(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی - ادارہ

10 /
اسلام آباد میں ملتزم رفقاء کا ملک گیر حلقہ جاتی اجتماع
 
اس سہ روزہ اجتماع کا انعقاد گزشتہ ہفتے حلقہ اسلام آباد کے زیراہتمام پیہونٹ میں کیا گیا۔جس میں حلقہ بھر سے 82 رفقائے تنظیم نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض راقم نے انجام دئیے۔ اجتماع نماز عصر کے فورا بعد تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا، جس کے بعد    ناظم اجتماع جناب عابد پرویزنےرفقاء کے لیے نظم کے حوالےسے ہدایات پیش کیں۔ پروگرام کے آغاز میں امیر محترم کی ایک ویڈیو ٹیپ چلائی گئی جس میں فرائض دینی کے   جامع تصور کا خلاصہ پیش کیا گیا۔ بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اس کے بعد جناب وقار اشرف نے اقامت دین کی فرضیت اور اس کے لیے زوردار دعوت پر گفتگو کی۔نماز مغرب کے بعد امیر محترم نے ویڈیو کے ذریعے شہادت اور فریضہ شہادت پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے حاضرین محفل کا لہو گرمایا۔
دوسرے دن نماز فجر کے بعد جناب شعیب خالد نے سورہ فتح اور سورہ مائدہ کی روشنی میں جبکہ اگلے روز جناب سرفراز احمد نے سورہ شوریٰ کی منتخب آیات کے زریعے اقامت دین کے لیے کام کرنے والوں کے مطلوبہ اوصاف بیان کئے۔ اس کے بعد جناب عظمت ممتاز ثاقب نے اقامت دین کی جدوجہد کرنے والی جماعت کی ہیت ترکیبی اور تنظیمی اساس کے حوالے سے بحث کوآگے بڑھایا۔ جناب عامر نوید نے قران و سنت کی روشنی میں اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق جوڑنے کے لیے دس مختلف ذرائع شرکائے محفل کے سامنے رکھے۔ چائے کے وقفے کے بعد بانی ٔ تنظیم کی ویڈیو ٹیپ کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں قرآن و سنت کی روشنی میں رفقائے تنظیم کی راہنمائی کی گئی۔
دوسرے دن کی دوسری نشست میں ڈاکٹر شاہین نے نہی عن المنکر اور محافظت حدوداللہ کے ضمن میں طاقت کے مظاہرے اور چیلنج پر گفتگو کی جبکہ امیر حلقہ جناب راجہ اصغر نے نظم جماعت کی پابندی کے حوالے سے بنیادی اصولوں سے رفقائے تنظیم کو روشناس کرایا۔ دوسرے دن کے اختتام پر بانی محترم کی ویڈیو ٹیپ کے ذریعے بداءالاسلام کی دو حقیقتوں یعنی قرآن اور جہاد فی سبیل اللہ کے ذریعے رفقائے تنظیم میں جہاد کا نیا جذبہ اور شوق پیدا کیا۔ 
اجتماع کے آخری دن جناب قمر عباسی نے اطاعت امر اور تنازع فی الامر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا توجناب اعجاز حسین نے حاضرین محفل کو بتایا کہ جہاد سے اعراض کی صورت میں لاحق ہونے والے مرض یعنی نفاق کا علاج انفاق سے کیسے ممکن ہے؟ اس کے بعد امیرمحترم نے اپنے اختتامی کلمات میں ایمان میں اضافے کے ذرائع پربڑی جامع گفتگو کی اور رفقائے تنظیم کو ذمہ داری کا احساس دلاتے ہوئے غلبہ دین کی جدو وجہد میں مزید تیزی لانے کی ترغیب دلائی۔ آ خر میں امیر حلقہ نے اپنے اختتامی کلمات میں اجتماع کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
اجتماع کے تیسرے روز ایک تربیتی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں انفرادی دعوت کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتے ہوئے دعوت کا کام کما حقہ نہ ہونے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ورکشاپ کی میزبانی جناب اویس ریاض نے کی۔ اس ورکشاپ میں شرکائے محفل کو مذکورہ موضوع پر اپنی آراء پیش کرنے کا بھرپور موقع بھی دیا گیا۔ شاید یہی وجہ تھی کہ تربیتی پروگراموں کی ساخت میں اسی نوع کی جدت کو شرکائے محفل کی جانب سے کافی سراہا گیا۔ اور تجویز پیش کی گئی کہ آئندہ بھی اس قسم کی ورکشاپوں کو تربیتی پروگراموں کا حصہ بنایا جائے۔ البتہ اجتماع میں ملتزم رفقاء کی کم حاضری پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔166 رفقاء میں سے صرف82 رفقائے نے اجتماع میں شرکت کی جو کل تعداد کا صرف پچاس فی صد بنتا ہے۔
(رپورٹ: ڈاکٹر اشرف علی،ناظم نشر واشاعت حلقہ اسلام آباد)
حلقہ ملاکنڈ کے ذمہ داران کے تنظیمی دورے
19مئی2024ء بروز ہفتہ راقم الحروف نے امیر حلقہ محترم ممتاز بخت کی معیت میں مقامی تنظیم دیر کا دورہ کیا۔ دیر کے سابق امیر سعید اللہ صاحب کی عیادت کی۔
بعد از نمازِ ظہر مقامی تنظیم کے دفتر میں رفقاء سے ملاقات ہوئی۔ اسروں کے اجتماعات کا جائزہ لیا گیا۔ اجتماعات کو بہتر اور ریگولر بنانے کے لیے نقباء حضرات کو خصوصی طور پر ہدایات دے دی گئیں۔ اسی طرح مقامی تنظیم کے اجتماعات میں باقاعدگی لانے کے لیے ذمہ داران کو خصوصی توجہ دلائی گئی۔ سب نے عزم کیا کہ آئندہ نظام العمل کے مطابق اجتماعات منعقد کرنے کی کوشش کریں گے۔
13جون2024ء بروز جمعرات حلقہ معاونین کا ہفتہ وار اجتماع منعقد ہوا۔ اس بار یہ اجتماع حلقہ کے معاون محترم محمد صدیق صاحب کے حجرہ میں طے پایا تھا۔ چنانچہ امیر حلقہ، ناظم بیت المال، معتمد حلقہ اور راقم بعد از نماز عصر مقررہ جگہ پہنچ گئے۔ ایجنڈا کے مطابق حلقہ جاتی ملتزم سہ روزہ اجتماع اور حلقہ سے متعلق دیگر نکات پر مشاورت ہوئی۔
قبل از نماز عشاء راقم نے قریبی مدرسہ(برائے ناظرہ وتجوید) جو کہ اسرہ کبل کے نقیب اور ایک مبتدی رفیق مل کر چلا رہے ہیں ، میں دین کے جامع تصور پر خطاب کیا۔ اس میں مختلف عمر کے تقریباً200 بچوں نے شرکت کی۔
بعد از نماز عشاء امیر حلقہ محترم ممتاز بخت نے قریبی مسجد میں’’فرائض دینی کے جامع تصور‘‘ پر گفتگو کی۔ اس سیشن میں120کے لگ بھگ افراد شریک تھے۔ 
بعد از عشائیہ اسرہ کبل کے نقیب اورایک ملتزم رفیق سے ملاقات ہوئی۔ ان سے تنظیمی امور پر گفتگو کی گئی۔
اگلے دن بعد از نماز فجر راقم نے سورہ بقرہ کی آیات کا درس قرآن دیا۔ 
ناشتہ کے بعد واپسی ہوئی۔(مرتب:محمد نعیم، ناظم تربیت، حلقہ ملاکنڈ)
حلقہ فیصل آباد کے زیر اہتمام ملک گیر حلقہ جاتی ملتزم اجتماع
کل ملتزم رفقاء اجتماع قرآن اکیڈمی فیصل آباد میں مورخہ 31 مئی تا 02 جون 2024 منعقد ہوا ۔ حلقہ کے کل ملتزم رفقاء 116 تھے ۔ جن میں سے 81  رفقاء نے کل وقتی شرکت کی اور 18 رفقاء نے جزوی شرکت کی۔
مقررین میں جناب ڈاکٹر عبدالسمیع نے اقامت دین کی جدوجہد کرنے والی جماعت کی ہیت ترکیبی اور تنظیمی اساس، جناب محمد نعمان اصغر نے اقامت دین کی فرضیت اور اس کے لیے زور دار دعوت ، جناب یاسر سعید نے اقامت دین کی جدو جہد کرنے والوں کے مطلوبہ اوصاف، جناب فیضان حسن جاوید نے اطاعت امر بمقابلہ تنازع فی الامر، جناب عابد مستعان نےبگڑے ہوئے مسلمان معاشرے میں اسلامی انقلاب کے لیے آخری اقدام کا عنوان : نہی عن المنکر اور محافظت حدود اللہ کے ضمن میں طاقت کا مظاہرہ اور چیلنج،جناب فیصل افضل نےنظم جماعت کی پابندی اور اس سے رخصت و معذرت کا معاملہ۔ جناب عدیل اکرم نے اقامت دین کی جدو جہد کرنے والوں کے مطلوبہ اوصاف سورۃ الشوریٰ آیت 36 تا 43 ، جناب پروفیسر محمد ارشد ورکشاپ : انفرادی دعوت جائزہ اور دعوت کا کام نہ کرنے کی وجوہات  اور دعوتی کام کی ضرورت و اہمیت، ۔2۔امیر محترم کی جانب سے رفقاء کے لیے احباب کا ہدف۔ جناب عبداللہ اسماعیل نےتعلق مع اللہ ( ذاتی جائزہ و محاسبہ) ترغیب و ترہیب کے موضوعات پر گفتگو کی۔(رپورٹ: عامر رضا، معتمد حلقہ فیصل آباد)