اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
l 25 تا 28 اکتوبر 2024ء کے دوران تنظیمِ اسلامی کے زیر اہتمام ملک بھر میں مسجد ِاقصیٰ کی حرمت، فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کی مذمت میں پُرامن مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
l اسرائیل کے تازہ حملے: غزہ میں 143 اور لبنان میں 77 شہید۔
l مجاہدین نے الخیام کے قریب الیعقوبہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو راکٹ حملے سے نشانہ بنایا ہے۔واضح رہے کہ صرف اکتوبر کے مہینے میں لبنان اور غزہ میں 62 صہیونی فوجی جہنم واصل ہوئے۔
l غزہ میں زیتون اسکول پر قابض صہیونی فورسز کی بمباری، 21 افراد شہید اور درجنوں زخمی۔
l قابض صہیونی فورسز کی جانب سے فلسطینی بچوں کا قتل عام جاری ہے۔ النصيرات میں ایک اسکول جو بے گھر مہاجرین کو پناہ دے رہا تھاکو قابض فورسز کی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا گیا، جس میں 16 معصوم بچے شہید ہوگئے۔
l اسرائیل نے مذاکرات کے حوالے سے جو شرائط پیش کی ہیں، ان میں واضح طور پر نہ تو جنگ بندی شامل ہے اور نہ ہی غزہ سے فوجیوں کا انخلا۔ تاہم، ثالثوں نے حماس کو ایک ماہ کی جنگ بندی کے بدلے کم از کم 8 مغویوں کی رہائی کی تجویز دی ہے۔ اس معاہدے میں قطر اور امریکہ نے مستقبل میں ممکنہ فوجی انخلا کو ایک بڑی ڈیل کا حصہ بنانے کا بھی اشارہ دیا ہے ۔
l اسرائیلی انجینئرنگ کور کے سپاہی روتم بائن نے غزہ میں جارحیت کے دوران اپنے D9 بلڈوزر کے ذریعے فلسطینی علاقوں اور مقدس مقامات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، جس کا مقصد فلسطینیوں کے گھروں اور تاریخ کو مٹانا تھامگر القسام کے مجاہدین نے اس کے ارادوں کو ناکام بنا دیا۔
l حماس کے سیاسی بیورو کے رکن ڈاکٹر باسم نعیم کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی جانب سے شمالی غزہ کی پٹی میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مغربی ممالک بالخصوص امریکی انتظامیہ کی ملی بھگت کے ساتھ جن جرائم کا ارتکاب کیا گیا ہے،اُن کا بدلہ ہر حال میں لیا جائے گا۔گزشتہ چند دنوں کے دوران خاص طور پر میڈیکل اور سول ڈیفنس کی ٹیموں پر حملے، کچھ کی گرفتاری اور دیگر کا قتل، اور کمال عدوان ہسپتال کی تباہی، بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کُھلم کُھلا جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ فلسطینیوں کی نسل کُشی اور انسانیت کے خلاف جرائم میں اُسے امریکہ سمیت اکثر مغربی ممالک کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔غزہ کے عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 کے تحت اس جارحیت کو روکنے، قابض افواج کے انخلاء، محاصرہ ختم کرنے اور فلسطینیوں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ آزاد فلسطین کا دارالحکومت یروشلم ہوگا۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l لبنان
نعیم قاسم حزب اللہ کے نئے سربراہ: لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کے جاں بحق ہونے کے ایک ماہ بعد قائم مقام سربراہ نعیم قاسم کوباقاعدہ سربراہ منتخب کرلیا ہے۔ نعیم قاسم طویل عرصے تک حسن نصر اللہ کے نائب رہے ہیں اور حزب اللہ شوریٰ کمیٹی کےمسلسل 3مرتبہ رکن رہ چکےہیں۔
l افغانستان
جانداروں کی تصاویر پر پابندی: افغانستان کی وزارت اخلاق نے جانداروں کی تصاویر لینے اور شائع کرنے پر پابندی لگا دی ہے ۔ سیکولر، لبرل صحافیوں نے خلاف ورزی کی صورت میں کریک ڈاؤن کے امکان پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
l سعودی عرب
ٹائو میزائل خریدنے میں کامیاب: امریکی وزارت دفاع پینٹاگان نے سعودی عرب کوٹاؤ میزائل فروخت کرنے کی ممکنہ ڈیل کی منظوری دے دی ہے۔ امریکہ کا خیال ہے کہ مجوزہ پیکج حال اور مستقبل میں خطرات کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے سعودی عرب کی صلاحیت مضبوط بنائے گا ۔
l بنگلہ دیش
حسینہ واجد کی چھاتر لیگ پر پابندی: بنگلہ دیشی حکومت نے حسینہ واجد کی جماعت کے طلبہ ونگ چھاتر لیگ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اُس پر پابندی لگا دی ہے۔چھاتر لیگ کے لوگوں پریونیورسٹی کیمپس میں طلبہ مظاہرین پر حملے کرنے کا الزام بھی ہے۔
l بھارت
مسلمانوں کے گھروں، دکانوں، مسجدوںپر بموں سے حملے: ریاست اتر پردیش کے علاقے مہاراج گنج میں ہندو انتہا پسند ہجوم نے مسلمانوں کے گھروں، عبادت گاہوں اور دکانوں پر دھاوا بول دیا۔ ہجوم نے مسلم گھروں پر پٹرول بم پھینکے، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی اور پیسے چوری کیے، لوگوں نے کھیتوں میں چھپ کر اپنی جان بچانے کی کوشش کی مگر شدت پسندوں نے کھیتوں میں بھی عورتوں اور بچوں کا پیچھا کیا۔ ہندو شدت پسندوں نے درجنوں گھروں کو جلا کر مکمل طور پر خاکستر کر دیا۔
l ایران
ہاشم صفی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق : حزب اللہ نے ہاشم صفی الدین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین کی بھی ٹارگٹ کلنگ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں تین ہفتے پہلے بیروت پر حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
l برطانیہ
مانچسٹر کی مسجدِ بلال کو مشکوک خط موصول : مانچسٹر کے علاقے پرسیٹوچ میں واقع مسجد ِبلال کو مشکوک خط موصول ہوا ہے۔احتیاطی تدابیر کے طور پر مسجد کو بند کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں مسجد جلانے کی دھمکی آمیز پوسٹ پر 43 سالہ شخص کو مذہبی منافرت پھیلانے کی دفعات کے تحت 2 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
l ناجائز صہیونی ریاست (اسرائیل)
ممکنہ حملوںکےپیش نظر اسرائیلی کابینہ کازیر زمین اجلاس : کابینہ کا اجلاس سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرمتبادل مقام پر منتقل کر دیا گیا، آئندہ حکومتی اجلاس وزیر اعظم کے دفتر، یروشلم یا تل ابیب یا ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں منعقد نہیں ہوں گے بلکہ محفوظ زیر زمین مقام پرہوں گے، جہاں صرف وزراء کو شرکت کی اجازت ہوگی اور مشیروں کو شرکت سے روکا گیا ہے۔