(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

10 /
   امیر تنظیم اسلامی کا دورہ حلقہ پنجاب جنوبی 
 
  3 مئی 2024 بروز جمعہ نائب ناظم اعلیٰ وسطی زون محترم محمد ناصر بھٹی صبح  9:30بجے قرآن اکیڈمی ملتان تشریف لائے۔ دن کے اوقات میں امیرحلقہ سے ملاقات رہی۔ اسی دن امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ حلقہ پنجاب جنوبی کے سالانہ تنظیمی دورہ پر ملتان نماز عصر سے قبل تشریف لائے۔ سب سے پہلے امیر تنظیم اسلامی امیر حلقہ اور نائب ناظم اعلیٰ کے ساتھ صدر انجمن خدام القرآن جناب ڈاکٹر محمد طاہر خان خاکوانی کے گھر ان کی عیادت کے لیے تشریف لے گئے ۔ الحمد للہ محترم طاہر خاکوانی صاحب اب پہلے سے بہتر ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کو جلد صحت کاملہ وعاجلہ عطا فرمائے۔ آمین۔ ملاقات کے بعد نماز مغرب سے قبل قرآن اکیڈمی ملتان پہنچے ۔ نماز کے بعد ملتان شمالی تنظیم کے مقامی امیر محمد شہر یار خان سے ملاقات کی۔ نماز عشاء کے بعد رات کا کھانا کھایا اور پھر آرام کیا۔ 
4مئی 2024 بروز ہفتہ امیر محترم نے صبح 8:30بجے حلقہ کے اجتماع  میں شرکت کی۔ قرآن اکیڈمی آفیسرز کالونی کی مسجد کے اوپر اعتکاف ہال میں یہ اجتماع منعقد ہوا۔ امیر محترم نے ابتدائی کلمات سے اجتماع کا آغاز کیا ۔ امیر حلقہ نے امیرمحترم کے سامنے حلقہ کا تعارف پیش کیا اور مقامی تناظیم و منفرد اسروں کے امراء و نقباء کا تعار ف بھی ساتھ ساتھ ہوا ۔اس کے بعد سال  کے دوران نئے شامل ہونے والے رفقاء کا تعارف ہوا۔  بعد ازاں سوال و جواب کی نشست ہوئی۔11:00بجے چائے کا وقفہ ہوا ۔ اس اجتماع میں 125 ملتزم رفقاء ، 515 مبتدی رفقاء اور 20 احباب نے شرکت کی۔ کل 300 حضرات شریک ہوئے ۔ 
وقفہ کے بعد دوبارہ  سوال و جواب کی نشست جاری رہی۔ امیر محترم نے اپنے خطاب کو منسوخ کر کے سوال و جواب کی نشست کو جاری رکھنے کا کہا ۔ اجتماع کے آخر میں پہلے ملتز م رفقاء سے اوراس کے بعد مبتدی رفقاء سے بیعت مسنونہ ہوئی۔دن 12:30 بجے امیر محترم کی دعا پر اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد حلقہ کے ذمہ داران سے ملاقات اور سوال و جواب کی نسشت ہوئی جو نماز ظہر تک جاری رہی۔نماز ظہر اور کھانے کے بعد بھی ذمہ داران کے ساتھ نشست جاری رہی۔تقریباً 3:00 بجے کے قریب دعا پر یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ امیر محترم نے کچھ دیر آرام کیا اور 4:00 بجے ملتان سے سکھر کے لیے روانہ ہوگئے۔ (مرتب :شوکت حسین انصاری، معتمد حلقہ)
 اجتماع معاونین حلقہ ملاکنڈ
 
تنظیم اسلامی حلقہ ملاکنڈ کے معاونین کا پندرہ روزہ مشاورتی اجتماع،حلقہ مرکز تیمرگرہ میں پانچ مئی 2024 کو منعقد ہوا۔ اجتماع کا اغاز درس قران مجید سے ہوا۔ جس کی سعادت حضرت نبی محسن نے حاصل کی جبکہ محمد سعید جان نے درس حدیث پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ 
مطالعہ لٹریچر کے سلسلے میں محمد صدیق نے برصغیر پاک میں’’اسلام کی انقلابی فکر کی تجدید و تعمیل اور اس سے انحراف کی راہیں‘‘کا مطالعہ کرایا۔ اس کے بعد امیر حلقہ نے احسان اسلام سرکلر پر گفتگو کی۔ عالمی منظر نامے کے سلسلے میں جناب احسان اللہ نے  گزشتہ مہینے کی عالمی حالات واقعات کی رپورٹ پیش کی۔
  گزشتہ کارروائی کا خلاصہ معتمد حلقہ جناب شاہ وارث نے پیش کیا۔
بعد میں درجہ ذیل نکات پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
1- تنظیم ڈیٹا بیس کی تیاری۔2: اجتماعات اسرہ جات  اور مقامی تنظیم کا جائزہ ۔
3: معاونین حلقہ کی گزشتہ مہینے کی کار گزاری۔4: امیر محترم کے مجوزہ دورہِ ملاکنڈ کے لیے تیاریوں پر مشاورت ہوئی۔  5: ذیلی حلقہ جات کے سلسلے میں مرکز سے موصول ہونے والی خط و کتابت کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں ۔6:ماہانہ جائزہ رپورٹ پر بھی مشاورت ہوئی۔
مسنون دعا کے بعد اس اجتماع کا اختتام ہوا ۔ (مرتب کردہ :محمد سعید جان، ناظم نشر واشاعت حلقہ ملاکنڈ )
انفرادی  دعوت کے فائدے
 
دعوتی کام کا ایک موقع ملا، ایک پلمبر کو کام کے سلسلے میں مقامی تنظیم کے دفتر بلوایا گیا۔ جناب مظفر بھائی تشریف لائے اور بہت اچھے طریقہ سے کام کیا۔ انہوں نے پوچھا کہ قرآن مرکز کا کیا سلسلہ ہے تو میں نے انہیں قرآن کے بارے میں بانی محترمؒ کی فکر سے آگاہ کیا کہ  قرآن مجید کی جانب سے عائد کردہ ذمہ داریاں کیا ہیں۔اللہ تعالیٰ نے  ان کے دل  کو ہدایت دی اور انہیں جستجو ہوئی کہ قرآن مجید کو اپنی زبان میں سمجھا جائے اور اللہ تعالیٰ نے اس میں بھی میری مشکل آسان کردی کہ دورہ ترجمہ قرآن کے درمیان تزئین و آرائش کی ذمہ داری میرے پاس تھی تو PIAN میں پلمبرنگ کے لیے میں نے مظفر بھائی سے رابطہ کیا کہ وہ آکر باتھ رومز کی مرمت کردیں۔ انہوں نے بہت احسن طریقہ سے وہاں پر بھی کام کیا اور جب میں نے انہیں دورہ ترجمہ قرآن کے متعلق تمام تفصیلات بنائیں تو بڑے حیران ہوئے کہ یہ کیسی تراویح ہے کہ جس میں خواتین اور بچے بھی رات کے ایک بجے تک تراویح میں شامل رہتے ہیں تو الحمد للہ وہ میری دعوت پر 20ویں روزہ کو کورنگی میں اپنی رہائش کے قریب ہی دورہ میں شرکت کے لیے پہنچ گئے اور اگلے دن فون پر بتایا کہ میرے بیوی بچے بھی گئے تھے  اور انہیں آپ لوگوں  کا یہ انداز بہت پسند آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم باقی  تمام دن اس  پروگرام میں شریک ہوں گے ۔الحمد للہ دعوت کا ایک موقع ملا اور اللہ تعالیٰ نے ان کے دل میں ہدایت ڈال دی اور ہماری تھوڑی سی کوشش کی وجہ سے انہیں دین کے ساتھ مزید جوڑ دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں بھی راہ ہدایت عطا فرمائے اور مجھے بھی قرآن پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم دعوت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیں خواہ وہ ہمارے پاس آنے والے کوئی ورکر ہو، کوئی ڈرائیور ہو ، چوکیدار ہو یا کوئی بھی ہو۔ الحمدللہ دعوت کےمواقع ہوتے ہیں۔ صرف ہمیں اپنی فکر تازہ رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی بات اپنے ساتھوں سے بھی کہوں گا کہ وہ ہروقت دعوت کے لیے تیار رہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں دعوت اور اقامت کی جو  ذمہ داری دی گئی ہے اسے ہم ادا کرسکیں۔ آمین! (رپورٹ: سید عارف حسین، گلشن اقبال، کراچی)