(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - ادارہ

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l غزہ کےکل36 اسپتالوں میں سے کسی حد تک سہولیات فراہم کرنے والا آخری ہسپتال مستشف المعمدانی بےرحم بمباری کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔اب غزہ میں کوئی ایک بھی فعال ہسپتال باقی نہیں رہا۔اب غزہ میں معمولی زخم بھی موت کا پروانہ بن سکتا ہے۔فلسطینی وزارت صحت غزہ کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں60ہزار بچوں کو غذائی قلت کی وجہ سے سنگین طبی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔مناسب غذائی وسائل اور صاف پانی کی عدم دستیابی خصوصاً بچوں کے لیے حفاظتی ٹیکوں اور ویکسین کی عدم فراہمی صحت کے مسائل کو مزید بڑھا سکتی ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا) نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج کے چھ ہفتوں سے جاری غزہ کی ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ میں بچوں کو تباہ کن نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں اور وہ شدید المیے سے دوچار ہیں۔11اپریل2025ء کوفلسطینی وزارتِ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 7اکتوبر2023 ء سے اب تک 50912 افراد شہید جبکہ 115981 زخمی ہو چکے ہیں۔18 مارچ 2025ء کو جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کے نتیجے میں 1542 معصوم شہری شہید اور 3940 زخمی ہو چکے ہیں۔ بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے ابھی تک شہداء کی لاشیں نکالی جارہی ہیں۔ایسے کئی مقامات ہیں جہاں تاحال متعدد شہداء اور زخمی ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں اوراُن تک ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں پہنچنے سے قاصر ہیں۔
l اسلام آباد میں مجلسِ اتحاد اُمت پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’فلسطین اور اُمتِ مسلمہ کی ذمّہ داری‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں تنظیم اسلامی کے امیر، محترم شجاع الدین شیخ نے کہا کہ ُامتِ مسلمہ پر فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کی حمایت میں عملی قدم اٹھائے اور اس مقصد کے لیے سیاسی و اجتماعی سطح پر متحد ہو کر جہاد کو اپنا فریضہ سمجھے۔ اُنہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کی بازیابی کے لیے عالمی سطح پر متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
l پاکستان بھر کے علماء اور دینی قیادت کا واضح اعلان کیا ہے کہ ریاست پاکستان پر جہاد فرض ہو چکا ہے۔
l اسرائیلی اخبار معاریف کے ایک حالیہ سروے کے مطابق، 60 فیصد اسرائیلی شہریوں کا خیال ہے کہ ملک میں خانہ جنگی بھڑکنے کا اندیشہ موجود ہے۔
l مجلسِ تعلقاتِ بین الاقوامی فلسطین کے برطانوی وکلاء نے حماس کی نمائندگی کرتے ہوئے برطانوی وزیرِ داخلہ کے خلاف ایک قانونی درخواست دائر کی ہے، جس میں تحریک کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے اور اس فیصلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ برطانیہ کو حماس کو ایک فلسطینی مزاحمتی تحریک کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے جو حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l اسرائیل :حماس کو قیدیوں کی رہائی کے بدلے جنگ بندی کی پیشکش: فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں موجود باقی ماندہ قیدیوں میں سے آدھے قیدیوں کو رہا کرنے کے بدلے 45 دن کی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔ اسرائیل نے حماس سے یہ بھی مطالبہ کیا ہےکہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے غیر مسلح ہو جائے ۔
l ترکیہ:آیا صوفیہ مسجد کی مرمت و تزئین کا کام شروع: ترکیہ نے آیا صوفیہ مسجد کے قدیم اور خوبصورت گنبدوں کی مرمت و تزئین کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چند سال پہلے ترکیہ میں اس عالی شان آیا صوفیہ مسجد میں نمازوں کی ادائیگی کا سلسلہ صدر طیب ایردوآن نے بحال کیا تھا۔
l ملائیشیا :سابق وزیراعظم عبداللہ احمد بداوی انتقال کر گئے : سابق وزیراعظم عبداللہ احمد بداوی 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔وہ 2003ء میں ملائیشیا کے وزیراعظم بنے تھے۔اُنہیں سانس لینے میں دشواری پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
l بنگلہ دیش :پاسپورٹس پر ’’سوائے اسرائیل کے‘‘ کی عبارت شامل: وزارت داخلہ کی نائب سیکرٹری نیلیما افروز نے تصدیق کی ہے کہ وزارت داخلہ نے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو اس شق کو بحال کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت بنگلہ دیش کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ ’’یہ پاسپورٹ اسرائیل کے سوا دنیا کے تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے۔‘‘ اِس فیصلے کو باضابطہ طور پر نافذ العمل کردیا گیاہے۔ واضح رہے کہ 2021ءمیں معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت نے پاسپورٹ کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق ڈھالنے کا حوالہ دیتے ہوئے اس عبارت کو ہٹا دیا تھا۔
l غزہ:30 فی صد حصے پر اسرائیل کا قبضہ ہوچکا: ایک اسرائیلی سیکورٹی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی کا 30% حصہ قبضے میں لیا جا چکا ہے۔ مزید یہ کہ فوج عسکری دباؤ میں اضافہ کر رہی ہے۔ جبکہ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مارچ کے وسط سے اب تک غزہ پر ہونے والے کم از کم 36 اسرائیلی فضائی حملوں میں صرف خواتین اور بچے ہی شہید ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ غزہ میں ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے امداد کا ایک قطرہ بھی نہیں پہنچا۔ دوسری جانب سعودی عرب نے فلسطینیوں کو اُن کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔
l امارات اسلامیہ افغانستان : 4 افراد کوسرعام سزائے موت : افغانستان کی سپریم کورٹ نے ملک میں 4 افراد کو مختلف مقامات پر سرعام فائرنگ کرکے سزائے موت دیدی۔ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ایک ہی دن میں سب سے زیادہ مجرموں کو دی گئی سزائے موت ہے۔ یہ سزائیں 3 مختلف صوبوں کے سٹیڈیمز میں دی گئیں جس کے بعد 2021 ءسے اب تک سرعام سزائے موت پانے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔