(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

 

l وزارتِ صحت فلسطین غزہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک کی مجموعی طور پر 66,055 فلسطینی شہید جبکہ 168,346 زخمی ہو چکے ہیں۔ 18 مارچ 2025 ء کو اعلان جنگ بندی کے بعد سے اب تک 13,187 شہید اور 56,305 زخمیوں کا اندراج کیا جا چکا ہے۔ شہداء لقمۃ العیش کی تعداد 2,571 اور زخمیوں کی تعداد18,817 سے تجاوز کر گئی ہے۔
l غزہ میں میڈیکل ریلیف کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو عفش نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیل نے تمام طبی اور صحت کے اداروں اور ان میں کام کرنے والے عملے کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ شہر کو خالی کر دیں، جہاں اس وقت ہر طرف خوفناک بمباری اور تباہ کن جارحیت جاری ہے۔ڈاکٹر ابو عفش نے بتایا کہ قابض اسرائیل اب تک انسانی اور طبی شعبے میں کام کرنے والے تقریباً 1600 اہلکاروں کو قتل کر چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قابض اسرائیل کو طبی عملے اور اداروں کے خلاف ان سنگین جرائم پر جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
l غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق7اکتوبر2023ء سے شروع ہونے والی قابض اسرائیل کی نسل کشی پر مبنی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 252 ہو گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار میں یہ اضافہ اُس وقت ہوا جب قابض اسرائیل نے دیر البلح شہر میں ایک خیمہ کو بمباری کا نشانہ بنایا جس میں صحافی محمد الدایہ شہید ہو گئے۔
l غزہ کے لئے امدادی سامان لے جانے والے عالمی صمود فوٹیلا پراسرائیل نے متعدد ڈرون حملے کئے ہیں جبکہ مواصلاتی رابطہ جام کر دیا ہے صمود فوٹیلاکے امدادی قافلے میں دنیا کے 45ممالک کے 500سے زائد کارکن شامل ہیں جو غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے لئے ادویات اور خوراک انسانی بنیادوں پر پہنچانا چاہتے ہیں مگر جنونی اسرائیلی حکومت اور دہشت گرد فورسز غزہ میں ملبے کے ڈھیر پر بارود برسا کر کھلے آسمان تلے بھوکے فلسطینی بچوں کو شہید کر رہی ہے۔
l عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں پیش آنے والے ایک بڑے سیکیورٹی واقعے کے نتیجے میں صہیونی فوج کے کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے، جنہیں تین مختلف اسرائیلی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
l حماس نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ نیتن یاہو کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب محض ایک ناکام پروپیگنڈا ہے تا کہ وہ اپنے جرائم پر پردہ ڈال سکے۔ یہ سب کچھ جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور مکمل نسل کُشی کے زمرے میں آتا ہے۔ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سب سے پہلے قتل و نسل کُشی کو بند کرایا جائے، پھر قابض افواج کو غزہ سے نکلنے پر مجبور کیا جائے، تمام گزرگاہیں کھولی جائیں، خوراک اور ادویات پہنچائی جائیں، فلسطینی ریاست کے باضابطہ اعتراف کا عمل مکمل کیا جائے اور قبضے کا خاتمہ کیا جائے۔
l بیت حانون میں عزیمت و وفا کی علامت القسام کے بارہ جانباز مجاہدین اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اللہ کے حضور کامیاب ہو گئے جو ایک غارِمزاحمت میں محصور تھے۔ مسلسل 715 دن تک جاری رہنے والی خونیں جھڑپوں میں انہوں نے دشمن کے قلب کو لرزا دیا اور اپنی پاکیزہ خون سے ارضِ مقدس کو سیراب کیا۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l فلسطین: ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر وسیع ردِعمل: فلسطینی رہنما مصطفیٰ برغوثی نے کہا کہ غزہ کو بین الاقوامی فورس کے سپرد کرنا نو آبادتی منصوبہ ہے جبکہ اسلامی جہاد نے اسے جارحیت کی ترکیب قرار دیا ہے۔ دوسری طرف اردن، انڈونیشیا، پاکستان، ترکی، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور مصر نے مشترکہ طور پر منصوبے کی حمایت کی ہے۔
l غزہ :اسرائیلی میزائلوں نے مکہ ٹاورکو ملبے کا ڈھیر بنا دیا: غزہ شہر کے مغرب میں واقع الرمل کے جنوبی علاقے میں مکہ ٹاور کو قابض اسرائیلی فوج نے میزائلوں کی بارش کر کے زمین بوس کر دیا۔یہ ٹاور درجنوں منزلوں پر مشتمل ایک رہائشی عمارت تھی جس میں سینکڑوں بے گھر فلسطینی خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔
l اقوام متحدہ: اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب پر متعدد ممالک کا واک آؤٹ: اقوام متحدہ کی سالانہ جنرل اسمبلی اجلاس کے چوتھے روز امن دشمن اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکی تقریر کے دوران کئی ممالک کے نمائندے بائیکاٹ کر کے اپنا احتجاج ریکارڈکراتے ہوئے اجلاس سے چلے گئے۔واضح رہے کہ اسرائیل کے خلاف جنرل اسمبلی میں رکن ممالک کے احتجاجاً بائیکاٹ نیتن یاہو کی سفارتی ناکامی ہے۔
l اسرائیل: یمن سے داغے گئے میزائل نے خطرے کی گھنٹی بجا دی: اسرائیلی نشریاتی ادارے ’کان‘ کے مطابق یمنی مسلح افواج کی جانب سے تل ابیب کے بن گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمیزائل حملے کے بعد ٹیک آف اور لینڈنگ روک دی گئی جس سے مقامی اور بین الاقوامی کئی ایئرلائنز کی پروازیں متاثر ہوئیں۔ میزائل حملے کے دوران تل ابیب کے گردونواح اور جنوبی ساحلی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ یمنی حوثی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’’متعدد حساس اسرائیلی اہداف‘‘ کو ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، جس میں کئی وارہیڈ شامل تھے۔
l لبنان: حسن نصر اللہ کے جاں بحق ہونے کے ایک سال بعد حزب اللہ کا ہتھیار ڈالنے سے دوٹوک انکار: بیروت کے نواح میں حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اپنے پیشرو حسن نصراللہ کے جاں بحق ہونے کے ایک سال بعد ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہم کبھی اپنے ہتھیار نہیں چھوڑیں گے، ہم شہادت کے لیے تیار ہیں۔ خطاب کے دوران شرکاء نے حزب اللہ کے زرد پرچم، لبنانی، فلسطینی اور ایرانی جھنڈے لہرائے اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
l ایران: اسرائیلی جاسوس کو پھانسی دے دی: اسرائیلکے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں اسرائیل کے اہم ترین جاسوسوں میں سے ایک بہمن چوبی اصل کو سزائے موت دے دی۔واضح رہے کہ ملزم بہمن کو موساد نے اس لیے بھرتی کیا تھا کہ وہ ایران کے سرکاری اداروں کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کر ے اور ملک کے حساس ڈیٹا سینٹرز میں رخنہ ڈال سکے۔
l فرانس : قذافی سے ’’غیرقانونی‘‘ فنڈنگ پر سابق صدر سرکوزی کو 5 سال قید: 2007ء کی انتخابی مہم کے لیے لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی سے غیر قانونی فنڈنگ سکیم میں ملوث ہونے پر فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو پانچ سال قید کی سزا سنا دی گئی۔اس فیصلے کے بعد سرکوزی جنگ عظیم دوئم کے بعد جیل جانے والے پہلے فرانسیسی سربراہ مملکت بن گئے۔ 70 سالہ نکولس سرکوزی پر ایک لاکھ یورو (ایک لاکھ 17 ہزار ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا گیا اور انہیں سرکاری عہدہ رکھنے سے روک دیا گیا ہے۔