سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف
تنظیم اسلامی کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں مظاہرےاورریلیاں(مرتب: وقار احمد)
عیدالاضحٰی کے روز سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے سامنے ایک ملعون عراقی شخص (جو سویڈن میں مقیم ہے) نے قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کیا۔توہینِ قرآن کے اس دلخراش اور اندوہناک واقعہ پر تنظیم اسلامی پاکستان کی مرکزی قیادت نےملک بھرمیں پُرامن مظاہروں کا فیصلہ کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر قرآن پاک کی توہین کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرئے ۔ قرآن ہماری اساس ہے اس کی بے حرمتی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔ بین الاقوامی برادری کی بھی ذمہ داری ہے کہ ان واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ اس اشتعال انگیز واقعے سے پونے دو ارب مسلمانوں کے دل چور چور ہیں۔ مغربی ممالک میں حکومتی سرپرستی میں ہونے والے قران کریم کی بے حرمتی اور حضورﷺ کی شان میں گستاخی کے شرمناک واقعات کا تسلسل سے رونما ہونا مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی ایک مذموم اور منظم کوشش ہے۔مظاہرین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فی الفور اس معاملے کو اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام بین ا لاقوامی فورمزپر بھرپور طریقے سے اٹھائیں۔ اور فوری طور پر سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کر کے اپنا سفیر واپس بلایا جائے ۔ مظاہرین نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ان کے دین کا تقاضا ہے کہ اس شرانگیز واقعے کے خلاف عملی اقدام کے طور پرسویڈن کی مصنوعات کامکمل بائیکاٹ کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کراوئیں۔ اللہ تمام رفقاء و احباب کی محنتوں اور کاوشوں کو قبول و منظور فرمائے ۔آمین! ذیل میں انہی مظاہروں کی تفصیلات ہیں۔
حلقہ کراچی وسطی
حلقہ کراچی وسطی کے زیر اہتمام چار مینار چورنگی بہادر آباد میں تقریباً300 رفقاء و احباب نے توہینِ قرآن کے خلاف احتجاج میں شرکت کی۔تمام رفقاء و احباب نماز عصرسے قبل مظاہرے میں پہنچے اور قریبی مساجد میں نماز ادا کرنے کے بعد چار مینار چورنگی کے اطراف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے تقریباً 120 بینرز اور50 پول کارڈزبھی اٹھا رکھے تھے ۔ نماز مغرب سے کچھ دیر قبل امیر حلقہ کی ہدایت پر مظاہرہ کا اختتام ہوا۔
(مرتب : عمر بن عبدالعزیز،معتمد حلقہ کراچی وسطی)
حلقہ فیصل آبادڈویژن
تنظیم اسلامی فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا ۔ مظاہرہ کی قیادت امیر تنظیم اسلامی حلقہ فیصل آباد محمد نعمان اصغر، صدر انجمن خدام القرآن فیصل آباد ڈاکٹر عبدالسمیع، محمد فاروق نذیر،انجینئر فیضان حسن جاوید،شیخ محمد سلیم چاولہ اور راقم نے کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ ناموسِ قرآن اور ناموسِ رسالت کا تحفظ قرآن و سنت کے عملی نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ حکومت پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے کہ قرآن و سنت پر مبنی سیاسی ، معاشی،معاشرتی نظام نافذ کرئے۔سیکولر نظام ہائے زندگی میں حکومت وقت کا توہین قرآن کے خلاف احتجاج کی کال دینا قول و فعل کا کھلا اظہار ہے۔مزید برآں حکومتیں احتجاج نہیں کیا کرتیں بلکہ عملی اقدامات کیا کرتی ہیں۔ ( مرتب:محمد رشید عمر،ناظم نشرو اشاعت فیصل آباد ڈویژن)
حلقہ جات لاہور شرقی اور غربی
تنظیم اسلامی حلقہ لاہور شرقی اور غربی کے زیر اہتمام 8 جولائی بروز ہفتہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ایک احتجاجی ریلی منعقد کی گئی۔ لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی کی مسجد میں نماز عصر کی ادائیگی کے بعد رفقاء واحباب میں بینرز ،پلے کارڈز اور تنظیم اسلامی کے جھنڈے تقسیم کے گئے۔ امیر حلقہ کی ہدایات کے بعد ریلی منظم اور باوقار انداز سے مال روڈ کی طرف روانہ ہوگئی۔ ریلی کی قیادت امیر حلقہ لاہور شرقی نے کی۔ مال روڈ پر پہنچ کر انتظامیہ نے ریلی کو روکا لیکن ذمہ داران نے بروقت انتظامیہ کو اعتماد میں لیا اور ریلی کے شرکاء کو طے شدہ پلان کے مطابق چیئرنگ کراس کے چاروں اطراف میں ایک خاص ترتیب سے کھڑا کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید کی سعادت حافظ حسین احمد نے حاصل کی۔ تنظیم اسلامی حلقہ لاہور شرقی کے امیر نورالوریٰ ، حلقہ لاہور شرقی کے ناظمِ دعوت شہباز احمد شیخ اور راقم نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمنانِ اسلام کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو قرآن مجید کے احکامات پر انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ مغربی ممالک اسلام دشمنی کا رویہ رکھتے ہوئے مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کا شرمناک اور شرانگیز کام کر رہے ہیں۔ ان اقدامات سے اہل کفر کا کردار پوری طرح کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ اسلامی شعائر کی حرمت کا تحفظ مسلمانوں کا دینی فریضہ ہے۔ آخر میں امیر حلقہ نے اختتامی کلمات ارشاد فرمائے اور دعا پر ریلی بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوئی۔
(رپورٹ: نعیم اختر عدنان، ناظم نشر و اشاعت حلقہ لاہور شرقی)
حلقہ جات پنجاب شمالی اور اسلام آباد
اسلام آباد میں تنظیم اسلامی حلقہ پنجاب شمالی او رحلقہ اسلام آباد کے زیراہتمام سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نےمسجد الشہداء سے ہوتے ہوئے آبپارہ مارکیٹ تک مارچ کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس پر سویڈن میں ہونے والے اس انتہائی شرمناک اور افسوسناک واقعے کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے کی قیادت نائب ناظم اعلیٰ شمالی پاکستان زون راجہ محمد اصغر، امیرحلقہ اسلام آباد ڈاکٹر ضمیر اخترخان،قائم مقام امیر حلقہ پنجاب شمالی اشتیاق حسین اور صدر انجمن خدام القرآن اسلام آباد ڈاکٹر خالد نعمت نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ اس شر انگیز اور نفرت انگیز واقعے پر سویڈن کی حکومت امت مسلمہ سے فی الفور معافی مانگے اور واقعے میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزادےتاکہ آئند ہ کسی کوایسی حرکت کرنے کی جرأت نہ ہوسکے۔
(مرتب:ابرار احمد،ناظم نشرواشاعت تنظیمِ اسلامی حلقہ پنجاب شمالی)ْ
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی نے 5جولائی کو پشاور پریس کلب کےباہرایک احتجاجی مظاہرےکااہتمام کیا۔ مظاہرہ صبح 10بجے شروع ہوا اور15:11بجے اختتام پذیر ہوا۔ مظاہرےمیں 82رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ 62ٹی بورڈزاور 14بینرز کا استعمال کیا گیااورساؤنڈ سسٹم کا بھی بندوبست کیا گیا۔مظاہرے کے دوران قاری سعید الاِسلام اسد (بنگلہ دیش)کی پر کشش آواز میں قرآن کریم فرقانِ حمید کی تلاوت سنائی جا رہی تھی۔ میڈیا کے افراد نے بھرپور تعاون کیا۔ بول نیوز اور ڈان نیوز نے امیر حلقہ کے تاثرات ریکارڈ کیے۔ انتظامیہ نے بھی امیر حلقہ سے گفت و شنید کی۔
(مرتب: محمد شمیم خٹک، امیرحلقہ خیبر پختونخوا جنوبی)
حلقہ کراچی جنوبی
کراچی جنوبی میں بھی حرمت قرآن کے سلسلے میں مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔امیر حلقہ کراچی جنوبی کی ہدایات پر آگہی و دعوتی کیمپ لگایا گیااور بانی محترم جناب ڈاکٹر اسرار احمد ؒ کےآڈیو کے کلپ چلائے گئے، جس نے مظاہرے میں روح پھونکنے کا کام کیا ۔ حلقہ کراچی جنوبی کی 10 مقامی تناظیم کے رفقاء و احباب نے بھرپور شرکت کی ۔مظاہرے کے لیے 86 بینرز تیار کئے گئے۔ کورنگی روڑ پررفقاء نے ایک بینرز ڈسپلے کرتے ہوئے بینرز کی ایک خوبصورت طویل چین بنائی ۔یہ مظاہرہ آذان مغرب سے پہلے اجتماعی دعا پر اختتام پذیر ہوا ۔ (مرتب: محمد سہیل، معتمد حلقہ کراچی جنوبی)
حلقہ پنجاب جنوبی
حلقہ پنجاب جنوبی کے تحت 7 جولائی کوقرآن مجید کو جلانے کے واقعہ کی مزمت میں مظاہرہ ہوا۔ رفقاء تنظیم اسلامی نماز عصر ادا کرنے کے بعد عمر کلیم خان کی قیادت میں قرآن اکیڈمی سے چوک چونگی نمبر 9کی طرف روانہ ہوئے ۔ رفقاء نے مختلف عبارتوں پر مشتمل رکشہ فلیکس اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے میں تقریباً 200رفقاء و احباب نے شرکت کی ۔ ناظم دعوت حلقہ محمد سلیم اخترنے اختتامی خطاب کیا جس میں سویڈن کی اس مکروہ حرکت پر نقد کی گئی اور مسلمانوں کو قرآن مجید کے ساتھ اپنا ایمانی و عملی تعلق قائم کرنے کی طرف متوجہ کیا گیا اور حکومت وقت سے اپیل کی گئی کہ وہ سویڈن سے سفارتی تعلقات کو ختم کریں اور غیرت ایمانی کا ثبوت دیں۔اس دوران میڈیا کی طرف سے کورریج بھی کی گئی اور اگلے روز اخبارات میں ریلی کی خبریں و فوٹوز شائع ہوئے۔
(مرتب: محمد عبداللہ قادری ، حلقہ پنجاب جنوبی)
حلقہ پنجاب پوٹھوہار
تنظیم اسلامی جہلم کے زیراہتمام07 جولائی کوبعد از نماز عصرشام6 بجےسویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے میں تقریباً30 افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مختلف بینززاور پلے کارڈاٹھا رکھے تھے۔اس موقع پرتنظیم اسلامی جہلم کےذمہ داران نےبھی خطاب کیا اورمیڈیا کے نمائندوں کو تنظیم اسلامی کے مؤقف سے آگاہ کیا۔اس مظاہرے کی خبر بمعہ تصاویر مقامی اخبارات میں شائع ہوئیں۔ (مرتب:عاقب جاوید،امیر تنظیم اسلامی جہلم)
حلقہ ملاکنڈڈویژن
حلقہ ملاکنڈ میں بھی حکومتِ سویڈن کی سرپرستی میں قرآن مجید کی توہین اور بے حرمتی کے شرانگیز اور قابل نفرت اقدام کے خلاف غم وغصہ کا اظہار کیا گیا۔ حلقہ کے مختلف مقامات پر حرمت قرآن اور عظمت قرآن پر خطابات کا اہتمام ہوا ۔ مقامی تنظیم بیبوڑ اور مقامی تنظیم داروڑہ حلقہ ملاکنڈ کے زیرِ انتظام مشترکہ طور پر قریبی بازار بیبوڑ میں ایک پرامن اور منظم احتجاجی ریلی بھی منعقد کی گئی۔ جس میں مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی کے شرکاء سے مقامی تنظیم داروڑہ کے امیر حسین احمد اور اسرہ بیبوڑ کے نقیب خالد احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی اور توہین کا اقدام انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ مغربی دنیا کو اسلام دشمنی اور مسلمانوں سے نفرت کی پالیسی کو ترک کرنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سفارتی اور دیگر ذرائع سے سویڈن حکومت تک امت مسلمہ کے دینی جذبات کو پہنچانے کا اہتمام کیا جائے ۔
(مرتب :محمد سعید، ناظم نشر واشاعت حلقہ ملاکنڈ)
حلقہ سرگودھا ڈویژن
حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام 7 جولائی کو بعد از نماز جمعہ قرآن پاک کے ساتھ گستاخانہ عمل کے خلاف سرگودھا کی دو مقامی تناظیم شرقی و غربی، و منفرد اسرہ جات جوہرآباد اور90 جنوبی کے رفقاء اور منفرد رفقاء پر مشتمل ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز 7 جولائی دوپہر 00:2 بجے طفیل چوک سے ہوا جس میں60 کے قریب رفقاء نے حصہ لیا۔ رفقاء نے ہاتھوں میں ٹی بورڈز تھامے تھے جن پر سویڈن حکومت کے خلاف اور قرآن کی عظمت کے سلوگن درج تھے۔ امیر حلقہ نے رفقاءسے خطاب میں فرمایا کہ ہم خود بھی بحیثیت مسلمان قرآن پاک کے احکامات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی سطح پر نافذ اور قائم نہ کر کے ایک جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ہم فوری طور پر بحیثیت قوم اللہ کی طرف رجوع کرتے ہوئے دینی احکامات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی سطح پر نافذ کریں تاکہ بھر پور انداز میں ایک اسلامی حکومت کے تحت مغربی ممالک کی اس ہٹ دھرمی کا جواب دیا جا سکے ۔ میانوالی میں 9 جولائی بروز اتوار ریلی کا آغاز مسجد بیت المکرم میانوالی میں صبح00:8 بجے ہوا۔ جس میں40 رفقاء نے ٹی بورڈزکے ساتھ احتجاج ریکارڈ کروایا ۔ مقامی امیر نور خان نے رفقاء سے تذکیری گفتگو فرمائی ۔ (مرتب:ہارون شہزاد،ناظم نشر اوشاعت حلقہ سرگودھا)
حلقہ ساہیوال ڈویژن
حلقہ ساہیوال ڈویژن کے تحت مقامی تناظیم نے مختلف مقامات پرقرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ریلیاں نکالیں ۔ مقامی تنظیم بورے والا ، وہاڑی ، منفرد اسرہ پتوکی اور اس کے علاوہ مقامی تنظیم ساہیوال نے ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کیے۔حلقہ ساہیوال میںتقریباً200رفقاءواحباب نے ان مظاہروں میں شرکت کی۔ مقامی امیر بورے والا ڈاکٹرعبدالحفیظ میاں ،مقامی امیروہاڑی شاہد اورمقامی امیر ساہیوال عبداللہ سلیم نے خطاب کرتے ہوئے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کی مزمت کی اورحکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سویڈن سے تجارتی اور سفارتی تعلقات ختم کرکے ان کے سفیر کو ملک بدر کرے۔مقامی تنظیم نےرکشہ فلیکس بھی لگائے جن پر قرآن پا ک کی بے حرمتی کے خلاف عبارات درج تھیں۔ (مرتب:ملک لیاقت علی ،امیر حلقہ ساہیوال ڈویژن)
حلقہ حیدر آباد
9 جولائی بروز اتوار شام4بجے مظاہرے کے لیے رفقاء تنظیم واحباب کی ایک بڑی تعداد امیر حلقہ جناب شفیع محمد لاکھو کی قیادت میں حیدرآباد جمخانہ کلب چوک پر جمع ہو گئے۔
امیرحلقہ کی ہدایت پر رفقاء ریلی کی شکل میں جمخانہ چوک سے حیدر چوک اور وہاں سے حیدر آباد پریس کلب گئے۔ رفقاء نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرے سے لطیف آباد غربی کے نقیب محمد فاروق خان باغڑ اور حیدر آباد سٹی کے امیر جناب اسلم دھنانی نے خطابات کیے۔
آخر میں امیر حلقہ جناب شفیع محمد لاکھو نے کہا کہ اصل میں ہم لوگ قرآن سے دور ہو گئے ہیں، ہم جب تک قرآن سے نہیں جڑیں گے یہ دشمن قوتیں اسی طرح کی حرکت کرتی رہیں گی۔عصر کی نماز سے قبل دعا سے اس مظاہرے کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: رحیم بیگ مرزا، ناظم نشرواشاعت حلقہ حیدر آباد)
tanzeemdigitallibrary.com © 2024