(خصوصی رپورٹ) اخبار اسلام - ادارہ

11 /

اخبارِ اسلام

(رواں ہفتے کے دوران مسلم دنیا سے متعلق اہم خبریں)

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟    (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
 
0 حماس کے رہنما اسامہ حمدان نےپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قتلِ عام جنگ نہیں بلکہ ایک جنگی جرم ہے۔ یہ ہمارے لوگوں پر صرف ایک کھلی جارحیت ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے۔ آج پوری دنیا پر فرض ہے کہ وہ ان سنگین جرائم کو روکنے اور صہیونی حکومت کے رہنماؤں کو عالمی عدالت میں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کرے۔ ہم عرب اور مسلم ممالک، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئیں اور اپنی سیاسی ، اخلاقی اور انسانی   ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے غزہ میں جاری اس قتل عام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اُنہوں نے علماء کرام اور دانشور حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قوموں کو متحرک کرنے اور اس ظلم کے خلاف جاندار کردار ادا کرنے میں بھرپور حصہ ڈالیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ اسرائیل کا وحشیانہ منصوبہ بالآخر شکست سے دوچار ہو گا۔ جس طرح گزشتہ سال قابض حکومت اور اس کی فوج ہر محاذ پر ناکام ہوئی ہے، اسی طرح شمالی غزہ کے عوام کی ثابت قدمی اور مزاحمت اس منصوبے کو بھی خاک میں ملا دے گی۔ ان شاء اللہ!
0 غزہ میں992ایسے خاندان ہیں جن کا ایک فرد بھی زندہ نہیں بچا۔
0 صہیونی طیاروں کی الاقصیٰ شہداء ہسپتال پر ساتویں بار بمباری کے بعد چار افراد کے شہید اور 70 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔حملے کے نتیجے میں آگ تیزی سے خیموں میں پھیل گئی۔ 
0 حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیلی قابض افواج کے فوجی اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ نے اتوار، 13اکتوبر 2024ء کی شام کو ایک آپریشن کیا، جس میں حیفہ کے جنوب میں واقع بن یمینہ کی گولانی بریگیڈ کے ایک تربیتی کیمپ پر حملہ آور ڈرونز کا ایک دستہ لانچ کیا گیا۔ یہ کارروائی اسرائیل کے لبنان بھر میں قتل عام، خاص طور پر چند روز قبل لبنانی دارالحکومت پر اس کی جارحیت کے جواب میں ہے۔
0 جنوبی افریقہ کے صدر نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر غزہ اور لبنان میں حملے بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ ”ہم غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔ 
0 ہسپانوی وزیر اعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسپین کی طرح اسرائیل کو ہتھیار بھیجنا فوری طور پر معطل کرے، جو غزہ کی پٹی کے ساتھ ساتھ لبنان پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
افغانستان
صوبہ سرپل میںبے گھروں کے لیے مکانات :  افغان حکومت نے کہا ہےکہ صوبہ سرپل میں بے گھر افراد اور دیگر ممالک سے نکالے جانے والے پناہ گزینوں کے لیے 114 مکانات کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے جو موسم سرما سے قبل حق داروں کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔
ترکیہ
نبوت کا دعویٰ کرنے اور مالی فراڈ پر ملعون گرفتار: ریاست کیناکلے میں مصطفیٰ شابوک نامی شخص کو نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرنے اور لوگوں کے ساتھ مالی فراڈ پر حراست میں لے لیا گیا۔
سوڈان
پُرہجوم بازار میں فضائی حملہ: خانہ جنگی کے شکار سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میںحکومت مخالف نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے مرکزی کیمپ کے قریب واقع پُر ہجوم بازار میں بمباری میں 23 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بھارت
ہندو مسلم فسادمیں ایک شخص جاں بحق، 30 گرفتار: ریاست اُتر پردیش کے بہرائچ کے ایک گاؤں میں درگا مورتی وسرجن جلوس کے دوران موسیقی بجانے پر ہندو مسلم فساد نے جنم لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔
ایران
خلا میں بھیجنے کے لئے 2 سیٹلائٹ روس روانہ: مقامی تیار کردہ اعلیٰ ریزولیوشن تصویر کھینچنے کی صلاحیت کے حامل کوثرسیٹلائٹ اور سمارٹ آلات کے لیے مواصلاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار کئے گئےہدہدسیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے کے لیے روس روانہ کر دیا گیا ہے۔
غزہ
حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار بھی شہید : اسرائیلی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی طیاروں نے یمن میں جبکہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ، لبنان اور شام پر فضائی حملے کر کے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کو شہید کر دیا ہے۔ جبکہ حزب اللہ نے 4 فوجی ٹینک اور 5صہیونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ 
برطانیہ
مسجد جلانے کی پوسٹ چلانے والے کو سزا: سائوتھ پورٹ واقعہ کے بعد مسجد جلانے کی پوسٹ کرنے والے 43 سالہ مجرم جیرائنٹ بوائس کودو سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
ناجائز صہیونی ریاست ( اسرائیل )
امن فوج لبنان سے نکل جائے: وزیراعظم نیتن یاہو نےیواین سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کےنام پیغام میںکہا ہےکہ اقوام متحدہ کی فوج کو فوری لبنان کی سرحد سے ہٹایا جائے۔  کئی مرتبہ کی وارننگ کے باوجود امن فوج لبنان کی سرحد سےنہیں گئی۔اسرائیلی حملوں میں اب تک لبنان سرحد پر یواین فورسز کے پانچ اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ حملوں کےباوجود اقوام متحدہ کی امن فوج نے سرحد چھوڑنےسے انکار کر دیا ہے ۔لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی نےنیتن یاہو کے مطالبے پر تنقیدکرتے ہوئے کہاہے کہ بیروت نیتن یاہو کے موقف اور UNIFIL کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔