خط کا ترجمہ
عزت مآب جناب محمد شہباز شریف، وزیراعظم
اسلامی جمہوریہ پاکستان....
سب سے پہلے ہم آپ کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں وزارت عظمیٰ کا منصب دوسری مرتبہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار اور مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ آپ کو ملک پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت ، امن، استحکام اور خوشحالی قائم کرنے میں مدد اور کامیابی عطا فرمائے۔
گرامی قدر!
ماہ مقدس رمضان المبارک کے اس موقع پر سایہ فگن ہونے والی خیر اور برکت کے تناظر میں ہم آپ کو پاکباز شہداء کے خون میںگندھا اور مصیبت زدہ لوگوں کے دکھوں اور غموں کے بوجھ سے لبریزیہ خط ارسال کر رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں غزہ پرمسلط قتل عام اور نسل کشی کا سامنا ہے اور تمام عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ان پر ہر قسم کے جنگی جرائم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
ساری دنیا اس وحشیانہ جارحیت کے تسلسل اور عالمی ادارے کی نااہلی کو حیرت اورمذمت سے دیکھ رہی ہے۔ عالمی عدالت انصاف اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے فیصلوں اور سفارشات کے باوجود دنیا قابض اسرائیل کو غزہ کے خلاف نسل کشی کی جنگ روکنے پر مجبور کرنے میں ناکام ہے۔ قابض اسرائیل اس جنگ کو پورے تکبر اور ہٹ دھرمی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے اور انسانی حقوق کے ہر زاویے کو پامال کر رہا ہے۔ اسرائیل جان بوجھ کر بچوں، خواتین اور معمر افراد سمیت معصوم افراد اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اسرائیل غزہ میں زندگی کے تمام آثار کو ختم کرنے کے لیے مساجد، گرجاگھروں، سکولوں، ہسپتالوں، پرامن شہریوں کے مکانات، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر رہا ہے۔ اپنے گھنائونے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے قابض اسرائیلی حکام بھوک اور قحط کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے اپنے شرمناک جرائم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قابض دشمن غزہ شہر اور اس کے شمال میں آنے والی ہنگامی امداد کا راستہ روک رہا ہے۔ نیز اپنے بچوں کے لیے رزق کی تلاش میں نکلنے والے بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ انسانی حقوق کے خلاف یہ کارروائیاں ایسا حملہ ہیں جو تمام بین الاقوامی قوانین اور کنونشنز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔
تحریک حماس، فلسطینی عوام، ان کی نمائندہ جماعتیں اور تنظیمیں بیک زبان ہو کر ان تمام کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہیں جن کے ذریعے دنیا فلسطینیوں کی حمایت اور انہیں امدادفراہم کرنے میں کوشاں ہے۔
غزہ کی پٹی کے خلاف وحشیانہ جارحیت کی وجہ سےہونے والی بڑی تباہی کو فلسطینی عوام کے جسموں اور روح پر جھیلتے ہوئے ہم آپ کی توجہ درج ذیل امور کی طرف مبذول کروانا چاہتے ہیں:
(1) فلسطینی قوم کے خلاف جارحیت کو فوری طور پر رکوانے کے لیے مختلف سیاسی، سفارتی اور قانونی پلیٹ فارمز پر مؤثر کارروائی کی جائے۔ قابض اسرائیل کو اس گھنائونی جنگ کو غیر مشروط طور پر روکنے پر مجبور کرنے کے لیے اس کی حمایت کرنے والے بین الاقوامی دارالحکومتوں پر دبائو ڈالا جائے۔
(2) فلسطینی عوام کو خوراک ، ادویہ اوررہائش کے حوالے سے ضروریات میں انہیں حقیقی ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، غزہ کو دنیا سے ملانے والی راہداریوں کو مکمل طور پر چلانے کے لیے کھولا جائے تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری ضرورت کی اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اہل غزہ کا محاصرہ مکمل طور پر ختم ہو تاکہ غزہ کی تباہ شدہ پٹی میں تعمیر نو کا ایک جامع عمل شروع ہو سکے۔
(3) قابض اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانے اور اس کے جرائم کو بے نقاب کرنے میں مدد کی جائے۔ غزہ میں نسل کشی پر مبنی جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف کی جانے والی روز مرہ اسرائیلی کارروائیوں کے باعث اسے سیاسی اور سفارتی طور پر الگ تھلگ کرنے کے لیے مزید کوششیں کی جائیں۔
(4) قابض اسرائیل خطے میں تمام مسائل اور عدم استحکام کی جڑ ہے اور اس کا برقرار رہنا بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں سے متصادم ہے۔ فلسطینی عوام کی خود مختاری اور آزادی کا حصول ہی مسئلہ کو جڑ سے ختم کرنے میں مدد گار ہو سکتا ہے۔ اس سے علاقائی اور عالمی سطح پر نئے اور مختلف مراحل کی شروعات ہوں گی۔
آخر میں ہم آپ کو اور دنیا کے تمام آزادی پسند عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ فلسطینی اپنی سرزمین سے والہانہ طور پر وابستہ ہیں اور اسرائیلی قبضے کو ختم کرنے کے ایک جائز طریقے کے طور پر مزاحمت کے انتخاب پر بھرپور یقین رکھتے ہیں۔ ہم ان تمام منصوبوں کا مقابلہ کرنا جاری رکھیں گے جن کا مقصد فلسطینی کاز کوختم کرنا ہے، چاہے اس کے لیے ہمیں کتنی ہی بڑی قیمت اور قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔ ہم یہ بھی باور کرانا چاہتے ہیں کہ ایسے وحشیانہ جرائم فلسطینیوں کو آزادی اور خود مختاری کے حصول اور ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس ہو، کے قیام تک مزاحمت کی راہ پر چلنے سے باز نہیں رکھ سکتے۔
ہم اللہ سبحانہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ آپ کو ہمیشہ اپنے حفظ وامان میں رکھے اور آپ کی زیر قیادت ملک پاکستان کو تمام تر بھلائی، سلامتی اور استحکام عطا فرمائے۔ آمین!
آپ کا بھائی
اسماعیل ہنیہ
چیئرمین پولٹ بیورو اسلامی تحریک مزاحمت ، حماس، فلسطین