(تنظیمی سرگرمیاں) امیر محترم کا دعوتی دورہ حلقہ کراچی شرقی - ادارہ

11 /
امیر محترم کا دعوتی دورہ حلقہ کراچی شرقی
امیر تنظیم اسلامی پاکستان محترم شجاع الدین شیخ نے 12 اکتوبر 2025ء بروز اتوار حلقہ کراچی شرقی کا دعوتی دورہ کیا۔ اس دورہ میںمحترم عارف جمال فیاضی (نائب ناظم اعلیٰ جنوبی - 1 پاکستان) بھی امیر محترم کے ہمراہ تھے۔ حلقہ کراچی شرقی کے امیر ڈاکٹر انوار علی نے اس دورہ کی خصوصی میز بانی کی۔ اس دورہ میں حلقہ کراچی شرقی کے تحت 2 مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی تفصیلات ذیل میں درج ہیں:
٭ نمایاں شخصیات سے خصوصی ملاقات :
سہ پہر 1 بجے یہ وفد ابو الحسن اصفہانی روڈ پر واقع ایک نجی بال روم پہنچا، وہاں 1:15 بجے امیر محترم کی امامت میں نماز ظہر ادا کی گئی۔ نماز ظہر سے فارغ ہونے کے بعد 1:30 بجے نمایاں شخصیات کے ساتھ خصوصی ملاقات شروع ہوئی۔ محفل کا آغاز شرکاء کے تعارف سے ہوا۔
اس ملاقات میں محترم محمد احسان ( رائل پیلیس بینکوئٹ کے مالک)، محترم نبیل اختر (CEO_Techwards) ، محترم معراج الہدی (سابق امیر جماعت اسلامی کراچی)، محترم محمد حسیب حسین (وائس پریزیڈنٹ بزنس فورم کراچی)، محترم عزیز (منیجر سوشل میڈ یا کمیونٹی)، محترم عبید بخاری ( صحافی دنیا نیوز ) ، محترم عمران احمد صدیقی (ڈائریکٹر Nextek Solutions) ، محترم محمد ندیم (ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد کراچی)، محترم عاطف علی ( چیئر مین جماعت اسلامی ناظم آباد ٹاؤن)، محترم ضیاء اللہ (پریزیڈنٹ پی ایم ایل این ضلع بدین)، محترم حاجی ابراہیم (پرنسپل کراچی پولیس ٹریننگ سکول)،محترم مجاہد الاسلام (سکول ایسو سی ایشن) اور محترم یوسف (سکول اونر ) نے شرکت فرمائی۔
امیر محترم نے ابتدا میں اپنا تعارف کروانے کے بعد تنظیم اسلامی، انجمن خدام القرآن اور دی علم فاؤنڈیشن کا مختصر تعارف بھی پیش کیا اور بتایا کہ قرآن پاک کا متفقہ ترجمہ اور نصاب اس وقت پنجاب، خیبر پختو نخوااور فیڈرل بورڈ میں پڑھا یا جا رہا ہے اور جماعت 9 سے 12 تک لازم کر دیا گیا ہے۔ مزید بلوچستان میں بھی کچھ امکان ہے لیکن سندھ میں ابھی تک کوئی سبیل نظر نہیں آتی۔ اس ملاقات میں تعلیمی نظام ، اسلامی یکساں نصاب، تربیت اولاد، جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا ۔ ملاقات میں شرکاء کی جانب سے انتہائی اہم مشورے و تجاویز سامنے آئیں۔
امیر محترم نے حاضرین کو بھولے ہوئے سبق کو یاد کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچپن میں شاید ہی کوئی با قائدہ دینی موضوع نصاب میں پڑھایا گیا ہو بلکہ ہمیں تو والدین یا اساتذہ یا کوئی بڑا یا اچھا دینی مزاج رکھنے والا مل گیا ہو گا، جس کے سبب ہم آج یہاں جمع ہیں۔سب لوگ اپنے حصے کا کام ضرور کر جائیں جہاں بھی موجود ہوں۔
دوران ملاقات ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اختتام پر امیر محترم نے تمام شرکاء کو الوداع کیا۔
٭ خطاب عام :
رات 9:00بجے عید گاہ گراؤنڈ سیکٹر 9 نارتھ کراچی میں امیر محترم نے ’’اقصیٰ و غزہ اور امت مسلمہ کا حال اور مستقبل‘‘ کے موضوع پر جلسہ سے خطاب فرمایا، جس میں تقریباً 900 حضرات اور 400 خواتین کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ جات کے وابستگان، اساتذہ و علماء کرام اور سیاسی و با اثر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ خطاب کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی اور اختتام رات 10:40 بجے دعا پر ہوا۔ پروگرام کی میزبانی کے فرائض مقامی تنظیم سرجانی، نیو کراچی اور اجمیرنگری نے سرانجام دیئے۔ امیر محترم نے تمام رفقاء واحباب کا اور انتظامیہ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اختتام پر امیر حلقہ نے اپنے معاونین کے ہمراہ امیر محترم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں رخصت کیا۔(رپورٹ: حافظ راسب و سیم، معتمد حلقہ کراچی شرقی)