(خصوصی پیغام) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام


غزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l غزہ کے سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا ہے کہ قابض اسرائیل کی فوج نے اتوار کی صبح سے 50 سے زائد عمارتیں مکمل طور پر تباہ کر دی ہیں، جبکہ 100 دیگر عمارتیں جزوی طور پر متاثر ہوئی ہیں، جن میں بلند و بالا عمارتیں شامل ہیں جہاں ہزاروں شہری رہائش پذیر تھے۔جبکہ غزہ کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق7اکتوبر 2023ء سے اب تک 64368فلسطینی شہید اور162367 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 18 مارچ 2025ء کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک11828شہید اور50326 زخمی ہوچکے ہیں۔ شہداء ’’لقمۂ عیش‘‘ (امدادی سامان کے حصول کے وقت ) شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد2385 جبکہ 17577  زخمی ہوچکے ہیں۔ بھوک اور غذائی قلت کی وجہ مجموعی طور پر 382  افراد شہید ہوئے ہیں جن میں 135 بچے ہیں۔
l غزہ میں مزاحمت کی سکیورٹی کے ایک رہنما نے تصدیق کی کہ قابض اسرائیل کے ساتھ ملی بھگت کرنے اور غدار ی کے مجرم قرار دئیے گئے چھ خائنوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔
l اٹلی کے شہر جینوا میں پچاس ہزارسے زائد افراد غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے روانہ ہونے والے فریڈم فلوٹیلا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے سڑکوں پر نکل آئے۔ وہ اپنےہاتھوں میں بڑے بڑے پلے کارڈز اور فلسطینی پرچم لئے ہوئے تھے جبکہ اُن کی زبانوں پرغزہ کے حق میں نعرے تھے۔
l یورپ کے بندرگاہی مزدوروں نے اسرائیل کو وارننگ دے دی ہے کہ اگر اُس نے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کے قریب آنے کی کوشش بھی کی تو پورے یورپ کے ساحلوں کو اُس کے خلاف مزاحمتی قلعہ بنا دیں گے۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی یونان، اٹلی، اسپین اور دیگر ممالک کےبندرگاہی مزدوروں نے اسرائیلی جہازوں کا بائیکاٹ کیا تھا، یہاں تک کہ کئی دنوں تک صہیونی کارگو یورپی ساحلوں پر رُکے رہے ۔
l اسپین نے شاہی فرمان کے ذریعے اسرائیل کو اسلحہ برآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسپین کی تمام بندرگاہیں اب ان بحری جہازوں کے لیے بند رہیں گی جو اسرائیل کو اسلحہ اور دفاعی ساز و سامان لے جا رہے ہوں۔اس کے علاوہ حکومت نے غزہ کے متاثرین کی مدد کے لیے اونروا (UNRWA) کو امداد بڑھا کر 10 ملین یورو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
l اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک سمجھوتہ تک پہنچنے کے لئے اُنہیں امریکہ کی جانب سے ثالثوں کے ذریعے ’’تجاویز‘‘ موصول ہوئی ہیں۔ وہ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہے تاکہ تمام قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں جنگ ختم کرنے، مکمل اسرائیلی انخلا، اور غزہ کے انتظام کے لیے فلسطینی خودمختار کمیٹی کے قیام پر بات کی جا سکے۔
l   2 ستمبر 2025ء کومغربی غزہ کے علاقے الشیخ عجلین میں اسرائیلی فضائی حملے کے  نتیجے میں معروف عالمِ دین الشیخ کمال ابراہیم اپنے دو ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے۔   الشیخ کمال ابراہیم، مدرسہ عربیہ رائے ونڈ، پاکستان کے ممتاز فاضل اور اہلِ دعوت و خیر میں نمایاں مقام رکھنے والی شخصیت تھے۔
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں 
l قطر: اسرائیل کا فضائی حملہ: اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر مشاورت کے لیے جاری حماس کے رہنماؤں کےاجلاس پر فضائی حملہ کرکے بھاری نقصان پہنچانے کادعویٰ کیا ہے ۔اسرائیلی وزیر اعظم اور اسرائیلی فوج نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئےکہا ہےکہ حملے میں حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا گیاجبکہ حماس کے مطابق اِس حملے میں خلیل الحیا کا بیٹا، 3 محافظ اور ایک معاون سمیت 6 افراد شہید ہوئے ہیں اور مرکزی رہنما محفوظ رہے ہیں۔ یوں دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکا ۔ قطر کے ذرائع کے مطابق اِس حملے میں قطر کا بھی ایک افسر شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔قطری حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ہوائی حملے سے قبل اُنہیں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔جبکہ وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے خبردار کیا ہے کہ دوحامیں حماس پر اسرائیل کے مہلک حملے کا جواب دینے کا حق قطر کے پاس محفوظ ہے۔اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے دوحہ حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پورے مشرق وسطیٰ کے لیے پیغام ہے۔
l غزہ :فی گھنٹہ ایک فلسطینی بچہ شہید ہونے کا انکشاف: عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ 23 ماہ میں اوسطاً ہر گھنٹے میں کم از کم ایک فلسطینی بچہ شہید ہوا ہے۔ غزہ حکومت کے مطابق اکتوبر 2023ء سے اب تک کم از کم 20 ہزار بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ان میں ایک ہزار بچے ایک سال سے کم عمر کے تھے جبکہ تقریباً نصف وہ نومولود تھے جو جنگ کے دوران پیدا ہوئے اور اسرائیلی حملوں میں مارے گئے۔یونیسف کے مطابق غزہ میں ہر دوسرا شخص بچہ ہے اور ان کے لیے زندگی تقریباً ناممکن بن چکی ہے، حالیہ دنوں میں صرف پانی کے انتظار میں مزید 8 بچے جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیل کے جبری بے دخلی کے منصوبے سے خان یونس کے قریب المواسی کیمپ میں تقریباً 10 لاکھ افراد متاثر ہوسکتے ہیں، جن میں سے نصف بچے ہیں۔
l سوڈان: لینڈ سلائیڈنگ سے پورا گاؤں زمین بوس: وسطی دارفور کے گاؤں ثراسن میں تباہ کن بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم ایک ہزار افرادجاں بحق ہو گئے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ سوڈان کی حالیہ تاریخ کی سب سے ہلاکت خیز قدرتی آفت ہے ۔
l بھارت:سعودی ، عراقی کمپنیوں کابھارت کو تیل فروخت کرنے سے انکار : سعودی اور عراقی کمپنیوں نے بھارتی ریفائنریز کو تیل کی فروخت روک دی ہے جس سے مودی سرکار سفارتی تنہائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔
l ایران : جوہری تنصیبات کے معائنے کی بحالی کا معاہدہ: ایران اور اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے درمیان تعاون بحال کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔مصر میں ہونے والے اس معاہدے پر ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اور عالمی جوہری نگران ادارے کے ڈائریکٹر نے دستخط کیے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز: پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ایران اورپاکستان کے درمیان براہ راست فضائی پروازوں کے آغازکا باضابطہ اعلان کیا۔