(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

12 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

 

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک مجموعی طور پر 48458 شہید اور111897 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کے اسپتالوں میں نئے شہداء اور زخمی لائے جارہے ہیں جبکہ ابھی بھی کئی فلسطینی شہدا ءکی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، جن تک ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں پہنچ نہیںپا رہی ہیں۔
l غزہ کی وزارت اوقاف کے مطابق غزہ کی کل 1244 مساجد میں سے 1109 شہید ہو چکی ہیں۔ یہ کل مساجد کا 89 فیصد ہیں۔ اِن میں 834 مساجد مکمل طور پر اسرائیل کی فوج نے بمباری سے تباہ کی ہیں۔ جبکہ 275 مکمل تباہ تو نہیں ہوئیں مگر انہیں سخت نقصان ہوا ہے۔فلسطینی مسلمان اذانوں کی آواز سننے سے بھی محروم ہیں ۔
l تحریک مزاحمت کی قیادت کونسل کے سربراہ محمد درویش کی سربراہی میں ایک وفد نے مصری جنرل انٹیلی جنس سروس کے سربراہ میجر جنرل حسن رشاد سے ملاقات میں  جنگ بندی معاہدہ پر عمل درآمد اور قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کی، جب کہ جماعت نے غزہ میں عارضی جنگ بندی قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئےعارضی جنگ بندی کے امریکی اور صہیونی منصوبے کو مسترد کردیا ہے۔
l تحریک مزاحمت کے ترجمان حازم قاسم نے بتایا ہے کہ قابض اسرائیل نے اکتوبر 2023ء میں غزہ پر مسلط کی گئی جارحیت کے آغاز سے ہی غزہ کی پٹی کی بجلی منقطع کررکھی ہے۔یہ طرزِ عمل بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔
l اسرائیلی جیل انتظامیہ قیدیوں کو سحری کے وقت کھانے کی فراہمی سے مکمل طور پر محروم رکھ رہی ہے۔ قیدیوں کو صبح تقریباً دس بجے ناقص اور غیر معیاری ناشتہ دیا جاتا ہے، جسے وہ اگلی سحری کے لیے بچانے پر مجبور ہوتے ہیںجو تب تک مزید خراب ہو چکا ہوتا ہے، جس سے اِن کی مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہےجو قیدیوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
l تحریک مزاحمت کے ترجمان عبداللطیف القانوع کاکہنا ہے کہ جاری مذاکرات کا محور جنگ کے خاتمے، اسرائیلی انخلا اور غزہ کی تعمیر نو ہے۔ تنظیم نے ثالثوں، بشمول مصری اور قطری وفود اور ٹرمپ کے نمائندے، کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں    مثبت رویہ اختیار کیا ہے اور اب مذاکرات کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ قابض اسرائیلی حکومت کو معاہدے کی پاسداری پر مجبور کیا جا سکے اور اگلے مرحلے کی طرف بڑھا جا سکے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں 
 
l سعودی عرب:حج اور عمرہ زائرین کے لئےمزید سہولتیں : ادارۂ امورِ حرمین کی جانب سے جاری ہوئےبیان میں کہا گیا ہے کہ فرض نمازوں اور تراویح کے لیے مسجد الحرام میں تیسری توسیع کے بعد بڑا حصہ نماز یوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔اِس کے علاوہ حج اور عمرے کے لیے آنے والوں کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسکوٹر سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔علاوہ ازیں مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لیے اردو، انگلش اور عربی زبانوں میں ڈیجیٹل نقشے جاری کردیئے ہیں، جس کے ذریعے نماز کے اوقات میں مسجد میں موجود گنجائش کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ولی عہد اور یوکرینی صدر کی ملاقات: ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی کے درمیان اہم ملاقات میںشہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ سعودی عرب یوکرین میں جاری بحران کے پُرامن حل کے لیے عالمی برادری کی تمام مثبت کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی تصفیے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے ۔
l شام: سکیورٹی فورسز اوربشار حامیوںمیں جھڑپیں،1 ہزار سے زائد افراد ہلاک: شام کی سکیورٹی فورسز اور معزول صدر بشار الاسد کے وفاداروں کے درمیان جھڑپوں اور اس کے بعد ہونے والے قتل عام میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں 750 شہری شامل ہیں۔
l برطانیہ:بگ بین ٹاور پر چڑھ کر فلسطینی پرچم لہرانے والا شخص گرفتار: لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بگ بین ٹاور پر چڑھ کرکئی میٹرکی بلندی پر ننگے پاؤں فلسطینی پرچم لہرانے اور فلسطین کی آزادی کے لیے نعرے لگانے والے شخص کو دن بھر انتظار کرکے نیچے اُترنے پر گرفتار کرلیا۔اُس کو دیکھنے کے لئے جمع ہونے والے لوگ بھی ’فلسطین کو آزاد کرو‘ اور ’آپ ایک ہیرو ہیں‘ کے نعرے لگاتے رہے۔
l بھارت: ٹرین میں تلاوت کرنےوالے امام مسجد پر انتہا پسندوں کا تشدد: ریاست راجستھان میں گنگا پور سٹی سے انکلیشور (گجرات) جا نے والے ایک بزرگ امام مسجد پر اْس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ٹرین میں قرآن مجید کی تلاوت کر رہے تھے۔ہندو انتہاپسند گروہ نے ٹرین میں سوار ہو کر مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرےکرنے کے بعد اُن پر تشدد شروع کردیا ۔ امام مسجد کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
l اردن: علاج کے لیے غزہ کے بچوں کا پہلا گروپ موصول: اردن کو طبی علاج کے لیے غزہ کے بیمار بچوں کا پہلا گروپ موصول ہو گیا ہے ۔ شاہ عبداللہ دوم نےجنگ زدہ غزہ سے 2000 بیمار بچوں جن میں کینسر کے مریض بھی شامل ہوں گے ، کا علاج کرانے کا وعدہ کیا تھا۔
l قطر:اسرائیلی جوہری تنصیبات کو عالمی ایجنسی کی نگرانی میں لایا جائے: قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تمام جوہری تنصیبات کو آئی اے ای اے کے حفاظتی اقدامات کے تابع کرے اور اسرائیل کو جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں شامل ہونا چاہیے۔