(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - ادارہ

11 /
اخبارِ اسلام
 
(رواں ہفتے کے دوران مسلم دنیا سے متعلق اہم خبریں)
 
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟    (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
 
 l حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے الجزیرہ کو دئیے گئے ایک بیان میں کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کی شرط یہ ہے کہ اسرائیل کی جارحیت رکے۔
 l سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کا معاملہ ہماری ترجیح اوّل ہے۔ فلسطینی ریاست کا قیام اور مشرقی یروشلم کا بطور دارالحکومت قائم کیا جانا لازمی کام ہیں۔ ان کے بغیر اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم غیر انسانی ہیں ان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
 l   لبنان میں اسرائیلی حملوں کے تناظر میںسلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میںلیبیا کے مستقل مندوب طاہر السنی نے کہا ہے کہ تاریخ اُن ملکوں کو یاد رکھے گی جو غزہ پر اسرائیلی حملے کے جواب میں خاموش نہیں رہے۔ وہ ممالک بھی یاد رکھے جائیں گے جنہوں نے اِس موقع پر چُپ سادھ لی۔اقوامِ عالم دو رخی چھوڑکر اسرائیل کے خلاف اخلاقی، قانونی اور انسانی بنیادوں پر کارروائی کریں تاکہ نسل کُشی کو روکا جا سکے ۔ اجلاس میں امریکہ کے سوا تمام ممالک نے اسرائیلی جارحیت اور جنگی جنون کی مذمت کی۔ روسی اور چینی مندوبین کا کہنا تھا کہ لبنان میں جنگ کا آغاز بڑی جنگ کی طرف لے جائے گا اور اِس کا ذمہ دار صرف اسرائیل ہے۔ روس نے کہا کہ امریکی ڈپلومیسی کا بھید بھی کھل گیا ہے جو اسرائیل کو ڈپلومیسی کی آڑ دے کر دندنانے کی کھلی چھوٹ دے رہا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے نیویارک میں ایک خطاب میں اقوام متحدہ اور عالمی نظام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بن چکا ہے جبکہ اقوام متحدہ ایک ناکارہ ڈھانچے میں تبدیل ہورہا ہے۔
 l اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ایلات شہر میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد خطرے کے سائرن بجنے لگے۔ایک عراقی مزاحمتی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرون حملہ انہوں نے کیا ہے۔ صہیونی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایک ڈرون کو روکنے میں کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ دوسرا ڈرون ایلات میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق اِس حملے میں تین ڈرونز استعمال کیے گئے۔
 l اسرائیلی نیوزپبلی کیشنYedioth Ahronoth کے مطابق، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے فون پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو متنبہ کیا ہے کہ اسرائیل لبنان میں حملوں سے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔نیتن یاہو نے جواب دیا کہ فرانس اسرائیل کی بجائے حزب اللہ پر دباؤ بڑھائے۔
فرینڈز آف فلسطین کی اپیل: دنیا بھر کے مسلمانوں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والوں سے اپیل ہے کہ وہ 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ کے ایک سال مکمل ہونے پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اسرائیلی جارحیت کی مذمت کریں اور اسے روکنے کے لیے دباؤ بڑھائیں۔
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں 
l لبنان 
ہزاروں افراد کی ہجرت: اسرائیل کی جانب سے لبنان کے مختلف شہروں پر جاری خوفناک بمباری اورسینکڑوں افراد کی شہادت کے بعد ہزاروں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں نکل پڑے جس کے سبب دارالحکومت بیروت کی سڑکوں سمیت لبنان کے مختلف ہائی ویز پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھنے کو ملیں ۔
 l بنگلہ دیش
سابق وزیر سیف الزمان کے اثاثے منجمد: مرکزی بینک نے سابق وزیراعظم    شیخ حسینہ کے دور میں وزیر برائے اراضی سیف الزمان چودھری اور اُن کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دئیے ہیں ۔اُن پر الزام ہے کہ اُنہوں نے کرپشن کرتے ہوئے لندن، دبئی اور نیویارک میں لگژری جائیدادوں پر50کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی۔ 
 l بھارت
مسلمانوں کی املاک پر قبضے کی تیاری: مودی سرکار کی جانب سے مسلمانوں کے لیے مختص محدود وسائل کو چھیننے کی سازش سامنے آئی ہے۔ بھارتی قانون کے وقف ایکٹ میں 40 نئی ترامیم کرنے کا اعلان کیاگیا ہے ۔ وقف ایکٹ ایسا قانون ہے جس کے ذریعے صاحب استطاعت مسلمان، زمین اور دیگر اثاثے خیرات کے نام پر وقف کر سکتے ہیں۔ وقف کی سرپرستی مسلم پارلیمان، مسلم ممبران برائے ریاستی بار کونسل اور نامور عالم دین کرتے ہیں۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان قاسم رسول الیاس نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بل مسلمانوں کے وقف کی جائیداد کو ہڑپ کرنے کی کوشش ہے اور بھارتی آئین پر حملہ ہے۔‘‘
دوسری طرف ہندو انتہاپسند تنظیموں نے مسلمانوں کے معاشی اور اقتصادی بائیکاٹ  کے لیے گھر گھر مہم شروع کر دی ہے۔ لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کر کے مسلمانوں کی دکانوں اور ٹھیلوں سے سامان نہ خریدنے کی اپیل کی جارہی ہے ۔
 l ایران
نئے میزائل، ڈرون کی نقاب کشائی: ایک فوجی پریڈ میں نئے بیلسٹک میزائل اور ایک اپ گریڈڈ یکطرفہ حملہ کرنے والے ڈرون کی نقاب کشائی کی گئی ۔ 
سابق صدر کی بیٹی جیل سے رہا: سابق صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی کی 61 سالہ صاحبزادی فائزہ ہاشمی رفسنجانی کو 2 سال بعد جیل سے رہا کر دیا گیا وہ تہران کی ایون جیل میں    2 سال سے قید تھیں ۔اُن پر ملک میں فسادات کو ہوا دینے کا الزام تھا۔
 l سوڈان
فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان جھڑپیں: شمال مغربی ریاست دارفور کے دارالحکومت الفشر میں سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان مسلح جھڑپوں میں تین بچوں سمیت کم از کم  11 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔ اس گنجان آباد شہر میں 10 مئی سے جھڑپیں جاری ہیں۔