اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l فلسطینیمیڈیا آفس کے مطابق قابض اسرائیلی افواج نے 2لاکھ 70ہزار فلسطینیوں کوغزہ شہر سے زبردستی بے دخل کر دیا ہے، جبکہ تقریباً 10 لاکھ فلسطینی اپنے گھروں میں ڈٹے ہوئے ہیں اور انخلاء سے انکار کر رہے ہیں۔شہداء الاقصیٰ اسپتال کے ترجمان کاکہنا ہے کہ محفوظ مقام کی تلاش میں 40مریض اسپتال چھوڑ کر جا چکے ہیں اور اب وہاں صرف8مریض باقی ہیں جبکہ 30افراد پر مشتمل طبی عملہ بدستور خدمات انجام دے رہا ہے۔وزارت صحت غزہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 7اکتوبر2023ء سے اب تک مجموعی طور پر 65,382 فلسطینی شہید اور 166,985زخمی ہوچکے ہیں۔18مارچ2025ء کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 12,823شہید اور 54,944زخمی ہوچکے ہیں۔اب تک شہداء لقمۃ العیش کی تعداد 2,526اور زخمیوں کی تعداد 18,511سے زائد ہو چکی ہے جبکہ متعدد شہداء اور زخمی ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، جہاں تک ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں تاحال رسائی حاصل نہیں کر سکیں۔ غزہ میں قحط کے اعلان کے بعد سے اب تک صرف اس سبب سے 150اموات ہو چکی ہیں، جن میں 31بچے شامل ہیں۔
l پاکستان، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، لیبیا، ملیشیا، مالدیپ، میکسیکو، عمان، قطر، سلووینیا، جنوبی افریقہ، اسپین اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی سلامتی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ فلوٹیلا مختلف ممالک کے شہریوں کی سول سوسائٹی کی ایک پہل ہے جس کا مقصد غزہ تک انسانی امداد پہنچانا اور فلسطینی عوام کی فوری انسانی ضرورتوں اور جنگ کے خاتمے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
l سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہاہے کہ غزہ میں جاری صورت حال اخلاقی، سیاسی اور قانونی اعتبار سے کسی طور قبول نہیں۔غزہ کے حوالے سے قطر کی جانب سے ثالثی کی کوششیں انتہائی اہم ہیں۔میں غزہ اور مغربی کنارے کی سنگین صورتحال سے متعلق عالمی فوجداری عدالت کو آگاہ کروں گا۔
l غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے واضح کیا ہے کہ تحریک کبھی بھی کسی معاہدے کی راہ میں رکاوٹ نہیں رہی، بلکہ اُس نے ہر موقع پر مثبت اور لچکدار رویہ اپنایا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ اصل رکاوٹ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہیں، جو تمام ثالثی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔ نیتن یاہو نے نہ صرف جنوری کے معاہدے کو سبوتاژ کیا بلکہ ’’ویٹکوف‘‘ کی تجویز، جسے حماس نے قبول کیا تھا، کو بھی مکمل طور پر نظرانداز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے دوحا میں مذاکراتی اجلاس پر بمباری کی، جہاں تحریک کا وفد صدر ٹرمپ کی تازہ تجویز پر غور کر رہا تھا۔امریکی انتظامیہ انصاف کے تقاضوں کو ترجیح دے اور اسرائیلی حکومت کو نسل کشی، جبری بے دخلی اور نسلی تطہیر جیسے جرائم سے باز رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
l 19،20اور21ستمبر (جمعہ، ہفتہ اور اتوار)کو دنیا بھر میں یومِ غضب کے طور پر منایاگیا، جس میں عالمی سطح پر مظاہرے، ریلیاں اور عوامی اجتماعات منعقد کر کے غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی اور صہیونی جارحیت کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کیاگیا۔
l کتائب القسّام ذرائع کے مطابق مغربی جبالیا کے معسکر کے قریب، صفطاوی چوراہے کے مشرقی علاقے میں دشمن کی فوجی گاڑیاں ایک بارودی سرنگ کے زد میں آکر تباہ ہوئیں۔ یہ کارروائی آپریشن ’’عصا موسی‘‘ کی سلسلہ وار کارروائیوں کا حصہ تھی۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l امریکہ :صدر ٹرمپ کی مسلم سربراہان مملکت سے ملاقات: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں اسلامی ملکوں کے سربراہان سے ملاقات کی ، 50 منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، قطر اور انڈونیشیا کے سربراہان شریک ہوئے۔ امریکی صدر نے مسلم رہنماؤں سے ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔
l ایران: عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون ختم کرنے کا فیصلہ: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے تعاون ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کی قرارداد مسترد کر دی ہے ،یہ فیصلہ خطے میں نئی کشیدگی کو جنم دے سکتا ہے۔
l متحدہ عرب امارات:9ممالک کے ویزوں پر پابندی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے9 افریقی اور ایشیائی ممالک افغانستان، بنگلہ دیش، سوڈان، صومالیہ، کیمرون، لبنان،لیبیا،یمن اور یو گنڈا کے شہریوں پرعارضی طور پر سیاحتی اور ورک ویزوں کے لیے درخواست دینے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
l افغانستان: پاکستان میں ہونے والے حملوں کے ذمہ دارطالبان نہیں: افغان طالبان کے سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ افغانستان کو پاکستان میں ہونے والے حملوں کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بار بار کے انتبا ہ میں کہا گیا تھا کہ کابل کو اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ۔
l افغانستان:بگرام ایئربیس تو دور ہم ایک انچ بھی امریکا کو نہیں دیں گے: افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی نے امریکی صدر کو کہاہے کہ افغانستان آزاد ملک ہے، ہم کسی بھی بیرونی قبضے کو تسلیم نہیں کریں گے، افغان سرزمین پر کسی غیر ملکی فوج کو داخل ہونے نہیں دیں گے، امریکا افغانستان کو تسلیم کر لے تب بھی زمین حوالے نہیں کریں گے ۔ بگرام ایئر بیس پر چین کے قبضے کے دعوے بے بنیاد ہیں۔
l مصر: سینائی میں فوج تعینات : وزارتِ اطلاعات نے کہا ہے کہ غزہ میں دو سال سے جاری جارحیت کے نتیجے میں ملک کی سلامتی کو درپیش کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے جزیرہ نما سینائی میں مصری فوج تعینات کی گئی ہے۔
l بھارت: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی پاکستان کوآپریشن سندور پارٹ2 کی دھمکی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک تقریب کے دوران پاکستان پر ایک اور حملے کا اشارہ دیتے ہوئے نام نہاد فوجی کارروائیوں میں آپریشن سندور کا پارٹ ون یا پارٹ ٹوکی دھمکیاں دی ہیں۔ماہرین کے مطابق مودی سرکار الیکشن سے پہلے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لئے پاکستان کارڈ کھیل رہی ہے۔
l مقبوضہ کشمیر: یاسین ملک کو انصاف، مصالحت کا موقع دیا جائے، محبوبہ مفتی: مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام ایک خط میں کشمیری رہنما یاسین ملک کے مقدمے کی طرف توجہ دلائی ہے اور یاسین ملک کے خلاف جاری عدالتی کارروائی پر رحم دلانہ اور سنجیدہ نظرثانی کی اپیل کی ہے۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2025