(خصوصی رپورٹ) اخبار اسلام - ادارہ

10 /

اخبارِ اسلام

(رواں ہفتے کے دوران مسلم دنیا سے متعلق اہم خبریں)

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟    (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
 
0   طوفان الاقصیٰ کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر دنیا بھر میں یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ریلیاں اور تقریبات منعقد کی گئیں۔ امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ نے اپنے ویڈیو پیغام میں غزہ اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ غزہ کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو اپنی سرزمین اور مقدسات کے دفاع میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور امت کی غفلت پرغم و غصّہ کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلم ممالک اپنی  مشترکہ دینی ذمہ داریوں سے چشم پوشی کرتے ہوئے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان بھر میں ہر مکتب فکر اور شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس موقع پر ریلیوں اور تقریبات میں فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔خاص طور پر اس بات پر زور دیا گیا کہ اُن تمام اشیاء کا بائیکاٹ کریں جن کی فروخت سے حاصل ہونے والا منافع فلسطینی مسلمانوں کو شہید کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسرائیل کو انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کُشی کے باعث پوری دنیا میں عوامی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے۔ اقصیٰ کی پکار کانفرنس میں پاکستان کے تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء اور مختلف مذہبی جماعتوں کے سربراہان نے ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر زنجیر کی صورت میں دشمنوں کو اتحاد کا یہ پیغام دے دیا کہ اہلِ فلسطین پر صہیونی ظلم کے خلاف ہم سب ایک ہیں۔ لندن اور نیو یارک سمیت مغربی ممالک کے کئی شہروں میں بھی فلسطینیوں پر اسرائیلی درندگی  کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔
0   ایرانی حملے کے بعد اسرائیل نے اپنے متاثرہ فوجی اڈوں سے میڈیا کو رسائی اور رپورٹنگ پر پابندی لگا دی ہے۔ نقصان کی خبروں اور تجزیوں سے بھی روک دیا گیا۔ 
 
0   حماس کے رہنما باسم نعیم نے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پرحملے کرنے کا ہمارا اقدام فلسطین کے بچاؤ اور دفاع کا اقدام تھا اور ہمارے پاس اِس کے سواکوئی اور آپشن نہیں تھا کہ ہم فلسطینی تنازعے کے اُس نام نہاد سفارتی حل کو ہرگز قبول نہ کریں  جو فلسطین اور فلسطینیوں کی آزادی کو غضب کرنے کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ فلسطینیوں کی ہر نسل اپنی آزادی اور عظمت کے لیے لڑنے کو تیار رہے گی۔ 
 
0   اسرائیل کی طرف سے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کو قتل کی کھلی دھمکیاںدی جا رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں اسرائیل نے غزہ میں فلائرز گرائے ہیں،جن پر لکھا ہوا تھا کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی تقدیر بھی حماس اور حزب اللہ کے سربراہوں جیسی ہوگی۔ غزہ میں پیدا ہونے والے یحییٰ سنوار نے ایک چوتھائی صدی اسرائیل میں عمر قید کی سزا کاٹی ہے۔ ان کو 80 کی دہائی میں اسرائیلی فوجیوں اور مشتبہ فلسطینی مخبروں کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
 
 سعودی عرب
عمرہ کے لیے 4 گھنٹے قبل مکہ میں داخل ہوں :  وزارت حج نے کہا ہے کہ معتمرین عمرہ پرمٹ پر درج وقت مقررہ سے 4 گھنٹے قبل مکہ مکرمہ میں داخل ہوں اگر اندیشہ ہو کہ وقت پر نہیں پہنچ سکتے توپہلا پرمٹ کینسل کراکے نیا بنوا لیں،ڈیجیٹل ایپ سے وقت کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔اس کا مقصد عمرہ مناسک کی ادائیگی میں سہولت ہے۔
موسیقی کی تعلیم کے لیے 9ہزار خواتین ٹیچرز کی تربیت : وزارت ثقافت میں پلاننگ ڈائریکٹر نورالد باغ کا کہنا ہے کہ مملکت میں نظام تعلیم میں بڑی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ پرائمری کلاسوں سے موسیقی کی تعلیم کو نصاب میں شامل کیا جارہا ہے۔اس مقصد کے لیے 9ہزار سے زائد خواتین اساتذہ کی تربیت کی جارہی ہے جو نرسری اور پرائمری کلاسوں میں موسیقی کی تعلیم دیں گی۔
 ترکیہ
اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کی قیمت چکانا ہو گی : صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کی قیمت چکانا ہو گی۔ اسرائیل کے بڑھتے مظالم روکنے کے لیے ماضی میں جس طرح ہٹلر کو روکا گیا تھا اسی طرح نیتن یاہو کو روکنا ہو گا۔ فلسطینیوں کی نسلی کشی کا حساب لینے تک امن قائم نہیں ہو گا۔
 بنگلہ دیش
اصلاحات سے قبل الیکشن نہیں ہوںگے : عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے عام انتخابات کی مدت کے حوالے سے مقررہ وقت دینے سے انکار کرتے ہوئے ملک میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اصلاحات سے قبل الیکشن کرانا غلط فیصلہ ہوگا کیونکہ انہیں ورثے میں مکمل تباہ حال سسٹم ملا ہے جسے مستقبل میں آمریت کی طرف واپسی سے بچانے کے لیے جامع تبدیلی کی ضرورت ہے۔
 ایران
اسرائیل پر حملہ کرنے والے جنرل کواعزاز: مسلح افواج کے کمانڈرانچیف آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ کو ایک خصوصی تقریب میں ایران کا اعلیٰ ترین عسکری اعزاز ’نشانِ فتح‘ سے نوازا ہے۔یہ تمغہ آپریشن ’True Promise‘ کے تحت اسرائیل پر200 سے زائد بیلسٹک میزائل سے حملے کرنے پر دیا گیا ہے۔ 
اسرائیل 
بینک آف اسرائیل اور اسرائیلی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق 7اکتوبر2023ء سے 30 مارچ 2024ء تک اسرائیلی جنگی اخراجات کی کل لاگت 270 بلین شیکلز (73 ارب ڈالر) تک پہنچ چکی تھی۔ غزہ پر بمباری کے لیے اسرائیل اوسطاً 427 ملین ڈالر یومیہ خرچ کر رہا تھا۔ دوسری طرف گزشتہ 12 مہینوں کے دوران اسرائیل کا بجٹ خسارہ 117.3 بلین شیکل(31.7بلئین ڈالر) کی نئی ریکارڈ حد تک پہنچ گیاہے جو ناجائز صہیونی ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ غزہ کی پٹی گولہ بارودبنانے اور فراہم کرنے والوںکے لیے ''ٹیسٹنگ لیبارٹری'' بن چکی ہے۔ 2013 ءاور 2023 ءکے درمیان، اسرائیل کو منتقل کیے گئے کئی سو ارب ڈالر کے بڑے ہتھیاروں میں امریکہ کا حصہ 65.6%، جرمنی 29.7%، اور اٹلی 4.7% تھا، باقی 10%  دیگر ممالک نے سپلائی کیے۔