اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l فلسطین محورمزاحمت نے وضاحت کی ہے کہ حماس اور تمام مزاحمتی قوتیں اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں جبکہ کچھ اسرائیل نواز عرب میڈیا ادارے جان بوجھ کر غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلا رہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔اُن میں سے ایک جھوٹا دعویٰ یہ ہے کہ ’’حماس نے اپنا اسلحہ سپرد کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے‘‘ جو سراسر بے بنیاد اور گمراہ کن خبر ہے، یہ تمام پروپیگنڈا فلسطینی مزاحمت کے عزم اور موقف کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
l قابض یہودی افواج فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے ہر ممکن حربہ استعمال کررہی ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق7اکتوبر 2023ء سے 7 اکتوبر 2025ء تک 67160فلسطینی شہید اور 169679 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 18 مارچ 2025ء کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 13568شہید اور57638 زخمی ہوچکے ہیں۔
l غزہ میں لاپتہ اور جبری طور پر غائب کیے گئے افراد کے لیے کام کرنے والے مرکز نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں خصوصی فنی ٹیمیں اور بھاری مشینری داخل کرنے کے اقدامات کرے تاکہ قابض اسرائیل کی دو سال سے جاری وحشیانہ بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہزاروں شہداء کی لاشوں کو نکالا جا سکے۔
l وزارتِ خارجہ پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے عالمی صمود فلوٹیلا کو روکنے کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان چونکہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اس لیے ہم خطے میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ اپنے شہریوں کی فوری رہائی،سلامتی اور محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
l غزہ میں ریڈ کراس مشن کی سربراہ سارہ اَورفلیوڈ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ دو سال سے غزہ کے نہتے شہری موت، جبری نقل مکانی اور انسانی وقار سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔زندگی بچانا ممکن ہے مگر وقت بہت کم ہے، محصور علاقے میں باقی رہ جانے والی بنیادی سہولتیں 24 لاکھ انسانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔
l غزہ میں انسانی حقوق کے ادارے ’’الضمیر فاؤنڈیشن برائے انسانی حقوق‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیلی حکام نے نرس تسنیم مروان شفیق الھمص کو عسقلان جیل میں قید کر رکھا ہے۔
l تحریکِ مزاحمت کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ جنگی جرائم کے ذمہ دار دہشت گرد وزیر جنگ ’’کاتس‘‘ کے بیانات،کہ جو بھی شخص غزہ شہر میں موجود رہے گا،اُسے ’’لڑاکا‘‘ یا ’’دہشت گردی کا حمایتی‘‘ سمجھا جائے گا،دراصل انتہائی تکبر اور بین الاقوامی برادری و انسانی و عالمی قوانین کی کھلی توہین ہے۔یہ اعلان آنے والے دنوں میں اس کی فوج کی جانب سے جنگی جرائم میں مزید اضافہ کرنے کا واضح اشارہ بھی ہے، جو معصوم شہریوں، عورتوں، بچوں اور بزرگوں کے خلاف روا رکھے جارہے ہیں۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l افغانستان: ائیر بیس کسی صورت امریکہ کو نہیںدیں گے: ذبیح اللہ مجاہد: برطانوی ٹی وی چینل کو آن لائن انٹرویو میںافغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت بگرام ائیر بیس امریکہ کے حوالے نہیں کریں گے۔ امریکہ کے ساتھ کابل اور واشنگٹن میں سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر بات چیت ہوئی ہے، روس کے علاوہ بھی کئی ممالک نے غیر اعلانیہ طور پر ہمیں تسلیم کیا لیکن باقاعدہ طور پرنہیں کیا۔
l سعودی عرب :کسی بھی ویزے پر آنے والے اب عمرہ ادا کرسکیں گے: سعودی وزارتِ حج وعمرہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی یا ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے عمرہ ادا کرسکیں گے، نسک عمرہ پورٹل کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ سعودی وژن 2030ء اہداف میں زائرین کو ہر ممکن سہولت دینا سرفہرست ہے۔
l غزہ:حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ منظر عام پر آگئے: حماس کے سینئر رہنما اور جنگ بندی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ خلیل الحیہ منظر عام پر آ گئے ۔عرب ٹی وی کو انٹرویو میں الحیہ نے حملے میں اپنے بیٹے اور اپنے چیف آف اسٹاف کی شہادت کا بھی بتایا۔
l قطر:نیتن یاہو نے دوحہ حملے پر معافی مانگ لی: وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ نیتن یاہو نے امریکی صدر سے ملاقات کے دوران قطری وزیراعظم کو فون کر کے دوحہ پر حالیہ حملے پر معافی مانگی ہے جس میں قطری شہری بدرالدوسری شہید ہوئے تھے ۔
l برطانیہ:مسجد جلانے کی کوشش ناکام: انگلینڈ کے ایسٹ سسیکس میں ایک مسجد کو نذر آتش کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ تاہم ملزمان نے مسجد کے باہر موجود گاڑی کو آگ لگادی، پولیس حکام نے واقعے کو نفرت انگیز جرم قرار دے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
l بھارت: اُترپردیش میں ایک اور مسجد شہید: ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل کے رائے بزرگ گاؤں میں فوجی دستے اور بھاری پولیس نفری کی نگرانی میںایک اور مسجدکو شہید کر دیا گیا۔ یہ مسجد10 سال پہلے تعمیر کی گئی تھی۔ پچھلے چار ماہ میں ضلع سنبھل میں مسجد شہید کرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل رضائے مصطفیٰ مسجد کو بھی سنبھل انتظامیہ نے شہیدکیا تھا ۔
l اقوامِ متحدہ:روہنگیا مسلمانوں کی واپسی یقینی بنائی جائے، پاکستان کا مطالبہ : اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں روہنگیا مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی صورتحال پراعلیٰ سطح کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں میانمار کی ریاست رخائن میں پرتشدد کارروائیوں نے مشکلات کو شدید تر بنادیا ہے۔ روہنگیا مسلمان کئی دہائیوں پرمحیط بے دخلی اور حقوق سے محروم ہیں۔ کم و بیش 10لاکھ افراد کو ہجرت پرمجبور ہونا پڑا اورانسانی بحران مزیدسنگین ہوگیا۔اس لئے عالمی برادری یکجہتی کے وعدوں کو عملی اقدامات میں بدلنے پرتوجہ دے۔
l مراکش: حکومت مخالف احتجا ج میں 2 افراد جاں بحق: رباط سمیت کئی شہروں میں حکومت مخالف احتجاج میں آن لائن گروپ جین زی کی کال پر نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔مشتعل مظاہرین اورپولیس میں جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی جبکہ2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026