اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l اسرائیل کی غزہ پر نسل کُشی کی بنیاد پر مسلط جنگ کے 600 دن مکمل ہونے پر غزہ کے محکمہ صحت کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق غزہ کے 38 ہسپتالوں میں سے 22 ہسپتال مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں ۔105 بنیادی طبی مراکز میں سے صرف 30 کام کررہے ہیں۔ ضروری ادویات کی فہرست میں سے 47 فیصد ادویات مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں جبکہ طبی آلات اور سامان کی فہرست میں سے 65 فیصد اشیاء یکسر ختم ہوچکی ہیں۔ 104آپریشن تھیٹرز میں سے صرف 50 آپریشن تھیٹرز برائے نام یا انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں کام کررہے ہیں۔ علاج نہ ہونے کی وجہ سے گُردوں کے امراض میں مبتلا 41 فیصد مریض خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔34 آکسیجن اسٹیشنز میں سے 25 مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 9 اسٹیشنز کام تو کررہے ہیں مگر جزوی طور پر۔ سی ٹی اسکین مشینیں جو پورے غزہ میں 19 تھیں ،اُن میں سے 12 تباہ ہو چکی ہیں۔ ایم آر آئی مشینیں 7 تھیں جو سو فیصد تباہ ہو چکی ہیں ۔ہسپتالوں میں 110 پاور جنریٹرز میں سے صرف 49 ہی فعال ہیں مگر مرمت اور ایندھن کے متقاضی ہیں۔
l 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک فلسطین میںشہید صحافیوں کی تعداد 226 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی طورپر شہدا کی تعداد54772 اور زخمیوں کی تعداد 125834تک پہنچ گئی ہے ،جن میں بچوں کی تعداد 16854 ہے جو کل شہداء کا 31.5 فیصد ہے۔20594 نوجوان مرد جن کی عمریں 18 سے 45 سال کے درمیان تھیں ، ان کا تناسب 38 فیصد ہے۔پیدائش کے فوراً بعد شہید کر دئیے گئے بچوں کی تعداد 356،ایک سال سے کم عمر کے شہید ہونے والے بچوں کی تعداد 931 ،غذائی قلت کی وجہ سے شہید ہو جانے والے بچوں کی تعداد 60 ہے۔ اس دوران 14000 سے زائد خاندان اسرائیلی مظالم کا شکار ہوئے ، جن میں سے 2483 ایسے خاندان ہیں جن کے سو فیصد افراد شہید کئے جاچکے ہیںجبکہ 5620خاندان ایسے ہیں جن میں سے صرف ایک فرد ہی زندہ بچا ہے۔
l حماس کے غزہ میں سربراہ اور مذاکراتی وفد کے قائد، مجاہد ڈاکٹر خلیل الحی نے عید الاضحی کے موقع پر کہا ہے کہ حماس نے ’’ویٹکوف‘‘ کی حالیہ تجویز کو مسترد نہیں کیا، بلکہ اس میں بعض اہم نکات اور اصلاحات شامل کی ہیں تاکہ اس جنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے، دشمن کی جانب سے دھوکہ، قتل و غارت، جارحیت اور جبری نقل مکانی کو روکا جاسکے اور فلسطینی عوام کے لیے امداد و ریلیف کی باعزت فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ قابض صہیونی ریاست نے مظالم کی انتہاکردی ہے ، یہاں تک کہ اُن کے خلاف بھی جو محض اپنی بھوک مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، جیسا کہ حالیہ دنوں میں رفح میں دیکھا گیا، یہ سب ممکن نہ ہوتا اگر اسرائیل کو اسلحہ فراہم نہ کیا جا رہا ہوتا ۔ اسرائیل نوازی کا تازہ ترین مظاہرہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں کیا گیا، جہاں امریکہ نے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور فوری امداد کی فراہمی کی قرارداد کو ویٹو کر دیا ۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l ایران: یورینیم کی افزودگی سےکوئی نہیں روک سکتا: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، ایران کو یورینیم کی افزودگی سے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ عالمی قوانین ہر ملک کو پُر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں۔جبکہ ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے ملٹری ڈاکٹرائن میں ایٹمی ہتھیاروں کی کوئی جگہ نہیں ہے اور اس ضمن میں ایران کی تمام تر سرگرمیان آئی اے ای اے کی زیر نگرانی اور مکمل شفاف ہیں اور ایران کی کوئی ایسی تنصیب یا سرگرمی نہیں جو ظاہر نہ کی گئی ہو۔ ایرانی وزیر برائے انٹیلی جنس اسماعیل خطیب کا کہنا ہے کہ ایران نے اپنے خفیہ ذرائع سے اسرائیل کی مکمل جوہری دستاویزات حاصل کر لی ہیں۔ امریکا، یورپ اور دیگر ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات اور اسرائیلی اسٹریٹجک پاور کی انٹیلیجنس دستاویزات بھی اس میں شامل ہیں۔
l افغانستان: ملک چھوڑنے والوں کے لیے عام معافی: عید الاضحی کے موقع پر خطاب میں افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم نے کہاکہ وہ افغان جن پر امریکا نے اپنے دروازے بند کردئیے وہ وطن واپس آجائیں ۔ وہ افغان بھی واپس آسکتے ہیں جنہوں نے امریکی مقاصد کے لیے دشمن کا ساتھ دے کر ملک کو نقصان پہنچایا تھا۔
l بنگلہ دیش:عام انتخابات اپریل 2026ء میں ہوں گے: عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے قوم سے خطاب میں کہا کہ عام انتخابات اپریل 2026ءکے پہلے دو ہفتوں میں کسی دن ہوں گے۔ انتخابات کا روڈمیپ الیکشن کمشن دے گا۔
l شام:دمشق سٹاک ایکسچینج دوبارہ کھل گئی: دمشق سیکیورٹیز ایکس چینج کمیشن میں 6ماہ کی بندش کے بعدتجارت دوبارہ شروع ہو گئی ہے، شام کے نئے رہنما تقریباً 14 سال کی خانہ جنگی کے بعد ملک کی تباہ حال معیشت کو سہارا دینے اور تعمیرِ نو شروع کرنے کے لیے امریکی مدد کے ساتھ کوشاں ہیں۔
l بھارت: فوج نے عید الاضحی کی نماز پڑھنے سے روک دیا: بھارتی فوج نے کلکتہ کے تاریخی ریڈ روڈ پر عید الاضحی کی نمازادا کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیاجس کی وجہ سے مسلمانوں کو نماز عید کی ادائیگی میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
l برطانیہ : قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والا ملعون مجرم قرار: دارالحکومت لندن میں ترک قونصل خانے کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون شخص کو عدالت نے مجرم قرار دے کر 240پائونڈ جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
l سعودی عرب: ولی عہد کا مسلم ممالک کے قائدین کیلئے ظہرانہ: ظہرانے میں سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا جہاں عالم اسلام کی اہم شخصیات کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان ایاز صادق ، چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے شرکت کی۔ مفتی اعظم فلسطین اور وزیر اوقاف شام نے خطاب کیا اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے وحدت اور اتحاد سے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2025