حلقہ جات کی سطح پر ناظمین نشر و اشاعت کا تقرر ایک قابلِ تحسین کاوش
تنظیم اسلامی میں مرکزی سطح پر نشر و اشاعت کا شعبہ تقریباً روز اول سے قائم ہے تنظیم کی فکر اور دعوت کے فروغ کے کام کو مزید بہتر اور تیز تر بنانے کی خاطر تنظیم کی قیادت نے حال ہی میں ملک بھر کے تمام حلقہ جات کی سطح پر بھی ناظمین نشر و اشاعت کے تقرر کا اہتمام کیا۔ مرکزی شعبہ نشر و اشاعت کے زیر اہتمام حلقہ جاتی ناظمین نشر و اشاعت کے لیے تنظیم کے مرکز ’’دارالاسلام‘‘ میں ماہ دسمبر 2022 میں ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں مرکزی ٹیم کی جانب سے شرکاء کو نشر واشاعت کے حوالے سے ضروری اور مفید راہنمائی فراہم کی گئی۔ بعد ازاں ایک اور آن لائن تربیتی پروگرام کا انعقاد ماہ مارچ 2023 میں کیا گیا۔ تمام حلقہ جات کی سطح پر ناظمین کی تقرری اور ضروری ٹریننگ کے بعد مرکزی شعبہ نشر و اشاعت کے تحت تمام ناظمین نشر و اشاعت کا ایک واٹس ایپ گروپ قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک بھر سے نشر و اشاعت کی سرگرمیوں سے ایک دوسرے کو آگاہ رکھنا ہے۔ الحمدللہ اس گروپ کے شرکاء اپنے اپنے علاقوں کی سرگرمیوں سے باقاعدگی سے آگاہ کرتے رہتے ہیں، جس سے پتا چلتا ہے کہ نشر و اشاعت کی ٹیم ملک بھر میں پوری طرح فعال و متحرک ہے۔ مثال۔کے طور پر حال ہی میں سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا سنگین اور گھناؤنا واقعہ رونما ہوا تو پورے عالم اسلام میں اس روح فرسا واقعہ کے خلاف امت مسلمہ نے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا۔ تنظیم اسلامی کے زیرِ انتظام بھی توہین قرآن کے اس واقعہ کی مذمت کے لیے ملک گیر سطح پر پُر امن مظاہروں اور احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تمام حلقہ جاتی ناظمین نشر و اشاعت نے ان مظاہروں اور ریلیوں کی میڈیا کوریج اور مقامی اخبارات میں اشاعت کے لیے بہت محنت کی، جس کی جھلکیاں مذکورہ واٹس ایپ گروپ میں ملک کے طول وعرض سے موصول ہوتی رہی۔ حلقہ لاہور شرقی کے خادمِ نشرواشاعت کی حیثیت سے منظم و مربوط انداز سے یہ اہم پیش رفت دیکھ کر راقم کا دل خوشی و مسرت سے باغ باغ ہو گیا اور دل میںیہ خواہش ابھری کہ اس قابل تحسین امر کی داد و تحسین میں چند سطور ندائے خلافت کے معزز قارئین کی اطلاع و حوصلہ افزائی کے لیے بھی سپرد قلم کروں تاکہ ہمارے رفقاء و احباب بھی جان سکیں کہ الحمدللہ تنظیم اپنے طے شدہ ہدف اور طریق کار کے مطابق بہت عمدگی اور مستقل مزاجی سے میدان عمل میں سرگرم ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تنظیم کے پلیٹ فارم سے اپنی صلاحیتیں اور اوقات زیادہ سے زیادہ اقامت دین کی جدوجہد کی خاطر وقف کریں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین! ( نعیم اختر عدنان،ناظم نشرو اشاعت حلقہ لاہور شرقی)
حلقہ پنجاب جنوبی، خان گڑھ میں فہم دین پروگرام
امیر حلقہ پنجاب جنوبی نے خان گڑھ کے منفرد رفیق محترم خواجہ وسیم احمد کے مطالبے پر 2جولائی بروز اتوار کو خان گڑھ میں ایک فہم دین پروگرام منعقد کیا۔ ملتان سے امیر حلقہ پنجاب جنوبی محترم مرزا قمر رئیس بیگ ،شوکت حسین انصاری ،خواجہ اشتیاق احمد صدیقی اور حافظ محمد جنید دوپہر 30:3بجے خان گڑھ کے لیے روانہ ہوئے۔ 00:5بجے شیروانی کالونی میں ایک نجی کالج میں پہنچے جہاں رفیق تنظیم اسلامی خواجہ وسیم احمد ہمارے منتظر تھے۔ مظفرگڑھ سے رفیق محترم ارشاد الحق، ایک حبیب کے علاوہ کل 10احباب نے اس فہم دین پروگرام میں شرکت کی۔ نماز عصر کے بعد حافظ جنید کی تلاوت قرآن مجید سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد امیر حلقہ نے وائٹ بورڈ کی مدد سے تین لیکچرز دیئے۔
1۔ ’’دین کا ہمہ گیر تصور‘‘ (دین اور مذہب کا فرق ) انفرادی و اجتماعی زندگی کے گوشوں کی اہمیت اور ان کا دائرہ کار کی وضاحت بیان کی ۔
2۔ ’’دین اسلام کا جامع تصور‘‘ کے عنوان سے ہمارے دینی فرائض پر تفصیل سے گفتگو فرمائی اور بندگی رب، دعوت بندگی اور نظام بندگی کی اہمیت اجاگر کی۔
3۔ نظام بندگی کے لیے منہج انقلاب نبویؐسے ماخوذطریقہ انقلاب کو تفصیل سےبیان کیا۔ منہج انقلاب نبوی ﷺ کے مراحل(دعوت،تنظیم، تربیت، صبر محض اور تصادم ) کی تفصیل سامعین کے سامنے بیان کی ۔رات 00:9بجے پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔ یہ پروگرام RBIٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ خان گڑھ میں منعقد ہوا ۔ادارہ کے پرنسپل محترم حکیم بلال حسین بھٹی نے بھر پور تعاون فرمایا ۔خواجہ وسیم احمد اور ان کے بھائی خواجہ نعیم احمد نے اس پروگرام کے انتظامات کی ذمہ داری ادا کی ۔ نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد امیر حلقہ اور ان کے ساتھی واپس ملتان کے لیے عازم سفر ہوئے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جن ساتھیوں نے اس سخت گرمی کے باوجود اس پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے ان تھک محنت کی ان کی کوششوں کو قبول فرمائے اور ہمارے لیے توشۂ آخرت بنائے۔ آمین یا رب العالمین!
(رپورٹ: ناظم رابطہ منفرد رفقاء، حلقہ پنجاب جنوبی)
امیر حلقہ پنجاب جنوبی کا دورہ کوٹ ادو
9جولائی بروز اتوار امیر حلقہ پنجاب جنوبی محترم مرزا قمر رئیس بیگ اور معتمد حلقہ پنجاب جنوبی شوکت حسین انصاری کوٹ ادو کے رفقاء سے ملاقات کے لیے صبح30:7بجے ملتان سے روانہہوئے ۔00:9بجے مدنی ٹاؤن کوٹ ادو پہنچے ۔جہاں نقیب اسرہ مدنی ٹاؤن محترم مظہر یاسین ہمارا انتظار کر رہے تھے ۔ہم نقیب اسرہ کوٹ ادو محمد ظفر اللہ اور چار اور رفقاء ایک مسجد میں اکٹھے ہوئے۔ مظہر یاسین نے اجتماع اسرہ کا آغاز کیا ۔بیان القرآن سے سورۃ المؤمن کے ایک رکوع کادرس دیا۔ دعائیں سنیں۔ سورۃ العلق کی ابتدائی آیات کا حفظ سنا۔ احسان اسلام کا مطالعہ کروایا گیا ۔درس حدیث محترم ڈاکٹر عاطف الرحمن نے دیا ۔ موضوع:’’میری امت کا مفلس کون؟‘‘ آخر میں امیر حلقہ نے رفقاء سے مختصر خطاب کیا ۔ انہوں نے تنظیمی زندگی کے تقاضوں کو سامنے رکھا اور اقامت دین کی جدو جہد کی فرضیت و ضرورت کی اہمیت اجاگر کی۔ نماز ظہر قرآن اکیڈمی کوٹ ادو میں ادا کی۔اورکھانے کے بعد00:3بجے واپس قرآن اکیڈمی کوٹ ادو میں جانا ہوا ۔بعد نماز عصر محترم جام عابد حسین سے ملاقات کی ۔اس دورہ میں اسرہ مدنی ٹاؤن کے ملتزم رفیق جناب سعید احمد چانڈیہ بلوچ سے امیر حلقہ نے خصوصی ملاقات کی۔ ان کے بانی محترم کی ذات کے حوالے سے کچھ اشکالات تھے۔ امیر حلقہ پنجاب جنوبی نے ان اشکالات کے جوابات دیے ۔رفیق موصوف کے اشکالات دور ہو گئے۔اللہ تعالیٰ تمام رفقاء کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین! (رپورٹ: معتمد حلقہ پنجاب جنوبی )
امیر حلقہ پنجاب جنوبی کا دورہ ثانی ضلع مظفر گڑھ
امیر حلقہ پنجاب جنوبی محترم مرزا قمر رئیس اور رابطہ منفرد رفقاء خواجہ اشتیاق احمد صدیقی 22 جون بروز جمعرات کو ملتان سے ضلع مظفر گڑھ کے لیے روانہ ہوئے۔ سب سے پہلے ملتزم رفیق محترم امیر حمزہ سے ان کے گھر پر ملاقات ہوئی ۔ ان کے ہمراہ ان کے بڑے بھائی محمد جمیل بھی تھے۔ وہ بھی سابقہ رفیق تنظیم رہے ہیں۔ اب انہوں نے تجدید بیعت کرنی ہے۔ ان کو کچھ دعوتی لٹریچر بھی دیا۔ دوسرے رفیق محترم محمد رفیق حنیف اور ان کے بھائی عتیق حنیف سے ان کی دکان پر ملاقات ہوئی۔ ان دونوں رفقاء کو بھی دعوتی لٹریچر دیا گیا۔ تیسرے مبتدی رفیق محترم ارشادالحق سے ان کی دکان پرملاقات ہوئی۔ ان کو بھی تنظیمی ذمہ داریوں سے آگاہی دی اور انفاق فی سبیل اللہ کی ترغیب دی گئی۔ نماز عصر کے بعد ملتان کے لیے واپسی ہوئی۔ الحمد للہ یہ دورہ بھی کامیاب رہا اور منفرد رفقاء نے بھرپور تعاون فرمایا اور انہیں دین کے کام کے لیے مہمیز ملی اور دعوت کے کام کے لیے جذبہ محرکہ ملا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری ان کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔ آمین یا رب العالمین! (رپورٹ: ناظم رابطہ منفرد رفقاء پنجاب جنوبی)
tanzeemdigitallibrary.com © 2024