حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام امیر محترم کا خصوصی خطاب
بسلسلہ ’’بقائے پاکستان ۔ نفاذِ عدلِ اسلام مہم‘‘
19 اگست 2023ء بروز ہفتہ نمازِ مغرب سے قبل امیر محترم شجاع الدین شیخ s ناظم اعلیٰ ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن عارف اور نائب ناظم اعلیٰ شرقی زون پرویز اقبال کے ہمراہ حلقہ سرگودھا میں جاری مہم ’’بقائے پاکستان ۔ نفاذِ عدلِ اسلام ‘‘ کے سلسلے میں خصوصی خطاب کے لیے تشریف لائے۔امیر حلقہ رفیع الدین شیخ نائب امیر حلقہ ڈاکٹر جاوید اقبال اور صدر انجمن خدام القرآن سرگودھا مقبول حسین نے استقبال کیا۔ بعد نماز مغرب پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مفتی عبدالوہاب نے تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد محمدمُبشر نے ہدیہ نعت ِرسولﷺ پیش کیا ۔ امیر ِتنظیم اسلامی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ہم نے مملکت ِ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کی اور اس کی بقا اور خوشحالی و استحکام بھی نفازِ اسلام سے ہی مشروط ہے۔ لاکھوں قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا گیا۔ رنگ ، نسل اور زبان کی تفریق کے باوجود ایک کلمے کی بُنیاد پر اکٹھے ہوئے اور اس کے بعد یہاں اسلام کو نافذ نہ کر کے ہم اللہ سبحانہ ُ و تعالیٰ کے ساتھ غداری کے مرتکب ہوئے۔ انہوں نے فرمایا کہ نظریہ ٔپاکستان کی عملی تعبیر کے بغیر آزادی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ مملکت خدا داد میں آج معاشی، سیاسی اور معاشرتی مسائل کے انبار لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرار داد مقاصد کے پاس ہو جانے کے بعد اگر تمام مکاتبِ فکر کے31 جید علماء کی جانب سے متفقہ طور پر پیش کیے گئے 22 نکات کوبُنیاد بنا کر پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی طرف پیش رفت شروع ہو جاتی تو آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا۔ آج ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں اور معاشرتی سطح پر بے پردگی اور بے حیائی کا شکار ہیں۔ اگر ہم نے اپنی روش نہ بدلی تو خدا نخواستہ یہ ملک کسی بڑے حادثہ کاشکار ہو سکتا ہے۔ اس کی بقا کا واحد راستہ یہی ہے کہ پہلے ہم اپنے وجود پر شریعت کو نافذ کریں ، اس کی دعوت کو عام کریں اور اس کے بعد ایک پُر امن غیر مُسلح تحریک کے ذریعے یہاں پر اسلام کے نفاذ کے لیے کوشش کریں۔ اللہ سبحانہُ و تعالیٰ ہمیں صحیح فیصلہ کرنے اور پھر اس پر استقامت کی توفیق عطا فرمائے۔ مسنون دُعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس پروگرام میں تقریباً ایک ہزار مہمانوں نے شرکت فرمائی۔ اس پروگرام میں حلقہ کی طرف سے مکتبہ کا سٹال بھی لگایا گیا تھا ۔
(رپورٹ: ہارون شہزاد ،ناظم نشرواشاعت حلقہ سرگودھا)
حلقہ ملاکنڈ میں مبتدی ،ملتزم اور نقباء وذمہ داران کے تربیتی کورسز
یہ تربیتی کورسز حلقہ ملاکنڈ کے پر فضاء مقام گندیگا دیر اپر میں 17 سے 23 جولائی 2023 تک جاری رہے ۔ گندیگار دریا پنجکوڑہ کے کنارے آباد قدرتی حسن سے مالامال ایک چھوٹا سا گاؤں ہے جو چاروں طرف پھلدار درختوں میں گھرا ہوا ہے۔ ہر طرف ٹھنڈے پانی کی ندیاں دن رات بہتی ہیں۔تمام کورسز کاکامیاب انعقاد ہوا۔مقامی رفقاء اور احباب نے روایتی مہمان نوازی کا ثبوت پیش کیا۔انہوں نے مسجد کے ساتھ ساتھ اپنے ہجرے بھی اس نیک کام کے لیے پیش کیے ۔مندرجہ بالا تین مختلف کورسز بیک وقت جاری تھے۔مبتدی تربیتی کورس میں42 رفقاء جبکہ ملتزم تربیتی کورس میں 29 رفقاء شامل تھے جن میں پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور ،ملتان، سیالکوٹ اور کوٹ ادو سے آئے ہوئے رفقاء بھی موجود تھے۔ذمہ داران تربیتی کورس میں حلقہ کے بیشتریعنی 50 تک کے رفقاء نے اس نادر موقع سے فائدہ اٹھایا۔
ان کورسز کےلیے مرکز سے آئے ہوئے مدرسین جن میں شیر افگن ، عبدالروف اور خورشید انجم صاحب شامل تھے۔ انہوں نے بہت محنت اور دلنشین انداز میں اپنے موضوعات پڑھائے ۔ ان کورسز کے آخری دو دنوں میں ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی محترم عطا الرحمن عارف نے بھی شرکت کی۔موصوف نے حلقہ کی تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور رفقاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔امیر حلقہ اور مقامی رفقاء کے شبانہ روز محنت نے ان کورسز کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہماری ان مساعی کو اقامت دین کا ذریعہ بنائے۔ (رپورٹ:محمد سعید ،ناظم نشر واشاعت)
tanzeemdigitallibrary.com © 2025