حلقہ لاہور شرقی کے تحت سہ ماہی تربیتی اجتماع
اجتماع 22 جون بروز اتوار صبح 7:30 بجے مسجد النور باغ والی میں منعقد ہوا۔ امیر حلقہ نے افتتاحی کلمات میں شرکاء مجلس کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کا شیڈول بتایا ۔ تذکیر بالقرآن کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے ملتزم رفیق جناب مرزا محمود الحسن نے ’’اعراض عن ِالجھاد کی سزا: نفاق‘‘کے موضوع پر نفاق کے اسباب و علامات اور علاج کے حوالے سے درسِ قرآن دیا۔ اس کے بعد مطالعہ حدیث کا موضوع تھا ’’ الدین النصیحہ‘‘ جس کی ذمہ داری مقامی امیر جناب عدیل آفریدی نے ادا کی۔ اس کے بعد بانی ٔمحترم رحمہ اللہ کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے پر مشتمل خطاب بعنوان ’’بعثت محمدی ﷺ ایک عالمگیر اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ‘‘ کی سماعت کا بذریعہ ویڈیو سکرین اہتمام کیا گیا۔ اگلا موضوع تھا ’’تنظیم اسلامی کی دعوت اور عصر حاضر کے تقاضے‘‘ جس پر حلقہ لاہور شرقی کے ناظم دعوت جناب شہباز احمد شیخ نے سیر حاصل گفتگو کی۔ سیرتِ صحابہ رضوان اللہ علیہم کے ضمن میں ملتزم رفیق جناب ساجد حسین نے ’’حضرت صہیب رومی h‘‘ کے حالات زندگی اور اسلام کے لیے بے مثال قربانیوں کی داستان بیان کی۔ سیرتِ صحابہ کے بعد نعت ِرسول مقبول ﷺ پڑھنے کی سعادت مبتدی رفیق جناب عدیل احمد نے حاصل کی۔ اگلا موضوع تھا ’’جماعتی زندگی میں باہمی محبت و الفت کی اہمیت، ذرائع اور مہلکات‘‘ جس پر راقم نے گفتگو کی۔ شیڈول کے مطابق اجتماع کا آخری موضوع تھا ’’مقامی تنظیم کی سطح پر دعوت کے کام کو کیسے فعال بنایا جائے؟‘‘ مقامی تنظیم ڈی ایچ اے کے نائب امیر جناب آصف رحیم نے اپنے عملی تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ نمازِ ظہر سے قبل امیر حلقہ نے اپنے اختتامی کلمات میں اختصار کے ساتھ اجتماع کے حاصل کلام پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ رفقاء تنظیم اگر تین کاموں کا اہتمام کرلیں تو اس میں پورے دین اور پوری تنظیم کے تقاضے آجاتے ہیں۔ وہ تین کام ہیں: تعلق مع اللہ، دعوت الی اللہ اور سمع و طاعت با لمعروف۔ انہوں نے تنظیم میں مواخات کے حوالے سے بھی شرکاء کو توجہ دلائی اور رحماء بینھم کے تناظر میں اس کی اہمیت کو واضح کیا۔ آخر میں امیر حلقہ نے اجتماع کی بخیر و عافیت تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اجتماع کے منتظمین، مدرسین، ذمہ داران اور تمام شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا۔ نماز ظہر کی اذان کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو قبول فرمائے۔ آمین یارب العالمین!
(رپورٹ: نعیم اختر عدنان، ناظم نشر واشاعت حلقہ لاہور شرقی)
مقامی تناظیمِ اسلامی بیبیوڑ، دیر، داروڑہ، واڑئ کا سہ ماہی اجتماع
29 جون 2025ء کوصبح آٹھ بجےاجتماع کا آغاز تلاوت و ترجمہ و تفسیرِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت جناب مولانا احسان اللہ نے حاصل کی۔ اس کے بعد جناب حمیداللہ نے ’’رزقِ حلال، سوال سے منع اور محنت کے برکات‘‘ کے موضوع پر درسِ حدیث دیا۔ درسِ حدیث کے بعد جناب مولانا عنائت اللہ توحیدی نے ’’سیرتِ صحابہؓ‘‘ کے ضمن میں حضرت عمرِفاروق h کی زندگی پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضرت عمرh کے مسلمان ہونے سے لے کر دعوت و تبلیغ، جہاد، بہادری و انکساری اور حکومتی و ریاستی امور تک کے واقعات کا ذکر کیا ۔اس کے بعد جناب عالم زیب نے ’’فرائض ِ دینی کے جامع تصور‘‘ کی وضاحت فرمائی اور آج کی عملی زندگی سے مثالیں پیش کرکے عملی تطبیق فرمائی۔ اس کے بعدچائے اور باہمی تعارف کے لیے وقفہ ہوا۔ وقفے کے بعد جناب محمد حنیف نے’’ اہل ِایمان کے اوصاف‘‘ پر سیرحاصل گفتگو فرمائی. اس کے بعد راقم الحروف نے حالاتِ حاضرہ پر نظر ڈالی جس میں ہندوستان، پاکستان، ایران، افغانستان، اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ ساتھ چین اور روس کا بھی تذکرہ آیا۔
آخر میںجناب امیر ِحلقہ نے اجتماع کے اختتامی کلمات میں ہماری کمزوریوں کا ذکر کیا اور اختتامی دُعا پر اس بابرکت محفل کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: خالد، مقامی امیر تنظیم ِ اسلامی بیبیوڑ)
– باجوڑ شرقی کاسہ ماہی تربیتی اجتماع
باجوڑ شرقی کی مقامی تنظیم کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی اجتماع 29 جون 2025 ء کو الہدیٰ اسکول، ملاکلے میں صبح 8 بجے منعقد ہوا۔ اجتماع میں مقامی ذمہ داران و نقباء سمیت رفقاء نے بھرپور شرکت کی۔
سب سے پہلے درسِ قرآن ہوا۔ درس قرآن کی ذمہ داری جناب عبید اللہ نے ادا کی۔ انہوں نے آیت البرکی روشنی میں نیکی کی حقیقت پر گفتگو کی ۔
اس کے بعد درسِ حدیث کی ذمہ داری جناب عبد الاحد نے بطریقہ احسن سرانجام دی ۔
تیسری نشست میں تزکیہ نفس کے عنوان سے جناب شیر محمد حنیف نے خطاب کیا۔ انہوں نے ’’قلب کی صفائی، نیت کی اصلاح، اور عمل میں اخلاص‘‘ جیسے بنیادی موضوعات پر روشنی ڈالی۔چائے کے وقفہ کے بعد منتخب نصاب نمبر 2 پر راقم نے مذاکرہ کروایا، جس میں رفقاء نے بھرپور شرکت کی ۔
اس کے بعد ناظم دعوت حلقہ ملاکنڈ جناب فیض الرحمن نے ’’جہاد سے گریز، نفاق‘‘ کے موضوع پر پُرتاثیر خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن، سنت اور سیرت صحابہؓ کی روشنی میں اس امر کی وضاحت کی کہ جہاد سے کنارہ کشی اور نفسیاتی پسپائی دراصل نفاق کی علامت ہے۔
اس کے بعد جناب سعیداللہ نے سیرتِ خالد بن ولید ؓ کے موضوع پر جہادی، ایمانی اور قیادتی پہلوؤں پر بصیرت افروز گفتگو کی۔ ان کی شجاعت، قربانی اور ’’سیف اللہ ‘‘ ہونے کے اعزاز کو اجاگر کرتے ہوئے، نوجوانوں کو ولولہ، اخلاص اور قربانی کی راہ پر چلنے کی دعوت دی ۔بعد ازاں جناب لاہور خان نے نظام العمل کے مطالعے میں اسرہ کی اہمیت، اور تنظیمی اہداف کی روشنی میں اس کے کردار پر گفتگو کی۔ ان کی گفتگو جامع اور قابلِ عمل نکات پر مشتمل تھی۔اختتام پر جناب رفیق الرحمن کی سربراہی میں تنظیمی مشاورتی نشست ہوئی جس میں رفقاء کی کارکردگی، منصوبہ بندی، اور آئندہ کے اہداف پر مشاورت کی ۔ تمام ذمہ داران نے تجاویز دیں ۔یہ اجتماع تربیتی لحاظ سے مفید تھا۔ نظامت، وقت کی پابندی، اور رفقاء کی دلچسپی قابلِ ستائش تھی۔ (رپورٹ: محمد سعید سالارزئی،ناظم نشرو اشاعت حلقہ ملاکنڈ)
حلقہ پوٹھوہار کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی اجتماع
تنظیم اسلامی حلقہ پوٹھوہار کے زیر اہتمام سہ ماہی تربیتی پروگرام بروز اتوار زکریا ایونیومارکی نزد جاتلاں میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں علم، فکر اور عملی رہنمائی کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔ نقیب اسرہ جناب چودھری غلام سلطان نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئیے۔
پروگرام کا آغاز صبح 8:30 بجےامیر تنظیم اسلامی جاتلاںجناب پروفیسر عطاء الرحمن صدیقی کے درسِ قرآن سے ہوا۔ انہوں نے ’’شہادتِ علی الناس‘‘ کے عنوان پر سورہ بقرہ کی آیت 143 کی روشنی میں امتِ مسلمہ کی ایک بڑی ذمہ داری پر درس دیتے ہوئے کہاکہ جس طرح امت ِمحمد ؐ خیر الامت ہے، اسی طرح شہادتِ علی الناس بھی اسی امت کی ذمہ داری ہے۔
اس کے بعد رفیق تنظیم جناب شیخ ساجد سہیل نے’’دعوتِ دین اور اس کی اہمت ‘‘ کے عنوان پر درسِ حدیث دیا۔انہوں نے کہا کہ دعوتِ دین ہر مسلمان پر فرض ہے اور یہ امت کی بقا اورکامیابی کی ضامن ہے۔ آپ نے خاص طور پرنبی کریم ﷺ کی حدیث ((بَلِّغُوْا عَنِّیْ وَلَوْآیَۃً))’’میری طرف سے پہنچا دو اگرچہ ایک آیت ہی ہو۔‘‘ کا حوالہ دیا، جس سے ہر فرد کی انفرادی ذمہ داری نمایاں ہوتی ہے۔
جناب خرم شہزاد بٹ نے ’’فلسفہ قربانی‘‘ پر نہایت مدلل لیکچردیا۔ انہوں نے سورۃ الحج کی آیت 37 اور سیرت ابراہیمی کی روشنی میں واضح کیا کہ قربانی صرف جانور کا ذبح کرنا نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لیے اپنی محبوب ترین چیزوں کو قربان کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے اس تصور کو بھی واضح کیا کہ اللہ کو خون اور گوشت نہیں پہنچتا بلکہ اخلاص اور تقویٰ پہنچتا ہے۔
چائے کے وقفے کے بعد دعوتی کام کو مؤثر بنانے کے لیے 9 گروپوں کی صورت میں انفرادی دعوت اور اسرہ میٹنگز کو فعال بنانے کے اہم نکات پر مذاکرے کیے گئے۔ شرکائے مذاکرہ نےتنظیم اسلامی کی دعوت اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں بعض اہم نکات پر بحث کی ۔اس سیشن کا مقصد یہ تھا کہ کس طرح افراد تک اسلام کا پیغام پہنچایا جائے اور دعوتی سرگرمیوں کومؤثر بنایا جائے۔
اس کے بعد جناب محمد نعمان نے اسرہ میٹنگ کے دوران ’’دعوتی کام کا جائزہ کیسے لیا جائے؟‘‘ کے عنوان پر تفصیلی اور عملی بریفنگ دی۔ انہوں نے قرآن کے اصولِ دعوت الاقرب فالاقرب کی روشنی میںبتایا کہ باہمی مشورے سے دعوتی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری لانا کس قدر اہم ہے۔ انہوں نےپروجیکٹر کے ذریعے رہنمائی فراہم کی۔
اس کے بعد ناظم حلقہ پوٹھوہار جناب علی اختر اعوان اور امیر مقامی تنظیم اسلامی چکوال جناب محمد شہزاد بٹ ایڈووکیٹ نے’’دعوتی کام کے عملی مظاہرے‘‘ پر ایک عملی اور متاثر کن پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے سیرت نبوی ﷺ سے مثالیں دیتے ہوئے واضح کیا کہ نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام j نےکس طرح عملی طور پر دعوت کا فریضہ سر انجام دیا۔
آخر میں امیر حلقہ جناب پروفیسر حافظ ندیم مجید نے صدارتی خطاب فرمایا۔انہوں نے تمام لیکچرز کا خلاصہ پیش کیا اور حاضرین کو دین کی خدمت اور دعوت کے لیے مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ترغیب دی اور فرمایا کہ یہ تمام موضوعات قرآن و سنت کی روح ہیں اور ان پر عمل پیرا ہو کر ہی امت مسلمہ اپنے مقاصد حاصل کر سکتی ہے۔ ان کا خطاب نہ صرف معلوماتی تھا بلکہ حاضرین کے لیے ایک گہری روحانی تحریک کا باعث بھی بنا۔
صدارتی خطاب کے بعد ایک انتہائی رقت انگیز اور جامع دعا فرمائی گئی، جس میں اُمت ِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، کامیابی اور دعوتی کام کی قبولیت کے لیے گڑ گڑا کر التجا کی گئی۔
پروگرام کے اختتام پر جناب چودھری محمد حفیظ کے دینی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اتنے بڑے اجتماع کے لیے عمدہ انتظامات کر کے اپنی نئی تیار شدہ مارکی پروگرام کے انعقاد کے لیے فی سبیل اللہ پیش کی۔
یہ سہ ماہی تربیتی و تنظیمی پروگرام بحیثیت مجموعی ایک انتہائی کامیاب، فکری ، تربیتی اور روحانی اجتماع تھا جس نے حاضرین کو دینی علوم، ان کی عملی افادیت اور دعوتی ذمہ داریوں کے حوالے سے نئی فکر اور عزم سے روشناس کرایا۔ تمام مقررین نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنے موضوعات کو اس طرح پیش کیا کہ حاضرین کے علم، ایمان اور عملی تحریک میں گرا نقدر اضافہ ہوا۔ امید ہے کہ اس پروگرام کے ثمرات دوررس ثابت ہوں گے اور یہ دعوتی کام میں مزید پختگی اور وسعت لانے کا باعث بنے گا۔
اقامت دین کی جد وجہد میں اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔
(رپورٹ: پروفیسر عطاء الرحمن صدیقی،مقامی امیر تنظیم اسلامی جاتلاں)