پر شرکاء سے تفصیلی گفتگو کی اور ضروری ہدایات دیں۔
نائب ناظم اعلیٰ نے امیر حلقہ ملا کنڈ کو یاد دہانی کرائی کہ ملاکنڈ ڈویژن میں سکولوں میں موسم سرما کی تقریباً دو مہینوں کی تعطیلات ہوتی ہے اس لیے اس موقع کو توسیعی دعوت کے لیے استعمال کرنے کے لیےجامع منصوبہ بندی کریں۔پروگرام میں نظام العمل اور احسان اسلام کے مطالعہ کا جائزہ لیا گیا۔ اس پروگرام میں اصلاحی خطوط کی بروقت ترسیل اور اس پر اپنے تاثرات پر مشاورت ہوئی۔
نائب ناظم اعلیٰ نے امراء کو تشکیل شوریٰ کے ضمن میں مرکز کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں مقررہ ڈیٹ لائن سے پہلے پہلے یہ عمل مکمل کرنے کی تاکید کی۔ مسنون دعا کے بعد اجتماع کا اختتام ہوا۔ (رپورٹ: رفیق تنظیم)

حلقہ خواتین کراچی کے زیر اہتمام سالانہ اجتماعحلقہ خواتین کراچی جنوبی کا سالانہ اجتماع 18 دسمبر 2022 کو بمقام قرآن اکیڈمی ڈیفنس میں منعقد ہوا۔اس اجتماع کی مہمان خصوصی ازواج امیر محترم تھیں۔ اس اجتماع کا موضوع ’’ تجدید سبق‘‘ تھا۔ اسٹیج میزبانی کے فرائض زوجہ ڈاکٹر الیاس صاحبہ نے انجام دیئے ۔
پروگرام کا آغاز صبح 8:45 تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔اہلیہ فرقان صاحبہ نے سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر 32 سے 35 کی تلاوت کی اور ترجمہ بیان کیا۔
اس کے بعد اہلیہ منصور صاحبہ نے نعت ِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ نعت کے اشعار میں نبی کریم ﷺ کی قربانیاں جو انہوںنے امت کی نجات کی خاطر دیں اور جو مصائب و تکالیف امت کی خاطر اٹھائیں ان کا تذکرہ کیا گیا اور مسلمانوںکو ان کا مقصدزندگی یاد دلایاگیا۔
نعت کے بعد اہلیہ رمضان صاحبہ نے’’اسلام کے ضابطہ اخلاق‘‘ پر بہت پرُجوش اور پُر اثر خطاب کیا ۔ ایک مومن کا اخلاق و کردار کیا ہونا چاہیے؟مومن کو بغض ، کینہ اور حسد سے پاک ہونا چاہیے۔ خاص طور پر ان کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں۔پھر اہلیہ جاوید صاحبہ نے ’’ شرم و حیا‘‘ پر بہت خوبصورت بیان کیا۔
اس کے بعد اہلیہ کامل صاحبہ نے نوجوان بچیوں کے مسائل اور ان کے حل پر بہترین تبصرہ کیا۔ خاص طور پر نوجوان بچیوں کے لباس درست کرنے کی تلقین کی۔وقفے کے فوراًبعد محترم اہلیہ عامر صاحبہ نے ’’ مقصد زندگی‘‘ کے موضوع پر بڑا پر ُ اثر بیان کیا۔ پھر اہلیہ ذیشان صاحبہ نے ’’قرآن سے تعلق ‘‘سورۃ الکہف کی روشنی میں بیان کی۔ انہوں نے سورہ کہف کی اہمیت کواجاگر کیا اور سورہ کہف کے مضامین اور اس میں بیان کئے گئے واقعات کی وضاحت کی۔
اس کے بعد معاونہ مشاورتی اسرہ نے امیر حلقہ کراچی جنوبی کا پیغام پڑھ کرسنایا ۔ جس میں امیر حلقہ نے خواتین سے ان کے تمام کردارا حسن طرح سے ادا کرنے کی تلقین فرمائی اور اپنے محرم مردوں کو دعوت و اقامت دین کی جدوجہد میں ترغیب دلانے اور ان کے لیے سہولت بہم پہچانے کی تلقین فرمائی ۔
اس کے بعد زوجہ امیر محترم نے رفیقات تنظیم اسلامی سے خطاب کیا ۔ انہوں نے رفیقات کی پروگرام میںشرکت کو سراہااور اجتماع کے تمام بیانات کی بھی تحسین کی اوررفیقات کو مفید تجاویز سے نوازا۔
اس کے بعد زوجہ امیر محترم نے ہمشیرہ نعمان اختر صاحبہ کو مہمانون کا شکریہ ادا کرنے کے لئے بلایا۔ہمشیرہ نعمان اختر نے میزبان ٹیم اور تمام انتظامات کی تعریف کی اور سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سب بانی محترم ڈاکٹر اسراراحمد  ؒ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے اپنی بات کا اختتام دعائیہ اشعار پر کیا۔ ؎
خدا کرے اس چمن کو کبھی زوال نہ ہو
کھلیں جو اس میں مہکا دیں سارے عالم کو
اس کے رکھوالوں کو کبھی زوال نہ ہو
ہر پھول ایسا ہو کہ اس کی کوئی مثال نہ ہو
زوجہ امیر محترم نے تنظیم کی نہایت سینئر رفیقہ حفیظہ خالہ جنہوں نے آغاز تنظیم سےتنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی کودعا کی درخواست کی ۔حفیظہ خالہ نے بہت پُر سوز دعا کروائی ۔ان کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ اذانِ ظہر پر اجتماع کا اختتام ہوا۔