زندگی کی 24 مشکلات کا نبوی ؐ حلانتخاب:رمیصاءخان
حضرت خالد بن ولید ؓ فرماتے ہیں کہ ایک آدمی حضور نبی کریم ﷺ کے پاس آیا اور عرض کی میں آپ سے دنیا و آخرت کے بارے میں کچھ پوچھنا چاہتا ہوں؟ آپﷺ نے فرمایا: جو چاہو پوچھو!
٭ اُس نے کہا: اے اللہ کے نبیﷺ میں چاہتا ہوں کہ سب سے بڑا عالم بن جاؤں؟
آپﷺ نے فرمایا: اللہ سے ڈر تو بڑا عالم بن جائے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ سب سے مالدار بن جاؤں؟
آپ ﷺنے فرمایا: قناعت اختیار کر! تو سب سے بڑا مالدار بن جائے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ سب سے اچھا انسان بن جاؤں؟
آپﷺ نے فرمایا: اچھا انسان وہ ہے جو لوگوں کو نفع پہنچائے تو لوگوں کو نفع پہنچا، اچھا آدمی بن جائے گا۔
٭ اُس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ سب سے زیادہ عدل کرنے والا بن جاؤں؟
آپﷺ نے فرمایا: جو اپنے لیے پسند کرتے ہو وہی دوسروں کے لیے پسند کیا کرو تم بڑے عدل والے بن جاؤ گے۔
٭ اُس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ اللہ کا خاص بندہ بن جاؤں؟
آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کا ذکر کثرت سے کیا کر! تو اللہ کا خاص بندہ بن جائے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ بہت نیک بن جاؤں؟
آپ ﷺنے فرمایا: اللہ کی عبادت یوں کیا کر کہ تو اُسے دیکھ رہا ہے اگر ایسا نہ ہو سکے توکم از کم یوں عبادت کر ‘ کہ اللہ تعالیٰ تجھے دیکھ رہا ہے۔ بڑا عبادت گزار بن جائے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ میرا ایمان کامل ہو جائے۔
آپﷺ نے فرمایا: اپنے اخلاق اچھے کر لو تمہارا ایمان کامل ہو جائے گا۔
٭ اُس نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ فرمانبردار بن جاؤ؟
آپ ﷺ نے فرمایا: فرائض باقاعدگی سے ادا کرتے رہو فرماں بردار بن جاؤ گے۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ روزِ قیامت گناہوں سے پاک اٹھایا جاؤں؟
آپﷺ نے فرمایا: غسلِ جنابت خوب اچھی طرح اور جلدی کیا کرو، روزِ قیامت بغیر گناہ کے اُٹھائے جاؤ گے۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ روزِ قیامت نور ہی نور میں اُٹھایا جاؤں؟
آپﷺ نے فرمایا: کسی پر ظلم نہ کرو اور روزِ قیامت نور میں اُٹھائے جاؤ گے۔
٭ اُس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ میرا رب مجھ پر رحم کرے؟
آپﷺ نے فرمایا: تو اپنی جان پر اور مخلوق خدا پر رحم کر اللہ تجھ پر رحم کرے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ میرے گناہ کم ہو جائیں؟
آپ ﷺ نے فرمایا: استغفار کیا کر تیرے گناہ جھڑ جائیں گے۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ لوگوں میں بڑا عزت والا بن جاؤں؟
آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ کا شکوہ مخلوق کے آگے نہ کیا کر تو بڑا عزت والا بن جائے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ میرا رزق بڑھا دیا جائے؟
آپ ﷺ نے فرمایا: ہمیشہ پاک (باوضو) رہا کر، تیرا رزق بڑھا دیا جائے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول ﷺ کا پسندیدہ بن جاؤں؟
آپ ﷺ نے فرمایا: اُس چیز کو پسند کر جسے اللہ، رسول ﷺ پسند کرتے ہوں اور اُس چیز کو ناپسند جان جس کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ ناپسند بتائیں۔
٭ اُس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی سے بچ جاؤں؟
آپ ﷺ نے فرمایا: کسی پر غصہ نہ کیا کر، اللہ تعالیٰ کی ناراضگی اور اُس کے غصے سے بچ جائے گا۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ مستجاب الدعوات بن جاؤں، میری دعائیں قبول ہونے لگیں؟
آپ ﷺ نے فرمایا: حرام کھانے سے بچتا رہ تیری دعائیں قبول ہوں گی۔
٭ اُس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھے روزِ قیامت سب بندوں کے سامنے رسوا نہ کرے؟
آپ ﷺ نے فرمایا: اپنی شرم گاہ کی حفاظت کر، اللہ تعالیٰ تجھے بندوں کے سامنے رسوا نہیں کرے گا۔
٭ اُس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میرے عیب چھپا لے؟
آپ ﷺنے فرمایا: تو اپنے بھائیوں کے عیب چھپا لے، اللہ تعالیٰ تیرے عیوب لوگوں سے چھپائے گا۔
٭ اُس نے کہا: اللہ تعالیٰ کن چیزوں کے ساتھ بندوں کی خطاؤں کو مٹا دیتا ہے؟
آپﷺ نے فرمایا: نادم ہو کر رونے، دھونے اور بیماریوں کے ساتھ۔
٭ اُس نے کہا: کون سی نیکی اللہ تعالیٰ کے ہاں افضل ہے؟
آپﷺ نے فرمایا: اچھے اخلاق، عاجزی، مصائب پر صبر اور اللہ کے فیصلوں پر راضی رہنا۔
٭ اُس نے کہا: کون سی برائی اللہ کے ہاں سب سے بڑھ کر ہے؟
آپ ﷺ نے فرمایا: برے اخلاق اور بخل
٭ اُس نے کہا: کیا چیز رحمٰن کے غضب کو ٹھنڈا کر دیتی ہے؟
آپ ﷺنے فرمایا: چپکے چپکے صدقہ کرنا، صلہ رحمی کرنا۔
٭ اس نے کہا: کیا چیز نارِ جہنم کو بجھا دیتی ہے؟
آپﷺ نے فرمایا: روزہ۔
(کنزالعمال جلد16،حدیث نمبر44154)