(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

10 /
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخs کا سالانہ دعوتی دورہ ڈیرہ اسماعیل خان
 
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ s اپنے سالانہ دعوتی دورہ کے سلسلے   میں  ڈیرہ اسماعیل خان تشریف لائے۔اس موقع پر ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی جناب ڈاکٹر  سید عطاء الرحمٰن عارف اور نائب ناظم اعلیٰ شرقی پاکستان جناب پرویز اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔امیر مقامی تنظیم ڈیرہ اسماعیل خان جناب محمد اعجاز خان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔مہمانانِ گرامی دوپہر 02:30بجےمسجد جامع القرآن ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے جہاں امیر حلقہ اور دیگر رفقاء کے ہمراہ نمازِ ظہر ادا کی اورکچھ دیر آرام فرمایا۔ نمازِ مغرب سے قبل مقامی امیر کے ہمراہ جامع مسجد اسلامیہ سکول تشریف لائے۔ جہاں ’’ختم نبوت اور اس کے عملی تقاضے‘‘کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ اس اجتماع میں شرکاء کی تعداد تقریباً 250 تھی۔بھکر کے رفقاء و احباب نے خصوصی طور پر شرکت کا اہتمام فرمایا۔ عشائیہ کے بعد امیر محترم نےجناب عمرعبدالرحیم کے رشتہ داروں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو فرمائی۔امیر محترم، ناظم اعلیٰ اور نائب ناظم اعلیٰ کا رات کا قیام جناب عمر عبد الرحیم کی رہائش گاہ پر تھا۔ ناشتے کے بعد امیر محترمs  اور دیگر ذمہ داران ضلع لکی مروت یونیورسٹی کے لیے روانہ ہوگئے۔
(رپورٹ: سعید اللہ شاہ) 
 
حلقہ کراچی وسطی کے رفقاء کی اسرائیلی مصنوعات کے خلاف بائیکاٹ مہم
 
 
راشد منہاس جوہر2 تنظیم کے تحت اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات کے بائیکاٹ مہم کے حوالے سے خطوط پہنچانے کے دورے میں چار بڑے سپر سٹورز سے بات کی گئی جن کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔
1. پی زی سپر سٹور :سٹور کے مین سپروائزرسے ملاقات ہوئی اور ان کو اس بات کی  درخواست کی کہ آپ اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات کو اپنے سٹورز سے مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کریں ۔جس پر ان کا جواب یہ تھا کہ ہم اپنے مالک تک یہ خط پہنچا دیتے ہیں اور آپ کو اس حوالے سےآگاہ بھی کر دیں گے۔
2. ایسٹرن سپر سٹور اینڈ میڈیکوز:اس سٹور کے مین سپروائزر سے بات ہوئی اور    اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات کے حوالے سے آگاہ کیا کہ اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے ہم وہاں جا کر جنگ تو نہیں لڑ پا رہے نہ ہی ہمارے حکمران یہ کام کرنے کو تیار ہیں۔ فی الوقت تو ہمیں کم از کم مصنوعات کو اپنی دکانوں اور اپنی روز مرہ کی استعمال کی چیزوں میں ختم کرنا چاہیے۔ان کا جواب تھا کہ وہ اپنے سٹور کے مالک کو ہماری بات مکمل طور پر پہنچائیں گے اور کوشش کریں گے کہ مالک اس پر آمادہ ہو جائیں ۔
3. شیخ پپو سپر سٹور: اس سٹور کے مالک سے تفصیلی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا تقریباً 60 فیصد لوگ ایسے ہیں جو اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات  نہیں لے رہے ہیں ہم ان پروڈکٹس کی تعداد کم کر چکے ہیں اور اس کے علاوہ مزید ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میں اپنے اسٹور پر لکھ کر لگاؤں گا کہ یہاں اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات نہیں بیچی جاتیں۔
4. چیز ویلیو:چیز ویلیو کے سپر اسٹور کےمنیجر سے ملاقات ہوئی، انہوں نے بتایا کہ ہم اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات کو ختم کر کے نئی اور لوکل مصنوعات لانچ کر رہے ہیں اور لوگوں کوتلقین بھی کررہے ہیں کہ پاکستانی مصنوعات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔ اس کار خیر میں ذیشان احمد بھائی، فضل عباسی بھائی اور ٰطہٰ یامین بھائی شامل تھے۔
     (رپورٹ:رفیق تنظیم)
 امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ حفظ اللہ کا سالانہ دعوتی دورہ حلقہ سرگودھا
 
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ s  ،جناب پرویز اقبال نائب ناظم اعلیٰ شرقی زون کے ہمراہ حلقہ سرگودھا کے سالانہ دعوتی دورے پر تشریف لائے۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے امیر ِ حلقہ نے جناب عثمان اکرم گل نقیب منفرد اسرہ 90 جنوبی اور مقامی امراء و معاونین کے ساتھ امیر محترمsکو چک 90 جنوبی میں خوش آمدید کہا۔ناشتے سے فراغت کے بعد صبح 9:30 تا 11:00  بجے تک النور ہائی سکول آف سائنس90 جنوبی میں ’’ تربیت اولاد … والدین کی اہم ترین ذمہ داری‘‘کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ انہوں نے جنتی  اور جہنمی گھرانوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اولاد کی تربیت اُن کے دُنیا میں آنے سے قبل ہی والدین کے اعمال سے شروع ہوجاتی ہے۔ والدین ہر موقع پر مسنون دُعاؤں کا اہتمام کریں تو اس کا اثر اولاد پر پڑتا ہے اور اگر اعمال بد میں مشغول رہے تو اس کا بھی اولاد پر اثر ہو گا۔اس لیے مختلف مواقع کی مسنون دُعاؤں کا اہتما م کرنا چاہیے۔پروگرام میں 500 کے قریب خواتین اور 300 کے قریب مرد حضرات نے شرکت کی۔
دوپہر 12:00 بجے نائب ناظم اعلیٰ ،امیر حلقہ ، نائب امیر حلقہ اور مقامی امراء کے ہمراہ سرگودھا کی معروف دینی درس گاہ جامعہ مفتاح العلوم تشریف لے گئے جہاں جامعہ کی انتظامیہ نے خوش آمدید کہا۔ امیر محترم نے اپنا اور تنظیم کا تعارف پیش کیا اور تنظیم کی طرف سے آگاہی منکرات اور دیگر کاوشوں جیسے تمام مکاتب فکر کے علماء کا ایک ہی ترجمہ قرآن پر اتفاق کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا ذکر فرمایا۔ اسی دوران جامعہ کے رئیس جناب مفتی طاہر مسعود بھی تشریف لے آئے۔ انہوں نے بھی گفتگو سماعت فرمائی اور امیر محترم سے تنظیم اسلامی کے اصل ہدف اور اس کی کس حد تک تکمیل ہوئی ہےکے بارے میں سوال کیا۔ جس پر امیر محترم نےافغانستان میں ملا عمر ؒسے تنظیم کے وفد کی ملاقات کا احوال بیان کیا جس میں ملا عمر ؒ کی نصیحت تھی کہ پاکستان میں رہ کر علماءکرام سے ملاقاتیں کی جائیں ۔
دوپہر1 :15پر نماز ظہر مسجد جامع القرآن میں ادا فرمائی۔ نماز اور ظہرانے کے بعد کچھ دیر قیلولہ فرمایا۔اسی دوران ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی جناب ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن عارف   بھی مسجد جامع القرآن سرگودھا پہنچ گئے۔ اس کے بعد مسجد ہی میں انجمن خدام القرآن سرگودھا کے نئے صدر جناب احمد حیات اور اُن کے معاونین سے ملاقات فرمائی۔
سہ پہر 4:00 بجے جوہر آباد کے لیے روانگی ہوئی۔ راستے میں نماز عصر ادا کی اور مغرب سے پہلے رفاہ کالج جوہر آباد پہنچ گئے،جناب خالد وسیم نقیب منفرد اسرہ جوہرآباد نے رفقاء کے ہمراہ امیر محترم ،ناظم اعلیٰ اور نائب ناظم اعلیٰ صاحبان کو خوش آمدید کہا۔ نماز مغرب باجماعت رفاہ کالج کے لان میں اداکی گئی۔ کالج کے لان میں ہی عوامی خطاب کا اہتمام تھا۔ لہٰذا نماز کے فوراً بعد امیر محترم نے ’’موجودہ مسائل اور ان کے حل کا لائحہ عمل ‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ پروگرام میں خواتین کی باپردہ شرکت کا بھی اہتمام تھا جن کی تعداد 200 کے قریب تھی جبکہ مرد 500 کے قریب تھے۔ خطاب میں امیر محترم نے عوام الناس کو درپیش مسائل کا تذکرہ فرماتے ہوئے عالمی طاقتوں کی سازشوں کو بے نقاب کیا اور ان سے بچنے کا حل صرف دین کی طرف لوٹنا بتایااور اس کے لیے نظام کی تبدیلی کا طریقہ کار بتایا۔اجتماعی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ نمازِ عشاء کے بعد رات کا قیام رفاہ کالج میں کیا گیا۔حلقہ کے ناظم مالیات جناب ثاقب قریشی جورفاہ کالج چلا رہے ہیں نے پروگرام کے انعقاد میں بھر پور تعاون کیا۔اگلے دن اتوار کی صبح بعد نمازِ فجر میانوالی کے لیے روانگی ہوئی۔ صبح 8:00 میانوالی پہنچے جہاں جناب نور خان نے معاونین کے ہمراہ معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کچھ دیر آرام کے بعدصبح 9:30 بجے امیر محترم فہد پلازہ تشریف لے گئے جہاں مقامی امیر جناب نور خان نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو امیر محترم سے ملاقات کے لیے دعوت دی ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں 60 کے قریب علماء کرام تشریف لائے۔ امیر محترم نے گفتگو فرماتے ہوئے اپنا اور تنظیم کا تعارف پیش کیا اور تنظیم کی طرف سے آگاہی منکرات ( حرمت سود ، ٹرانس جینڈر ایکٹ کے خلاف) اور دیگر کاوشوں جیسے تمام مکاتب فکر کے علماء کا ایک ہی ترجمہ قرآن پر اتفاق کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا۔ بعد ازاں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی ۔
صبح10:30 بجے فہد پلازہ کے لان میں عوامی خطاب کا انتظام تھا۔ امیر محترم نے    ’’ پاکستان کے موجودہ مسائل کا حل سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ‘‘کے موضوع پر خطاب کیا اور حل کے طور پر بتایا کہ ہم اللہ کے حضور اجتماعی توبہ کریں اور اپنے ملک پاکستان میں اللہ اور رسول ﷺ کے احکامات کی روشنی میں دین کا نظام قائم کریں ۔اس پروگرام میں شرکاء کی تعداد 500 کے لگ بھگ تھی،اجتماعی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس موقعہ پر حلقہ کی طرف سے مکتبہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔
       (رپورٹ: ہارون شہزاد ،ناظم نشرواشاعت حلقہ سرگودھا ) 
حلقہ ملتان کے رفقاء کا دعوتی دورہ تونسہ شریف
ملتان شہر کے8 رفقاء مقامی امیر جناب محمد رمضان قادری کی قیادت میں نماز ظہر کے بعدتونسہ کے لیےروانہ ہوئے۔ اسرہ تونسہ کے نقیب جناب رضا محمد گجر نے اپنی رہائش گاہ پر رفقاء کا استقبال کیا ۔ نماز مغرب جامع مسجد الحمد میں اداکی۔ نماز کے بعد راقم الحروف کا سورۃ الحج کے آخری رکوع کی روشی میں’’ فریضہ شہادت علی الناس‘‘ کے موضوع پر درس قرآن ہوا ۔ 45 منٹ کے درس میں عباد ت کا وسیع تصور سامعین کے سامنے پیش کیا گیا اور دین کی دعوت و تبلیغ کی ذمہ داری کا احساس اجاگر کیا گیا ۔ جہاد فی سبیل اللہ کا وسیع تر تصور بیان ہوا ۔ معبودانِ باطل کی بے بسی بیان ہوئی اور جھوٹے خدائوں کی نفی کی گئی۔ درس میں تقریبا 50  نمازیوں نے شرکت کی ۔ بعد نماز عشاء جامع مسجد کٹانے والی میں رفیق جناب راشد سلیم نے سورۃ التغابن کے آخری رکوع کی آخری تین آیات کا درس دیا ۔ جس میں تقویٰ کی اہمیت اور اس کے نتائج اور انفاق فی سبیل اللہ کی ترغیب دی گئی اور اُخروی زندگی کے انجام کی طرف توجہ دلائی گئی۔ رات کا قیام مرکز تنظیم اسلامی تونسہ شریف میں کیا۔ اگلے روز کو رفقاء نے رات کے آخری پہر اٹھ کر نماز تہجد ادا کی ۔ نماز فجر کے بعد ملتزم رفیق جناب عامر نوید نے درس حدیث دیا، جس میں شہادت کے رتبے اور اعمال صالح کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ تونسہ کے رفیق جناب محمد اشرف نے بعد نماز فجر مسجد جماعت اسلامی میں        ’’حسن معاشرت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر درس حدیث دیا ۔ نماز فجر کے بعد دو مساجد میں درس حدیث ہوا۔ ناشتہ کے بعد رفقاء نے تونسہ شہر جاکر500 کی تعداد میں ہینڈ بلز بعنوان ’’غزہ کی پکار … مسلمانان پاکستان کے نام‘‘تقسیم کیے ۔ ہینڈ بلز کی تقسیم کے بعد دوبارہ مرکز تنظیم اسلامی تونسہ میں واپسی ہوئی۔جناب رجب علی نےصبح 45: 10  خصوصی خطاب کیا ۔ انہوں نے سورۃ آل عمران کی آیات 102 تا 104  کی روشنی میں ’’امت مسلمہ کے لیے قرآن مجید کا سہ نکاتی لائحہ عمل‘‘ کے موضوع پر ایک گھنٹہ گفتگو کی۔ خطاب میں تقویٰ کی اہمیت بیان ہوئی اور اللہ کی رسی قرآن مجید کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت اور اہمیت کی طرف توجہ دلائی گئی اور مل جل کر امر باالمعروف ونہی عن المنکر کے فریضہ کی ادائیگی کا احساس دلایا گیا  کہ اس خطاب میں تقریباً 45  رفقاء و احباب نے شرکت کی ۔ اس کے بعد اسرہ تونسہ شریف کے رفقاء کے ساتھ ایک تعارفی نشست کا اہتمام تھا ۔امیر تنظیم اسلامی ملتان شہر جناب محمد رمضان قادری نے رفقاء کو توجہ دلائی کہ ہم نے جو بیعت کی ہے اس کے کیا تقاضے ہیں اور ہمیں ان کو کیسے ادا کرنا ہے۔ اس کے بعد رفیق تنظیم ملتان شہر جناب راشد سلیم نے مبتدی بیعت فارم کا مطالعہ کروایا ۔ دوپہر 1:00 بجے نماز ظہر ادا کی گئی ۔ اس کے بعد رفقاء کا یہ قافلہ واپس ملتان شہر کی طرف عازم سفر ہوا ۔    (مرتب: شوکت حسین انصاری)
حلقہ پنجاب جنوبی کے زیر اہتمام فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ
 
حماس کی طرف سے پوری دنیا میں غزہ میں جاری نسل کشی کو رکوانے کے لیے مظاہروں کی کال دی گئی تھی ۔ اسی سلسلے میں امیر تنظیم سلامی جناب شجاع الدین شیخ نے  ہدایت دی کہ پُر امن مظاہرےکیے جائیں ۔ حلقہ پنجاب جنوبی کے تحت4 :00بجے سہ پہر   مظاہرے کا اہتمام کیا گیا ۔ ملتان شہر کی تمام تناظیم کے رفقاء اور کچھ بیرون ملتان رفقاء    4 بجے قرآن اکیڈمی ملتان میں جمع ہوگئے۔ نماز عصر کے بعد جناب عمر کلیم خان کی قیادت میں قرآن اکیڈمی سے چوک چونگی نمبر9 کی طرف ایک ریلی کی صورت میں روانہ ہوئے ۔ انہوں نے تمام رفقاء کو ہدایت کی کہ زبان پر درود شریف و استغفار کاوردجاری رکھیں اور اپنی نگاہوں کی حفاظت کریں اور دل ہی دل میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیں بھی کرتے جائیں۔ رفقاء چوک چونگی نمبر9  پہنچ کر ایک ترتیب سے سڑک کے کناروں پر بینرز اور جھنڈے لے کر خاموش کھڑے رہے ۔ اس دوران چند رفقاء نے ہینڈ بلز تقسیم کیے ۔  ناظم مظاہر ہ جناب عمر کلیم خان رفقاء کو وقتاًفوقتا ًہدایات دیتے رہے۔ پریس نے مظاہرے کی کوریج کی۔ نماز مغرب سے 20 منٹ قبل مظاہرے کا اختتام کیا گیا ۔ اس مظاہرے میں تقریبا 80 رفقاء نے شرکت کی۔آخر میں جناب محمد عرفان بٹ نے اختتامی خطاب اور دعا کروائی ۔    ( مرتب: محمد عبداللہ قادری ، ناظم نشرو اشاعت حلقہ پنجاب جنوبی )