(خصوصی رپورٹ) اخبار اسلام - ادارہ

11 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

 

l لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے قابض اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر    نئی کارروائیاں کی ہیں جس میں ڈرون اور راکٹ حملے شامل ہیں۔ شمالی مقبوضہ فلسطین کی فضاؤں میں لبنانی ڈرونز کی موجودگی نے سکیورٹی اداروں کو ایک نئے چیلنج سے دوچار کر دیا۔ حساس علاقوں جیسے وادی عارہ، ایلیاکیم، اور بنیامینا میں خطرے کی گھنٹیاں بجتی رہیں اور کئی جگہوں پر اُن ڈرونز کا تعاقب ہوتا رہا۔
l جبالیا کے مغرب میں الصفطاوی چوراہے کے قریب مجاہدین نے ایک صہیونی فوجی گاڑی کوالیاسین 105 میزائل سے نشانہ بنایا ۔
l   کتائب القسام نے جبالیہ کے مغربی علاقے میں قابض صہیونی افواج کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے مناظر نشر کیے ہیں۔ ان مناظر میں مجاہدین کی بے مثال جرـأت اور مزاحمت کے ایمان افروز مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، جس میں وہ ایک پیچیدہ حملے کے دوران دشمن کو گھیرے میں لیتے ہیں۔ یہ واقعہ شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ کے مغربی حصے میں پیش آیا۔
l 7 اکتوبر 2023 ءسے اب تک اسرائیلی فوج کے 5282 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے کئی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہنم واصل ہوگئے۔ 
l اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں صحافی برادری نے قومی صحافی کانفرنس برائے اظہارِ یکجہتی فلسطین و لبنان کا اہتمام کیا، جس میں سینئر صحافیوں، کالم نگاروں، تجزیہ کاروں اوراینکرز نے اظہارِ خیال کیا۔کانفرنس سے حامد میر، سجاد اظہر، افتخار شیرازی، شکیل قرار، علی رضا علوی، ڈاکٹر سجاد بخاری، پروفیسر شوذب عسکری، سکھ اینکرپرسن ہرمیت سنگھ اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنی گفتگو میںکہا کہ پاکستان کے الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافی فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اقوامِ متحدہ، اوآئی سی، عرب لیگ اور یورپی یونین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر غزہ اور لبنان میں اسرائیلی درندگی کو بند کروایا جائے۔ اقوامِ عالم غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ کانفرنس کے اختتام میں شہدائے غزہ و لبنان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ 
l غزہ کا ایک معصوم بچہ روزانہ اپنی ماں کی قبر پر جاتا ہے، اس پر لیٹ کر کہتا ہے؛ماں، میں تمہارے ساتھ سونا چاہتا ہوں۔ یہ منظر صہیونیوں کی انسانیت سوز درندگی کا ایک مظہر ہے۔ 
l غزہ میں جاری ظلم و ستم کی شدت ایسی ہے کہ نہ ہسپتال میسر ہیں، نہ ایمبولینس، اور     نہ ہی گاڑیوں کے لیے ایندھن۔ قبرستان بھر چکے ہیں، اور شہداء کو دفنانے کے لیے قریبی زمینوںمیں اجتماعی قبریں بنائی جا رہی ہیں، کفن کی جگہ پلاسٹک کے تھیلے استعمال ہو رہے ہیں اور ہاتھوں سے کھدائی کر کے شہداء کو سپردِ خاک کیا جا رہا ہے۔ 
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں 
 l انڈونیشیا 
آتش فشاں پھٹنے سے 10افراد جاں بحق: مشرقی انڈونیشیا میں فلورز کے مشہور سیاحتی جزیرے پر واقع 1703  بلند جڑواں آتش فشاں ماؤنٹ لیوتوبی لاکی کے پھٹنے سے اردگرد کے دیہات آگ کے گولوں اور راکھ کی زد میں آ گئے جس سے 10افراد  جاں بحق ہو گئے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق آتش فشانی سے10295 افراد متاثرہوئے ہیں۔ گھروں میں آگ لگ گئی اور پگھلی ہوئی چٹانیں گرنے کی وجہ سے زمین میں سوراخ ہو گئے ۔
 l ملائشیا
سابق وزیرِ اعظم مہاتیر محمدہسپتال سے ڈسچارج: مہاتیر محمد کے آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق اُنہیں تقریباً 2 ہفتے ہسپتال میں ڈاکٹرز کی نگرانی میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔99 سالہ سابق وزیراعظم مہاتیر محمد جو سانس کی نالی میں انفیکشن کے باعث ہسپتال میں داخل تھے، صحت بحال ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر چلے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ مہاتیر محمد نے ملائیشیا پر دو دہائیوں سے زائد عرصے تک حکومت کی ہے۔
 l امریکہ
مسلمانوں نے کثیر تعداد میں ٹرمپ کو ووٹ دیا: تجزیہ نگاروں کے مطابق حالیہ امریکی صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کی ایک وجہ مسلمان ووٹروں کا کثیر تعداد میں ریپبلکن امیدواروں کو ووٹ دینا ہے۔
نیویارک میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ: فلسطینیوں کے حامی امریکیوں نے یونین سکوائر نیویارک میں مظاہرہ اور نیویارک لائبریری کی جانب مارچ کیا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ امریکہ اسرائیل کی امداد بند کرے اور ہتھیاروں کی فراہمی روکے۔
 l بنگلہ دیش
توانائی منصوبوں کے لیے ٹیکس چھوٹ کا اعلان: نگران حکومت نے ملک کے توانائی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں پر 10سال کے لیے ٹیکس لاگو نہیں ہوں گے۔ نگران حکومت کے اس اہم اعلان کے بعد بنگلہ دیش میں بجلی پیدا کرنے کے ایشوز اور توانائی کے آسان حصول میں بہتری کا امکان پیدا ہوگا اور ملکی صنعتوں کو کم لاگت کے ماحول میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔
 l ناجائز صہیونی ریاست (اسرائیل)
وزیر دفاع برطرف : نیتن یاہو نے غزہ اور لبنان میں جنگ کے دوران اپنے قریبی ساتھی اور وزیر دفاع یو آوف گولانٹ کو عہدے سے فارغ کردیا۔نیتن یاہوکا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز میں گولانٹ بہترکام کررہے تھے، مگربعد میں یہ جنگی معاملات پر اختلاف رکھنے لگے۔ ان اختلافات کو ختم کرنے کی متعدد کوششیں کیں، لیکن خلیج بڑھتی چلی گئی۔
لبنان سے جنگ بندی پر تیار: ذرائع کے مطابق لبنان میں اسرائیل کو ہونے والے غیر معمولی جانی نقصان کے بعد تل ابیب جنگ بندی کے لیے تیار ہوگیا ہے۔ جنگ بندی کے بعداسرائیل اپنی فوج لبنان سے واپس بلا لے گا اوراس کے ساتھ ہی لبنانی فوج کی تعیناتی بھی شروع ہو جائے گی۔ جنگ بندی کے معاہدے کی نگرانی لبنانی فوج کرے گی۔