(خصوصی مضمون) اخبارِ اسلام - ادارہ

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l فلسطینی پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی پولیس غزہ کے عوام کی جرأت و استقامت کو سلیوٹ پیش کرتی ہے جنہوں نے قابض اسرائیلی نسل کشی کی جنگ کا 471 دنوں تک ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس میں ہزاروں مسلمان شہید اور زخمی ہوئے۔ہم فلسطینی پولیس کے 1400سے زائد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن میں پولیس کے سربراہ میجر جنرل محمود صلاح شامل ہیں اور 1950 سے زائد زخمی اور 211 قیدی بھی شامل ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج نے پولیس کے تمام دفاتر، وسائل اور گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔پولیس نے تمام مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت کو جاری رکھا اور نظم و ضبط کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ پولیس کے ادارے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے اور جنگی تباہی سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان فراہم کیا جا سکے۔
l ترجمان کتائب القســام ابو عبیدہ کے مطابق ہماری قوم پر صہیونی جارحیت کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنا طویل عرصے سے ہمارا مقصد تھا بلکہ یہ مقصد جارحیت کے آغاز سے ہی تھا۔ ہم اورتمام مزاحمتی دھڑے جنگ بندی کے معاہدہ پر مکمل طور پر عمل کرنے کا اعلان کرتے ہیں، مگر یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ یہ سب دشمن کے عمل پر منحصر ہے۔ہم اپنے انصار اللہ اور حزب اللہ کے بھائیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جنگ میں بھاری قیمتیں چکائیں ۔ عراقی اور اُردنی بھائیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے سرحدوں کو عبور کیا۔ ہمیں تمام مسلم ممالک کی طرف سے حمایت کے لاکھوںپیغامات مل رہے ہیں۔ ہم اپنے عوام کی شدید درد و تکالیف کو محسوس کرتے ہیں، جو عوام اور مقامات مقدسہ کی آزادی کی قیمت ہے۔
l   فرینڈز آف فلسطین پاکستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے تمام ذرائع اختیار کریں جن سے بچوں میں فلسطین سے آگاہی پیدا ہو اور ان کے دلوں میں قبلہ اوّل  کی فضیلت و اہمیت راسخ ہو۔ بچوں کی تربیت اور ان کے شعور میں اضافہ کے لیے ضروری ہے کہ انہیں ایسی کتب اور سرگرمیوں سے متعارف کروائیں جو ان کے دلوں میں قبلہ اوّل کے تحفظ کا جذبہ پیدا کریں۔
l حالیہ جنگ کے بعد جب قسامی مجاہدین، یعنی حماس کے بہادر سپاہی، غزہ واپس لوٹے تو اہلِ غزہ نے اُنہیں شاندار محبت اور والہانہ جذبات سے خوش آمدید کہا ۔
l مغربی کنارے میں واقع جنین مہاجر کیمپ میں قابض اسرائیل نے وسیع آپریشن کا آغاز کردیا۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔ غزہ کی مزاحمتی تنظیم نے نفیرِ عام کا اعلان کردیا ہے جبکہ فلسطینی اتھارٹی کی فورسز نے اسرائیلی فورسز کےساتھ جھڑپوں سے کنارہ کشی کی خاطر علاقہ خالی کردیا ہے۔
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
 
l ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل: فوجی سربراہ مستعفی : اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہیرزی ہیلوی نے غزہ میں جنگ بندی نافذ ہونے کے چند روز بعداپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہےاور یہ باور کرایا ہےکہ وہ 7اکتوبر2023ء کو فوج کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور 6مارچ کو ذمہ داریوں اور فوج کی قیادت کے منصب سے سبک دوش ہو جائیں گے۔ اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن غفیر نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔
l غزہ: عمارتوں کے ملبے تلے شہداء کی لاشیں اُٹھانے کا کام شروع: فلسطینی محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل کا کہنا ہے کہ خدشہ ہےکہ غزہ میں بمباری سے شہید ہونے والے 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہداء کی  لاشیں ملبے تلے دبی ہیں ۔ عمارتوں کے ملبے تلے، سڑکوں اور میدانوں میں شہید فلسطینیوں کی لاشیں اُٹھانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
  l بھارت:بلااجازت نماز پڑھنے پر چار مسلمان گرفتار : ریاست اترپردیش کے   ضلع بریلی میں بغیر اجازت نجی شیڈ میں نماز ادا کرنے پر چار مسلمانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ مسجد غیر قانونی طور پر بنائی جا رہی تھی۔
 l سعودی عرب:دل کا پہلا مکمل روبوٹک آپریشن کامیاب: دارالحکومت ریاض کے شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر میں عالمی سطح پر مصنوعی ہارٹ پمپ امپلانٹیشن کے آپریشن میں پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کرلی گئی۔
 l افغانستان: صوبہ تخار میں چینی شہری قتل: شمالی صوبے تخار میں ایک چینی باشندہ جو  کان کنی کے سلسلے میں وہاں موجود تھا کو تاجکستان کی سرحد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے قتل کردیا۔ چینی شہری کے ساتھ سفر کرنے والا مقامی ترجمان محفوظ ہے۔ 
l ایران: توہین رسالت کے مرتکب گلوکار کوسزائےموت : 37 سالہ پاپ گلوکار     امیر حسین المعروف تاتالو کو توہینِ رسالت کرنے پر سزائے موت سنا دی گئی ہے۔  قبل ازیں توہین ِمذہب پر اُسے صرف5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، سرکاری پراسیکیوٹر نے اِس پر اعتراض کیا کہ اِسے کم از کم سزائے موت دی جائے۔اس سے قبل جسم فروشی کو فروغ دینے، ایران کے خلاف پروپیگنڈا پھیلانے اور فحش مواد شائع کرنے کے الزام میں بھی اِس گلوکار کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
سپریم کورٹ کے 2 جج فائرنگ سے جاں بحق، ایک زخمی: دارالحکومت تہران میں مسلح افراد کی فائرنگ میں سپریم کورٹ کے 3 ججوں کو ٹارگٹ کیا گیا ، نتیجے میں 2 جج    جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے ججوں میں علی رازنی اور محمد مغیثی شامل ہیں، جج علی رازنی پر 1998ء میں بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔ اُن کی گاڑی میں بم نصب کیا گیا تھا اور وہ اُس حملے میں زخمی ہوئے تھے۔