امیر محترم و نائب ناظم اعلیٰ کا دورہ حلقہ سکھر
امیر محترم شجاع الدین شیخ نائب ناظم اعلیٰ انجینئر سید نعمان اختر کے ہمراہ 29دسمبر 2023ءبروز جمعہ رات 00 :12 بجے کراچی سے بذریعہ نیشنل ہائی وے سکھر تشریف لائے۔ امیر حلقہ احمد صادق سومرو اور حافظ ثناءاللہ گبول نےمہمانوں کا استقبال کیا۔ عشائیہ اور رات کاقیام حلقہ کے مرکز سکھر کیا۔ 30 دسمبر 2023 ء کو دن گیارہ بجے حلقہ کے رفقاء کی امیر محترم سے اجتماعی ملاقات کا سیشن ہوا۔ اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن پاک کے ساتھ ہوا۔ تلاوت کی سعادت حافظ ثناء اللہ گبول نےحاصل کی۔تلاوت کے بعد نائب ناظم اعلیٰ انجینئرسید نعمان اختر نے امیر محترم کے دورہ کا مقصد اور اس کے خدوخال شرکاء اجتماع کے سامنے رکھے۔ امیر حلقہ محترم احمد صادق سومرو نے حلقہ کا مختصر تعارف اور جائزہ شرکاء کے سامنے رکھا۔ اس کے بعد امیر محترم نے رفقاء سے فرداً فرداًتعارف حاصل کیا اور سوال و جواب کی نشست ہوئی۔زیادہ تر سوالات فلسطین، بیت المقدس، مسجد اقصٰی اور فلسطینی عوام کے متعلق تھے۔ اس کے بعدملتزم رفقاء نے بیعت کی سعادت حاصل کی۔ دوپہر 3 بجے سے عصر تک امیر محترم اور نائب ناظم اعلیٰ کے ساتھ حلقہ کےذمہ داران کی نشست ہوئی۔ نماز عصر (آئی۔ بی۔اے) یونیورسٹی سکھر کی مسجد میں ادا کی گئی۔ امیر محترم کی رفیق تنظیم اسلامی پروفیسر ڈاکٹر محمد خالد شفیع کی وساطت سے (آئی۔ بی۔ اے) کے پروفیسرز حضرات (ملتزم احباب) سے ملاقات ہوئی۔مغرب کی نماز سفید جامع مسجد میں ادا کی گئی جہاں امیرمحترم کا ’’مسجد اقصٰی اور فلسطین کی پکار اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر خطاب عام رکھا گیا تھا۔ امیر محترم نے مسئلہ فلسطین، بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کا پس منظر شرکاء کے سامنے رکھا اور اس میں ہمارے اوپر کیا کیا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، وہ بھی تفصیل سے بیان کیں۔ امیر محترم عشاء کی نماز کےبعد صادق آباد کے روانہ ہوگئے۔ رات کا قیام اور عشائیہ محترم مقامی امیر محمد نسیم چودھری کی رہائش گاہ پر تھا۔
31 دسمبر 2023 ء کو بعد نماز فجر محلے کی مسجدمیں امیر محترم نے درس قرآن کی سعادت حاصل کی۔ درس قرآن کا عنوان’’ نبی کریم ﷺ کا مقصد بعثت اور ہماری ذمہ داری‘‘ تھا۔ صبح ناشتہ کے بعد مقامی امیر کی رہائش گاہ پر امیر محترم کی ملاقات مقامی ذمہ داران سے ہوئی۔ امیر محترم اور نائب ناظم اعلیٰ نے ذمہ داران کو قیمتی مشورے دیئے۔دن 11:00 تا 1:00بجے تک شہریار مسجد صادق آباد میں کل رفقاء کا اجتماع ہوا ۔جس میں صادق آباد اوررحیم یار خان کے رفقاء شریک ہوئے۔اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پاکستان محترم انجینئر نعمان اختر نے امیر محترم کے دورہ کے مقاصد اور خدوخال رفقاء کے سامنے رکھے۔ بعد میں امیر حلقہ محترم احمد صادق سومرو نے حلقہ کا مختصر تعارف شرکاء کے سامنے رکھا۔ امیر محترم نے تمام رفقاء سے تفصیلی تعارف حاصل کیااور سوال و جوابات کی نشست بھی ہوئی۔ قبل نماز ظہر اجتماع کا اختتام ہوا۔ملتزم اورمبتدی رفقاء نے بیعت مسنون کی سعادت حاصل کی۔بعد نماز عصر امیر محترم نے علاقے کے علماء اور اہم شخصیات سے کی ملاقات کی۔نائب ناظم اعلیٰ اورامیر حلقہ بھی ساتھ تھے۔ نماز مغرب کے بعد مدرسہ البنات کالج(ٹی- این- بی-ہال) پہنچے جہاں امیرمحترم کا’’مسجداقصٰی اور فلسطین کی پکار اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر خطاب عام تھا۔ہال میں شرکاء کی حاضری اچھی تھی اور خواتین کے لیے پردہ کے ساتھ علیحدہ انتظام بھی تھا۔ امیر محترم نےمسئلہ فلسطین، بیت المقدس، مسجد اقصٰی اور غزہ کا پس منظر اور فلسطینی مسلمان کی موجودہ صورت حال شرکاء مجلس کے سامنے رکھی اور بحیثیت ایک مسلمان ہم پر کیا کیا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کو شرکاء کے سامنے جامع اور سہل انداز میں پیش کیا۔ خطاب عام اور نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد رحیم یار خان روانگی ہوئی۔ رات قیام محترم سہیل خورشید کی رہائش گاہ پر تھا،یکم جنوری 2024ء بروز پیر صبح بعد نماز فجر مسجد عائشہ (عباسیہ ٹاؤن) رحیم یار خان میں امیرمحترم کے درس قرآن کا انعقاد ہوا۔ درس قرآن کا عنوان’’ نبی کریم ﷺ کا مقصد بعثت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ تھا۔دن 11 بجے لے کر دوپہر ایک بجے تک علاقے کے علماء، اساتذہ اور اہل علم کی امیر محترم سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقات میں نائب ناظم اعلیٰ اور امیر حلقہ بھی شامل تھے۔ ظہر کی نماز مسجد شفاء ماڈل ٹاؤن رحیم یار خان میں ادا کی گئی،جہاں امیرمحترم نے’’ مسجد اقصٰی اور فلسطین کی پکار اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا۔اوراجتماعی دعا کے ساتھ خطاب اختتام پذیرہوا۔اللہ تعالیٰ تمام رفقاء و احباب کی کوششوں کو قبول فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!
( رپورٹ: نصراللہ انصاری ،حلقہ سکھر )
امیر محترم کا دورہ حلقہ کراچی وسطی
امیر محترم نے27 جنوری2024ءکو حلقہ کراچی وسطی کا دورہ کیا۔امیر محترم نے صبح10.45 بجے دفتر حلقہ میں نئے مقامی امراء محترم عمران عثمان بنوری ٹاون،محترم اسجد فاروق سند ھ بلوچ سوسائٹی اور محترم ا قبال جاوید ماڈل کالونی سے ملاقات ہوئی۔
صبح11.30 بجے بزرگ رفقاء محترم نشاط احمد (گلشن اقبال تنظیم ) اور محترم رائے محمد صالح (سندھ بلوچ سوسائٹی تنظیم) سے ان کی رہائش گاہوں پر ملاقات و عیادت کی۔سہ پہر 2:30بجے کراچی وسطی کی شوریٰ سےظہرانہ پر ملاقات کی۔
سہ پہر00: 3بجے قرآن اکیڈمی یاسین آباد میں کل رفقاء نشست منعقد ہوئی ۔ تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔امیر حلقہ نے حلقہ کراچی وسطی کے علاقہ جات کا تعارف پیش کیا ۔حلقہ کے معاونین اور تناظیم کے امراء کا تعارف کروایا اور حلقہ میں ملتزم، مبتدی رفقاء اور نقباء کی تعداد سے آگاہ کیا۔امیر محترم کی جانب سے تمہیدی گفتگو کے بعد سوال و جواب کی نشست ہوئی جو بعد نماز عصر تک جاری رہی۔ بعدازاں مبتدی و ملتزم بیعت مسنونہ کا اہتمام کیا گیا۔اس نشست میں لگ بھگ 400 رفقاء نے شرکت فرمائی۔بعد نماز مغرب کل ذمہ داران نشست منعقد ہوئی ۔امراء تناظیم نے اپنی اپنی تنظیم کے ذمہ داران اور علاقے کا تعارف کروایا ۔ اس نشست کا اختتام دعا پر رات9: 30 بجے ہوا۔اس دورہ کے دوران ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر عطاء الرحمن عارف ،نائب ناظم اعلیٰ زون جنوبی محترم سید نعمان اختر اور امیر حلقہ محترم عارف جمال فیاضی موجود رہے۔
اللہ تعالیٰ تمام رفقاء کی محنتوں و کاوشوں اورامیر محترم اور دیگر اکابرین کی تفریغ اوقات کو مقبول و منظور فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!(رپورٹ:عمر بن عبد العزیز، معتمد حلقہ)
حلقہ لاہورغربی کے زیر اہتمام آگاہی منکرات مہم
6 جنوری 2024ء کو اقبال ٹائون لاہور غربی کے تحت ایک واک درج بالا عنوان کے تحت منعقد ہوئی۔ واک کا آغاز مسجد جنت الفردوس واقع پیکوروڈ میں نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد شروع ہوا۔ مسجد کے باہر رفقاء تنظیم اور احباب ایک ترتیب کے ساتھ ٹی بورڈ جن پرغزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر جاری مظالم و جارحیت کو مختلف عبارات سے اُجاگر کیا گیا تھا، لے کر کھڑے تھے۔ واک کے شرکاء ایک منظم شکل میں ملتان روڈ پر آئے اوراعوان ٹائون کے اورنج ٹرین کے اسٹیشن پرواقع ٹریفک سگنل کے پاس کھڑے ہوئے۔ راستےمیںمتعین شرکاء ہینڈ بلز تقسیم کرتے رہے۔ میگا فون پر ریکارڈشدہ پیغام سنانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ علاوہ بریں دو رفقاء نے اپنے طور پر بھی موضوع کی مناسبت سے آگاہی کرائی۔نماز عصر پر اس مظاہرے کا اختتام ہوا۔
حلقہ لاہور شرقی کا سہ ماہی تربیتی اجتماع
حلقہ لاہور شرقی کا سال 2023 کا آخری سہ ماہی تربیتی اجتماع 31 دسمبر 2023 کو صبح 8 بجے سے ظہر تک مسجد نور نزد ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں منعقد ہوا۔ اجتماع کا آ غاز تلاوت قرآن سے ہوا جس کی سعادت امیر حلقہ جناب نورالوریٰ نے حاصل کی۔ بعد ازاں امیر حلقہ نے اپنے ابتدائی کلمات میں شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کی تفصیل و ترتیب سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ تذکیر بالقرآن کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے حلقہ کے ناظم دعوت شہباز احمد شیخ نے’’ ایمان اور جہاد کا باہمی تعلق اور ان کے تقاضے‘‘بیان کیے۔ تذکیر بالحدیث کے ضمن میں وحدت امت کے موضوع پر فیروزپور تنظیم کے بزرگ رفیق محمد سلیم اختر نے حدیث نبوی ’’مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں‘‘ کے حوالے سے انتہائی دلنشین اور ایمانی جذبات کو تقویت پہنچانے والی گفتگو فرمائی۔ موصوف نے غزہ میں مسلمانوں کے بہیمانہ اور وحشیانہ قتل عام پر مسلم ممالک کے حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور بے حسی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انفرادی سطح پر اس ضمن میں اپنی ایمانی غیرت و حمیت اور اخوت اسلامی کے جذبات کا جائزہ لینے کی طرف توجہ دلائی۔ ناشتے کے وقفے کے بعد اجتماع کا اگلا پروگرام بانیٔ محترم ؒ کا ’’راہ نجات‘‘ کے موضوع پر ویڈیو خطاب کے نصفِ اول کی سماعت تھی۔ امیر حلقہ نے خطاب سے قبل رفقاء کو یاددہانی کرواتے ہوئے فرمایا کہ اس خطاب کی اہمیت کے پیش نظر امیر محترم نے اس سال کے سالانہ اجتماع میں رفقاء کے لیے اہداف میں اس کی سماعت کو بھی شامل فرمایا ہے۔ خطاب کا نصفِ آخر تمام رفقاء انفرادی طور پر یا اجتماعی طور پر سماعت فرمائیں گے ان شاءاللہ۔ پروگرام کے مطابق اگلا موضوع ’’مسئلہ فلسطین: منظر و پس منظر‘‘ تھا جس پر گفتگو کی ذمہ داری راقم کو سونپی گئی تھی۔ اس گفتگو میں ارض فلسطین کی تاریخی اہمیت، مسجد اقصیٰ میں سفر معراج کے موقع پر نبی اکرم ﷺ کی تمام انبیاء کی امامت، خلافت فاروقی میں بیت المقدس کی فتح، سلطان نورالدین زنگی ؒ اور سلطان صلاح الدین ایوبی ؒ کی بیت المقدس کے لیے ناقابل فراموش خدمات، فلسطین پر ناجائز قبضہ کے لیے یہود کی عالمی سازشوں اور بالآخر اسرائیل کے قیام کے حوالے سے تفصیلات بیان کی گئیں۔ فیروزپور روڈ تنظیم کے ساتھی طیب رسول نے ’’میں فلسطین ہوں‘‘ کے نام سے نظم بہترین انداز میں پیش کی۔ یہ نظم ندائے خلافت کے شمارہ نمبر 49 میں بھی شائع ہوچکی ہے۔ سیرت صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ضمن میں لاہور کینٹ کے قائم مقام مقامی امیر عثمان شفقت نے صحابی رسول ﷺ حضرت حبیب رضی اللہ عنہ کے حالات زندگی پر انتہائی ایمان افروز گفتگو فرمائی۔ جس سے رفقاء کے دلوں میں صحابہ کی بے مثال قربانیوں اور سرورِ کائناتﷺ کے ساتھ والہانہ محبت کا سبق مزید تازہ ہوا۔ حلقہ کے ناظم تربیت محترم اقبال کمال نے ’’تنظیمی سال 2024‘‘کے عنوان سے گفتگو کرتے ہوئے رفقاء کے لیے تنظیمی تربیتی اہداف کے حصول کی اہمیت و ضرورت بیان کی اور اس حوالے سے شرکاء کو ترغیب و تشویق دلائی۔ انہوں نے تربیتی کورسز کے حوالے سے مرکزی و حلقہ جاتی سالانہ پلانرز کو سکرین پر پیش کیا تاکہ رفقاء اپنے متعلقہ کورسز کی تکمیل کے لیے بروقت منصوبہ بندی کرسکیں۔ اجتماع کا آخری پروگرام ’’ہم اور ہمارا گھر‘‘تھا جس پر مقامی امیر لاہور صدر جناب عمران علی نے گیارہ نکات کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو فرمائی۔ آخر میں امیر حلقہ نے اختتامی گفتگو کرتے ہوئے اجتماع کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ موسم کی شدت کے باوجود بروقت اور بھرپور حاضری پر تمام شرکاء، مقررین اور ذمہ داران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ رفقاء کے لیے اختتامی پیغام دیتے ہوئے امیر حلقہ نے کہا کہ ہمیں اپنا اصل سبق ہر وقت اور ہر لمحہ یاد رکھنا چاہیے تاکہ اپنی منزل اور منزل کی طرف سفر میں کسی قسم کے تساہل اور غفلت سے بچے رہیں۔ تنظیم میں شمولیت کے بعد ہمیں تین اہداف پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنی چاہیے یعنی تعلق مع اللہ، دعوتِ دین اور نظم جماعت میں سمع و طاعت۔ ان تین چیزوں میں ہماری ساری دینی ذمہ داریاں سما جاتی ہیں۔ امیر حلقہ نے رفقاء کو ہوم ورک کے طور پر مہمان کی ضیافت کی اہمیت و فضیلت کے حوالے سے ندائے خلافت شمارہ نمبر 49 میں شائع شدہ مضمون کے مطالعے کی ترغیب دلائی۔ دعائے مسنونہ پر اجتماع کا اختتام ہوا۔
(مرتب: نعیم اختر عدنان ،ناظم نشرو اشاعت حلقہ لاہور شرقی)
سہ ماہی تربیتی اجتماع حلقہ پنجاب پوٹھوہار
حلقہ پنجاب پوٹھوہار کا سہ ماہی تربیتی اجتماع 18فروری4 202ء کو تنظیم اسلامی جہلم کے زیر انتظام منعقد ہوا۔سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری مقامی تنظیم جہلم کے مبتدی رفیق توصیف انورنے ادا کی ۔
پروگرام کا آغاز 09:30بجے درس قرآن سے ہوا ۔درس قرآن کی ذمہ داری میرپور تنظیم کے معتمد محترم افتخار احمد نے ادا کی ۔افتخار احمد نے سورۃ المائدہ کی آیت 54تا56کا درس دیا۔ انہوں نے اہل ِایمان کے اوصاف بیان کیے گئے۔درس حدیث کی ذمہ داری مقامی تنظیم جاتلاں کے معتمد و نقیب اسرہ محترم پروفیسر عبدالباسط فاروقی ( وجبت محبتی) کے موضوع پر درس حدیث دیا ۔اس کے بعد’’ ہم اور ہمارا گھر‘‘ کے موضوع پر ناظم تربیت مقامی تنظیم چکوال محترم خرم شہزاد بٹ نے رفقاء سے خطاب کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ اپنے گھر والوں اور اپنے بچوں کی تربیت کریں تاکہ ہم اور ہمارے گھر والے جہنم کی آگ سے بچ سکیں ۔اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے ہم خود اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزاریں اس کے بعد اپنے گھر والوں کی اس کے مطابق تربیت کریں۔
11:00تا11:30بجے تک چائےاور باہمی تعار ف کے لیے رفقاء کو وقت دیا گیا ۔اس دوران رفقاء نے ایک دوسرے کا تعارف کرایا۔حلقہ کی جانب سے رفقاء کے لیے مکتبہ کا سٹال بھی لگایا گیاجس سے رفقاءنے بھرپور فائدہ اُٹھایا ۔
چائے کے وقفے کے بعد رحماءبینھم کے موضوع پر امیر حلقہ پنجاب پوٹھوہار حافظ ندیم مجید نے بذریعہ ملٹی میڈیا رفقاء کو رحماء بینھم کی عملی تصویر پر بیان کیا۔رفقاء کو رحماء بینھم کتب کا مطالعہ کروایا گیا اور عشرہ تجدید تعلق و اخوت کی اہمیت بیان کی گئ اس عشرہ کا مقصد رفقاء کے درمیان باہمی تعلق کے فروغ دینا اور رفقاء کے درمیان مؤاخات کو قائم کرنا ہے۔
میرپور تنظیم کے امیر محترم علی اختر اعوان نے ’’دین کا جامع تصور‘‘ کے موضوع پر دین کے گوشے یعنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں دین کا تصور بیان کیا۔ان کاکہنا تھا کہ دین اسلام ہمیں انفرادی اور اجتماعی زندگی تمام گوشوں پر رہنمائی کرتا ہے۔اس پروگرام کے بعد تنظیم اسلامی جہلم کے امیر محترم عاقب جاوید نے بذریعہ ملٹی میڈیا ’’احسان اسلام (ذاتی اہداف )‘‘ بیان کیے ۔اس کا مقصد انسان کی ذاتی اصلاح ہو جائے کیو نکہ دین کا اصل مخاطب فرد ہے ۔اس کے بعد نماز ظہر کا وقفہ ہوا بعد نماز ظہر نقیب منفرد اُسرہ ساگری محترم محمد نعمان نے ’’عجلت پسندی‘‘ کے موضوع پر بیان کیا ۔دین کے کام میں عجلت پسندی کے نقصانات بیان کیے۔اس کے ساتھ ہی پروگرام کا اختتام ہوا۔تنظیم اسلامی جہلم کی جانب سے بارش اور موسم کی خرابی کے باوجود دور دراز سے آنے والے تمام رفقاء کا شکریہ اد ا کیا گیا ۔
اس پروگرام میں 40ملتزم ،65مبتدی اور 8احباب شریک ہوئے۔ اقامت دین کی جد وجہد میں اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ (رپورٹ: معتمد حلقہ پنجاب پوٹھوہار)