الہدیٰ
بنی اسرائیل کا بحیرہ قلزم پار کرنا
اور فرعون کے لشکر کی غرقابی
آیت 64{وَاَزْلَفْنَا ثَمَّ الْاٰخَرِیْنَ(64)} ’’اور ہم قریب لے آئے وہیں پر دوسروں کو بھی۔‘‘
جب سمندر پھٹ گیا تو حضرت موسیٰ ؑ اپنی قوم کو لے کر اس راستے سے نکل گئے۔ عین اُس وقت ان کے پیچھے فرعون بھی آ پہنچا اور اس نے بھی اپنا لشکر اسی راستے پر ڈال دیا۔
آیت 65{وَاَنْجَیْنَا مُوْسٰی وَمَنْ مَّعَہٗٓ اَجْمَعِیْنَ(65)} ’’اور ہم نے نجات دے دی موسیٰ ؑکو اور ان کے ساتھ جو کوئی بھی تھا سب کو۔‘‘
آیت 66{ثُمَّ اَغْرَقْنَا الْاٰخَرِیْنَ(66)} ’’پھر ہم نے غرق کر دیا دوسروں کو۔‘‘
آیت 67{اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَاٰیَۃًط وَمَا کَانَ اَکْثَرُہُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(67)} ’’یقیناً اس میں ایک بڑی نشانی ہے‘ لیکن ان کی اکثریت ایمان لانے والی نہیں ہے۔‘‘
اس آیت میں حضورﷺ اور اہل ایمان کو مخاطب کر کے فرمایا جا رہا ہے کہ اے نبیﷺ !اگر مشرکینِ مکّہ کو کوئی نشانی چاہیے تو وہ اس واقعہ کو دیکھ لیں۔ اور اگر انہیں اس میں کوئی نشانی نظر نہیں آتی تو پھر کوئی بڑے سے بڑا معجزہ بھی ان کی آنکھیں نہیں کھول سکے گا۔ چنانچہ آپؐ خواہ کتنی ہی کوشش کریں ان کی اکثریت ایمان نہیں لائے گی۔
آیت 68{وَاِنَّ رَبَّکَ لَہُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ(68)} ’’اور یقیناً آپؐ کا رب بہت زبردست‘ نہایت رحم کرنے والا ہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ بہت طاقتور اور سب پر غالب ہے ۔ وہ جو چاہے حکم کرے ‘مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ رحیم بھی ہے اور اس کی رحمت کا تقاضا یہ ہے کہ مشرکین کو ایسا کوئی حسی معجزہ نہ دکھایا جائے جس سے ان کی مہلت ختم ہو جائے۔
درس حدیث
ماہر قرآن کا مقام
عَنْ عَائِشَۃَ ؓ قَالَتْ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ :((اَلْمَاھِرُ بِالْقُرآنِ مَعَ السَّفَرَۃِ الْکِرَامِ الْبَرَرَۃِ وَالَّذِیْ یَقْرَأُ الْقُرآنَ وَیَتَتَعْتَعُ فِیْہِ وَھُوَ عَلَیْہِ شَاقٌّ لَہٗ اَجْرَانِ))(صحیح مسلم)
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’جس نے قرآن میں مہارت حاصل کرلی ہو (اور اس کی وجہ سے وہ اس کو۔ حفظ یا ناظرہ۔ بہتر طریقے پر اور بے تکلف رواں پڑھتا ہو) وہ معزز اور وفادار و فرمانبردار فرشتوں کے ساتھ ہوگا۔ اور جو بندہ قرآن پاک (اچھا یاد اور رواں نہ ہونے کی وجہ سے زحمت اور مشقت کے ساتھ) اس طرح پڑھتا ہو کہ اس میں اٹکتا ہو تو اس کو دو اجر ملیں گے (ایک تلاوت کا اور دوسرا زحمت و مشقت کا)۔‘‘
tanzeemdigitallibrary.com © 2025