اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l فلسطینی دفتر برائے اطلاعات نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری اجتماعی نسل کشی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد بڑھ کر251 ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ پیر کو تین صحافیوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد سامنے آیا۔
l اسلامی تحریکِ مزاحمت (حماس) کے رہنما اور ترجمان، ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ اپنے ہی بیانات کو نظرانداز کرتی ہے۔ ہر بار وہ یہ تاثر دیتی ہے کہ وہ مذاکرات چاہتی ہے اور کوئی تجویز غور کے لیے پیش کرتی ہے، لیکن جیسے ہی جواب پر غور شروع ہوتا ہے تو صہیونی دشمن، امریکی انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں،مزاحمتی قائدین کے خلاف ایک منصوبہ بند قاتلانہ حملہ کرتا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے یہ بزدلانہ اور مجرمانہ کارروائی ناکام ہوئی اور حماس کی قیادت محفوظ رہی۔ البتہ ہمارے متعدد ساتھی اور محافظ جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ہم عالمی برادری اور امتِ مسلمہ کو اس بات کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں کہ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن اور مؤثر اقدامات کرنے میں کوتاہی اور غفلت برتی۔
l فلسطینی وزارتِ اوقاف و امورِ دینیہ نے اعلان کیا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے حرم ابراہیمی کے صحن پر قبضہ جمانے اور اس کی چھت کے ذریعے صہیونی آبادکاروں کو روزانہ کی بنیاد پر بے حرمتی کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ سراسر ناقابل قبول ہے، کیونکہ یہ فیصلہ اس تاریخی و دینی مقام کے تقدس اور اس کی تاریخی حیثیت کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔وزارت اوقاف نے وضاحت کی کہ یونیسکو نے اپنے حالیہ اجلاس میں قابض اسرائیل کی جانب سے حرم ابراہیمی کے صحن کو چھت دینے کی کوشش کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔وزارت نے الخلیل کے عوام سے اپیل کی کہ وہ حرم میں موجود رہیںتاکہ اس کے اسلامی تشخص کا دفاع کیا جا سکے۔
l عبرانی چینل 12 نےاسرائیلی وزیر ایتمار بن غویر کا متنازع بیان نشر کیا ہے جس میں اُس نے کہا ہے کہ اُس کےفوجی غزہ پر قبضہ مکمل کریں گے، وہاں جبری ہجرت کو ’’رضاکارانہ‘‘ قرار دے کر آبادی کو بے دخل کیا جائے گا، اور وہ غزہ کے ساحل پر پولیس کالونی تعمیر کرے گا۔
l الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق حکومتِ اسپین نے اسرائیلی ساختہ راکٹ لانچرز کی خریداری کا 700 ملین یورو کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے اوراسپین کی تمام بندرگاہیں اب ان بحری جہازوں کے لیے بند رہیں گی جو اسرائیل کو اسلحہ اور دفاعی ساز و سامان لے جا رہے ہوں گے۔
l ٹرمپ کا قریبی اتحادی اور اسرائیل کا کٹر حامی، چارلی کریک انتہا پسندانہ سوچ اور اسلام سے شدید نفرت کا حامل متعصب شخص تھا جو 10ستمبر کو گردن میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔امریکی سیاست کا یہ متعصب شخص یونیورسٹیوں میں پرواسرائیل تقریبات منعقد کرواتا تھا اور ایسے ہی ایک ایونٹ کے دوران فلسطین کے حمایتی ایک شخص کے ہاتھوں قتل ہوگیا ۔
l غزہ کی ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز کے مطابق، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خان یونس میں سابق ڈائریکٹر پولیس رفح، بریگیڈیئر جاسر المشوخی شہید ہوگئے۔
l اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہزاروں اسرائیلی تل ابیب کے وسط میں سڑکوں پر نکل آئے اور جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ کر تے رہے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l قطر:ہنگامی عرب اسلامی کانفرنس کا اجلاس: اسرائیلی حملے کے بعد دارالحکومت دوحا میں ہنگامی عرب اسلامی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں عرب لیگ کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک نے شرکت کی۔پاکستان سے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے شرکت کی۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، کہ یہ حملہ مذاکرات میں رہنے والوں کے خلاف “بزدلانہ اور خائن” حرکت تھی۔دیگر عرب اور اسلامی ممالک نے بھی قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور اسرائیل کی اس حرکت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ترکی، مصر، ایران جیسے ملکوں نے کہا کہ اب باتیں نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے، جیسے اقتصادی پابندیاں، سفارتی نوعیت کی ردعمل کانفرنس نے ایک مضبوط بیان جاری کیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران پاک سعودی مشترکہ دفاع کا معاہدہ ہوا۔
l اقوام متحدہ :سلامتی کونسل میں پاکستان کی اسرائیل پر تنقید: پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی مندوب، ڈینی ڈانون کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے دوحا (قطر) میں حمَاس کے عہدیداروں پر کیے گئے حملے کا موازنہ امریکی خاص دستے کی مہم سے کرنا درست نہیں ہے ۔اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرکے خود کو مظلومیت کا روپ دیتا ہے۔
l بنگلہ دیش:ڈھاکہ یونیورسٹی انتخابات میں پاکستان نوازطلبا گروپ کی تاریخی کامیابی: ڈھاکا یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات میں 78 فیصد سے زائد طلبہ نے ووٹ ڈال کر انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیا اورپاکستان حامی طلبہ تنظیم اسلامی چھاترا شبیر نے نائب صدر، جنرل سیکرٹری اور اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری کی نشستیں جیت لیں۔
l امریکہ:قطرپر حملے کا فیصلہ میرا نہیں تھا: صدر ٹرمپ : وائٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ قطر ہمارا اتحادی ملک ہے اور اسرائیل قطر میں دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔اس سے قبل امریکی صدر نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو دھمکی دی تھی کہ وہ یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہ کرے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ قطرپر حملے کا فیصلہ اُن کا نہیں بلکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا تھا۔ قطر پر یکطرفہ بمباری اسرائیل یا امریکا کے مقاصدکو آگے نہیں بڑھاتی۔
l امارات اسلامیہ افغانستان: بھارتی سفارتکار ملک بدر:طالبان حکومت نے بھارت کے سینئر سفارتکار ہریش کمار کو ملک بدر کر دیا۔اُن پر الزام ہے کہ وہ طالبان مخالفین سے ملاقاتیں کر رہے تھے اور انہیں منظم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
l غزہ:اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے میں چھاپے، 100 سے زائد فلسطینی گرفتار: اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے اور شہر میں کرفیو نافذ کر دیا۔ اسرائیلی فوج کی کارروائی کے بعدمغربی کنارے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ۔غزہ شہر میں اسرائیلی آپریشن تیز ہونے کے بعد شہری محفوظ مقامات کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔
l لیبیا:حکومت اورمسلح گروپ رداع میں معاہدہ : ترکیہ کی سہولت کاری سےاقوام متحدہ سے تسلیم شدہ حکومت نے طاقتور مسلح گروپ رداع فورس کے ساتھ ایک ابتدائی معاہدہ کرلیا ہے ۔ معاہدے کا مقصد کئی ماہ سے جاری کشیدگی اور وقفے وقفے سے ہونے والے جھڑپوں کو ختم کرنا ہے۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2025