(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

8 /

امیر تنظیم اسلامی کا تین روزہ دورہ حلقہ پنجاب جنوبی

امیر محترم شجاع الدین شیخs ناظم اعلیٰ سید عطاء الرحمٰن عارف کے ہمراہ حلقہ پنجاب جنوبی کے سالانہ دورہ کے سلسلے میں یکم ستمبر بروز جمعہ بعد نماز مغرب قرآن اکیڈمی ملتان پہنچے۔ نائب ناظم اعلیٰ محمد ناصر بھٹی صاحب بھی عارف والا سے قرآن اکیڈمی ملتان میں تشریف لائے ۔ امیر حلقہ قمر رئیس بیگ نے امیر محترم کا استقبال کیا۔ مختصر آرام کے بعد امیر تنظیم اسلامی ، ناظم اعلیٰ اور نائب ناظم اعلیٰ امیر حلقہ کی رہائش پر عشائیہ کے لیے تشریف لے گئے اور رات 9:00بجے قرآن اکیڈمی واپسی ہوئی ۔
02 ستمبر 2023 بروز ہفتہ نماز فجر کی ادائیگی و آرام کے بعد 08 بجے تنظیم اسلامی ملتان شمالی کے بزرگ رفیق شیخ حفیظ الرحمٰن کے گھر ملاقات کے لیے تشریف لے گئے ۔ جہاں پر اسرہ واپڈا ٹاون کے نقیب مرزا سلیم بیگ اور نائب نقیب انور خان اپنے اسرہ کے رفقاء کے ہمراہ استقبال کےلیے موجود تھے۔جس میں محترم جناب ڈاکٹر محمد طاہر خان خاکوانی بھی مدعوتھے ۔ملاقات اور ناشتہ کے بعد تقریبا ساڑھے نو بجے دوسرے بزرگ رفیق جناب نصیر احمد خان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے لیے تشریف لے گئے۔ ان کی رہائش گاہ پر رائل آرچرڈ اسرہ کے نقیب احمد خان امیر محترم کے استقبال کے لیے موجود تھے ۔ محترم نصیر احمد خان مرکز تنظیم اسلامی گڑھی شاہو لاہور میں عرصہ 30 سال تک خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں اور 2017 سے ملتان میں رہائش پذیر ہیں ۔
دن 11:00 بجے قرآن اکیڈمی ملتان میں علماء کرام سے ملاقات کی ۔ 18 علماء کرام سے باہمی تعارف کے بعد بقائے پاکستان مہم کے حوالے سے مختصر گفتگو فرمائی اور علماء کرام کے سوالات کے جواب دیئے ۔یہ ملاقات نماز ظہر تک جاری رہی ۔ بعد نماز عصر امیر محترم نے تنظیم اسلامی ملتان شہر کے نئے مقامی امیر محمد رمضان قادری سے قرآن اکیڈ می میں ہی ملاقات کی ۔
خطاب عام : 02ستمبر بروز ہفتہ کو بعد نماز مغرب آئیڈیل مارکی طارق روڈ ملتان میں امیر تنظیم اسلامی محترم جناب شجاع الدین شیخ کے خطاب عام کا اہتمام کیا گیا ۔ امیر محترم نے نماز مغرب آئیڈیل مارکی میں ادا فرمائی ۔
خطاب عام پروگرام کا آغاز بعد نماز مغرب 07:00 بجے تلاوت قرآن مجید سے ہوا ۔ جلسہ گاہ میں نقابت کی ذمہ داری ناظم تربیت حلقہ پنجاب جنوبی محترم جناب عثمان صابر نے سر انجام دی ۔امیر محترم نے ’’پاکستان کے مسائل اور ان کا حل ‘‘ کے موضوع پر پون گھنٹہ خطاب فرمایا۔ انہوں نے پاکستان کے موجودہ حالات ، مہنگائی ، موجودہ سیاسی ہنگامہ آرائی اور غربت کی بڑھتی ہوئی حالت پر روشنی ڈالی اور ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقہ ہائے تبدیلی مثلاً انتخابات ، فوجی حکومت اور پر تشدد طرزتبدیلی پر روشنی ڈالی اور سیرت محمدی ﷺ سے ماخوذ طریقہ انقلاب کو ہی مستقل اور پائیدار طریقہ انقلاب بتایا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام لا الٰہ الا اللہ کی بنیاد پر ہوا تھا اور جب تک پاکستان میں اسلامی نظام حکومت قائم نہیں کریں گے اس وقت تک ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنا نا ممکن ہے ۔ اس پروگرام میں تقریباً 800 افراد نے شرکت کی ۔
03 ستمبر صبح 08:30 بجے تلاوت قرآن مجید کے بعد امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ نے ابتدائی کلمات ارشاد فرمائے۔اس کے بعد امیر حلقہ پنجاب جنوبی نے حلقہ کا جائزہ پیش کیا۔ اس کے بعد دوران سال نئے شامل ہونے والے رفقاء کا تعارف ہوا۔ امیر محترم نے سوالات کے جوابات دیئے اور پروگرام کے آخر میں تذکیری گفتگو فرمائی ۔ بعد ازاں مبتدی و ملتزم رفقاء سے با المشافہ بیعت کا اہتمام کیا گیا ۔ اس اجتماع میں تقریباً 350 رفقاء نے شرکت کی ۔
02:00بجے حلقہ کی شوریٰ کے ارکان سے امیر تنظیم اسلامی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران امیرحلقہ نے معاونین حلقہ کا تعارف کروایا۔ اور مقامی امراء نے اپنا اور اپنی تنظیم کے معاونین و نقباء کا تعارف کروایا۔یہ ملاقات 04:00 بجے تک جاری رہی ۔
04:00 سے 05:00 بجے تک تنظیم اسلامی نیو ملتان کے نئے مقامی امیر محمد مشتاق خان سے امیر تنظیم اسلامی نے تفصیلی ملاقات کی اور بعد نماز عصر نئے مقامی امیر تنظیم اسلامی ملتان غربی راؤ سلمان خوشی سے ایک گھنٹہ کی ملاقات کی ۔
امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ رات 08:00 ملتان سے کراچی کے لیے روانہ ہوئے ۔ (رپورٹ: رفیق تنظیم اسلامی)
امیر تنظیم اسلامی کا حلقہ ساہیوال ڈویژنامیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ 23 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ دن 12 بجے امیر حلقہ کے دفتر عارف والا پہنچے۔ جہاں پر محمد ناصر بھٹی نائب ناظم اعلیٰ وسطی پاکستان، ملک لیاقت علی امیر حلقہ ساہیوال ڈویژن اور ملک عبدالرحمٰن ناظم دعوت حلقہ ساہیوال ڈویژن نے امیر محترم کو خوش آمدید کہا۔ میزبانی کا اعزاز ملک لیاقت علی امیر حلقہ ساہیوال ڈویژن کو حاصل ہوا۔
امیر محترم نے ظہر تک آرام فرمایا۔ نماز ظہر کی ادائیگی کے لیے قرآن مرکز عارف والا تشریف لے گئے۔نماز کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کے لیے نور محل شادی ہال تشریف لے گئے۔ شہر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
امیر محترم نے ’’پاکستان کے مسائل اور ان کا حل‘‘ کے عنوان پر اجتماع سے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل اللہ کے دیئے ہوئے’’ نظام عدل اجتماعی‘‘ اپنانے میں ہے۔ ہم نے جس بنیاد پر پاکستان حاصل کیا تھا اس بنیاد کو مضبوط کریں گے تو ہی پاکستان مضبوط ہو سکے گا۔
پروگرام کے بعد کچھ دیر آرام کے بعد امیر محترم مرکز تنظیم اسلامی وہاڑی کے لیے روانہ ہوئے۔
مرکز تنظیم اسلامی وہاڑی پہنچ کر امیر محترم نے نمازِ مغرب ادا کی اور اس کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب فرمایا۔ اس اجتماع میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔
خطاب کے بعد امیر محترم واپس عارف والا کے لیے روانہ ہوئے۔
24 ستمبر 2023ء امیر محترم 9:00بجے رفقاء حلقہ ساہیوال ڈویژن کے ساتھ نشست کے لیے قرآن مرکز عارف والا تشریف لے آئے۔ اس میں 110 رفقاء نے شرکت کی۔ دورانِ پروگرام نئے شامل ہونے والے رفقاء کے لیے مبتدی / ملتزم بیعت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ جس میں 25 کے قریب نئے رفقاء سے امیر تنظیم نے بیعت لی۔
یہ اجتماع نماز ظہر تک جاری رہا۔ نماز کی ادائیگی کے بعد امیر محترم نے رفقاء کے ساتھ کھانا تناول فرمایا۔ اس کے بعد حلقہ ساہیوال ڈویژن کے ذمہ داران کے ساتھ امیر محترم کی نشست 3:00 بجے تک جاری رہی۔
امیر محترم 4:30 بجے ساہیوال کے لیے روانہ ہوگئے ۔ساہیوال پہنچنے پرمقامی امیر عبداللہ سلیم صاحب کے گھر گئے۔ چائے اور نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد نور محل شادی ہال جھال روڈ ساہیوال میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔
اس پروگرام میں300 کے قریب مرد اور 50 کے قریب خواتین شریک ہوئیں۔
امیر محترم نے ’’پاکستان کے مسائل اور ان کا حل‘‘ کے عنوان پر اجتماع سے خطاب کیا۔بعد از خطاب امیر محترم لاہور کے لیے روانہ ہوگئے۔اللہ تعالیٰ سب رفقاء و احباب کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ (رپورٹ: ملک لیاقت علی،امیر حلقہ ساہیوال ڈویژن)
حلقہ ملاکنڈ کے زیر اہتمام سوات میں سہ ماہی پروگرام

27 اگست2023ء کو حلقہ ملاکنڈ کے زیر اہتمام سوات میں سہ ماہی پروگرام منعقدہ ہوا۔ شوکت اللہ شاکر نے’’موت کی حقیقت‘‘ پر درس قرآن دیا۔ اس کے بعد آفتاب حسین نے ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ پر درس حدیث دیا۔ انہوں نے انفاق کی ترغیب ، برکات اور موت کے وقت آسانی پر گفتگو کی۔ اس کے بعد مہمان مقرر ڈاکٹر مقصود نے ’’بقائے پاکستان: نفاذ عدل اسلام‘‘ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بقائے پاکستان تب ممکن ہو گا جب اس ملک میں اسلام کا نفاذ ہو گا۔ اس کے بعد الطاف حسین نے ’’قرآن اور علم‘‘ پر بیان کیا۔ انہوں نے قرآن کی حقانیت اور حفاظت پر مدلل بحث کی۔ رفیق تنظیم حبیب علی نے حقوق العباد کو بیان کیا۔ انہوں نے حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد پر بھی توجہ دینے کی اہمیت واضح کی۔ محترم گل نواب نے ’’جماعتی زندگی کی اہمیت‘‘ مثالوں اور واقعات سے واضح کی۔
آخر میں امیر حلقہ محترم ممتاز بخت نے رفقاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے رفقاء کو قرآن وحدیث کے دروس قائم کرنے، اسروں کی بحالی اور تنظیم کے پروگراموں میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی طرف توجہ دلائی۔ اس پروگرام میں50 سے زیادہ رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ سب رفقاء و احباب کو جزائے خیر دے اور دین پر استقامت عطا کرے۔ آمین یا رب العالمین!