امیر محترم و نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پاکستان کا سالانہ تنظیمی دورہ حلقہ سکھر
9 مئی2025ء کو امیر محترم و نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پاکستان حلقہ سکھر کے تنظیمی دورہ کے سلسلے میں سکھر تشریف لائے۔ امیر حلقہ احمد صادق سومرو و حلقہ کے معاونین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ رات کا قیام اور طعام تنظیم کے مرکز سکھر میں کیا۔ 10مئی2025ء بروز ہفتہ دن10:00بجے حلقہ سکھر کے تمام رفقاء کی امیر محترم سے اجتماعی ملاقات ہوئی۔ پروگرام کا آغاز جناب حافظ ثناء اللہ گبول کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کے بعد نائب ناظم اعلیٰ نے امیر محترم کے تنظیمی دورہ کے خدوخال اور مقاصد بیان کیے۔ امیر حلقہ نے حلقہ کا تفصیلی تعارف اور جائزہ پیش کیا۔ اس کے بعد امیر محترم نے تنظیم اسلامی میں نئے شامل ہونے والے رفقاء سے تعارف حاصل کیا۔ تعارف کے بعد سوال و جواب کی نشست ہوئی اور امیر محترم نے رفقاء کے سوالوں کے تسلی بخش جوابات دئیے۔ اس کے بعد بیعت مسنونہ کا اہتمام ہوا۔ پہلے مبتدی اور بعد میں ملتزم رفقاء نے بیعت کی سعادت حاصل کی۔ امیر محترم کی اجتماعی دعا پر یہ سیشن دوپہر 12:00بجے ختم ہوا۔ 12:00سے1: 15تک حلقہ سکھر کےتمام ذمہ داران سے اجتماعی ملاقات کا سیشن ہوا۔ امیر محترم نے حلقہ کے ذمہ داران سے تعارف حاصل کیا اور گفتگو فرمائی۔ حلقہ کے مسائل سنے اور قیمتی مشورے اور ہدایات دیں۔ ذمہ داران کے سوالات کے جوابات دئیے۔ اس ملاقات میں نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پاکستان محترم انجینئر سید نعمان اختر بھی شریک رہے۔ نماز ظہر 1:15بجے امیر محترم کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز ظہر کے بعد آدھے گھنٹے تک امیر محترم کے ساتھ ذمہ داران کی ملاقات کا سیشن جاری رہا۔ (رپورٹ: نصر اللہ انصاری ، معتمد حلقہ سکھر)
امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ کا دورہ حلقہ گوجرانوالہ ڈویژن
امیرمحترم شجاع الدین شیخ s،ناظم اعلیٰ جناب ڈاکٹرعطا الرحمن عارف اور نائب ناظم اعلیٰ زون شرقی پنجاب جناب پرویزاقبال کے ہمراہ 19اپریل بروز ہفتہ مسجد نمرہ گوجرانوالہ تشریف لائے۔
اجتماع کاباقاعدہ آغاز صبح30 :9بجے تلاوت قرآن حکیم سے ہوا جس کی سعادت جناب حافظ عتیق الرحمن نے حاصل کی۔اس کے بعد امیر حلقہ نے حلقہ کا مختصر تعارف پیش کیا اورحلقہ کے ذمہ داران کا تعارف کروایا ۔اس کے بعد سال کے دوران شامل ہونے والے نئے رفقاء نے باری باری اپنا تعارف کروایا۔ بعد ازاں سوال و جواب کی نشست ہوئی۔سوالات میں فلسطین کی صورت حال ، افغانستان حکومت ، تنظیم اسلامی کی فکر اور روزمرہ کے معاشی مسائل شامل تھے۔امیر محترم نے کہا کہ حالات حاضرہ کے اکثر سوالات کے جوابات خطاب جمعہ میں موجود ہوتے ہیں لہٰذا خطاب جمعہ باقاعدگی سے سننا چاہیے۔
اس کے بعد مبتدی بیعت کا اہتمام کیا گیا جس میں رفقاء کے علاوہ بہت سے احباب بھی شریک ہوئے۔ اسی طرح ملتزم رفقاء کی بیعت کا بھی اہتمام ہوا۔چائے کے وقفہ کے بعد امیر محترم سے حلقہ کے ذمہ داران نےملاقات کی۔ امیر محترم نےذمہ داران کے سوالوں کے جوابات دئیے۔امیر محترم نے غیر حاضر رفقاء سے رابطہ کرنے اور امیر محترم کا سلام پہنچانے کا کہا۔رفقائے تنظیم کو بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کا ویڈیو لیکچر ’’یہودی عزائم اور عالم اسلام ‘‘پروجیکٹر پردکھانے کا اہتمام کیا گیا، جس کا دورانیہ ایک گھنٹہ تھا ۔رفقاء نے بڑی دلچسپی سے دیکھا ۔نمازِ ظہر کے بعد امیر تنظیم اسلامی لاہور کے لیے روانہ ہوگئے ۔الحمدﷲ تمام پروگرام انتہائی احسن طریقہ سے بر وقت سر انجام پا گئے اﷲ سبحانہ و تعالیٰ اپنی بارگاہ میں رفقاء کی اس کاوش کوقبول فرمائے۔
اﷲ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطا فرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔
(رپورٹ : رانا ضیاء الحسن،ناظم نشرواشاعت حلقہ گوجرانوالہ)
تنظیم اسلامی حلقہ اسلام آباد کا سہ ماہی اجتماع
18 مئی 2025 کو تنظیم اسلامی حلقہ اسلام آباد کے زیر اہتمام قرآن کمپلیکس پیہونٹ میں سہ ماہی اجتماع منعقد ہوا۔ اجتماع میں تقریبا220رفقانے شرکت کی۔ اجتماع صبح نو بجے شروع ہوا اور نماز عصر تک جاری رہا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض حلقہ اسلام آباد کے ناظم نشر واشاعت جناب ڈاکٹر اشرف علی نے انجام دئیے۔
پروگرام کاباقاعدہ آغاز درس قرآن پاک سے ہوا ۔ جناب سہیل شہزادنے تعلق مع اللہ کے موضوع پر گفتگو کی۔ جس کے بعد جناب خرم شہزاد نے درس حدیث میں حاضرین پر واضح کیا کہ انبیاءf کن لوگوں پر رشک کریںگے۔ پہلی نشست کے اختتام پر اسلام آباد شمالی کے امیر جناب اعجاز حسین نے سورہ البقرہ آیت نمبر 143 اور سورۃا لحج کے آخری رکوع کی روشنی میں امت کا فرض منصبی ’’ شہادت علی الناس‘‘کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔
چائے کے وقفے کے بعد ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس کا عنوان ’’ دعوت کیوں اور کن لوگوں کو‘‘تھا۔ مذاکرے کا مقصد حاضرین پر یہ واضح کرانے کی کوشش تھی کہ امیر محترم کی جانب سے دیئے گئے دعوتی اہداف کو کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟حلقہ اسلام آباد کے ناظم دعوت جناب سہیل انور نے مبتدی، ملتزم اور امراء کو تین مختلف گروپوں میں تقسیم کیا۔سوال و جواب کے ذریعے اس مذاکرے کو ثمر آور بنایا۔
مذاکرے کے بعد بانی تنظیم ڈاکٹر اسرار احمدرحمہ اللہ کی ویڈیو چلائی گئی جس کا موضوع تھا ’’قرآنی فکر کے چار زاویئے۔‘‘اس دوران ہر زاوئیے پر اس سیشن کے میزبان جناب ابوسفیان نے رفقاءسے متعلق سوالات پوچھ کر جہاں ان کی بھرپورشرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کی وہاں اس اہم موضوع پر ان کی معلومات میں بھی مسلسل اضافہ کرتے رہے۔
ایک روزہ سہ ماہی اجتماع کے ا ٓخر میں پاک بھارت حالیہ جنگ کے تناظر میں ملکی اور علاقائی سیاسی صورت حال سے آگاہی حاصل کرنے کےلیے رفقائے تنظیم کے لیے پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ جس کا عنوان تھا ’’قومی و عالمی منظر نامہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘۔اس پروگرام کی میزبانی کی ذمہ داری جناب ڈاکٹر اشرف علی نے نبھائی جبکہ شرکاء میں جناب عظمت ممتاز ثاقب، کموڈور جناب عابد احسان اور ایئر کموڈور جناب اختر علی شامل تھے۔ پروگرام میں حالیہ پاک بھارت جنگ کے حوالے سے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا گیا اور آخر میں مملکت خداداد پاکستان میں سیاسی عدم استحکام، معاشی بحران، علاقے سے دہشت گردی کے ناسور کو اکھاڑپھینکنے اورپا ئیدار امن کے قیام کی خاطر سفارشات پیش کی گئیں۔
اختتامی کلمات میں امیرحلقہ جناب راجہ اصغر نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے رفقائے تنظیم کابالعموم اور منتظمین کا بالخصوص شکریہ بھی ادا کیااوررفقاء کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئےکہا کہ ایک انقلابی جماعت کے ارکان ہونے کے ناطے وہ اپنی مصروفیات سے زیادہ سے زیادہ وقت نکال کر اپنی جان و مال، اوقات اور صلاحیتوں کو اللہ کے دین کے غلبے کےلیے کھپائیں۔ اسی دوران امیر حلقہ نے رفقاء کو امیر محترم کی جانب سے دئیے گئے اہداف کو بھی ہر وقت ذہن میں تازہ رکھنے کی تلقین کی۔(رپورٹ: ڈاکٹر اشرف علی،ناظم نشرو اشاعت، حلقہ اسلام آباد)
حلقہ کراچی جنوبی کے زیر اہتمام مظاہرہ’’ اہل غزہ کی پکار اور ہمارا کردار‘‘
10 مئی کو نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد مقامی تنظیم اسلامی اختر کالونی کے رفقاء و احباب نے عید گاہ چوک میں پُرامن مظاہرہ کیا۔ رفقاء و احباب نے پاکستان اور فلسطین کے جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ انجینئر عمیر نواز بھائی، عمران عاشق بھائی اور شہزاد بھائی نے کارنر میٹنگ کی ۔لوگوں کو فلسطین و غزہ کے مظالم سے آگاہ کیا اور مسلمانوں کی ذمہ داری پر توجہ دلائی۔ اس کے بعد ریلی کا آغاز عید گاہ چوک علامہ اقبال روڈ منظور کالونی سے کیا گیا۔ ریلی کے آخر میں شہزاد احمد بھائی نے دعا کروائی۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، فلسطین اور تمام عالم اسلام پر اپنا خاص رحم و کرم فرمائےاور امت مسلمہ کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ رفقاء و احباب کی اس کاوش کو قبول فرما کر ان کے لیے توشہ ٔ آخرت بنائے۔ آمین یا رب العالمین!
( رپورٹ:محمد سہیل،معتمد حلقہ کراچی جنوبی)
اسرائیلی درندگی کے خلاف حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی (مردان)کے زیر اہتمام مظاہرہ
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کی مقامی تنظیم مردان نے اسرائیلی درندگی کے خلاف کالج چوک مردان میںبروز پیراحتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا ۔
یہ مظاہرہ پورے 4 بجے شروع ہوا اور ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ اس میں 52 رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ مظاہرے میں مقامی تنظیم مردان اور نوشہرہ کے رفقاء کے علاوہ امیر حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی بمع معاونین و کچھ منفرد رفقاء شامل تھے۔شرکاء ہاتھوں میں ٹی بورڈز اور بینرز اُٹھائے کالج چوک کے چاروں اطراف میں کھڑے تھے۔ مظاہرے کے لیے ساؤنڈ سسٹم کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔ دوران مظاہرہ محترم محمد شمیم خٹک صاحب امیر حلقہ خیبر پختونخوا جنوبی، محترم ڈاکٹر حافظ محمد مقصود ، امیر مقامی تنظیم مردان، محترم ارشد علی ، مقامی نائب امیر مردان،محترم سراج اللہ ، معتمد مقامی تنظیم مردان، محترم محمد عادل خٹک ، ناظم مالیات مقامی تنظیم مردان ، محترم قاری محمد اسماعیل ، نقیب اسرہ مردان اورمحترم قاضی فیصل ظہیر ، معتمد مقامی تنظیم نوشہرہ نے اپنے خطابات سے شرکاء کے دلوں کو گرمایا۔ کالج چوک مردان شہر کے مصروف ترین مقامات میں سے ہے، جہاںراہ گیروں نے تنظیم اسلامی کی ان کاوشوں پر داد دی۔ اس مظاہرے میں میڈیا کے کارکنان نے بھرپور تعاون کرتے ہوئے مظاہرے کی کوریج کی ،امیر حلقہ اورتنظیم اسلامی کے ذمہ داران کے تاثرات ریکارڈ کیے۔ اسی طرح پولیس اوردیگر اداروں کے افراد نے بھی تعاون کیا۔ امیر حلقہ نے ان سب کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔یہ مظاہرہ امیر حلقہ کےاختتامی خطاب و دعائے مسنونہ پر اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ: سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی)
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر اہتمام توسیع دعوت پروگرام
بروز جمعہ حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کےزیرِ اہتمام ضلع نوشہرہ کے گاؤں زڑہ میانہ کے ایک حجرے میں توسیعی دعوت کے سلسلے میں ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیاجس میں مدرس کے فرائض ناظم دعوت حلقہ محترم حبیب الرحمٰن نے سر انجام دیئے۔ یہ پروگرام نماز عصر سے نمازمغرب تک جاری رہا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں امتِ مسلمہ کے لیے سہ نکاتی لائحہ عمل اور اقامت دین کی جدوجہد پر مفصل گفتگو کی۔اس پروگرام میں تقریباً 37 احباب نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطاء فرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔
(رپورٹ:سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی)
حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی اجتماع
حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام نمازِ عصر تا اگلے روز دن 11:00 بجے تک بصورت شب بیداری سہ ماہی تربیتی اجتماع کا انعقاد رفاہ کالج جوہرآباد میں ہوا۔ جس میں میانوالی ، جوہرآباد، اور سرگودھا سے مجموعی طور پر 55رفقاءاور 2 احباب نےشرکت فرمائی ۔ پروگرام کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
بعد نمازِ عصر پروگرام کے آغاز میں جناب عثمان غنی نے سورۃ الحدید کی آیات 11 تا 15 کی تلاوت و ترجمہ کا شرف حاصل کیا ۔اس کے بعد جناب عبدالرحمٰن مقامی تنظیم غربی کے امیر نے’’ قرآن سے ہمارا تعلق ؟ ‘‘ کے موضوع پر گفتگو فرمائی۔ نماز مغرب کے وقفے کے بعد ’’اقامت دین کی جدو جہد : اسوہ رسول ﷺ کی روشنی میں ‘‘جناب ماسٹر ظفر اقبال کا موضوع خطاب رہا ۔ وقفہ نمازِ عشاء اور طُعام کے بعد رفقاء و احباب کو جناب ڈاکٹر انوار علی کی ویڈیو پریزینٹیشن ’’مسئلہ فلسطین : تاریخ کے تناظر میں ‘‘دکھائی گئی ۔
وقفہ آرام کے بعد رفقاء کو 3:45 پر نمازِ تہجد و تلاوتِ قرآن حکیم کے لیے بیدار کیا گیا ۔ نماز فجر سے قبل مسنون دُعاؤں کے حفظ کا اہتمام ہوا ۔ نمازِ فجر کے بعد جناب ارسلان اکرم گل نے سورۃ المنافقون کے دوسرے رکوع پر درس قرآن دیا۔ ناشتہ کے بعد دوسری نشست کا آغاز درسِ حدیث سے ہوا ۔جناب حافظ وقاص شاہدنے ’’ آزمائش راہ حق کا لازمہ ہے ‘‘ کے موضوع پر درسِ حدیث دیا ۔مقامی امیر میانوالی جناب نور خان نے منہاج القاصدین کتاب سے ’’وہ اسباب جن سے صغیرہ گناہ کبیرہ بن جاتے ہیں ‘‘ کے موضوع پر مطالعہ لٹریچر کروایا،اس کے بعد جناب عثمان غنی نے’’ موجودہ نظام تعلیم میں بچوں کی تربیت اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ اس کے بعد جناب حمید اللہ خان ناظم دعوت حلقہ نے ’’دعوت دین سنت انبیاء علیھم السلام ‘‘ کے موضوع پر گفتگو فرمائی۔ اس کے بعدرفقاءسے پروگرام کو مزید بہتر بنانے کےلیے تاثرات و تجاویز مانگ لیں۔آخر میں امیر حلقہ نے رفقاء خصوصاً مدرسین کا شکریہ ادا کیا اور رفقاء کوسالانہ اجتماع 2024ء کے موقع امیر محترم کی طرف سے دیئے گے اہداف کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ اطاعت ِامیر کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا ۔ نظم کی پابندی پر گفتگو فرمائی۔اعلان فرمایا کہ اب تربیتی پروگرام تو مکمل ہو چُکا ہے تاہم اب ہم سب رفقاء و احباب حلقہ کے تحت منعقدہ اسرائیلی مظالم کےخلاف احتجاجی ریلی میں شرکت کریں گے۔ ریلی محمدی مسجد جوہرآباد سے شروع ہوکر مین بازار سے ہوتی ہوئی کالج روڈ چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس کےساتھ ہی پروگرام کا اختتام مسنون دُعا کے ساتھ ہوا۔اللہ سبحانہُ سے دعا ہے کہ تمام رفقاء و احباب کی حاضری کو منظورفرمائے اور کوتاہیوں سے درگزر فرمائے ۔
(رپورٹ:ہارون شہزاد، ناظم نشر واشاعت حلقہ(شرقی زون)