اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے بڑی کارروائی کے دوران قابض اسرائیلی فوج کی ایک بکتر بند گاڑی اور بارود سے بھرے ٹرک کو نشانہ بنا کر5 فوجیوں کو ہلاک اور کم از کم 10 کوشدید زخمی کردیاجبکہ ایک قابض فوجی تاحال لاپتہ ہے۔
l اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے بریکس ممالک کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور قابض اسرائیل کی مکمل انخلا کےمطالبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اِسے فلسطینی زمینوں پر قابض اسرائیل کے انخلا کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔
l تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کیے، اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں مکمل جنگ بندی اور تمام قیدیوں کی رہائی پر مشتمل جامع معاہدے پر دستخط کرے۔
l اسرائیلی اخبارمعاریو کے مطابق ریٹائرڈ میجر جنرل اسحاق بری کا کہنا ہے کہ حماس دوبارہ اپنے جنگ سے پہلے والے حجم تک واپس آ چکی ہے اور اس وقت تقریباً 40ہزار مجاہدین زیر زمین سرنگوں میں منظم انداز میں موجود ہیں۔
l قابض اسرائیل غزہ کی پٹی میں شہریوں اور بے گھر افراد کے خلاف اپنے منظم جرائم کا ارتکاب جاری رکھے ہوئے ہے، پناہ گاہوں کو جان بوجھ کر اور بار بار نشانہ بنایا جا رہا ہے۔غزہ کی پٹی میں حالیہ نسل کشی کے آغاز سے اب تک 256 پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں 7 لاکھ سے زائد بے گھر افراد مقیم ہیں۔جبکہ صرف جون 2025ء میں ہی11 سے زیادہ مراکز کو نشانہ بنایاگیا۔7 اکتوبر 2023 ءسے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک57523 فلسطینی شہید اور136617 زخمی ہو چکے ہیں۔18 مارچ 2025 ءسے اب تک 6964 شہداء اور24576 زخمی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ انسانی امداد کے حصول کے دوران شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 751 اور زخمیوں کی تعداد 4931 تک پہنچ چکی ہے۔ عالمی ادارۂ خوراک نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں موجود بیشتر فلسطینی خاندان اب بمشکل دن میں صرف ایک وقت کا کھانا کھا رہے ہیں، جبکہ قحط، بھوک اور فاقہ کشی کا خدشہ شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔
l اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق،گزشتہ دنوں میں فلسطینی مزاحمت کی حکمت عملی میں غیر معمولی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ جہاں پہلے مجاہدین خفیہ رہ کر لڑتے تھے، اب وہ جرأت و بہادری کے ساتھ دشمن پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ مزاحمتی جنگجو اب نہ صرف مشین گنوں اور دھماکا خیز مواد سے لیس ہیں بلکہ وہ دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں غیر معمولی مہارت دکھا رہے ہیں۔7 اکتوبر2023ء سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 883 قابض فوجی ہلاک اور 6000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد زمینی حملوں کے دوران زخمی ہونے والوں کی ہے۔ صرف جون کے مہینے میں 20 صہیونی فوجی مارے گئے، جن میں سے 15 خان یونس میں جہنم رسید ہوئے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l اقوام متحدہ:پاکستان نے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی: جولائی 2025 ءکے لیےپاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے جسے عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو صدارت ایسے وقت میں ملی ہے جب دنیا مختلف تنازعات اور انسانی بحرانوں کا سامنا کر رہی ہے۔
l بھارت: مساجد میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی: بھارتی شہر ممبئی کی مساجد میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ یہ پابندی ممبئی ہائیکورٹ کی ’صوتی آلودگی‘ سے متعلق حالیہ ہدایت کے بعد سامنے آئی ہے جسے پولیس نے شہر بھر میں نافذ کردیا ہے۔جبکہ 5 مسلم مذہبی اداروں نے ممبئی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرکے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کو چیلنج کیا ہے۔
l ترکیہ :گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ‘ ایڈیٹر سمیت 5 گرفتار: ترکیہ میں ایک ہفت روزہ میگزین میں توہین آمیز خاکے کی اشاعت پرمذہبی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے پر کارٹونسٹ اور ایڈیٹرز کو گرفتار کر لیا گیا۔
l برطانیہ : شام کے ساتھ تعلقات بحال : شام کے دورے پر گئے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ شام کی نئی حکومت کی حمایت کرنا برطانیہ کے مفاد میں ہے، اس لئےشام کے ساتھ تعلقات بحال کئے جا رہے ہیں اور شام کی مدد کے لیے 94 ملین پاؤنڈ دینے کا وعدہ بھی کیا ۔
l روس: نئے افغان سفیر کی اسناد قبول کر لیں : روس نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرتے ہوئے امارات اسلامیہ افغانستان کے نئے سفیر کی اسناد قبول کر لی ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کو باضابطہ تسلیم کرنے سے دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔
l بنگلہ دیش: حسینہ واجد کو توہین عدالت پر 6 ماہ قید : انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل نے سابق وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد کو توہین عدالت کا مجرم قرار دیتے ہوئے 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالتی فیصلے کا پس منظر لیک ہونے والی ایک آڈیو ہے، جس میں شیخ حسینہ کو یہ کہتے سنا گیا’’میرے خلاف 227 مقدمے ہیں، اب مجھے 227 لوگوں کو مارنے کا لائسنس مل گیا۔‘‘
l قازقستان: عوامی مقامات پر ’نقاب پہننے‘ پر پابندی : صدر قاسم جومارت توقایف نےقازقستان میں عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے (نقاب پہننے) والے لباس پہنے پر پابندی کے قانون پر دستخط کر دیئے ہیں۔قانون کے مطابق ایسے لباس پر پابندی ہوگی جو شناخت میں رکاوٹ بنتے ہیں، تاہم اس میں طبی مقاصد، خراب موسمی صورتحال،کھیلوں یا ثقافتی تقریبات کے دوران استعمال کیے جانے والے لباس کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
l امریکا:ایرانی تیل کی تجارت پر نئی امریکی پابندیاں : امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا ہے کہ ایرانی تیل کی تجارت کرنے والے ایک کاروباری نیٹ ورک اور حزب اللہ کے زیر کنٹرول مالیاتی ادارے پر امریکا نےنئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یہ اقدامات ایران کی معیشت اور حزب اللہ کے مالی ڈھانچے پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2025