امیرتنظیم اسلامی کا تنظیمی دورہ اسلام آباد
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ دوروزہ تنظیمی دورے پر اسلام آباد تشریف لائےتو پروگرام کے مطابق گلزار قائد کی مسجد حرمین میں رفقائے تنظیم کے ساتھ امیر محترم کی ایک طویل نشست ہوئی۔ پروگرام کا آغاز ٹھیک نو بجے ہوا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض حلقہ اسلام آباد کے ناظم تربیت جناب عامر نوید نے انجام دئیے۔ مقامی تنظیم اسلام آباد شمالی کے امیر جناب اعجاز حسین نے انابت الی اللہ اور اللہ تعالیٰ کی شانِ غفاری کے موضوع پر مفصل گفتگو کی۔
تذکیر بالقرآن کے بعد امیر حلقہ جناب راجہ محمد اصغر نے امیر محترم سے حلقے کا تعارف کروایا۔ اس دوران حلقہ کی کل گیارہ تناظیم کے امراء نے اپنے اپنے حلقوں کے حدود اربعہ، مبتدی اور ملتزم رفقائے تنظیم کے علاوہ رفیقات اور منفرد اسرا جات کی تعداد اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیل امیر محترم کے سامنے پیش کی۔ ساتھ ہی مقامی تناظیم میں شامل ہونے والے نئے رفقائے تنظیم کے حوالے سے ایک مختصر تعارفی نشست بھی امیر محترم سے کروائی گئی۔ امیر محترم نے نئے شامل ہونے والے رفقائے تنظیم سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہیں تنظیم میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔چائے کے وقفے کے بعد امیر محترم سے رفقائے تنظیم کی ایک خصوصی نشست میں سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ اس کے بعد نئے رفقاء نے امیر محترم کے ہاتھ پر بیعت کی۔ بیعت مسنونہ کے بعد نماز اور چائے کاوقفہ ہوا جس کے بعد امیر محترم کی جانب سے ذمہ داران کے ساتھ نشست میں مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی گئی۔ ذمہ داران کے ساتھ اس نشست میں تنظیمی امور سے متعلق مختلف سوالات کے علاوہ امیر محترم نے ملکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں رفقائے تنظیم کی رہنمائی فرمائی۔ امیر محترم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجودہ سیاسی بدمزگی کے علاوہ فلسطین کے اندر اسرائیلی جارحیت پر مغربی ممالک کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک کی خاموشی پر گفتگو کی۔ نماز مغرب کے بعد ایک سالہ کورس کے کامیاب طلبہ میں تقسیم اسناد کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں امیر محترم نے طلبہ میں اسناد تقسیم کی کیں۔تقریب کا اختتام تقریبا ًدس بجے ہوا۔ امیر محترم کے علاوہ ناظم اعلیٰ جناب عطاء الرحمٰن عارف صاحب، صدر انجمن ڈاکٹر خالد نعمت صاحب بھی اسٹیج پر موجود رہے۔
(مرتب:ڈاکٹر اشرف علی، ناظم نشرو اشاعت حلقہ اسلام آباد)
امیرتنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخs کا دو روزہ دعوتی دورہ حلقہ سکھر
امیر محترم تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ اورجناب انجینئر سید نعمان اختر (نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پاکستان) سالانہ دعوتی دورہ کے سلسلے میں حلقہ سکھر رات8 بجے رحیم یار خان تشریف لائے۔ رحیم یار خان تنظیم کے امیر جناب پروفیسر سجاد منصور اور مقامی معاونین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ رات کا کھانا اور قیام رفیق تنظیم جناب سہیل خورشید کی رہائش گاہ پر ہوا۔ بروز اتوار نماز فجر عباسیہ ٹائون کی مسجد میں ادا کی گئی۔ نماز کے بعد امام مسجد اور نمازیوں کےاصرار پر امیر محترم نے مختصراً درس قرآن بھی دیا۔ آرام اور ناشتہ کے بعد صبح30 :9سے الشفا مسجد میں علماء کرام دانشوروں اور اہل علم کے ساتھ امیر محترم کی ملاقاتوںکا سلسلہ شروع ہوا۔ اور دوپہر12: 30تک جاری رہا۔ مہمانوں کو تنظیم اسلامی کی کتب کا تحفہ بھی دیا گیا۔ نماز ظہر اور ظہرانہ کے بعد ٹائون ہال کی لائبریری کے آڈیٹوریم میں امیرمحترم نے’’قرآن حکیم،کتاب ہدایت و انقلاب اور ہمارا اس سے تعلق‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔دوران خطاب شرکاء کی تعداد150 افراد تک تھی۔ اجتماعی دعا کے ساتھ خطاب اختتام پذیر ہوا۔
اس کے بعد امیر تنظیم اور نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پاکستان صادق آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔ صادق آباد شہر میں الحمد للہ دو تناظیم صادق آباد جنوبی اور صادق آباد شمالی کے مقامی امراء جناب محمد نسیم چودھری اور جناب سید ذکاء الرحمٰن نے مقامی معاونین کے ہمراہ مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ نماز مغرب اور عشاء کے درمیان جناب محمد نسیم چودھری کی رہائش گاہ پر صادق آباد شہر کے علماء،دانشور اور اہل علم حضرات سے امیر محترم کی ملاقاتیں ہوئیں۔ نماز عشاء کے بعد رات8 بجےPMCہال صادق آباد میںامیر محترم نے’’قرآن حکیم، کتاب ہدایت و انقلاب ، ہمارا اس سے تعلق‘‘ کے موضوع پر جامع خطاب فرمایا۔ تقریباً 350 کے قریب رفقاء و احباب اور 60 کے قریب خواتین نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شرکاء کی شرکت کو قبول فرمائے، اجتماعی دعا پر خطاب اختتام پذیر ہوا۔ رات قیام اور عشائیہ جناب محمد نسیم چودھری کی رہائش گاہ پر ہوا۔ بروز پیر نماز فجر اور ناشتہ کےبعد امیر محترم، جناب انجینئر سید نعمان اختر اور امیر حلقہ سکھر جناب احمد صادق سومرو کے ہمراہ صادق آباد سے سکھر کے لیے روانہ ہوئے۔ صبح10:00بجے تنظیم کے مرکز سکھر پہنچے اور دن11:00سے دوپہر12:30 تک سکھر کے علماء، اور اہل ِعلم سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ نماز ظہر کے بعد امیر محترم نے دوپہر 2:00 بجے مکی جامع مسجد سکھر میں’’قرآن حکیم، کتاب ہدایت و انقلاب اور ہمارا اس سے تعلق‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ خطاب کے بعد اجتماعی دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ خطاب میں شرکاء کی تعداد 100 کے قریب تھی۔ جس میں رفقاء و احباب کے ساتھ کچھ خواتین نے بھی شرکت کی۔ اللہ پاک ان کی شرکت کو توشہ ٔ آخرت بنائے۔ ظہرانہ کے بعد امیرمحترم نائب ناظم اعلیٰ کے ہمراہ کراچی کے لیے روانہ ہو گئے۔(رپورٹ: نصر اللہ انصاری ، معتمد سکھر)
امیر تنظیم اسلامی کا سالانہ تنظیمی دورہ حلقہ پنجاب شمالی
امیر حلقہ جناب اشتیاق حسین نے امیر محترم ،ناظم اعلیٰ جناب ڈاکٹر عطاالرحمن عارف اور نائب ناظم اعلیٰ جناب ڈاکٹر امتیاز احمد کو خوش آمدید کہا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران حکیم سورۃ آل عمران کی آیات 102 تا 110 اور ان کےترجمہ سے ہوا ۔جس کی سعادت ناظم دعوت حلقہ شہر یار ٹوانہ نےحاصل کی ۔امیر حلقہ نے اپنے حلقہ کا حدود اربعہ اور تعارف پیش کیا۔ ضلع راولپنڈی کی 7 میں سے 4 تحصیلیں اور ضلع اٹک کی 2 تحصیل پنڈی گھیپ اور تلہ گنگ بھی پنجاب شمالی میں شامل ہیں۔جہاں پر 9 مقامی تناظیم مسلم ٹاؤن۔النور کالونی۔ راولپنڈی کینٹ۔چکلالہ کینٹ ۔ گلزار قائد۔لالہ زار۔راولپنڈی غربی۔واہ کینٹ۔ پنڈی گھیپ اور ایک منفرد اسرہ اٹک قائم ہیں ۔ کل رفقاء کی تعداد 526 ہے جن میں سے 164 ملتزم اور 362 مبتدی رفقاء ہیں ۔کل اسرہ جات کی تعداد 44 ہے۔
بعد ازاں معاونین حلقہ اور مقامی اُمراءکا مختصرتعارف کرایا گیا ۔پھر مقامی امراء نے اپنی اپنی تناظیم میں اکتوبر 2023ءسے دسمبر 2024ء تک شامل ہونے والے(60) نئے رفقاء کا فرداً فرداً امیر محترم سے تفصیلی تعارف کرایا ۔ان نئے رفقاء میں ایک رفیق ایسےبھی تھے جو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے فضل وکرم سے کفر (ہندومت) سے دائرئہ اسلام میں داخل ہوئے تھے۔اس’ جرم‘ کی پاداش میں وہ اپنے گھر بار اور رشتہ داروں سے محروم کر دیئے گئے ۔ انہوں نے اپنا نام عبدالقدیر رکھا ۔ پیشہ کے لحاظ سے کیمیکل انجینئر ہیں اور ملکی آئیل اینڈ گیس کمپنی میں ملازمت کر رہے ہیں۔امیر محترم نے خصوصی طور پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی استقامت اور ثابت قدمی کے لیے دعا فرمائی ۔بعدازاں رفقاء کے ساتھ امیر محترم سےسوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں رفقاء نے تنظیمی،ملکی،بین الاقوامی بالخصوص فلسطین،شام اور افغانستان کے حوالے سے مختلف سوالات کیے۔ جن کے تفصیلی جوابات دیئے۔ اس کے بعد پروگرام کے مطابق مبتدی اور ملتزم رفقاء نےاجتماعی طور پر بیعت کی ۔نماز ظہر اور ظہرانےکے بعد عام رفقاء کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔اس کے بعد معاونین حلقہ ، مقامی اُمراء ،نقباء اور معاونین کے ساتھ امیر محترم کی نشست ہوئی جونماز عصر پر اختتام پذیر ہوئی۔نماز عشاء پر یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا اور امیر محترم اسلام آباد ائرپورٹ سے کراچی کے لیے عازم سفر ہوئے۔اللہ تعالیٰ پروگرام میں شریک رفقاء و احباب کی شرکت کو قبول فرما کر ان کے لیے صدقہ ٔ جاریہ بنا دے۔آمین یا رب العالمین ! (رپورٹ: ابرار احمد ،ناظم نشر و اشاعت حلقہ پنجاب شمالی )