(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

11 /
امیرتنظیم اسلامی کا دعوتی دورہ حلقہ پنجاب پوٹھوہار
 
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ حلقہ پنجاب پوٹھوہار کے دعوتی دورہ پر 29 ستمبر بروز اتوار صبح نو بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔ وہاں سے نائب ناظم جناب اعلیٰ ڈاکٹر امتیاز احمد کے ہمراہ 11 بجے چکوال تشریف لائے۔ امیر حلقہ اور مقامی رفقاء نے استقبال کیا ۔ساڑھے گیارہ بجے پریس کلب چکوال میں’’ نبی اکرمﷺ کے مقصد بعثت‘‘ کے موضوع پر مفصل خطاب فرمایا۔ خطاب تقریباً ایک بجے تک جاری رہا ۔خطاب کے بعد سامعین نے اُن سے انفرادی طور پر پریس کلب کے دفتر میں ملاقاتیں کیں۔ اس کے   بعد گوجرخان کے لیے روانہ ہو گئے تقریباً ڈھائی بجے دفتر حلقہ گوجرخان پہنچے ۔ طعام کے بعد کچھ دیر آرام فرمایا۔ نماز مغرب سے قبل جامع مسجد العابد میں تشریف لے گئے جہاں بعد نماز مغرب’’ نبی اکرمﷺ سے ہمارا فکری، قلبی اور عملی تعلق‘‘ کے موضوع پر انتہائی اہم خطاب کیا۔ تقریباً ~300 سے زائد شرکاء نے خطاب سنا ۔رات کو دفتر حلقہ میں قیام فرمایا۔ 30 ستمبر بروز سوموارصبح ساڑھے سات بجے میرپور کے لیےروانہ ہوئے ۔تقریباً نو بجے میرپور پہنچنے پر مقامی امیر جناب علی اختر اعوان اور رفقاء نے استقبال کیا۔ میرپور میں انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں صبح نو بجے ’’ سیرت النبیﷺ کی روشنی میں مسلم نوجوان کا کردار‘‘کے موضوع پر طلبہ سے ایک گھنٹہ خطاب فرمایا۔اس کے بعد نمل یونیورسٹی میرپورکے کانفرنس ہال میں طلبہ اور اساتذہ سے’’ سیرت النبیﷺ کی روشنی میں مسلم نوجوان کے کردار‘‘ کے موضوع پر ایک گھنٹہ خطاب فرمایا۔ آخر میں طلبہ کے ساتھ سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ تقریبا ًڈیڑھ بجے یونیورسٹی سے فارغ ہونے کے بعد ظہر کی نماز ادا کی۔تقریباً تین بجے   گوجر خان کے لیے روانگی ہوئی اور ساڑھے چار بجے دفتر پہنچے۔ تقریباً ساڑھے پانچ بجے نائب ناظم اعلیٰ کے ہمراہ ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہو گئے۔اس دورہ میں امیر حلقہ اور   نائب ناظم اعلیٰ ساتھ رہے۔ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور اسے ہمارے لیے توشۂ آخرت بنائےآمین!(رپورٹ: حافظ ندیم مجید، امیر حلقہ پنجاب پوٹھوہار )
 
حلقہ لاہور شرقی کے زیر اہتمام  سہ ماہی تربیتی اجتماع
 
تنظیم اسلامی حلقہ لاہور شرقی کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی اجتماع شب بیداری کی صورت میں 28 ستمبر 2024 بروز ہفتہ بعد از نمازِ مغرب مسجد نور باغ والی میں منعقد ہوا۔ نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد امیر حلقہ جناب نورالوریٰ نے اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام   سے اجتماع کا آغاز فرمایا۔ ماہ ربیع الاوّل کی مناسبت سے اس اجتماع کا مرکزی موضوع سیرت النبی ﷺ تھا۔طے شدہ شیڈول کے مطابق پہلا پروگرام ’’سیرت مصطفیٰ ﷺ کے عملی پہلوؤں‘‘ کے موضوع پر بانیٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد ؒ کا ویڈیو خطاب تھا۔ اس کے بعد نماز عشاء اور عشائیہ کے لیے وقفہ ہوا۔ وقفے کے بعد ’’سیرت صحابہj‘‘کے عنوان سے مقامی تنظیم شمالی لاہور کے معتمد جناب فیصل جاوید نے چار جلیل القدر صحابہ کرام j کے اسلام لانے اور بے مثال قربانیوں کے حوالے سے ایمان افروز واقعات بیان کیے۔ اجتماع کا اگلا پروگرام ’’سنت و بدعت کا فرق اور شرعی حیثیت‘‘تھا۔ مقامی تنظیم صدرکے ملتزم رفیق جناب مولانا خائستہ اکبر نے اِس موضوع پر قرآن و سنت کی دلائل سے مزین سیر حاصل گفتگو فرمائی۔ اس کے بعد حلقہ کے ناظم دعوت جناب شہباز احمد شیخ نے ’’نبی اکرم ﷺ بحیثیت داعی‘‘ کے موضوع پر اثر انگیز خطاب فرمایا۔ ’’تعلیم و تربیت کا نبوی منہج‘‘ کے عنوان سے حلقہ کے ناظم تربیت جناب اقبال کمال نے گفتگو فرمائی اور رفقائے تنظیم کی تربیت کے لیے شعبہ تربیت کی جانب سے تربیتی کورسز میں شرکت کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد مقامی تنظیم فیروز پور روڈ کے ناظم تربیت جناب طیب رسول نے نعت رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ رات 11 بجے آرام کا وقفہ کیا گیا۔ صبح چار بجے تمام رفقاء کو نمازِ تہجد کے لئے جگانے کا اہتمام کیا گیا۔ نمازِ تہجد کی ادائیگی کے بعد ’’احکامِ میت: سنت کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر گڑھی شاہو تنظیم کے امیر جناب عدیل آفریدی نے گفتگو فرمائی۔ نمازِ فجر کے بعد ’’سورۃ القلم کی ابتدائی آیات کی روشنی میں سیرت طیبہ کے چند اہم پہلوؤں‘‘ کے موضوع پر راقم نے درس قرآن کی سعادت حاصل کی۔ امیر حلقہ نے اپنے اختتامی کلمات میں اجتماع کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ۔ انہوں نے مدرسین، ذمہ داران اور تمام شرکاء کا حلقہ لاہور شرقی کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ آخر میں امیرحلقہ نے شرکاء کے سامنے ’’قریبی رشتوں کے شر سے حفاظت‘‘ کے لیے ایک خوبصورت مسنون دعا کا ذکر کیا۔ مذکورہ دعا کو یاد کرنے کی ترغیب دلائی۔ دعائے مسنونہ اور نماز اشراق پر اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔  (رپورٹ: نعیم اختر عدنان، ناظم نشر و اشاعت حلقہ لاہور شرقی)