اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں شہداء اور زخمیوں کے حوالے سے وزارتِ صحت کی جاری کردہ تازہ رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی تعداد بڑھ کر62744 اور زخمیوں کی تعداد158259 ہوچکی ہے۔ 18 مارچ 2025ء سے آج تک شہداء کی تعداد 10900 اور زخمیوں کی تعداد46218ریکارڈ کی گئی ہے ۔شہداء لقمۂ عیش کی مجموعی تعداد بڑھ کر2123اور زخمیوں کی تعداد15615 سے زائد ہو گئی ہے ۔ بھوک اور غذائی قلت سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 300 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 117 بچے شامل ہیں۔ خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر بمباری کے دوران چار مزید صحافی حسام الم فوٹو جرنلسٹ، رائٹرز محمد سلامہ ، فوٹو جرنلسٹ، الجزیرہ، مریم ابودقہ صحافی، انڈیپینڈنٹ عربیہ و اے پی، معاذ ابو طہ رپورٹر، این بی سی کی شہادتوں کے بعد صحافیوں کی شہادتوں کی تعداد 244 ہو گئی ہے۔
l کتائب القسام نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے 10 جانباز مجاہدین نے جنوبی غزہ میں قابض فوج کی ایک چوکی پر حملہ کرکے دشمن کو بڑا نقصان پہنچایا ہے اور حي الزيتون میں گھسنے والی قابض افواج کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔اِس کے علاوہ غزہ کے شمالی علاقے جبالیا البلد میں قابض صہیونی فوجیوں اور ان کی بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔جبکہ سرایا القدس نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے مجاہدین نے غلافِ غزہ کی دو صہیونی بستیاں، بئیری اور شواکیدہ پر میزائل داغے ہیں۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق رفح میں مسلح مجاہدین نے ’’کفیر بریگیڈز‘‘ کے فوجی مرکز پر حملہ کیا، جس کے بعد زخمی اہلکاروں کو فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے منتقل کیا گیا، جبکہ حماس کے جوانوں نے اس کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے ۔
l تل ابیب میںیہودی دینی مدارس کے طلبہ کو فوج میں لازمی سروس کے لیے بھرتی کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نےاہم سڑکیں بند کردیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے پر تشددطریقے اختیار کئے ۔
l اسرائیلی اخبار یدیعوت آحرونوت کے مطابق ایک اسرائیلی کرنل نے اپنی قیادت پرعدم اعتماد کی وجہ سےغزہ شہر کی سرنگوں میں جنگ کی قیادت کرنے سے انکار کرتے ہوئے یہلوم یونٹ کی کمان چھوڑ دی ۔کرنل نےبتایا کہ ’’رائے عامہ سے کھیل کرہم نے اپنی بنیادی اقدار کھو دیںاور اس کی بھاری قیمت چکائی۔‘‘
l مسجدِ اقصیٰ کو نذرِ آتش کیے جانے کی 56ویں برسی پرحماس نے کہا ہے کہ غاصب صہیونی ریاست کو مسجدِ اقصیٰ کے کسی حصے پر بھی نہ سیادت حاصل ہے نہ کوئی شرعی یا قانونی حق۔القدس اور مسجدِ اقصیٰ ہمیشہ ہماری قوم اور اُمّت کی وحدت کا مرکز اور دشمن کے ساتھ تصادم کا محور رہیں گے۔حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صہیونی قبضے پر دباؤ ڈالے تاکہ غزہ کی گزرگاہیں کھولی جائیں، نسل کشی اور بھوک پر مبنی جنگی جرائم کو فوری طور پر روکا جائے۔ صرف مذمتی بیانات اب کافی نہیں رہے، جب کہ صہیونی فوج کھلے عام انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کر رہی ہے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l ملائیشیا: نماز جمعہ چھوڑنا قابل سزا جرم قرار : ریاست ترنگگانو میں مسلمان مردوں کے لیے جمعہ کی نماز چھوڑنا قابل سزا جرم قرار دے دیا گیاہے۔ حکام کے مطابق بغیر ’’جائز وجہ‘‘ کے نماز جمعہ چھوڑنے پر دو سال قید،3 ہزار رنگٹ(تقریبا 2 لاکھ روپے پاکستانی) جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ نئے قانون کے مطابق ایک بار بھی نماز جمعہ چھوڑنا اب جرم تصور کیا جائے گا۔ پہلے صرف تین جمعے مسلسل چھوڑنے پر سزا دی جاتی تھی۔
l ترکیہ: ترک خاتون اول کا میلانیا ٹرمپ کو خط : خاتون اول امینہ اردگان نے امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ اسرائیلی درندگی کا شکار غزہ بچوں کا قبرستان بن چکا ہےاِس لیے غزہ کے بچوں کے لیے آواز اٹھائی جائے۔
l آذربائیجان: صدرنے ٹرمپ کے لیے نوبل انعام کی حمایت کر دی: صدر الہام علیف نے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ واقعی نوبل امن انعام کے مستحق ہیں۔
l امریکہ: شام پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری: محکمہ خزانہ کے حتمی طور پر جاری کیے گئے حکم میں کہا گیا ہے کہ شام پر عائد پابندیاں ختم کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ یہ حکم نامہ صدر ٹرمپ کے جاری کردہ اس حکم کا تسلسل ہے جس میں اُنہوں نے شام کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو ختم کرنے کا کہا تھا۔
l ایران:امریکہ کی فرمانبرداری نہیں کریں گے: خامنہ ای: سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران اُس کی فرما نبرداری کرے مگرایسا نہیں ہوگا۔دھمکیوں میں امریکا سے بات چیت نہیں ہو سکتی وہ لوگ جو ہمیں امریکاکے ساتھ براہ راست مذاکرات کی دھمکیاں دیتے ہیں، وہ حقیقت سے ناواقف ہیں۔ایران کے دشمنوں کو فوجی حملوں میں شکست اور ایرانی قوم، سرکاری عہدیداروں اور مسلح افواج کی مزاحمت اور اتحاد سے احساس ہوگیا ہے کہ نہ تو عوام اور نہ ہی اسلامی جمہوریہ کو جنگ یا تابعداری کے لیے دباؤ کے ذریعے محکوم بنایا جا سکتا ہے۔
l مصر: 2ہزار سال پرانے شہر کے کھنڈرات دریافت: خلیج ابوقیرکے علاقے میں ساحلی شہر سکندریہ سے 2 ہزار سال پرانے شہر کے کھنڈرات دریافت ہوئے ہیںجو ممکنہ طور پر قدیم کینوپس شہر کے باقیات ہوسکتے ہیں جویونانی بطلیما خاندان کے دور میں اہم کاروباری مرکز تھا ۔
l سکاٹ لینڈ: مسجد پر حملے کی منصوبہ بندی کرنےو الے نوجوان کو 10 سال قید: سکاٹ لینڈ میں مسجد پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 17 سالہ نوجوان کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ہائی کورٹ گلاسگو میں سماعت کے دوران جج لارڈ آرتھر سن نے ریمارکس دئیے کہ ملزم نے انتہائی شیطانی منصوبہ تیار کیا تھا۔عدالت نے 10 سال قید کے بعد 8 سال تک نگرانی میں رکھنےکا بھی حکم دیا۔واضح رہے کہ پولیس نے جنوری میں ملزم کو انورکلائیڈ مسلم سینٹر کے باہر گرفتار کیا تھا اور اُس کے پاس سے جرمن ساختہ ایئرپستول، گولیاں، کارتوس اور ایروسول کین برآمد ہوئیں۔ گرفتاری سے قبل ملزم نے امام مسجد کو یہ باور کرایا تھا کہ وہ اسلام قبول کرنا چاہتا ہے اور امام کو اعتماد میں لینے کا مقصد مسجد تک رسائی حاصل کرنا تھا۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2025