امیر تنظیم اسلامی کا دورہ حلقہ سرگودھا
19 مئی2023ء بروز جمعۃ المبارک نمازِ مغرب سے قبل امیر محترم s محترم پرویز اقبال نائب ناظم اعلیٰ شرقی زون کے ہمراہ حلقہ سرگودھا کے سالانہ تنظیمی دورے پر تشریف لائے۔ سیال موڑ انٹر چینج پر امیر ِ حلقہ اور مقامی امراء نے امیر محترم s کو خوش آمدید کہا۔ اسی مقام پر تنظیم شرقی کے مبتدی رفیق ڈاکٹر محمد شریف کے ہسپتال سلطان میڈیکل کمپلیکس کی ملحقہ مسجد میں بعد نمازِ مغرب بعنوان ’’محبت ِ رسول ﷺ کے عملی تقاضے‘‘ پر درسِ قرآن دیا۔ علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں درس میں شرکت کی۔ امیر محترم رات 30:10 پر اسرہ 90 جنوبی روانہ ہوئے ۔ نقیب اسرہ عثمان اکرم گل نے اپنے رفقاء کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر امیر محترم اور ان کے ساتھیوں کا استقبال کیا ۔ یہیں پر رات قیام فرمایا اور مقامی مسجد میں بعد نمازِ فجر سورۃالتوبہ کی آیات 112،111 کے حوالے سے درس دریا۔ ناشتے کے بعد صبح 30:08 بجے النور ہائی سکول میں ’’قرآن حکیم اور ہم ‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ اس پروگرام میں علاقے کے مذہبی و سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکاء کی کل تعداد 500 کے قریب تھی۔ اس موقع پر تنظیم کی جانب سے شرکاء میں سہ ورقہ فولڈر ’’تنظیم اسلامی کی دعوت‘‘تقسیم کیا گیا ، یہاں سے 00:10 بجے فراغت کے بعد مسجد جامع القرآن سرگودھا کےلیے روانہ ہوئے جہاں مقامی امیر محمد گلباز اور اُن کے رفقاء نے امیرمحترم کا استقبال کیا۔ یہاں پر دن 00:11 بجے علماء، تاجر و پروفیسرز حضرات کے ساتھ ملاقات کی نشست بعنوان ’’پاکستان کی سلامتی اور ہمارا کردار‘‘ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس میں امیر محترم کے خطاب کے بعد شرکاء نے بھی تاثرات بیان کیے۔ اس پروگرام میں 60 افراد نے شرکت کی۔ نمازِظہر کی ادائیگی کے بعد امیر محترم نے آرام فرمایا۔ بعد نمازعصر جوہر آباد کے لیے روانگی ہوئی۔ حلقہ کے ناظم دعوت ثاقب قریشی نے الرفاہ کالج جوہر آباد میں امیر محترم اور اُن کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہا۔ بعد نمازِ مغرب العزیز میرج ہال جوہر آباد میں امیر محترم نے ’’پاکستان کے مسائل اور اُن کا حل ‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ اور رسولﷺ کو تو مانتے ہیں لیکن اللہ اور رسول ﷺ کی نہیں مانتے۔ حل کے طور پر بتایا گیا کہ ہم اللہ کے حضور اجتماعی توبہ کریں اور اپنے ملک پاکستان میں اللہ اوررسول ﷺ کے احکامات کی روشنی میں دین کا نظام قائم کریں ۔اس پروگرام میں شرکاء کی تعداد 1500 کے لگ بھگ تھی۔ پروگرام میں حلقہ کی طرف سے مکتبہ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔
امیر محترم نے رفاہ کالج میں ہی رات قیام فرمایا۔ اگلی صبح بروز اتوار حلقہ کے تمام رفقاء جو کہ گزشتہ روز صبح30:8 بجے حلقہ کے سہ ماہی تربیتی اجتماع میں شرکت کے لیے رفاہ کالج جو ہر آباد میں موجود تھے، انہیں بعد نماز فجر درس قرآن دیا۔ صبح 30:8 بجے امیر محترم نے حلقہ کے رفقاء سے ملاقات کی۔پروگرام کے آغاز میں عبدالرحمٰن نے تلاوت قرآن و ترجمہ پیش کیا۔ مطالعہ حدیث نور خان نے کیا۔ امیر حلقہ نے حلقہ کے نظم کا تعارف پیش کیا۔ پھر ایک سال کے دوران حلقہ میں نئے شامل رفقاء کا تعارف کروایا۔ امیر محترم نے رفقاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔ اس کے بعدتذکیری گفتگو فرمائی کہ اللہ کی رضا کی خاطر تنظیم کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ مبتدی و ملتزم رفقاء نے امیر محترم کے ہاتھ پر بیعت مسنونہ کی۔ دن 30:10 بجے تک رفقاء کے ساتھ بھر پور نشست رہی ۔ چائے کے وقفے کے بعد دن00:11 بجے حلقہ کے ذمہ داران کے ساتھ ملاقات رہی۔ امیر محترم نے ذمہ داران کے سوالات کے جوابات دیئے اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنے اسروں پر محنت کی ضرورت ہے۔ حلقہ قرآنی کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو اسرہ کے قیام پر بھی زور دیا۔ اور ذمہ داران سے فرمایا کہ آج کے پروگرام میں جو رفقاء شامل نہ ہو سکے ہیں ان سے آپ نے فوراً رابطہ کرنا ہے۔ اُن کی خیریت معلوم کرنے کے بعد میرا سلام انہیں پہنچانا ہے اور میرے لیے اُن سے دعاؤں کی درخواست کرنی ہے۔ اس نشست کا اختتام 00:1 بجے ہوا۔بعد نماز ظہر امیر محترم نائب ناظم اعلیٰ کے ہمراہ 00:2 بجے واپس روانہ ہو گئے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے دُعا ہے کہ جن جن رفقاء نے ان پروگراموں کے لیے محنت کی۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔امیر محترم اور اُن کے ساتھیوں کو اپنی حفاظت میں رکھے اور صحت اور ایمان کی سلامتی والی زندگی عطا فرمائے آمین یا رب العالمین! (رپورٹ: ہارون شہزاد، ناظم نشر واشاعت سرگودھا)
tanzeemdigitallibrary.com © 2025