(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

11 /

اخبارِ اسلام

مسلم دنیا سے متعلق اہم خبریں

l غزہ: القسام بریگیڈ کے کمانڈرمحمد السنوارشہید: حماس کے مسلح ونگ القسام کے نئے کمانڈراور حماس کے شہیدسربراہ یحییٰ سنوار کے بھائی محمد السنوار کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی کارروائی کے کئی دنوں کے بعد اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد السنوار شہید ہو چکے ہیں۔ اُن کا جسدِ خاکی جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک سرنگ سے ملا ہے جہاں ان کے دس مزید شہیدساتھیوں کے جسدِ خاکی بھی موجود تھے ۔
تین ماہ بعد 9 امدادی ٹرکوں کا داخلہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے انسانی امور کے نائب سیکرٹری ٹوم فلیٹچر نے کہا کہ اسرائیل نے کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے 9امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے جو11ہفتوں سے جاری مکمل محاصرے کے بعد پہلا موقع ہے۔ اس مقدار کی نسبت سمندر میں ایک قطرہ ہے۔
سموٹریچ کے الفاظ نسل کشی کے اعتراف کا کھلا ثبوت ہیں، حماس: اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے قابض اسرائیلی وزیرِ مالیات بتسلئیل سموٹریچ کے حالیہ بیان کو فلسطینی قوم کے خلاف جاری نسل کشی کا کھلا اور واضح اعتراف قرار دیا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ قابض حکومت کی جانب سے غزہ کو مکمل طور پر تباہ کرنے اور اس کے باسیوں کو زبردستی ہجرت پر مجبور کرنے کا اعلان درحقیقت ایک ایسی مجرمانہ سوچ کی عکاسی ہے جو کسی تاویل کی محتاج نہیں۔
l امریکہ: حزب اللہ پر نئی پابندیاں عائد کر دیں: امریکی محکمہ خزانہ کے نائب وزیر کا کہنا ہے کہ لبنانی گروپ حزب اللہ کے2سینئر عہدیداروں اور گروپ کی مالی معاونت پرامریکہ نے 2 سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
l اسرائیل: یاہو کا غزہ پر مکمل قبضے کا اعلان: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں محدود پیمانے پر بنیادی انسانی امداد کی تقسیم کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ پر مکمل قبضہ کرے گا، اسرائیلی فوج نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس کے تمام شہریوں کو فوری جبری انخلا کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہاں ’ایک بڑا حملہ‘ ہونے والا ہے۔
l ایران : برطانیہ میںایرانی شہریوں کی گرفتاری پر برطانوی سفیر طلب: جاسوسی کے الزام میں اپنے متعدد شہریوں کی گرفتاری پر ایران نے دارالحکومت میں برطانوی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا۔
یورینیم کی افزودگی جاری رہے گی : وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ معاہدہ ہو یا    نہ ہو دونوں صورتوں میں ایران یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا۔اگر امریکہ چاہتا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے تو معاہدہ ممکن ہے اورہم اس مقصد کے لیے سنجیدہ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
l بنگلہ دیش:17 سالہ نوجوان نے ناسا کی ویب سائیٹ ہیک کرلی: 17 سالہ ایتھیکل ہیکر محمد شریار شہناز شووون نے امریکی خلائی ادارے ناسا کے سائبر سیکیورٹی سسٹم میں ایک نہایت اہم خامی دریافت کرکے اُسے ہیک کرلیا جس پرناسانے اُسے آفیشل تعریفی خط جاری کیا۔
l بھارت:آپریشن سندور پر تنقید پر مسلم پروفیسر گرفتار: ریاست ہریانہ کی اشوکا یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر علی خان محمود آباد کو دہلی میں اُن کے گھر سے کرنل صوفیہ سے متعلق ٹویٹ کرنے اور آپریشن سندور سے متعلق بیان دینے پربی جے پی یوتھ ونگ کے رکن کی شکایت پر حراست میں لےلیا گیا۔
l مصر:حج پرمٹ کے بغیر حج غیر شرعی اور گناہ تصور ہو گا، مفتی اعظم مصر: مفتیِ اعظم ڈاکٹر نظیر عیاد نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی اجازت کے بغیر حج ادا کرنا قانون کی خلاف ورزی بلکہ شرعاً ناجائز ہے۔ انہوں نے کہا جو شخص اجازت نامے کے بغیر حج پر جاتا ہے وہ گناہ گار ہوتا ہے کیونکہ وہ ولی ِامر کی نافرمانی کا مرتکب ہوتا ہے۔
فضائیہ کا طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ : مصری فضائیہ کاجنگی تربیتی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران فنی خرابی کاشکار ہوکرصوبہ دمياط کے علاقہ راس البر میں بحیرہ روم کی ساحلی پٹی میں گر کر تباہ ہوگیا،حادثے میں طیارے کا پائلٹ جاں بحق ہوگیا۔ 
l برطانیہ:مختلف شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکبہ مارچ: لندن سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت میں ہزاروں افراد نے نکبہ مارچ کیا۔سرزمین فلسطین سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے 77 سال پورے ہونے پر برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے ریلیاں نکالیں۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فلسطینیوں کا قتلِ عام بند کرکے فلسطینیوں کی زمین واپس کرے اور حکومتِ برطانیہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت فوری روک دے۔
l مراکش: دمشق میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان: مراکش کے شاہ محمد ششم کی طرف سے شام کے عبوری صدر احمد الشارع کے نام لکھے ایک خط میں بتایا گیا ہے کہ مراکش دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولے گا ۔ 
l صومالیہ: فوجی بھرتی مرکز میں خودکش دھماکہ: صومالیہ میں فوجی بھرتی مرکز میں خودکش بمبار نے فوجی بھرتی مرکز کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑادیا جس سے 10افرادجان بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
l نائجیریا:آئی ایم ایف کے قرض سے آزاد ملک بن گیا: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے حاصل کردہ 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرض واپس کرکےنائیجیریا قرض سے آزاد ملک بن گیا۔
l اقوام متحدہ : مہاجرین کو سمندر میں پھینکنے پر بھارت سے وضاحت طلب: اقوام متحدہ نے بھارتی نیوی کی جانب سے روہنگیا مہاجرین کو سمندر میں پھینکنے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے کہا ہے کہ بھارتی نیوی کی جانب سے روہنگیا مہاجرین کو بحیرہ انڈمان میں پھینکنے کی اطلاعات پر شدید تشویش ہے اور اس حوالے سے ماہرین نے واقعہ کی باضابطہ تفتیش شروع کردی ہے۔

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)