اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l غزہ کی پٹی میں مارچ 2025ءکے آغاز سے اب تک 66 سے زائد بچے شدید غذائی قلت اور بھوک کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ چیتھڑوں سے بنے خیموں میں، خالی ہسپتالوں کے بستر پرمائیں اپنے معصوم بچوں کو دودھ کی جگہ دال کا شوربہ پلا رہی ہیں اور یہ سب کچھ جنگی مجرم نیتن یاہو کی حکومت کی جانب سے نافذ مکمل محاصرے کا نتیجہ ہے۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق، نوزائیدہ بچوں کے لیے مخصوص دودھ مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں۔دنیا کو اس جاری بھوک کی مجرمانہ سازش کو روکنے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدام کرنا ہوگا۔ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں کل شہداء کی تعداد56412 اور زخمیوں کی تعداد133054 ہو چکی ہے۔18 مارچء 2025 سے اب تک 6089 فلسطینیوں کے شہید اور21013 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے ۔
l حماس کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں قابض اسرائیلی پولیس کی سرپرستی میں درجنوں صہیونی آبادکاروں کا دھاوا، مسجد کو نمازیوں سے خالی کرانا اور اس کے صحنوں میں تلمودی رسومات کی ادائیگی دراصل صہیونی ریاست کی جانب سے قبلہ اول کی بے حرمتی ہے اور اس پر مکمل قبضہ جمانے کی ناکام کوشش ہے ۔عرب اور اسلامی ممالک قبلہ اول کی مسلسل بے حرمتی اور اس کی اسلامی شناخت کو مٹانے کی کوششوں کے خلاف سنجیدہ، عملی اور مؤثر اقدامات کریں، تاکہ مسجد اقصیٰ کو درندگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
l اسرائیلی اخبار ’’ہارٹز‘‘ کی چونکا دینے والی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شمالی غزہ میں قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو انسانیت کے نام پر دی جانے والی امداد کے دوران دانستہ طور پر نشانہ بنایا جبکہ فلسطینی صحافی اور مصنف احمد ابو رتیمہ نے واضح کیا ہےکہ قابض اسرائیل امدادی ٹرکوں کے داخلے کو غیر انسانی شرائط سے مشروط کر رہا ہے۔ وہ امداد کی محدود مقدار کو صرف اس شرط پر داخل ہونے دیتا ہے کہ وہ راستے میں لوٹ لیے جائے۔یہ افراتفری نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
l قابض اسرائیل کے سابق وزیراعظم اور سابق چیف آف اسٹاف ایہود باراک نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے خطرے کو بھی ختم نہیں کیا جا سکا۔
l یمن کے سرکردہ رہنما جنرل محمد الغماری نے شہید عزالدین القسام بریگیڈزکے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ ہم میدانِ جہاد میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںاور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ یمن، اپنی عوام، افواج اور قیادت سمیت، میدانِ معرکہ میں ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔یاد رہے کہ یمنی مسلح افواج اس سے قبل بھی فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے لیے عسکری حمایت اور اظہارِ یکجہتی کر چکی ہیں۔
l غزہ شہر میں واقع فلسطین اسٹیڈیم کے شمال میں قابض اسرائیلی افواج کے وحشیانہ فضائی حملے کے نتیجے میں 15 سے زائد پناہ گزین خیمے مکمل طور پر ریت کے نیچے دفن ہو گئے ۔ یہ خیمے ان نہتے خاندانوں کا واحد سہارا تھے جو پہلے ہی جنگ کے باعث بےگھر ہو چکے تھے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l سعودی عرب : غلاف کعبہ تبدیل کر دیا گیا: ہجری سال کے آغاز پرلاکھوں حجاج اورزائرین کی موجودگی میں غلاف کعبہ تبدیل کر دیا گیا۔اِس موقع پر حجاج اورزائرین بدستور خانہ کعبہ کا طواف کرتے رہے تاہم صحنِ مطاف کوخصوصاًخالی کرالیا گیا تھا۔ دنیا بھر میں کروڑوں مسلمانوں نے یہ منظر گھر بیٹھے ٹی وی سکرین پر بھی دیکھا۔
l اقوام متحدہ : عالمی امن کے لیے پاکستان سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا: پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان جولائی2025ء کے دوران سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داریاں سنبھالے گا۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے واضح کیا کہ پاکستان، سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران شفاف، مشاورتی اور تعمیری سفارت کاری کو فروغ دے گا تاکہ عالمی مسائل کے حل میں مؤثر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
l ایران:رافیل گروسی کو دھمکی نہیں دی : اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کو ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ بین الاقوامی جوہری واچ ڈاگ ادارے آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گورسی اور اس کے دیگر معائنہ کار ایران میں مکمل محفوظ رہیں گے ،یاد رہے ایک ایرانی اخبار کی طرف سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ گروسی کو جاسوس قرار دے کر پھانسی دے دی جائے۔
جاسوسی کے الزام میں پانچ افغان باشندے گرفتار : ایران اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیل کے لیے جاسوسی کے شبے میں کم از کم پانچ افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔
l بھارت: اسلام‘پاکستان‘ چین کے متعلق کورسز ختم کرنے کا فیصلہ: دلی یونیورسٹی کے نصاب سے اسلام‘ پاکستان اور چین کے حوالے سے کورسز ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے فیکلٹی ارکان نے اس فیصلے کو نظریاتی سنسرشپ قرار دے دیا۔ جامعہ دلی کے وائس چانسلر نے نصاب کمیٹی سے سفارش کی ہے کہ پاکستان کی تعریف پر مبنی مواد کو فوری ہٹا دیا جائے۔
l سوئیڈن:غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ : دارالحکومت اسٹاک ہوم میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔ فلسطینی پرچم لہراتے مظاہرین نے ’’قاتل نیتن یاہو غزہ سے نکلو کے نعرے لگائے۔ مظاہرے میں شریک افراد نے غزہ میں فوری غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔
l شام :امریکہ نےاقتصادی پابندیاں ختم کر دیں: صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے شام پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کر دی ہیں تاہم سابق شامی صدر بشار الاسد‘ داعش اور ایرانی اتحادیوں پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔
l اسرائیل: 12دن کی جنگ میں اسرائیل دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا: ایران کے خلاف حالیہ 12 روزہ جنگ میں اسرائیل کو بھاری معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایرانی میڈیا اور اسرائیلی ذرائع کے مطابق، اس جنگ میں اسرائیل کو براہِ راست 12 ارب ڈالر اور مجموعی طور پر 20 ارب ڈالر تک کا معاشی نقصان پہنچا۔ یہ نقصان فوجی اخراجات، انفراسٹرکچر کی تباہی، میزائل حملوں، متاثرین کو معاوضے، اور کاروباری نقصانات پر مشتمل ہے۔