(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

9 /

اخبارِ اسلام


غزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے جنوبی بیروت پر قابض اسرائیل کے فضائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوے اِسے ’’بزدلانہ جارحیت‘‘ قرار دیا ہے جو لبنان کو نئی محاذ آرائی میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔حماس نے لبنان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ لبنان کو اپنے عوام اور زمین کے دفاع کا حق حاصل ہے۔
l فلسطینی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے غزہ کے جنوبی علاقے میں ایک عارضی قبرستان سے نصار خاندان کے 16 شہداء کی لاشیں برآمد کی ہیںجنہیں جنگی حالات کے باعث عارضی قبرستان میں دفن کیا گیا تھا۔ غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے بتایا ہے کہ غزہ میں وسائل کی شدید کمی ہے، ایندھن ناپید ہے اور لاکھوں بے گھر فلسطینی پھٹے پرانے خیموں میں مقیم ہیں جو بارش سے بچا سکتے ہیں نہ سردی سے۔گزشتہ دنوں آئے طوفان نے ہزاروں خیموں کو تباہ و برباد کر دیااورقابض اسرائیل کی دو برس سے جاری نسل کش جنگ کے باعث پیدا شدہ انسانی المیے کو کئی گنا بڑھا دیا۔
l اسرائیل کی جانب سےجنگ بندی صرف کاغذوں تک محدود ہے جبکہ غزہ کے عوام بدستور شدید اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں۔تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق497 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی،جن میں سے27 خلاف ورزیاں صرف ایک دن 22 نومبر (ہفتہ) کو ریکارڈ کی گئیں۔اِس دوران میں 342 فلسطینی شہیدہوئے جن میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے۔ شدیدزخمی اور مختلف نوعیت کے زخموں کے ساتھ 875 افراد رپورٹ ہوئے ہیں، اسرائیلی فورسز کی جانب سے غیر قانونی اور جبری طور پر 35 شہریوں کو گرفتار کیا گیا، شہریوں، گھروں اور خیموں پر 142 مرتبہ براہِ راست فائرنگ کی گئی ، زمینی، فضائی اور توپ خانے سے بمباری کرکے 228 حملے کیے گئے ،100 مرتبہ گھروں اور شہری عمارتوں کو بارودی مواد سے اُڑایا گیا۔
l یورپی فلسطینی نیٹ ورک نے اعلان کیا ہے کہ اس کی دوسری سالانہ بین الاقوامی کانفرنس 31 جنوری 2026ء کو ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ’’انسانیت کے لیے ساتھ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوگی۔ اس میں یورپ اور فلسطین کی نمایاں تنظیمیں اور اہم شخصیات بھرپور انداز میں شرکت کریں گی۔
l اسرائیلی اخبار ہارٹزکے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کے ایک زیر زمین خفیہ تہہ خانے میں ’’Israeliana Archive ‘‘کے نام سے آرکائیو قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد اسرائیل کی مکمل تاریخ، اس کی روزمرہ زندگی، اس کی جنگیں، اس کے پروپیگنڈے اور اس کے وجود سے جُڑی ہر یاد کو محفوظ کرنا ہے تاکہ اسرائیل صفحۂ ہستی سے مٹ جائے تو آنے والی نسلوں تک اسرائیل کی تاریخ پہنچ سکے ۔
l الجزیرہ کے مطابق، قابض اسرائیلی افواج نے خان یونس کے مشرقی علاقے میں پیلی لائن کے اندر نئی اور شدیدکارروائیاں کی ہیں۔یہ حملے جنوبی غزہ میں پہلے سے بگڑتی صورت حال کو مزید خراب کر رہے ہیں، جبکہ عام شہری ایک بار پھر خطرے میں پھنس چکے ہیں۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l لبنان :بیروت پر اسرائیل کاحملہ، حزب اللہ چیف آف سٹاف جاں بحق: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیاہے کہ اُس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں حملہ کر کے حزب اللہ کے چیف آف سٹاف حیثم علی طباطبایی ٹارگٹ کلنگ کی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس حملے کے احکامات نتن یاہو نےجاری کیے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں28 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں ۔
l بنگلہ دیش: بھارت سے حسینہ واجد کی حوالگی کا ایک بار پھر مطالبہ : بنگلہ دیش کی عبوری انتظامیہ میں امور خارجہ کے نگران توحید حسین کا کہنا ہے کہ ہم نے بھارت سے ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ شیخ حسینہ کے فرار کے بعد سے ان کی واپسی کے لیے کی جانے والی یہ تیسری سرکاری درخواست ہے۔
l ایران: جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو، عالمی امداد کی اپیل: ایران اور آذربائیجان میں بحیرہ کیسپیئن کے ساحل کے ساتھ پھیلے ہوئے 25 سے 50 ملین سال پرانےہائیرکینین جنگلات جو یونیسکو کے عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل ہیں،میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بین الاقوامی مدد کی اپیل کی ہے۔اِس حوالے سے ترکی کے خصوصی فائر فائٹنگ طیارے مرزن آباد پہنچ چکے ہیں، روس، بیلاروس اور آذربائیجان نے بھی مدد فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔کچھ دن پہلے آگ پر قابو پا لیا گیا تھا، لیکن موسمی حالات کے باعث یہ دوبارہ بھڑک اٹھی۔ یہ جنگلات بھرپور نباتاتی اور حیوانی تنوع کے لیے مشہور ہیں ۔
l ترکیہ: روس‘ یوکرائن جنگ بندی کے لیے صدر اردگان کی کوششیں : صدر رجب طیب اردگان نے روس یوکرائن جنگ بندی کے لیے کوششوں کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ یوکرائن اور غزہ میں امن کی کوششوں پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ مذاکرات میں ترکیہ بلیک سی کے ذریعے اناج کی محفوظ ترسیل بھی مانگے گا۔مذاکرات کے نتائج یورپی اور امریکی رہنماؤں سے بھی شیئر کئے جائیں گے۔
l ملائیشیا : 16 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی: کمیونیکیشن منسٹر داتوک فہمی فاضل نے کہا ہے کہ اگلے سال سے 16 سال سے کم عمر افراد کونئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
l انڈونیشیا: آتش فشاں سیمیرو پھٹ گیا: جزیرہ جاوا میں آتش فشاں سیمیرو پھٹنے سے کئی دیہات راکھ، مٹی اور لاوے سے بھر گئے۔مقامی حکام کے مطابق تقریباً 900 افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ۔
l لیبیا: معروف ولاگر خنساء مجاہد سرراہ بیدردی سے قتل: دارالحکومت میں نامعلوم مسلح افراد نے السراج علاقے میں لیبیا کی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور کاروباری شخصیت خنساء مجاہد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ انھوں نے اپنی جان بچانے کے لیے گاڑی سے نکل کر بھاگنے کی کوشش بھی کی لیکن حملہ آوروں نے تعاقب کر کے براہ راست گولیاں ماریں اور ہلاکت کا یقین ہوجانے پر فرار ہوئے ۔مقتولہ سیاسی جماعت زاوِیہ کے معروف رہنما اور سیاسی ڈائیلاگ کمیٹی کے سابق رکن معاذالمنفوخ کی اہلیہ تھیں۔