(خصوصی رپورٹ) امیر محترم شجاع الدین شیخ کا سالانہ دورہ حلقہ سرگودھا - ادارہ

8 /

امیر محترم شجاع الدین شیخ کا سالانہ دورہ حلقہ سرگودھا

مورخہ19 اگست2022ء بروز جمعۃ المبارک نمازِ مغرب سے قبل امیر محترم حفظ اللہ  محترم پرویز اقبال نائب ناظم اعلیٰ شرقی زون کے ہمراہ حلقہ سرگودھا کے سالانہ تنظیمی دورے پر تشریف لائے۔ نائب امیر ِ حلقہ ڈاکٹر جاوید اقبال نے اپنی رہائش گاہ پر امیر محترمsکو خوش آمدید کہا۔ جہاں اُن کے ساتھ امیرِحلقہ بھی پہلے سے موجود تھے ۔ امیر محترم نماز مغرب اور چائے وغیرہ سے فراغت کے بعدامیرِحلقہ کے ہمراہ جامع مسجد حنفیہ 18 بلاک سرگودھا پہنچے، جہاں موضوع ’’سود کی سیاہ کاریاں ‘‘ پر خطاب کیا جانا تھا ۔ اشاعت التوحید والسنہ کے ڈویژنل صدر مولانا عبدلکریم اور مسجد کے خطیب مولانا عمر فاروق نے امیر محترم کا استقبال کیا۔ مسجد کا ہال شرکاء سے فُل تھا۔ مولانا عبدلکریم نے شرکاء تنظیم اسلامی اور تنظیم کی جاری انسداد سود مہم کا تعارف پیش کیا اور امیر محترم کو خطاب کی دعوت دی۔ امیر محترم کا خطاب رات 15:8پر شروع ہوا۔ امیر محترم نے سب سے پہلے پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور انسداد سود مہم کے حوالے سے تنظیم کی طرف سے اب تک کی جانے والی کوششوں اور اب تک ہو نے والی عدالتی کارروائیوں کا ذکرکرتے ہوئےاس بات پر زور دیا کہ اب یہ عوام اور علماءکرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پر سود کے خاتمے کے لیے پریشر ڈالیں۔ شرکاءنے خطاب کو بہت سراہا۔ پروگرام کے اختتام پر مسجد سے باہر تنظیم کا مکتبہ بھی لگایا گیا تھا۔ تمام شرکاء میں انسداد سود کا سہ ورقہ بر وشر بھی تقسیم کیا گیا ۔ اگلے روز بروز ہفتہ امیر محترم نے ناشتہ ناظم مالیات حلقہ ثاقب قریشی کی رہائش گاہ پر کیا ۔ انہوں نے حلقہ معاونین کو بھی مدعو کیا تھا۔ ناشتےکے بعد منفرد اسرہ چک 90جنوبی سرگودھا روانہ ہوئے جہاں عثمان اکرم گل نقیب منفرد اسرہ اور اُن کے رفقاء نے امیر محترم حفظ اللہ او دیگر شرکاء کا والہانہ استقبال کیا۔تلاوتِ قرآن حکیم کے بعد 9:00بجے کے قریب خطاب شروع ہوا، جس میں’’مسلمانوں پر قرآن مجید کے حقوق‘‘بیان فرماتے ہوئے تنظیم کی انسداد سود مہم کا بھی تفصیلی تعارف شرکاء کے سامنے رکھا اور ہماری ذمہ داریوں کو بیان فرمایا۔ پروگرام میں دو ہزار کے لگ بھگ عوام الناس جن میں علاقے کے سرکردہ اور دینی شخصیات بھی شامل تھیں۔ تمام شرکاء میں انسداد سود کا سہ ورقہ بر وشر تقسیم کیا گیا ۔ دن11:00 بجے امیر محترم مسجد جامع القرآن سرگودھا پہنچے جہاں سرگودھا کے تمام مکاتبِ فکر کے قائدین ،دینی و سیاسی جماعتوں کی مقامی قائدین سے امیر محترم کی ملاقات طے تھی۔ مسجد ہذا میں مقبول حسین صدر انجمن خدام القرآن،عبدلخالق نائب صدر انجمن خدام القرآن اور ملک افضل اعوان وغیرہ نے امیر محترم اور دیگر مہمانوںجن کی تعداد25 تھی ، کا استقبال کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ امیر حلقہ نے شرکاء کا امیرِ محترم سے تعارف کروایا امیر محترم نے تمام شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور ان تک انسداد سود کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور عدالتی کارروائیوں کا ذکر فرماتے ہوئے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے باوجود حکومت اس فیصلے پر عملدرآمد کےلیے آمادہ نہیں ہے جس طرح علماء نے قادیانیت اور غیر اسلامی بلوں کے خلاف تحریک چلائی اسی طرز پر سود کے خلاف بھی ایک بھرپور تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ تمام مکاتبِ فکر کے موجود علماء کرام نے اپنے اپنے مختصر بیانات میں امیرِ محترم کے بیانیئے کی بھر پور تائید فرمائی۔ اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تنظیم کے کام کو سراہتے ہوئے مقامی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل بنانے کے لیے متحدہ علماء کونسل کا اجلاس بلائے جانے پر اتفاق ہوا۔ آخر میں مفتی طاہر مسعود(رئیس جامع مفتاح العلوم)ے دعا کروائی۔ تما م شرکاء کی خدمت میں تنظیمی کتب کا ایک سیٹ ہدیہ کیا گیا۔ظہرانے سے فراغت کے بعد امیرمحترم اور امیر حلقہ نے تمام شرکاء کو رخصت فرمایا اور نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد ڈاکٹر جاوید اقبال کی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔ جہاں کچھ دیر آرام اور نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد امیر محترم، نائب ناظم اعلیٰ،امیر ِحلقہ اور ڈاکٹر جاوید اقبال صاحبان جوہر آباد کےلیے روانہ ہوئے۔ جہاں بعد نماز مغرب ریڈر کالج جوہر آباد میں موضوع ’’موجودہ حالات میں راہِ نجات ‘‘پر خطاب فرمایا ۔وقت مقررہ پر امیر محترم نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ راہ نجات ایک ہی ہے، ہمیں اپنے اللہ کی طرف لوٹنا ہے۔ آج کے دور میں مسلمان پوری دنیا میں ذلیل و خوار ہیں اس کی وجہ یہی ہے کہ اللہ کی طرف سے جو ذمہ داریاں مسلمانوں پر عائد تھیں۔ انہوں نے بنی اسرائیل کی طرح ان کو پورا نہیں کیا اور آج پوری دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ اس سب مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ دین اسلام کو غالب و نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومتی سطح پر سودی نظام قائم ہے۔ ملکی بجٹ کا پیشتر حصہ سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے باوجود حکومت اس فیصلے پر عملدرآمد کےلیے آمادہ نہیں ہے۔ تنظیم اسلامی انسداد سود کے حوالے سے مہم چلا رہی ہے، ہم سب پر ذمہ داری عائید ہوتی ہے کہ مل کر اس کے خلاف آواز بلند کریں۔
آٓخر میں امیر محترم نے دعا کروائی۔ کھانے اور نمازِ عشاء کی ادائیگی کے بعد امیر محترم نے ریڈر کالج میں ہی قیام فرمایا۔ اگلی صبح بروز اتوار نماز فجر کی امامت فرمائی اور سورۃ التوبہ کی آیات 111تا 112 کا درس دیا۔ ناشتے کے بعد صبح 8:00 بجے امیر محترم نے حلقہ کے رفقاء سے ملاقات فرمائی۔ پروگرام کے آغاز میں عبدالرحمٰن نے تلاوت قرآن و ترجمہ پیش کیا۔ مطالعہ حدیث عثمان اکرم گل نے کرایا۔ امیر حلقہ نے حلقہ کے نظم کا تعارف پیش کیا پھر ایک سال کے دوران حلقہ میں نئے شامل رفقاء کا تعارف کروایا۔ رفقاء کو سوالات کے لیے پیپرز اور پین مہیا کر دیئے گے تاکہ وہ اپنے سوالات تحریراً امیر محترم کو پیش کر سکیں۔ سوالات موصول ہونے پر امیر محترم نے ان کے تفصیلی جوابات دیئے۔ اس کے بعدمبتدی و ملتزم رفقاء نے امیر محترم کے ہاتھ پر بیعت مسنونہ کی۔ دن 10 بجے تک رفقاء کے ساتھ بھر پور نشست رہی۔ چائے کے وقفے کے بعد حلقہ کے ذمہ داران کے ساتھ ملاقات رہی جس میں امیر محترم نے حلقہ کے گزشتہ پروگراموں کے کامیاب انعقاد پر رفقاء کی تحسین فرمائی۔ ذمہ داران کے سوالات کے جوابات دیئے اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنے اسروں پر محنت کی ضرورت ہے،حلقہ قرآنی کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو اسرہ کے قیام پر بھی زور دیا۔ آخر میں امیر محترم نے دعا فرماتے ہوئے کہا کہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ ہماری کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہماری اس سعی کو اپنی بارگاہ میں منظور و مقبول فرمائے ۔ اس کے بعد جوہر آباد میں البرکہ ہال جہاں خواتین کا دینی ادارہ نور القرآن ہے وہاں خواتین سے بذریعہ ملٹی میڈیا موضوع’’خواتین کی دینی ذمہ داریوں‘‘پر خطاب فرمایا۔ جس میں فرمایا کہ خواتین کا اصل میدان اُن کا گھر اور ان کے بچے ہیں، جن کی تربیت کر کے انہوں نے نئی نسل تیار کرنی ہے۔ خطاب کےساتھ ہی امیر محترم کا دورہ سرگودھا اختتام پذیر ہوا۔امیر محترم نائب ناظم اعلیٰ کے ہمراہ واپسی کےلیے سرگودھا سے دن 12:30 بجے روانہ ہوگئے ۔ (رپورٹ: ناظم نشرواشاعت حلقہ سرگودھا )