(خصوصی کالم) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l ہسپتالوں کے نام پر موجود تباہ شدہ عمارتوں میں ابھی تک جنگ سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے برآمد ہوئی لاشیںلائی جارہی ہیں۔ کئی متاثرین تاحال ملبے کے نیچے اور راستوں میں موجود ہیں، جہاں امدادی ٹیمیں پہنچنے سے قاصر ہیں۔ 7اکتوبر 2023ء سے اب تک شہداء کی تعداد 51240 اور زخمیوں کی تعداد113931تک پہنچ چکی ہے۔ 18 مارچ 2025ء سے اب تک 1864 شہداء اور4890 زخمی رپورٹ ہوئے ہیں۔
l کتائب القسام، نے جنوبی غزہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک اسرائیلی فوجی یونٹ کو نرغے میں لے کر دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تباہ کر دیا۔ اس کے نتیجے میں متعدد صہیونی فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیںپانچ اسرائیلی بُلڈوزرز کو بھی بارودی مواد سے نشانہ بنایا، جس سے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
l القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے تصدیق کی ہے کہ ہمارا اُس گروپ سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے جو اسرائیلی فوجی عیدان الیگزینڈر کو قید میں رکھے ہوئے تھا کیونکہ اُن کے ٹھکانے پر براہِ راست بمباری کی گئی۔ تاہم اِس دوران میں ایک شہید کے جسد کو نکالنے میں کامیابی ملی ہے، جو قیدی عیدان الیگزینڈر کی حفاظت کی ذمہ داری پر مامور تھے۔
l یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہےکہ انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام اور ان کے مجاہدین کی حمایت میں اور غزہ میں فلسطینی بھائیوں کے خلاف جاری نسل کشی کی جنگ کے جواب میں قابض صہیونی ریاست کے بن گوریون ہوائی اڈے اور بحیرہ احمر میں دو امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے ارد گرد فوجی ہدف پر حملہ کر کے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’’ٹرومین‘‘ اور ’’ونسن‘‘ اور بحیرہ احمر میں جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا۔
l غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے میں صحافی اور مصنف تامر مقداد کی شہادت کے بعد غزہ کی پٹی میں نسل کشی کی جنگ کے آغاز سے اب تک فلسطینی میڈیا کے کارکنان کے شہداء کی تعداد 213 ہو گئی ہے۔
l مائیکروسافٹ کمپنی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں سینئر قیادت کے خلاف ملازمین کے احتجاج کے بعدکمپنی کو عالمی سطح پر نہ صرف تنقید کا سامنا ہے بلکہ اس کے خلاف عالمی بائیکاٹ اور احتجاج بھی جاری ہے جس نے کمپنی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
l ملائیشیا کی پارلیمنٹ کے سپیکر تان سری داتو جوہری عبدل نے کہا ہے کہ ملائیشیا نے کبھی بھی اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کیااور وہ دنیا بھر کے قانون ساز اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کی حمایت میں متفقہ اور مشترکہ موقف اپنائیں ۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریںl شام :فلسطینی صدر محمود عباس کی صدر احمد الشرع سے ملاقات: فلسطینی صدر محمود عباس نے 16 برس بعد دمشق پہنچ کر شامی صدر احمد الشرع کو صدارت سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ اِس سے قبل صدر احمد الشرع نے پیپلز پیلس کے دروازے پر اُن کا استقبال کیافلسطینی صدر کے دورے کا مقصد شام اور فلسطین کے تعلقات مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔
l غزہ:حماس اسرائیل کے ساتھ مکمل جنگ بندی پر رضامند: حماس کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اورحماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ نے واضح کیاہے کہ تنظیم اب صرف ایک جامع معاہدے کے لیے تیار ہے، جو غزہ میں جنگ کا مکمل خاتمہ، قیدیوں کا تبادلہ اور غزہ کی تعمیر نو پر مبنی ہو۔
l ایران:سعودی وزیر دفاع کی سپریم لیڈر سے ملاقات: سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے تہران میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقات کرکے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام پہنچایا۔ اپنے سرکاری دورے کے دوران انہوں نےایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے بھی ملاقات کی۔
l روس: عدالت نے افغان طالبان کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا: روسی سپریم کورٹ نےپراسیکیوٹر جنرل کی درخواست پر افغان طالبان پر روس کی جانب سے عائد پابندی معطل کردی ہے۔ پابندی ختم ہونے سے ماسکو اور افغان قیادت کے تعلقات مزید بہتر ہونے اور تعاون بڑھانے کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔
l مالدیپ:اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کی ملک میں داخلے پر پابندی : غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔پارلیمان اور صدر محمدمغیزو نے اِس فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔
l سعودی عرب: عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ: بدر سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے زائرین کی بس کو حادثہ پیش آنے سے پاکستان سے تعلق رکھنے والی 3 خواتین سمیت 5 افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
l بھارت:وقف ترمیمی بل کے خلاف مسلمانوں کا مظاہرہ : ریاست کرناٹک میں جمعیت علماء ہندکی قیادت میںہزاروں علماء، مشائخ اور شہریوں نےبھارت میں وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا وقف مسلمانوں کا آئینی حق ہے اور ہم فاشسٹ طاقتوں کو یہ حق چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔
l بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے خلاف ریڈ نوٹس کے لیے انٹرپول سے رابطہ: بنگلہ دیش پولیس نے معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجداور 11 دیگر افراد کے خلاف انٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست دے دی ہے۔ ان افراد پر عبوری حکومت کو گرانے اور خانہ جنگی بھڑکانے کی سازش کا الزام ہے۔