(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

11 /
حلقہ کراچی جنوبی کے تحت میں توسیع دعوت پروگرام
 
تنظیم اسلامی حلقہ کراچی جنوبی کے زیرِ اہتمام ایک مؤثر اور بامقصد توسیع دعوتی پروگرام سیکٹر 33-ای، کورنگی، کراچی میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کی میزبانی تنظیم ِکورنگی وسطی نے کی، جنہوں نے بہترین انتظامات کے ذریعے اپنے دعوتی جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔ خطابِ عام کی اطلاع کے لیے بینرز اور ہینڈبلز پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے تھے۔تنظیم ِکورنگی وسطی کے رفقاء سہ پہر 3:00 بجے مقررہ مقام پر پہنچ گئے اور تمام ضروری انتظامات منظم طریقے سے مکمل کیے۔ شام 4:00 بجے حلقہ کراچی جنوبی کی تین مقامی تنظیمیں (کورنگی شرقی، کورنگی غربی اور لانڈھی) معاونت کے لیے پہنچیں۔ شام کو تمام شرکاء کا باہمی تعارف ہوا۔
شام 5:00 بجے تنظیم ِکورنگی وسطی کے ناظمِ تربیت، محترم سلیم خان نے’’ دعوت الی اللہ کی اہمیت، فضیلت اور آداب‘‘ پر بصیرت افروز گفتگو فرمائی۔ انہوں نے قرآنِ مجید کی مختلف آیات اور نبی کریم ﷺ کی سنت کی روشنی میں واضح کیا کہ دعوتِ دین ہر مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اِس کے بعد تمام رفقاء کو دعوتی سرگرمی کے لیے ٹیموں میں تقسیم کیا گیا اور نمازِ عصر باجماعت ادا کی گئی۔ نمازِ عصر سے پہلے اور بعد میں ٹیموں نے سیکٹر 33-ای  کے مختلف حصوں میں جا کر پیغامِ دعوت پہنچایا۔ تمام ٹیمیں نمازِ مغرب سے تقریباً تیس منٹ قبل واپس لوٹ آئیں اور اپنی دعوتی سرگرمیوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔
نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد تنظیم ِاسلامی حلقہ کراچی جنوبی کے امیر، ڈاکٹر محمد الیاس نے ’’ اتحادِ اُمت اور پاکستان کی سالمیت ‘‘پر نہایت مؤثر اور بصیرت افروز خطاب کیا۔
درس کے بعد امت ِمسلمہ، ملک و ملت اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی کامیابی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ شرکاء کو مقامی تنظیم کا پتہ اور ان کے علاقے میں ہونے والے ماہانہ دروس کے اوقات اور دنوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔پروگرام کے دوران    تنظیم ِ اسلامی اور انجمن خدام القرآن کی کتب پر مشتمل ایک مکتبہ بھی قائم کیا گیا، جس میں تمام کتب 50 فی صد رعایت کے ساتھ پیش کی گئیںجن سے اہل ِعلاقہ نے بڑی دلچسپی سے استفادہ کیا۔اس پروگرام میں تنظیم کے 100 رفقاء اور 90 احباب نے شرکت کی۔
یہ پروگرام رفقائے تنظیم کے باہمی تعاون، اخلاص اور دعوتی شعور کا ایک عکس تھا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں دعوتِ دین کا حقیقی فہم عطا فرمائے۔(رپورٹ: ڈاکٹر اسرار علی، مقامی امیر تنظیم، کورنگی وسطی)
 
امیر حلقہ ملاکنڈ کا دورہ دیر بالا
امیر حلقہ ملاکنڈ محترم ممتاز بخت، راقم الحروف اور ناظم دعوت و تربیت سمیت    29 جولائی کو دیر بالا کے دورے پرروانہ ہوئے تو دوپہر کو یہ مختصر قافلہ واڑی پہنچ گیا ۔  محترم فریداللہ بھائی کھانا کھلانے کے بعد ہمیں ایک مسجد میں لے گئے جہاں دوسرے رفقاء بھی منتظر تھے ۔یہاں کے رفقاء کے ساتھ دعوتی گفتگو ہوئی۔ مقامی امیرمحترم عنایت اللہ اور سینئر رفیق صاحبزادہ بھی موجود تھے ۔ یہاں سے گندیگار روانہ ہوئے۔ مقامی مسجد میں تھوڑا آرام کیا ۔نماز عصر کےبعد راقم نےوہاں ’’دین اسلام اور اس کے مطالبے‘‘ پر 40 منٹ گفتگو کی۔ بعد میں ناظم دعوت و تربیت نے تمام رفقاء کے ساتھ دعوتی گفتگو کی ۔رفقاء کی حاضری قابل قدر تھی۔ خصوصاً بیبوڑ کے امیرمحترم خالد اپنے تمام رفقاء سمیت تشریف لائے تھے۔
یہاں سے ایک دور افتادہ علاقہ پیتاو بانڈہ کا رخ کیا۔ وہاں امیر حلقہ کے کچھ دیرینہ شاگردوں نے پروگرام بنایا تھا ۔ان کے ساتھ بہت مفید نشست ہوئی اور تنظیم کا تعارف اُن کے سامنے رکھا گیا۔ رات اُدھر ہی قیام کیا۔صبح 9بجے دیر میں مقامی تنظیم کے رفقاء کے ساتھ دعوتی و تربیتی گفتگو ہوئی ۔یہاں سے محترم سعید اللہ کے ہاں چلے گئے اور وہاں راقم الحروف نے ’’زندگی کی حقیقت ‘‘پر مختصر گفتگو کی اور واضح کیا کہ یہ دنیا امتحان گاہ ہے اور اس امتحان کا نصاب دنیا میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے دین پر عمل کرنا ہے۔لیکن افسوس کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمارا دین کا تصور محدود اور مسخ ہوگیا اور صرف نماز و روزے سے بڑھ کر کچھ اخلاقیات تک محدود ہو گیا، دین ایک مکمل نظام حیات ہے اور اُخروی کامیابی کے لیے دین پر کلی عمل کرنا ضروری ہے ۔
واپسی پر گاؤں عمرالی بابو کلی میںمحترم صاحبزادہ نے اپنے علاقہ کی مقامی مسجد میں ایک نشست کا اہتمام کیا تھا۔محترم محمد نعیم نے ’’عبادت رب‘‘ کے موضوع پر بیان کیا۔ آخرمیں جماعت اسلامی کے ایک سینئر مدرس اور رکن سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی۔ یہ بات اُن کے سامنے رکھی گئی کہ اس ملک میں اسلامی نظام ایک پُرامن اور منظم تحریک کے بغیر نہیں آسکتا ہے ۔ اس کے بعد تیمرگرہ کی طرف رخ کیا ۔تیمرگرہ پہنچنے کے بعدمحترم فیض الرحمٰن اور محترم محمد نعیم صاحب اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ امیر حلقہ بھی چکدہ روانہ ہوئے۔علاقے میں حالات خراب ہونے کی وجہ سے راقم نےرات مرکز تیمرگرہ میں گزاری۔ اللہ سبحانہ ٗوتعالیٰ ہماری اِسی سعی کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے ۔آمین !(مرتب: نبی محسن)
حلقہ ملاکنڈ کے زیر اہتمام تین روزہ ریفریشر کورس
حلقہ ملاکنڈ کے زیر اہتمام تین روزہ ریفریشر کورس سایہ پبلک اسکول، گاڑی کبل،  سوات میں منعقد ہوا۔اس موقع پرناظم اعلیٰ محترم سید عطاء الرحمن عارف کی تشریف آوری ہوئی۔ ان کے ہمراہ نائب ناظم اعلیٰ خیبر پختونخواہ محترم محمد شمیم خٹک بھی شریک ِمجلس رہے۔ناشتے کے بعد ’’موجودہ حالات اور تنظیمی موقف‘‘ کے موضوع پر نشست ہوئی، جس میں مقامی نظم، انفرادی نقباء اور حلقہ کے تمام ذمہ داران نے شریک کی۔ اس موقع پر حالاتِ حاضرہ پر گفتگو ہوئی اور شرکاء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دئیے گئے۔
دوسری نشست حلقہ کی شوریٰ کے اراکین کے ساتھ ہوئی۔ اس میں تنظیمی خطوط برائے اصلاح، تنظیمی ڈھانچے، پالیسی، دعوتی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی اورناظم اعلیٰ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دئیے۔تیسری نشست میں ناظم اعلیٰ نے حلقہ کی تمام مقامی تناظیم اور انفرادی اُسرہ جات کی دعوتی، تنظیمی و تربیتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ مفید مشورے اور ضروری ہدایات بھی دیں۔ چوتھی نشست میں ناظم اعلیٰ نے نائب ناظم اعلیٰ خیبرپختونخوا اور امیر حلقہ ملاکنڈ محترم ممتاز بخت کے ساتھ تنظیمی معاملات پر تفصیلی مشاورت فرمائی۔
دعا کے ساتھ اس با برکت تین روزہ ریفریشر کورس کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس اجتماع کو قبول فرمائے اور تمام ذمہ داران کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ (مرتب:محمد سعید سالارزئی ناظم نشرو اشاعت، حلقہ ملاکنڈ)
حلقہ کراچی وسطی کے تحت نقباء تربیتی اجتماع
حلقہ کراچی وسطی کے تحت ’’نقباء تربیتی اجتماع‘‘ قرآن مرکز گلستان جوہر میں    صبح10:00تا 12.30 بجے منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں مقامی امراء، نقباء، مقامی معتمدین اور حلقہ کے معاونین سمیت92  ذمہ داران نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت ناظم رابطہ حلقہ محترم سید محمد احمدنے کی۔ اجتماع کا آغاز تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ ناظم تربیت برائے مدرسین حلقہ محترم  راشد  حسین شاہ نے ’’نظمِ جماعت کی پابندی‘‘ کے موضوع پر گفتگو فرمائی۔بعد ازاں امیر حلقہ محترم خالد محمود نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہااور اجتماع کی   غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔حلقہ کے ناظم تربیت محترم فیصل منظور اورناظم قانونی امور  محترم نوشاد علی شیخ نے’’نقیب بحیثیت مربی‘‘ کے موضوع پر شرکاء کے ساتھ مذاکرہ کیا۔ مذاکرے میں مربی کے اوصاف اور نقباء کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی۔ مذاکرے کے بعد معتمد حلقہ محترم عمر بن عبدالعزیز نے ’’تنظیمی رپورٹس کی اہمیت اور رپورٹنگ میں مسائل‘‘ کے عنوان سے گفتگو کی اور اُن کو صحیح طریقے سے پُر کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد  امیر حلقہ نے اپنے اختتامی کلمات میں اجتماع کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور تمام شرکاء، مدرسین اور منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دعائے مسنونہ پر اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ 
اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ آمین یارب العالمین !(رپورٹ: فیصل منظور، ناظم تربیت حلقہ)
تنظیم اسلامی حلقہ لاہور غربی کے تحت ایک روزہ توسیع دعوت پروگرام
تنظیم اسلامی حلقہ لاہور غربی کے تحت ایک روزہ توسیع دعوت پروگرام تنظیم اسلامی حلقہ لاہور غربی کے تحت جامع مسجد احمد مقصود، بلاک C، جوبلی ٹاؤن لاہور میں 27 جولائی 2025 بروز اتوار ایک روزہ توسیع دعوت پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض مقامی تنظیم بحریہ ٹاؤن نے ادا کیے جبکہ حلقہ لاہور غربی کی تمام مقامی تناظیم کے رفقاء نے بھرپور نصرت فراہم کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز دوپہر 2:30بجے تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت جامع مسجد احمد مقصود کے امام صاحب نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد حلقہ لاہور غربی کے نائب ناظم دعوت محترم علی اکبر نے ’’دعوت کیا، کیوں اور کیسے؟‘‘ کے موضوع پر ایک نہایت مفید اور فکرانگیز مذاکرہ کرایا، جس میں رفقاء نے بھرپور حصہ لیا۔شام 4:30 بجے  محترم  علی اکبر نے ’’الدین النصیحہ‘‘ کے موضوع پر درس حدیثدیا، جس میں دین میں خیرخواہی کی اہمیت اور عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔بعد ازاں 8 دعوتی ٹیمیںتشکیل دے کر مختلف علاقوں کی طرف روانہ کیا گیا۔اِس دوران ایک کارنر میٹنگ کا انعقاد بھی کیا گیا جس کی میزبانی محترم  منصور الحسن، امیر بحریہ ٹاؤن تنظیم نے کی۔مغرب کی نماز کے بعد خطابِ عام کا اہتمام کیا گیا۔ حلقہ لاہور غربی کے ناظم دعوت محترم نثار احمد خان نے ’’اللہ تعالیٰ کا انسانوں سے واحد مطالبہ‘‘ کے عنوان پر ولولہ انگیز اور پُر اثر خطاب کیا۔ جس میں شرکاء کو یاد دہانی کرائی گئی کہ زندگی کا اصل مقصد اللہ کے حکم کے مطابق اقامت ِ دین کی جدوجہد کرناہے۔
اس پروگرام میں 60 رفقاء، 80 احباب اور(باپردہ اہتمام کے ساتھ علیحدہ) 15 خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام دعا پر ہوا جس میں امت مسلمہ، بالخصوص پاکستان اور دنیا بھر خصوصاً غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اللہ سبحانہ و تعالیٰ رفقاء کی اس محنت کو قبول فرمائے اور غلبہ دین کا ذریعہ  بنا دے ۔ آمین!(مرتب : نائب ناظم دعوت، حلقہ لاہور غربی)
ملتان شہر تنظیم کے زیر اہتمام توسیع دعوت کا پروگرام
تنظیم اسلامی ملتان شہر کے 9 رفقاء پر مشتمل ایک قافلہ 14اگست 2025 ء صبح 9 بجے قرآن اکیڈمی ملتان سے کروڑ لعل عیسن کے لیے روانہ ہوا۔پروگرام کے مطابق راستے میںصبح 10:45 تک دائرہ دین پناہ پہنچ گئے ۔رفقاء نے مل کر مین بازار میں مہم ’’اتحادِ اُمت اور پاکستان کی سالمیت ‘‘ کے سلسلے میں ہینڈ بلز تقسیم کیے ۔کچھ رفقاء مہم کے فلیکس تھامے بازار میں مختلف اہم مقامات پر کھڑے رہے۔ ندائے خلافت کا خصوصی شمارہ 29 بھی تقسیم کیا گیا ۔ وہاں سے روانہ ہوکر آدھے گھنٹے بعد کوٹ سلطان پہنچے۔ کوٹ سلطان میں بھی آدھے گھنٹے کی ریلی کا اہتمام کیا اور مہم کے ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے۔ لوگوں نے تنظیم کے رفقاء کی کوشش کو سراہا۔ دن کےتقریباً ایک بجے رفقاء کا یہ قافلہ کوٹ سلطان سے کروڑلعل عیسن کےلیے روانہ ہوا۔2 بجے وہاں پہنچ کر نماز ظہر، کھانے اور کچھ دیر آرام کے بعد شہر کے مین بازار میں مہم کے حوالے سے بروشر اور ہیند بلز تقسیم کیے ۔ بعد نماز عصر محترم رجب علی نے سورۃ کہف کی چند آیات مبارکہ کی روشنی میں موجودہ حالات پر گفتگو فرمائی۔ کچھ دیر آرام کے بعد رفقاء اہل علاقہ کو دعوت دینے کے لیے گشت پر روانہ ہوئے۔بعد نماز مغرب محترم راشد سلیم نے سورۃ بقرہ کی آیات کی روشنی میں’’ دینی ذمہ داریوں‘‘ کو واضح کیا ۔ اس درس میں 30 حضرات نے شرکت کی۔بعد نماز عشاء رفیق تنظیم محترم فصیح الرحمن نے ایک حدیث مبارکہ کا درس دیا۔ رات کو آرام کے بعد تمام رفقاء نے قیام اللیل کی سعادت حاصل کی۔ نماز فجر کے بعدمحترم راشد سلیم نے آیت ِبر کے موضوع پر درس قرآن دیا۔  اس کے بعد آرام و ناشتہ کا وقفہ ہوا ۔ 9 بجے رفقاء کی تربیت کے لیے اجتماعی مطالعہ کا پروگرام ہوا۔ تنظیم اسلامی کی دعوت پر مذاکرہ کروایا گیا۔صبح 11:30 بجے ڈاکٹر عارف رشید کا ویڈیو خطاب ’’ خوشی اور غمی میں مرد مومن کا طرز عمل‘‘ سماعت کیا گیا ۔ خطاب جمعہ  محترم رجب علی نے دیا ۔انہوں نے مہم کے موضوع پر خطاب کیا ۔ خطاب جمعہ میں 100 سے زائد نمازیوںنے شرکت کی۔نماز اور ظہرانہ کے بعد 4 بجے ملتان کے لیے عازم سفر ہوئے۔ اور رات8 :00 بجے الحمدللہ خیر وعافیت سے اپنی منزل مقصود پر پہنچا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کی کاوشوں کوشرف قبولیت سے نوازے اور توشہ ٔآخرت بنائے۔ آمین ثم آمین !   
(مرتب کردہ : محمد رمضان قادری )