(خصوصی رپورٹ) تنظیم اسلامی کے سالانہ اجتماع 2021ءکے شرکاء کے تاثرات - نعیم اختر عدنان

15 /

تنظیم اسلامی کے سالانہ اجتماع

 

2021ءکے شرکاء کے تاثرات


نعیم اختر عدنان

19تا21نومبر2021ء تنظیم اسلامی کا سالانہ اجتماع دریائے ستلج کے کنارے بہاولپور کی سرزمین پر منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں حلقہ لاہور شرقی کے ایک سینئر اور متحرک رفیق نعیم اختر عدنان نے اجتماع میںشریک رفقاء و احباب سے مل کر انٹرویو کے انداز میں ان کا تعارف، تاثرات و خیالات قلم بند کیے۔ جو ذیل میں ہدیہ قارئین ہیں:


گزشتہ سال تنظیم کی مرکزی امارت میں تبدیلی کا عمل ہوا، یوں نئے امیر جناب شجاع الدین شیخsکی امارتِ تنظیم کا یہ پہلا سالانہ اجتماع تھا۔ راقم نے اس جتماع میں ایک سامع کی حیثیت سے شرکت کے علاوہ رفقا ءو احباب سے مختصر تعارف اورتاثرات حاصل کیے۔ امید ہے کہ یہ کاوش قارئین کو پسند آئے گی ۔
اجتماع میں شریک رفقاء و احباب کے تاثرات:
O اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے محترممحسن نذیر نے دوسری مرتبہ اجتماع میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ تعلیمی قابلیت آئی کام ہے۔ تنظیم اسلامی میں باقاعدہ طور پر شامل نہیں ہیں مگر تنظیمی فکر اور نظم تنظیم کا مطالعہ کر رہے ہیں ۔
O محترم مفتی حسان حلقہ لاہور غربی سے وابستہ ہیں، البتہ منفرد رفیق کی حیثیت سے تنظیم کے نظم سے جڑے ہوئے ہیں۔ گزشتہ سوا سال سے نظمِ تنظیم کے ساتھ ’’پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ‘‘ کے مصداق اپنی دینی صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہے ہیں۔اساتذہ کی تربیت کے ایک سلسلے سے بھی منسلک ہیں۔
O محترم عدیل خان آفریدی گڑھی شاہو لاہور تنظیم سے وابستہ ہیں۔ تنظیم میں 2006ء میں شمولیت اختیار کی ۔ سرکاری ملازمت کر رہے ہیں۔ ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ پروگرام میں شرکت سے تنظیم سے وابستہ ہونے کا موقع ملا۔
O محترم عابد رشید تنظیم اسلامی اسلام آباد، چک شہزاد سے تعلق رکھتے ہیں۔ 1996ء سے تنظیم میں شامل ہیں۔اس وقت تنظیم کے مقامی امیر کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔
دورۃ ترجمۃ القرآن کی سعادت سے بہرہ مند ہوچکے ہیں۔ شجاع الدین شیخ کی امارت سنبھالنے سے رفقاء کے جوش و خروش میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہےاور دعوتی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئی ہے ۔
O محترم مجید انورچھ سال پہلے کراچی میں تنظیم کے رفیق بنے۔ ملتزم رفیق ہیں تیسری مرتبہ تنظیم کے سالانہ اجتماع کی برکات سے بہرہ مند ہو رہے ہیں۔ ندائے خلافت کا باقاعدگی سے مطالعہ کرتے ہیں، جبکہ میثاق زیر مطالعہ نہیں ہے۔ تنظیم اسلامی کے انقلابی فکر سے متاثر ہیں۔
O محترم شفیع اللہ خیبر پختونخواکے رہائشی ہیں۔ موصوف نے 4سال قبل تنظیم اسلامی میں شمولیت کی سعادت حاصل کی۔ آپ کے چار بیٹے بھی تنظیم میں شامل ہیں۔ تیسری مرتبہ سالانہ اجتماع میں شرکت کر رہے ہیں۔ ہوٹل کا کاروبار کرتے ہیں ۔ دو بیٹے بھی تنظیم اسلامی کے سالانہ اجتماع میں شریک ہیں۔
O محترم عاقب جاوید گزشتہ تین سال سے تنظیم سے منسلک ہیں۔ سرگودھا خوشاب سے تعلق رکھتے ہیں ۔ مقامی تنظیم جوہر آباد کے رفیق ہیں۔ ایک سالہ رجوع الی القرآن کورس کے فارغ التحصیل ہیں۔ندائے خلافت اور ماہنامہ میثاق کے مستقل قاری ہیں، پہلی دفعہ سالانہ اجتماع میں شرکت کر رہے ہیں۔
O محترم حافظ محمد مدثر گڑھی شاہو، لاہور سے اپنے والد جاوید اقبال کے ساتھ اجتماع میں شریک ہوئے۔ اس اجتماع میں تنظیم میں باقاعدہ شمولیت کا عزم ظاہر کیا۔ تنظیم اسلامی کی پورے دین کی دعوت اور قرآن سمجھ کرپڑھنے کی تحریک سے متاثر ہیں۔
O محترم وجیہہ الدین کا تعلق کراچی سے ہے ۔ تنظیم کے نئے امیر جناب شجاع الدین شیخ کے خطاب جمعہ کے مستقل سامع ہیں۔ تنظیم اسلامی کی قرآنی دعوت کی خصوصیت بیان کرتے ہوئے محترم پر رقعت طاری ہوگئی ، اگرچہ تنظیم میں باقاعدہ شامل نہیں تاہم تنظیم کے قافلہ میں شمولیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
O محترم اقتدار احمدکا تعلق حلقہ بلوچستان سے ہے۔ گزشتہ چالیس سالوں سے تنظیم اسلامی کے قافلہ میں شامل ہیں( الحمد للہ ) مدرس و مقرر کی صلاحیت کے حامل ہیں۔ ناظم دعوت کے علاوہ حلقہ کے ناظم نشرواشاعت ہیں وہ انجمن خدام القرآن بلوچستان کے صدر کی ذمہ دای بھی نبھاتے آئے ہیں۔ ندائے خلافت باقاعدہ پڑھتے ہیں۔تنظیم اسلامی کے موجودہ امیر جناب شجاع الدین شیخ کی متحرک شخصیت سے بہت سی امیدیں اور توقعات رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے امیر قافلہ کی متحرک شخصیت سے رفقاء کو بھی متحرک بنا دے ۔ آمین
O محترم جاوید اقبال حلقہ لاہورشرقی گڑھی شاہو کی تنظیم میں شامل ہیں۔ گزشتہ 12 سال سے تنظیم اسلامی سے وابستگی رکھتے ہیں۔ اپنے بیٹے کے ہمراہ شریک ِاجتماع ہیں۔ ندائے خلافت اور ماہ نامہ میثاق سے رابطہ منقطع ہے؟
نئے امیر جناب شجاع الدین شیخ صاحب کی قیادت و امارت سے اجتماع کے نظم میں بھی بہتری آئی ہے ۔ ان کے خیال میں کراچی کی تناظیم اپنی سرگرمیوں کے اعتبار سے حلقہ لاہور سے بہت آگے ہیں۔ حلقہ لاہور کے ذمہ داران کو اس حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے ۔
O محترم محمد کاشف جلیل کا تعلق کراچی وسطی سے ہے۔ گزشتہ 21 سال سے تنظیم سے وابستہ ہیں۔ اجتماع میں سکیورٹی کی ڈیوٹی کی ذمہ داری اداکی۔ تنظیم کی دعوت کے مرکز و محور قرآن و حدیث سے رہنمائی لیتے ہوئے تنظیم اسلامی کی سربلندی کے لیے انقلابی طریقہ کار پر عمل کرنا ہے۔
O محترم نورالوریٰ حلقہ لاہور شرقی کے امیرہیں۔قرآن کالج، لاہور سے فارغ التحصیل ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اسلامیات کی اعلیٰ تعلیم کے حامل ہیں۔ نقیب، نقیب اعلیٰ، مقامی امیر ، معاون امیر حلقہ کی ذمہ داریوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
تنظیم کی امارت میں تبدیلی کے بعد تنظیم کی دعوت اور تعارف میں نمایاں اضافہ ہواہے،ندائے خلافت اور میثاق کے مطالعہ سے کچھ دوری ہے۔تنظیم اسلامی کے نئے امیر کا سوالوں کے جوابات دینے کا انداز بہت خوب ہے ، اللہ کرے زور بیاں اورزیادہ ۔ (آمین)
دورۃ ترجمہ قرآن کی سعادت بھی حاصل کر چکے ہیں۔ کبھی کبھار خطاب جمعہ کی ذمہ داری بھی ادا کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ کراچی کی ہر دل عزیز اور متحرک علمی اور عملی شخصیت محترم انجینئر نوید احمد ( مرحوم) کی شخصیت سے بہت زیادہ متاثر ہیں، معمول کی تنظیمی اور دعوتی سرگرمیوں میں شرکت کے باوجود بعض رفقاء پر غفلت و سستی کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔موصوف نے بھی ’’مدرسین‘‘کی بہتات اور مقررین کی’’کم یابی‘‘ کا اعتراف کیا۔
O محترم عبداللہ فرخ کا تعلق کراچی سے ہے۔پہلی دفعہ اجتماع میں شریک رہے۔ اے لیول درجے کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ تنظیم کی فکر اور طریقہ کار کو سمجھ رہے ہیں۔اجتماع میں شرکت کے تجربے سے خود کو محفوظ کر رہے ہیں۔ اجتماع میں شرکت کو ایک خوشگوار تجربہ قرار دیا۔
O محترم محمد عقیل خان کا تعلق آزاد کشمیر، باغ سے ہے۔ ملتزم رفیق ہیں۔ 2012سے تنظیم کے رفیق ہیں۔ قرآن اکیڈمی کراچی یاسین آباد سے دو سالہ رجوع الی القرآن مکمل کرچکے ہیں۔ سرکاری سکول میں استاد ہیں اور ایم فل کی تکمیل میں مصروف عمل ہیں۔
اسلام آباد ، آزاد کشمیر کے رفقاء نئے امیر کی قیادت میں اب زیادہ استحکام اور نیا جوش و خروش محسوس کر رہے ہیں۔نئے امیر کی خوبیوںکے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ بہت زیادہ متحرک ہیں ،کھل کر بات کرتے ہیں، اپنائیت کا اظہار کرتے ہیں، عوامی انداز کے حامل ہیں۔ خوئے دل نوازی کے مجسم پیکرہیں۔تنظیم اسلامی کا فکر بھی جامع ہے اور دعوت کا انداز اورطریقہ کار بھی منفرد ہے۔’’جہاد‘‘ کا بیان اورجہاد کے مراحل و لوازم کو بھی پوری قوت سے بیان کرنا تنظیم کی خاص پہچان ہے۔
O محترم وسیم احمد تنظیم اسلامی کے بانی امیر ڈاکٹر اسرار احمد m کے دست راست جناب قمر سعید قریشی کے ذریعے تنظیم میں 1993ء میں شامل ہوئے۔ نقیب اُسرہ ، مقامی امیر ، ناظم نشر و اشاعت حلقہ لاہور، نائب ناظم مرکزی شعبہ نشرو اشاعت کے ساتھ ساتھ ’’زمانہ گواہ ہے‘‘ کے پروگرام کے اینکر پرسن اور روح رواں ہیں۔ اجتماع گاہ کے حوالے سے مختلف تجاویز سے نوازا۔ تنظیم اسلامی کی سرگرمیوں کی تشہیر میں کمی کے عنصر کو دور کرنا چاہیے۔
O محترم ڈاکٹر محمد عابد بٹ تنظیم اسلامی شاہدرہ فیروز والہ سے 1989ء میں تنظیم سے وابستہ ہوئے۔ تنظیم میں شمولیت سے قبل علامہ احسان الٰہی ظہیر، عبدالقادر روپٹری، محمد حسین شیخوپوری اور ڈاکٹر اسرار احمد ؒ کے خطابات شوق سے سنتے رہے ہیں۔ ٹی وی پر الھدٰی پروگرام بھی سننے کی سعادت حاصل ہوئی۔ سالانہ اجتماع میں زیر بحث موضوعات اور مقررین کی تقاریر کو تسلی بخش قرار دیا۔
تنظیم کی صف دوم کی قیادت میں مختار حسین فاروقی مرحوم سے متاثرہیں۔ ڈاکٹر صاحب کا شمار تنظیم اسلامی شاہدرہ ، فیروز والا اور حلقہ لاہور شرقی کے بہترین امراء میں ہوتا ہے ۔ موصوف آئی سرجن ہیں۔ اور اس وقت لاہور غربی جوہر ٹائون تنظیم سے وابستہ ہیں۔
O محترم طاہر سلیم مغل کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ 1994ء سے تنظیمِ اسلامی کے رفیق ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ جناب شجاع الدین شیخ کی امارت تنظیم سے رفقاء کے دعوتی و تنظیمی سرگریوں میں نیا جوش و ولولہ پیدا ہواہے۔الیکٹرانک میڈیا پر موجودگی سے امیر تنظیم کا تعارف آسان ہو گیا ہے۔ پہلے کی نسبت اجتماع میں حاضری بھی زیادہ ہے۔
O محترم حمزہ احمد مقامی امیر فیروز پور روڈ، حلقہ لاہور شرقی محترم راناسہیل انجم کی وساطت سے پہلی مرتبہ اجتماع میں شریک ہوئے۔جماعت نہم کے طالب علم ہیں۔ سالانہ اجتماع کے انتظامات اور پروگراموں سے پوری طرح مطمئن ہیں۔
O محترم التمش محمود کا تعلق حلقہ گوجرانوالہ سے ہے ۔ موصوف نعیم صفدر بھٹہ کے ذریعے بطور حبیب اجتماع میں شریک ہوئے۔ چوتھی مرتبہ سالانہ اجتماع میں شریک ہوئے۔ دروسِ قرآن اور دورۃ ترجمہ قرآن کے ذریعے تنظیم سے متعارف ہوئے۔ ڈاکٹر اسرار احمد ؒ کی تفسیر بیان القرآن کا مکمل مطالعہ کرچکے ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے فزیو تھراپسٹ ہیں۔ تنظیم سے فکری اور نظری وابستگی کے باوجود ابھی تک تنظیم میں شامل نہیں ہوئے۔ منظم طریقے سے تنظیمی دعوت کے انداز کو بہترین سمجھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب میں تنظیم اسلامی میں شمولیت کے بارے میں سوچ بچار کررہا ہوں۔
O محترم ڈاکٹر ذوالقرنین اکرم کا تعلق لاہور سے ہے۔ چھ ماہ قبل ہی تنظیم اسلامی میں شمولیت کا شرف حاصل ہوا۔ دورہ ترجمہ قرآن کے ذریعے تنظیم کے فکر اور منہج سے آگاہ ہوئے۔ ندائے خلافت اور میثاق کے مستقل قاری ہیں۔ ڈاکٹر عبدالسمیع سے متاثر ہیں۔
O محترم محمد عبداللہ باسط تنظیم میں باقاعدہ شامل نہیں ہیں، لاہور سے تعلق ہے۔ تنظیم کی نمایاں خوبی کے بارے میں کہا کہ تنظیم اسلامی دین پر عمل کرنے والے بامقصد لوگوں کا قافلہ ہے۔اجتماع کے بارے میں کہا کہ تقاریر کی تعداد بہت زیادہ رہی ہے۔ جو کہ تھکا دینے والا عمل ہے۔
محترم شجاع الدین شیخ کے امیر تنظیم بننے سے رفقاء کا جذبہ اور ذوق و شوق بڑھا ہے۔
اجتماع کی حاضری میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔
O محترم ڈاکٹر سید اقبال حسین گزشتہ 42 سال سے تنظیم کے ہم سفر ہیں۔مسجد شہداء لاہور میں ڈاکٹر اسرارؒ کے درس قرآن سے متاثر ہوئے۔ بعد ازاں مسجد دارالسلام میں نماز جمعہ ادا کرنے لگے۔یوں تنظیم میں شمولیت کی راہ ہموار ہو گئی۔ لاہور سے شاہدرہ کے علاقہ میں منتقل ہوئے۔ تو تنظیم کے نقیب، مقامی امیر، ناظم مالیات ، مرکزی شوریٰ کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ اس وقت بھی شاہدرہ فیروز والا کی مقامی تنظیم کے مقامی امیر کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ مسجد نور الھدٰی میں خطاب جمعہ کے فرائض ادا کرتے ہیں۔ کئی مرتبہ دورہ ترجمہ قرآن میں مدرس کے فرائض بھی ادا کر چکے ہیں۔
رحمت اللہ بٹر مرحوم اورڈاکٹرعبدالسمیع سے متاثر ہیں۔ ندائے خلافت اور میثاق کا باقاعدہ مطالعہ کرتے ہیں۔
O محترم اسامہ کا تعلق لاہور شرقی سے ہے۔ دو سالانہ اجتماعات میں شرکت کرچکے ہیں۔ بارڈر ایریا ’’ہئیر کرباڈھ ‘‘کے رہائشی ہیں۔ موصوف کے والد جناب عبیداللہ اعوان تنظیم اسلامی لاہور کے پرانے جوشیلے اور مخلص رفیق ہیں۔تنظیم اسلامی دینی جماعتوں کی فہرست میں ایک نمایاں نام ہے۔ جس میں پورے ملک سے ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔
مذکورہ تعارفی تحریر سے بآسانی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ تنظیم کی دعوت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔
OOO