(الہدیٰ) آخرت کی کامیابی:توبہ، ایمان اورعمل صالح - ادارہ

9 /

الہدیٰ

آخرت کی کامیابی:توبہ، ایمان اورعمل صالح
 
آیت 67{فَاَمَّا مَنْ تَابَ وَاٰمَنَ وَعَمِلَ صَالِحًا فَعَسٰٓی اَنْ یَّکُوْنَ مِنَ الْمُفْلِحِیْنَ(67)} ’’تو جس نے توبہ کی اور ایمان لایا اور نیک اعمال کیے‘تو امید ہے کہ وہ فلاح پانے والوں میں سے ہو گا۔‘‘
آیت 68{وَرَبُّکَ یَخْلُقُ مَا یَشَآئُ وَیَخْتَارُط} ’’اور آپؐ کا رب پیدا کرتا ہے جو چاہتا ہے اور منتخب کرلیتا ہے (جسے چاہتا ہے)۔‘‘
تمام مخلوق اُسی کی ہے‘اپنی مخلوق میں سے اُس نے جس کو چاہا منتخب کر لیا اور رسول بنا لیا: {اَللہُ یَصْطَفِیْ مِنَ الْمَلٰٓئِکَۃِ رُسُلًا وَّمِنَ النَّاسِ ط} ( الحج:75)’’اللہ چُن لیتا ہے اپنے پیغامبر فرشتوں میں سے اور انسانوں میں سے‘‘ ۔ سورۂ آل عمران میں یہی مضمون اِس طرح آیا ہے: {اِنَّ اللہَ اصْطَفٰٓی اٰدَمَ وَنُوْحًا وَّاٰلَ اِبْرٰہِیْمَ وَاٰلَ عِمْرٰنَ عَلَی الْعٰلَمِیْنَ g} ’’ یقیناً اللہ نے چُن لیا آدمؑ کو اور نوحؑ کو اور آلِ ابراہیم ؑکو اور آلِ عمران کو تمام جہان والوں پر۔‘‘
{مَا کَانَ لَہُمُ الْخِیَرَۃُط سُبْحٰنَ اللہِ وَتَعٰلٰی عَمَّا یُشْرِکُوْنَ(68)} ’’(جبکہ) ان کو کچھ بھی اختیار نہیں۔اللہ پاک ہے اور بہت بلند ہے اس سے جو یہ لوگ شرک کرتے ہیں۔‘‘
اللہ تعالیٰ کی ذات ان لوگوں کے اوہام اور من گھڑت عقائد سے وراء الوراء‘منزّہ اور اَرفع ہے۔
 
درس حدیث 
 
نیک اعمال کا اجر
 
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ؓ  قَالَ : قَالَ رَسُولِ اللّٰهِ ﷺ : (( إِنَّ الْكَافِرَ إِذَا عَمِلَ حَسَنَةً أُطْعِمَ بِهَا طُعْمَةً مِنْ الدُّنْيَا ، وَأَمَّا الْمُؤْمِنُ فَإِنَّ اللهَ يَدَّخِرُ لَهُ حَسَنَاتِهِ فِي الْآخِرَةِ ، وَيُعْقِبُهُ رِزْقًا فِي الدُّنْيَا عَلَى طَاعَتِهِ )) (رواہ مسلم)
حضرت انس بن مالک ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: ’’بیشک جب کافر کوئی بھی نیکی کا عمل کرے تو اسے دنیا کی نعمتیں عطا کردی جاتی ہیں، جبکہ مؤمن کے لیے اس کی نیکیاں آخرت کے لیے بھی ذخیرہ کی جاتی ہیں، اور دنیا میں اطاعت گزاری کی وجہ سے اسے رزق بھی عنایت کیا جاتاہے۔‘‘
تشریح:اس حدیث میں اس بات کی صراحت ہے کہ ایمان، عمل کی قبولیت کے لیے بنیادی شرط ہے۔ کافر اگر دنیا میں اللہ کی خوشنودی کے لیے کوئی عمل کرتا ہے تو دنیا میں اللہ تعالیٰ اُس کو اچھا بدلہ دے دے گا، لیکن آخرت میں اُسے کوئی ثواب نہیں ملے گا۔ جبکہ مسلمان کو نیک عمل پر دنیا میں بھی اَجر ملتا ہے اور آخرت میں بھی اَجر محفوظ رہے گا۔