امیر محترم جناب شجاع الدین شیخ s کا دورہ سرگودھا
بروز اتوارصبح10:00 بجے امیر محترم s نائب ناظم اعلیٰ شرقی زون محترم پرویز اقبال کے ہمراہ حلقہ سرگودھا پہنچے۔ امیر حلقہ سرگودھا نے اپنے معاونین کے ہمراہ اُن کا مسجد جامع القرآن سرگودھا میں استقبال کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم و ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت تنظیم سرگودھاغربی کے امیر جناب عبدالرحمٰن نے حاصل کی۔اس کے بعد حلقہ کے نظم کا تعارف پیش کیا ۔
پروگرام کے دوران رفقاء کوکاغذ اور قلم مہیا کر دیئے گے تھے تاکہ وہ اپنے سوالات تحریراً امیر محترم کو پیش کر سکیں۔امیر محترم نے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔ مبتدی و ملتزم رفقاء نے امیر محترم کے ہاتھ پر بیعت مسنونہ بھی کی۔نماز اور کھانے کے بعد امیر محترم کی حلقہ کے ذمہ داران کے ساتھ ملاقات رہی۔انہوں نے مختلف تنظیمی امور کا جائزہ لیا۔ مقامی امراء نے اپنے اپنے نظم کا تعارف پیش کیا اور ذمہ داران کا تعارف کروایا ۔ اس کے بعد ذمہ داران کے سوالات کے جوابات دیئے اور اس بات پر زور دیا کہ اپنے اسراء جات پر محنت کی جائے۔ حلقہ قرآنی کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو اسرہ کے قیام پر بھی زور دیا اور دعا کی کہ جن رفقاء نے ان پروگراموں کے لیے محنت فرمائی اللہ تعالیٰ انہیں بہتر بد ل عطا فرمائے۔ آمین ! (رپورٹ: ہارون شہزاد ،ناظم نشرواشاعت حلقہ سرگودھا)
حلقہ کراچی جنوبی ، سوسائٹی تنظیم میں توسیع دعوت کیمپ
25 مئی 2025 بروز اتوار حلقہ کراچی جنوبی کے تحت کراچی ایڈمن سوسائٹی میں توسیع دعوت پروگرام منعقد کیا گیا ۔ اس پروگرام میں حلقہ کراچی جنوبی کی پانچ تناظیم اختر کالونی تنظیم، ڈیفنس تنظیم، کلفٹن تنظیم، قرآن اکیڈمی تنظیم اور اولڈ سٹی کے رفقاء نے بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے معاونت فرمائی۔ پروگرام سے دو دن قبل بروز جمعہ سوسائٹی تنظیم کے رفقا ءنے جمعہ کی نماز کے بعد مختلف مساجد میں 800 ہینڈ بلز تقسیم کیے اور علاقے میں 30 بینرز اور 10 پول بینرز آویزاں کروائے۔
بروز اتوار سوسائٹی تنظیم کے ذمہ داران سوسائٹی آفس میں ظہر کے بعد آگئے تھے ۔ چار بجے مہمان تناظیم کے رفقاء بھی سوسائٹی آفس میں جمع ہوئے۔ ساڑھے چار بجے پروگرام کا آغاز دعوتی آداب کے ذریعے کیا گیا۔ دعوتی آداب بیان کرنے کی سعادت ملتزم رفیق جناب عبدالباسط نے حاصل کی۔5 مساجد کے ارد گرد کے علاقے میں دعوتی سعی کے لیے 5 ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ہر ٹیم میں10 سے 12 رفقاء تھے ۔ ٹیموں کی تشکیل کے بعد رفقا ءکے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا ،سوا پانچ بجے کے بعد ٹیمیں دعوتی سعی کے لیے روانہ ہو گئیں ۔ ایک مسجد کے باہر کارنر میٹنگ بھی کی گئی ۔ مغرب سے پہلے اسٹیج پر تنظیم اسلامی کے پرچم پر مبنی اسکرین آویزاں کی گئی اور پنڈال میں دعوتی بینرز آویزاں کیے گئے ۔
پروگرام کا آغاز بعد نماز مغرب کیا گیا۔ تلاوت کی سعادت جناب حافظ عثمان ، رفیق سوسائٹی تنظیم نے حاصل کی۔ آپ نے سورۃ الصَّفٰتٰ کی آیات تلاوت فرمائیں۔ انجینئر عمیر نواز ، رفیق اختر کالونی تنظیم نے ’’عید الاضحی اور فلسفہ قربانی‘‘کے موضوع پر خطاب میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے اسوہ کو نمایاں کیا اور بتایا کہ تنظیم اسلامی اسی منہج پر کام کر رہی ہے۔ پروگرام قبل از عشاء اجتماعی دعا پر ختم ہوا۔ (سوسائٹی تنظیم کے تحت ہونے والے حلقہ قرآنی اور نئے ہونے والے کورسز کا اعلان اور ہینڈ بل بھی تقسیم کیے گئے) پروگرام میں قریباً 125 رفقاء و احباب جبکہ12 خواتین نے شرکت فرمائی ۔ نئے احباب نے پروگرام کے بعد رابطے کے لیے اپنے فون نمبرز رجسٹر کروائے ۔اللہ سبحانہ و تعالی کے فضل و کرم سے پروگرام بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا ۔اللہ سبحانہ و تعالی تمام ذمہ داران اور رفقاء کی محنتوں کو قبول فرمائے اور اس کا دنیا اور اخرت میں بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین! (رپورٹ : نعمان آفتاب، امیر مقامی تنظیم سوسائٹی)
حلقہ لاہور غربی کے تحت ایک روزہ توسیع دعوت پروگرام
تنظیم اسلامی حلقہ لاہور غربی کے تحت جامع مسجد ابوبکر صدیق، گرین ٹاؤن لاہور میںبروز اتوار ایک روزہ توسیع دعوت پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں میزبانی کے فرائض مقامی تناظیم ٹاؤن شپ اور انجینئرز ٹاؤن نے ادا کئے۔ حلقہ کی بقیہ تمام مقامی تناظیم میں سے کم از کم تین رفقاء نے نصرت کے لیے اس پروگرام میں شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ حلقہ لاہور غربی کے ناظم دعوت جناب نثار احمد خان نے رفقاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں اس ایک روزہ پروگرام کے فارمیٹ سے آگاہ کیا ۔ اس کے بعد ’’ 'دعوت دین کیا کیوں اور کیسے؟‘‘ کے عنوان سے مذاکرے کاآغاز کیا۔ دوران مذاکرہ رفقاء نے دعوت دین بالخصوص انفرادی دعوت کے ضمن میں ذاتی تجربات بھی بیان کئے۔
نماز ظہر کے بعد ٹاؤن شپ تنظیم کے ناظم دعوت جناب نسیم اسلم نے’’ قران حکیم اور ہماری ذمہ داریوں‘‘ کے موضوع پر مختصر بیان کیا۔
نماز عصر کے فوراً بعد’’ نیکی و تقویٰ کے کاموں میں معاونت اور برائی کے کاموں میں تعاون سے اجتناب‘‘ کے موضوع پر درس حدیث کا اہتمام کیا گیا، جس کی ذمہ داری ٹاؤن شپ تنظیم کے ناظم تربیت جناب بابر علی نے ادا کی۔ عصر کی نماز کے فوراً بعد دعوتی سعی / گشت کے لیے ٹیموں کی تشکیل کا سلسلہ شروع ہوا ۔ ٹاؤن شپ تنظیم کے ناظم دعوت جناب نسیم اسلم کی نگرانی میں 10 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ میزبان تنظیم کا ایک رفیق اور اس کے ساتھ دوسری مقامی تناظیم کے دو رفقاء کو شامل کیا جائے ۔ اس کے بعد حلقہ لاہور غربی کے نائب ناظم دعوت جناب علی اکبر نے دعوتی ٹیموں کے سامنے دعوتی سعی / گشت کے آداب و فضائل بیان کئے تاکہ رفقاء بھرپور جذبے سے اس کام میں شریک ہو سکیں ۔
دعوتی سعی / گشت کے لیے ٹیمیں مغرب کی نماز سے تقریباً سوا گھنٹہ قبل مقرر کردہ علاقوں کی جانب روانہ ہوئیں۔ نماز عصر کے فوری بعد قریبی جامع مسجد رحمانیہ کے باہر کارنر میٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی ذمہ داری ٹاؤن شپ تنظیم کے رفیق جناب ڈاکٹر شکیل نے ادا کی ۔ جانے سے پہلے ٹیموں کو بعد نماز مغرب منعقد ہونے والے خطاب عام سے متعلق تشہیری مواد بھی فراہم کیا گیا اور اس کے علاوہ تنظیم اسلامی کی دعوت کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی گئی - کل 10 ٹیموں نے اس دعوتی سعی میں حصہ لیا۔
نماز مغرب سے 15 منٹ قبل واپس آنے پر ذمہ داران نے ٹیموں کی کارگزاری سنی۔ نماز مغرب کے بعد مقامی مسجد کے مفتی صاحب کے مختصر بیان کے بعد حلقہ لاہور غربی کے سینئر ملتزم رفیق جناب محمود حماد نے حالات حاضرہ کے ضمن میں’’پاکستان کے موجودہ حالات، امت مسلمہ اور اہل غزہ کی پکار‘‘ کے عنوان سے پُرجوش اور ولولہ انگیز خطاب کیا اور امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی مسلمانوں کے کرنے کے کاموں پر توجہ دلائی ۔
پروگرام کا اختتام اللہ کے حضور دعا کے ساتھ ہوا جس میں امت مسلمہ اور بالخصوص غزہ کے مظلوم مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے حق میں خاص دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
اس پروگرام میں حلقہ لاہور غربی کے 70 رفقاء اور تقریباً 50 احباب نے شرکت کی ۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ اس ضمن میں رفقاء کی مساعی کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔ آمین! (مرتب کردہ: علی اکبر، نائب ناظم دعوت حلقہ لاہور غربی)
مرکز دارالسلام میں منفرد نقباء اور مقامی معاونین کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام
کل پاکستان اجتماعِ امراء،بمقام مرکز دارالاسلام لاہور منعقد ہوا۔ اجتماع کی علمی و تربیتی رہنمائی کو پیش ِ نظر رکھتے ہوئے حلقہ ملاکنڈ نے11 مئی 2025ء کو نقباء اور مقامی معاونین کے لیے ایک روزہ تربیتی اجتماع کا انعقاد کیا۔ جس کا مقصد نظم ِ جماعت کو مؤثر بنانے اور مرکز کی ہدایات کو عملی شکل دینے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
اجتماع کا آغاز درس ِ قرآن سے ہوا۔ درسِ قرآن کا موضوع’’امراء کا اپنے رفقاء سے طرز عمل اور اسوئہ رسول ﷺ ‘‘ تھا ، جس کی سعادت جناب فیض الرحمٰن نے حاصل کی۔ اور مؤثر انداز میں اسوئہ حسنہ کے عملی پہلوئوں کو اجاگر کیا۔بعدازاں جناب نعیم نے درسِ حدیث پیش کیا۔ انہوں نے ’’اسلامی نظم جماعت میں بیعت کی اہمیت‘‘ پر روشنی ڈالی اور دل نشین انداز میں شرکاء کی رہنمائی فرمائی۔
پروگرام کا اگلا حصہ ’’دین کا ہمہ گیر تصور اور اس کے تقاضے‘‘ پر ایک فکری و تعلیمی مذاکرہ تھا۔جسے محترم شوکت اللہ شاکر نے نہایت عمدگی سے کنڈکٹ کیا اور شرکاء کو اس میں بھرپور طور پر شامل کیا۔
مذاکرے کے بعد امیر حلقہ اور معاونین حلقہ نے نقباء اور مقامی معاونین سے الگ الگ نشستیں کیں۔ جن میں متعلقہ امور پر رہنمائی فراہم کی گئی اور جماعتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالہ سے مفید تبادلہ خیال ہوا۔
مسنون دعا اور نمازِ ظہر پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ (مرتب: شاہ وارث، معتمد تنظیم اسلامی حلقہ ملاکنڈ)
حلقہ کراچی جنوبی کے تحت لانڈھی میں توسیعی دعوت پروگرام
حلقہ کراچی جنوبی کے زیر اہتمام توسیعی دعوتی پروگرام لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں منعقد ہوا۔پروگرام کی میزبانی لانڈھی تنظیم نے کی،خطاب عام کی اطلاع بینرز اور ہینڈبل کی تقسیم کے ذریعے پہلے ہی کی جا چکی تھی۔
پروگرام کے لیے لانڈھی تنظیم کے رفقاء دوپہر 2 بجے ہی مقام پر پہنچ گئے تھے، جہاں انہوں نے نظم و ضبط کے ساتھ تمام ضروری انتظامات مکمل کیے۔ چار بجے حلقہ کراچی جنوبی کی تین مقامی تنظیمیں (کورنگی شرقی، کورنگی وسطی، اور کورنگی غربی ) معاونت کے لیے پہنچیں۔
پانچ بجے لانڈھی تنظیم کے معتمد جناب حافظ لقمان نے ’’دعوت الی اللہ‘‘کی اہمیت و فضیلت اور اس کے آداب پر بصیرت افروز گفتگو فرمائی۔ انہوں نے قرآن مجید کی مختلف آیات اور نبی کریم ﷺ کی سنت کی روشنی میں یہ بات واضح کی کہ دعوت دین ہر مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تمام رفقاء کو دعوتی سعی کے لیے ٹیموں میں تقسیم کیا گیا اورنماز کے بعد ٹیمیں مانسہرہ کالونی کے مختلف حصوں میں گئیں اور دعوتی پیغام پہنچایا۔ تمام ٹیمیں مغرب کی نماز سے پندرہ منٹ قبل واپس لوٹ آئیں اور اپنی اپنی دعوتی کارگزاری مختصر انداز میں پیش کی۔
نمازِ مغرب کے بعد حلقہ کراچی جنوبی کے ناظمِ دعوت جناب عامر خان نے ’’عیدالاضحیٰ اور فلسفہ قربانی‘‘کے موضوع پر نہایت مؤثر اور بصیرت افروز درس دیا۔انہوں نے سورۃ الملک کی آیت نمبر 2 کا حوالہ دیا:یعنی ’’جس نے موت اور زندگی کو پیدا کیا تاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے کون بہتر عمل کرتا ہے۔‘‘
اس آیت کی روشنی میں واضح کیا کہ دنیا کی زندگی کا مقصد صرف عیش و عشرت نہیں بلکہ یہ آزمائش کا میدان ہے اور اصل زندگی آخرت کی زندگی ہے۔قرآن مجید کی سورۃ البقرہ (آیت 124) کے حوالے سے بتایا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیمd کو کئی امتحانات میں ڈالا اور وہ ہر امتحان میں کامیاب رہے۔سچے مؤمن کے لیے آزمائش کا سامنا صبر، یقین اور وفا سے کرنا ضروری ہے۔جب حضرت ابراہیم d نے خواب میں اپنے بیٹے کو قربان کرتے دیکھا اور حضرت اسماعیل d نے اطاعت کا مظاہرہ کیا تو اللہ نے ان کی اس قربانی کو قیامت تک کے لیے نشانِ وفا بنا دیا۔درس میں بتایا گیا کہ قربانی کا مقصد گوشت یا خون نہیں بلکہ اللہ کے حضور تقویٰ اور اخلاص ہے۔
درس کے بعد امت مسلمہ، ملک و ملت اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی کامیابی کے لیے دعا مانگی گئی اور شرکاء میں ڈاکٹر اسرار احمد رحمہ اللہ کی کتاب ’’عیدالاضحیٰ اور فلسفہ قربانی‘‘بطور ہدیہ تقسیم کی گئی۔
یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ پروگرام کے مقام کو ہر ہفتہ درسِ قرآن کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔ آئندہ ان شاء اللہ ہر اتوار بعد نماز عشاء تنظیم اسلامی کے تحت درسِ قرآن کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
پروگرام کے دوران تنظیم اسلامی اور انجمن خدام القرآن کی کتب پر مشتمل مکتبہ بھی قائم کیا گیا، جس میں تمام کتب 50فیصد رعایت کے ساتھ پیش کی گئیں، اور اہل علاقہ نے بڑی دلچسپی کے ساتھ اس سے استفادہ کیا۔پروگرام میں85 رفقائے تنظیم اور170احباب نے شرکت کی۔
یہ پروگرام رفقائے تنظیم کے باہمی تعاون، اخلاص اور دعوتی شعور کا عکاس تھا۔ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں دعوتِ دین کا حقیقی فہم عطا فرمائے۔ (رپورٹ: طلحہ علی انصاری، رفیق لانڈھی تنظیم)
حلقہ سکھر کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی اجتماع
حلقہ کی سطح پر سہ ماہی تربیتی اجتماع کا انعقاد صبح9 بجے شہریار مسجد صادق آباد میں ہوا۔ پروگرام کا آغاز امیر حلقہ جناب احمد صادق سومرو کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سہ ماہی تربیتی اجتماع کے اغراض و مقاصد شرکاء کے سامنے رکھے۔ اس کے بعد مقامی امیر، صادق آباد شمالی جناب ذکاء الرحمٰن نے تنظیم اسلامی کا تعارف حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ اس کے بعد امیر مقامی تنظیم رحیم یار خان جناب پروفیسرریٹائرڈسجاد منصور نے مہکات اجتماعیت پر سیر حاصل گفتگو فرمائی۔ اس کے بعد جناب ڈاکٹر محمد خالد شفیع نے’’دینی فرائض کا جامع تصور‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ اس کے بعد ملتزم رفیق رحیم یار خان جناب حافظ محمد عابد نے التزام جماعت میں بیعت ِ کی اہمیت کو جامع، سہل انداز میں بیان کیا۔ اس کے بعد ناظم دعوت و تربیت حلقہ جناب حافظ ثناء اللہ گبول نے رفقاء کو تنظیم اسلامی کے نظام العمل کا مطالعہ کرایا۔ آخر میں پروفیسر جناب عبد اللہ بن مقصود نے ’’رسول انقلاب کا طریقہ انقلاب‘‘ کے موضوع پر سہل اور آسان انداز میں نبی کریم ﷺ کی انقلاب کی جہدوجہد کو شرکاء کے سامنے بیان کیا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ یہ تربیتی اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اس اجتماع میں45 رفقاء اور5 احباب نے شرکت کی۔ (رپورٹ:احمد صادق سومرو، امیر حلقہ سکھر)
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر اہتمام نوشہرہ میں توسیع دعوت پروگرام
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کےزیرِ اہتمام ضلع نوشہرہ کے ایک گاؤں میاں جان کورونہ میں توسیعی دعوت کے سلسلے میں ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیاجس میں مدرس کے فرائض ناظم دعوت حلقہ جناب حبیب الرحمٰن نے سر انجام دیئے۔ یہ پروگرام نماز عصر سے نمازمغرب تک جاری رہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں قربانی کی حقیت اور اقامت دین کی جدوجہد پر مفصل گفتگو کی۔پروگرام میں 31 احباب نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطاء فرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔ (رپورٹ: سعید اللہ شاہ، معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی )