روداد برائے متبادل زونل سالانہ اجتماع منعقدہ15،16نومبر2025ء
(1)زون جنوبی پاکستان(i) (4)زون شمالی پاکستان
(2)زون جنوبی پاکستان(ii) (5)زون خیبرپختونخوا
(3)زون وسطی پاکستان (6)زون شرقی پاکستان (رپورٹ شمارہ45 میں شائع ہو چکی ہے۔)
(مرتب:کمانڈر سرفراز احمد، عاطف محمود، ڈاکٹر اشرف علی، سعید اللہ شاہ، شوکت حسین انصاری)
(1)زون جنوبی پاکستان(i)
تنظیم اسلامی کی روایت چلی آرہی ہے کہ ہرسال نومبر میں کل پاکستان سالانہ اجتماع کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال بھی نومبر میں یہ سالانہ اجتماع مرکزی اجتماع گاہ بہاولپور میں طے تھا ۔ لیکن طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلے کے آنے کی وجہ سے پروگرام کا انعقاد وہاں ممکن نہ رہا۔چنانچہ مرکزی ذمہ داران کے ساتھ مشاورت کے بعد امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ sنے طے فرمایا کہ سالانہ اجتماع کے متبادل کے طور پر پورے پاکستان کے چھ زونز میں، زونل سطح پر یہ پروگرام15 اور16 نومبر کو بیک وقت منعقد ہو گا۔ چنانچہ زون جنوبی پاکستان ون کے تحت قرآن اکیڈمی یٰسین آباد میں متبادل زونل اجتماع ہونا طے پایا۔امیر محترم کےاس فیصلہ کے بعد بھرپور انداز میں اس پروگرام کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ اس زون میں حلقہ کراچی شمالی، حلقہ کراچی وسطی اور حلقہ بلوچستان سے تقریباً 1250رفقاء کی شرکت متوقع تھی۔ جب کہ قرآن اکیڈمی یاسین آباد میں اس حوالے سے جگہ کی تنگی محسوس ہو رہی تھی۔ بہرحال نظم کے فیصلے پر لبیک کہتے ہوئے اس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ جس کے لیے قرآن اکیڈمی کا باقاعدہ نقشہ بنایا گیا اور رہائش، نماز، کھانے اور دیگر سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے بھرپور اور جامع پلان مرتب کیا گیا۔ جس کے مطابق استقبالیہ اور آرائش کی ذمہ داری یاسین آباد تنظیم کے سپرد کی گئی، طعام اور چائے کی ذِمّہ داری ناظم آباد تنظیم کے حوالے کی گئی۔ پارکنگ کی ذمہ داری نارتھ ناظم آباد تنظیم کے سپرد کی گئی۔ بیرونی سیکیورٹی کی ذمہ داری گلبرگ تنظیم کے حوالے کی گئی۔ اندرونی سیکیورٹی کی ذمہ داری بلدیہ ٹاؤن تنظیم کے سپرد کی گئی ۔ تمام ہی تناظیم نے انتہائی جانفشانی اور عمدگی کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا۔
پروگرام کا آغاز 15نومبر صبح نو بجے ہوا۔ جس کے لیے رفقاء صبح سات بجے ہی سے آنا شروع ہو گئے تھے۔ الحمد للہ ان رفقاء کی بروقت رجسٹریشن اور رہائش گاہوں میں پہنچانے کا اہتمام عمدگی کے ساتھ مکمل ہوا۔
پروگرام کے پہلے سیشن کے اسٹیج سیکرٹری محترم فیصل منظور تھے۔اس سیشن کی صدارت زون جنوبی پاکستان ون کے نائب ناظم اعلیٰ محترم سید نعمان اختر نے کی۔ پروگرام کا آغاز امیر محترم شجاع الدین شیخ s کے افتتاحی کلمات سے ہوا جو پاکستان بھر کے چھ زونز میں آن لائن نشر کیے گئے۔ اُس وقت امیر محترم زون جنوبی ٹو کے تحت ڈیفنس اکیڈمی میں ہونے والے زونل اجتماع میں صدارت فرما رہے تھے۔ امیر محترم نے افتتاحی کلمات میں اجتماع کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ نیز رفقاء کو پروگرامات سے بھر پور استفادہ کی تلقین کی۔ امیر محترم کے خطاب کے بعد ناظم اجتماع زون جنوبی ون کے نائب ناظم اعلیٰ محترم سید نعمان اختر نے اجتماع کے حوالے سے ہدایات دیں۔ جس کےبعد ’’فکرآخرت‘‘ کے عنوان سے حلقہ کراچی وسطی کے سینئر مدرس محترم راشد حسین نے سیر حاصل گفتگو کی۔ اُن کے خطاب کے بعد ’’قرآنِ حکیم کا تصورِ دین‘‘ کے عنوان سے حلقہ کراچی وسطی کے سینئر مدرس محترم انجینئر عثمان علی نے اپنے مخصوص انداز میں گفتگو کی ۔ موصوف نے دین ِاسلام کے جزوی تصورات کو بیان کرتے ہوئے دین اسلام کے وسیع تصور کو عمدگی کے ساتھ بیان کیا ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ دین ِاسلام میں محض انفرادی معاملات میں اطاعت کا تقاضا نہیں ہے بلکہ دین تو پوری زندگی میں اور زندگی کے ہر گوشے میں اطاعت کا حکم دیتا ہے۔اس خطاب کے بعد چائے و باہمی ملاقات کے لیے وقفہ دیا گیا۔ جس میں رفقاء نے آپس میں ملاقاتیں کیں اور باہمی تعارف حاصل کیا۔وقفہ کے بعد’’ امیر سے ملاقات ‘‘ کا پروگرام منعقد ہوا۔ جو کہ قرآن اکیڈمی ڈیفنس سے پاکستان بھر کے چھ زونز میں آن لائن لائیو نشر کیا گیا۔میزبانی کی ذمہ داری حلقہ کراچی شرقی کے امیر محترم ڈاکٹر انوارعلی ابرار نے انجام دی۔اس پروگرام کے بعد نماز ظہر ، ظہرانہ اور آرام کا وقفہ دیا گیا۔
نماز عصر کے بعد دوسرے سیشن کا آغاز ہوا۔ جس میں اسٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری حلقہ کراچی شمالی کے ناظم تربیت محترم سید فاروق احمد نے ادا کی۔ نیز امیر محترم نے بنفس نفیس اس سیشن کی صدارت کی۔ جس کے لیے وہ خصوصی طور پر قرآن اکیڈمی ڈیفنس سے تشریف لائے تھے۔نماز عصر کے بعد مختصر درس حدیث ہوا جس کی ذمہ داری حلقہ کراچی شمالی کے سینئر مدرس محترم محمد ارشد نے ادا کی ۔اُنہوں نے عمدگی کے ساتھ دین اسلام میں حیا کے وسیع تصور کو بیان کیا۔درسِ حدیث کے بعد پروگرام’’ زمانہ گواہ ہے‘‘ کی ریکارڈنگ کو پاکستان بھر کے چھ زونز میںسکرینوں پردکھایا گیا۔ جس میں میزبانی کے فرائض جناب وسیم احمد نے ادا کیے۔ نیز مہمانان گرامی میں امیر ِ محترم کے خصوصی مشیر محترم مرزا ایوب بیگ ،تنظیم اسلامی کے ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر عطاالرحمٰن عارف ، تنظیم اسلامی کے مرکزی ناظم تعلیم وتربیت محترم خورشید انجم اور تنظیم اسلامی کے مرکزی ناظم شعبہ نشرو اشاعت و ترجمان تنظیم اسلامی محترم رضاء الحق شامل تھے۔ اس پروگرام میں ان تمام مہمانان نے عمدگی کے ساتھ موجودہ حالات کا تجزیہ پیش کیا۔ نیز ان حالات میں بحیثیت مسلمان کےعائد ہونے والی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس پینل گفتگو کے بعد نماز ِ مغرب کا وقفہ ہوا۔ نمازِ مغرب کے بعد مطالعہ حدیث کی ذمہ داری حلقہ کراچی شمالی کے مدرس محترم محمد خرم نے ادا کی۔ موصوف نے عمدگی کے ساتھ علمِ دین کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ درس ِ حدیث کے بعد محترم سید نعمان اختر نے ’’ہم اور ہمارا گھر‘‘ کے عنوان سے سیر حاصل گفتگو گی۔ اُنہوں نے بتایا کہ ہماری اولین ذِمّہ داری اپنے گھر والوں کی دینی تربیت ہے اور ان کو جہنم سے بچانے کی فکر کرنی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ گھر والوں کی دینی تربیت کے نتیجے میں خود بھی دعوت ِ دین کا کام کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ اس کےبعد لاہور سے مرکزی شعبہ سمع و بصرکے ناظم محترم آصف حمید کا خطاب پاکستان بھر کےزونز میں لائیو نشر ہوا۔انہوں نے عمدگی کے ساتھ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال اور اس کے ذریعہ دعوت کو پھیلانے کے لیےچند ہدایات دیں ۔ اس کے بعد نمازِ عشاء کا وفقہ ہوا۔ نماز ِ عشاء کے بعد محترم سید نعمان اختر نےدعوتی اعتبار سے رفقاء کے عملی تجربات بیان کیے۔ جس کا حاصل یہ تھا کہ دعوت دینے کے مواقع کیسے پیدا کیے جائیں اور نیز اس کھٹن اور مشکل مرحلے میں کیسے دعوت کا کام کیا جائے۔اس پروگرام کے بعد عشائیہ اور آرام کا وفقہ دیا گیا۔اس سیشن کے اختتام پر امیر محترم نے رفقاء کو اگلے دن صبح تہجد میں بیدار ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ اور مفید ہدایات سے نوازا۔
اگلے دن رفقاء کی بڑی تعداد نے نمازِ تہجد اور تلاوتِ قرآن حکیم کا اہتمام کیا۔ نمازِ فجر کے بعد تیسرے اور آخری سیشن کا آغاز ہوا۔ جس میں اسٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری محترم انجینئر عثمان علی نے ادا کی۔ درس قرآن کی ذمہ داری حلقہ کراچی شمالی کے ناظم تربیت محترم سید فاروق احمد نے ادا کی۔اُنہوں نے دعوت دین اور اقامت دین کی جدوجہد کرنے والوں کے اوصاف، سورۃ الشورٰی کی روشنی میں خوبصورتی کے ساتھ بیان کیے۔ اِس کے بعد نمازِ اشراق، ناشتہ اور آرام کا وقفہ دیا گیا۔ وفقہ کے بعد امیر محترم کا ’’فریضہ اقامت دین اور رفیق تنظیم‘‘ کے عنوان سے اہم ترین خطاب ہوا۔امیر محترم نے اس فریضہ کی اہمیت کو عمدگی کے ساتھ بیان کیا ۔ نیز ساتھ ہی ساتھ اس دکھ کا اظہار بھی کیا کہ بعض اوقات زمانہ کے دباؤ کی وجہ سے رفقاء اس ذمہ داری کو ہلکا سمجھنے لگتے ہیں اور دیگر کاموں کو فوقیت دینے لگتے ہیں ۔اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔امیر محترم خطاب کے بعد قرآن اکیڈمی ڈیفنس روانہ ہوگئے۔ اور بقیہ سیشن کی صدارت محترم سید نعمان اختر نے کی۔اس پروگرام کے بعد بانی محترم ڈاکٹر اسرار احمدm اور سابقہ امیر تنظیم اسلامی محترم حافظ عاکف سعید صاحب s کی ویڈیوز پاکستان بھر کے زونز میں دکھائی گئیں۔جس کا عنوان’’منہج انقلاب نبوی ﷺ ‘‘تھا۔ دونوں ویڈیوز میں نہایت اختصار لیکن جامعیت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے برپا کردہ انقلاب کے مراحل کو بیان کیا گیا۔ جس میں یہ بات واضح کی گئی کہ موجودہ دور میں بھی دین اسلام کے غلبہ کے لیے وہی طریقہ اختیار کرنا ہو گاجو نبی اکرم ﷺ نے اختیار کیا تھا البتہ آخری مرحلے میں موجودہ حالات کے تناظر میں پُرامن احتجاجی تحریک کے ذریعہ دین اسلام کے نفاذ کی جدو جہد کرنا ہو گی۔ویڈیوز کے بعد چائے اور باہمی ملاقات کے لیے وقفہ دیا گیا۔ وقفہ کے بعد تنظیم اسلامی کے ناظم اعلیٰ محترم سید ڈاکٹر عطاالرحمٰن عارف نے تنظیم اسلامی کی پیش رفت کا جائزہ بذریعہ لائیو سٹریم پاکستان بھر کے چھ زونز میں پیش کیا۔الحمد للہ اس قافلے میں اطمینان بخش اضافہ ہوا ہے۔جس کے بعد امیر محترم کا اختتامی خطاب پاکستان بھر کے چھ زونز میںلائیو دکھایا گیا۔ امیر محترم نے اختتامی خطاب میں فرمایا کہ اس اجتماع کے کامیاب انعقاد پر اللہ کا شکر بجا لانا چاہیے ۔ نیز موجودہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اپنی جدوجہد کو تیز سے تیز تر کرنا چاہیے۔ آخر میں امیر محترم کی رقت ِآمیز دعا پر اس اجتماع کا اختتام ہوا۔
الحمدللہ تمام ہی انتظامات نہایت عمدہ تھے۔ اللہ تعالیٰ تمام ہی منتظمین اور ذِمّہ داران کو اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر بہترین جزاء عطا فرمائے۔ آخر میں اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ تمام ذمہ داران اور رفقاء کی مساعی کو اپنی بارگاہ میں قبول ومنظور فرمائے اور اسے ہمارے لیے توشہ آخرت بنائے۔
(مرتب: عاطف محمود ، ناظم تربیت مقامی تنظیم یٰسین آباد، حلقہ کراچی شمالی)
(2) زون جنوبی پاکستان(ii)
جنوبی پاکستان زون2جس میں حلقہ کراچی جنوبی، کراچی شرقی اور حلقہ حیدرآباد شامل ہیں، کا اجتماع قرآن اکیڈمی ڈیفنس کراچی میں منعقد ہوا۔ ناظم اجتماع محترم عارف جمال فیاضی نے کراچی جنوبی کو میزبانی کا شرف دیا ۔ ناظم پروگرام محترم ذیشان طاہر مقامی امیر قرآن اکیڈمی کو مقرر کیا گیا۔ ذیشان بھائی اور ان کی ٹیم نےایک ہزار سے زائد رفقاء کی رہائش کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے۔حیدرآباد، سکھر، بحریہ ٹاؤن، گلشن ِمعمار اور کراچی جنوبی کے متعدد رفقاء جمعۃ المبارک کی رات ہی اکیڈمی پہنچ چکے تھے۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محترم ڈاکٹر انوار علی ابرار نے نہایت احسن انداز میں انجام دئیے۔ دیگر زونز کی طرح اور اُسی ترتیب سےاجتماع کا باقاعدہ آغاز صبح 9 بجے امیر محترم جناب شجاع الدین شیخ sکے آن لائن خطاب سے ہوا۔اس کے بعد نائب ناظمِ اعلیٰ جنوبی پاکستان، زون 2محترم عارف جمال قاضی نے بطور ناظمِ اجتماع انتظامی ہدایات دیں۔
اِس کے بعد ناظم تربیت قرآن اکیڈمی ڈیفنس محترم محمد نعمان نے ’’فکر آخرت‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ فکر ِآخرت کا مطلب صرف جہنم، عذاب یا مراحلِ آخرت کا ذکر نہیں۔اصل مقصود دنیا میں ایک درست رویہ اور کردار اپنانا ہے۔سب سے بڑے خسارے والے وہ لوگ ہیں جن کی ساری جدوجہد صرف دنیا کی محبت میں ہو۔اعمال کا وزن نیت، اخلاص اور اللہ کے لیے کیے گئے کردار سے ہوگا۔
اُن کے بعد امیر حلقہ کراچی شرقی محترم ڈاکٹر انوار علی ابرار نے’’قرآن حکیم کا تصورِ دین‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سو سالہ غلامی کے اثرات نے مسلمانوں میں دین کو صرف رسومات تک محدود کر دیا ہے۔علامہ اقبال بھی کہہ گئے:
ملا کو جو ہے ہند میں سجدے کی اجازت
ناداں یہ سمجھتا ہے کہ اسلام ہے آزاد!
دین ِاسلام ایک مکمل نظام ہے۔قانون سازی، اجتماعی و انفرادی زندگی کے ہر گوشے میں اللہ ہی کی اطاعت مطلوب ہے۔اس کے بعد چائے اور باہمی ملاقات کے لیے 30 منٹ کا وقفہ کیا گیا۔چائے کے وقفےکے بعد پروگرام’’ امیر سے ملاقات‘‘ کے خصوصی سیشن کو لائیو نشر کیا گیا۔اس کے بعد کھانا ، نمازِ ظہر اور آرام کا وقفہ ہوا۔
نماز عصر کے بعد حلقہ حیدر آباد کے مدرس محترم سید شاکر نے ’’ حیاکا جامع تصور‘‘ کے موضوع پر مطالعہ حدیث کروایا۔اُنہوں نے کہا کہ حیاصرف ظاہری لباس یا شرم تک محدود نہیں۔ دماغی خیالات، دل کی حرکتیں اور تمام جسمانی اعضاء کو معصیت سے روک دینا بھی حیا ہے۔مومن کی شخصیت میں حیا ایک بنیادی صفت ہے۔بعد ازاں ’’زمانہ گواہ ہے‘‘کے ریکارڈیڈ پروگرام کو پاکستان بھر کے چھ رونز میں بیک وقت نشر کیا گیا۔اِس کے بعد نمازِ مغرب کے لیے وقفہ کیا گیا۔
بعد از نمازِ مغرب حلقہ حیدر آباد کے مدرس محترم خضر حیات نے’’علم دین اور قرآنی حلقوں کی فضیلت کے موضوع‘‘ پر مطالعہ حدیث کروایا۔محترم خضر حیات نے نہایت واضح انداز میں بیان کیا کہ دین کا صحیح فہم حاصل کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے اور علمِ دین ہی وہ چراغ ہے جو فرد کے ایمان، عمل اور کردار کو منور کرتا ہے۔
اِس کے بعد امیر حلقہ کراچی شرقی اور کراچی جنوبی نے پانچ رفقاءِ کرام کی دعوتی جدوجہد کی چند روشن مثالیں پیش کیں، جن سے اجتماع میں حوصلہ، جذبہ اور دعوتی عمل کی روح بیدار ہوئی۔
محترم ڈاکٹر انوار علی نے بیان کیا کہ محترم عمران حفیظ جہاں رہتے ہیں وہاں ہینڈ بل کی تقسیم اور بینرز آویزاں کرنے کی پابندی ہے، اس سب کے باوجود، ذاتی رابطے، انفرادی دعوت، پختہ ارادےاور مستقل مزاجی کے نتیجے میں آج الحمد للہ بحریہ ٹاؤن میں دو فعال مقامی تنظیمیں موجود ہیں۔
محترم منصور حسین قادری کے دعوتی کام میں بے پناہ استقامت اور مستقل مزاجی ہے۔ اگرچہ وہ خود مدرس نہیں ہیں، لیکن احباب کو قائل کرکے درسِ قرآن میں باقاعدہ شرکت کروانے میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں۔
محترم سلمان غوری ماشاءاللہ اپنے دوستوں، مریضوں اور پڑوسیوں سے مسلسل ملاقات اور دعوتِ دین کی ترسیل میں سرگرم رہتے ہیں۔ اُن کی دعوتی کاوشوں میں اخلاص، نرمی اور حکمت نمایاں ہے، جس کے باعث احباب اُن کی بات توجہ اور اعتماد سے سنتے ہیں۔
محترم ڈاکٹر ناصر حسن لک اور ڈاکٹر وقاص علی دونوں نے درسِ قرآن کے ذریعے ڈاکٹر برادری میں نہایت مؤثر اور منظم دعوتی حلقہ قائم کیا ہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر باقاعدگی سے درسِ قرآن کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ڈاکٹر حضرات سنجیدگی، دل چسپی اور التزام کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔
اِس کے بعد مرکزی ناظم سوشل میڈیا محترم آصف حمید نے’’ سوشل میڈیا اور نظریاتی جدوجہد‘‘ کے موضوع پر آن لائن خطاب کیا۔ جسے پاکستان بھر کے چھ زونز میں دکھایا گیا۔اس کے بعد نماز عشاء کے لیے وقفہ کیا گیا۔
نماز عشاء کے بعد ’’ ہم اور ہمارا گھر‘‘ کے عنوان پر محترم ڈاکٹر محمد الیاس کا نہایت پراثر بیان ہوا۔ انہوں نے فرمایا کہ انسان کی سب سے بڑی ذِمّہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو اور اپنے اہلِ خانہ کو جہنم کی آگ سے بچانے کی فکر دل میں بسائے رکھے۔ اس کے لیے ہمیں چاہیے کہ گھر کے افراد کے دلوں تک حکمت، نرمی اور خالص محبت کے ساتھ پہنچے؛ ان کی مادی آسائشوں اور روحانی تربیت دونوں کا اہتمام کرے۔ گھر ہی وہ پہلی درس گاہ ہے، جہاں کردار بنتا ہے، اس لیے وہاں دین داری، ذِمّہ داری اور باہمی احترام کا ماحول پیدا کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تاکید کی کہ گھر میں نماز، قرآن کی تلاوت اور گھریلو اسرہ معمول کا حصہ بنیں تاکہ دین کی روشنی دلوں میں راسخ ہو سکے۔اس کے بعد کھانے اور آرام کا وقفہ ہوا۔
دوسرا دن:
فجر کے بعد محترم اویس نسیم نے سورۃ شوریٰ کی آیات36 تا43 کی روشنی میں’’داعی دین کے مطلوبہ اوصاف‘‘ کا درس دیا۔اُنہوں نے کہا کہ دنیا کی نعمتیں عارضی، اور اصل کامیابی آخرت ہے۔حقیقی ایمان یہ ہے کہ انسان نعمت کو اللہ کی عطا سمجھے اور اس پر مغرور نہ ہو۔گناہِ کبیرہ اور بے حیائی سے بچے۔اِس کے بعد ’’فریضہ اقامت ِدین اور رفیق ِتنظیم ‘‘ کے موضوع پر نقیب اسرہ ، اختر کالونی تنظیم انجینئر عمیر نواز نے خطاب کیا۔ انہوںنے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اقامت ِدین ایک اجتماعی فریضہ ہے، جو بغیر منظم جماعت، مضبوط نظم اور تربیت یافتہ رفقاء کے ممکن نہیں ۔ انہوں نے یہ بھی فرمایا کہ ایک رفیق صرف فرد نہیں بلکہ دعوت، تربیت اور خدمت کے پورے نظام کا نمائندہ ہوتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر رفیق اپنے اندر علم، کردار اور عملی جدوجہد کا توازن پیدا کرے۔
اِس کے بعد پاکستان بھر کے چھ زونز میں بانی ٔ محترم ڈاکٹر اسرار احمدm اور سابقہ امیر محترم حافظ عاکف سعیدsکی ویڈیوز پیش کی گئیں، جن میں منہجِ انقلابِ نبویؐ کے آخری مراحل میں اقدام اور پاکستان کے تناظر میں اس کے عملی طریقِ کار پر ایمان افروز گفتگو فرمائی گئی۔
اِس کے بعد ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی جناب سید عطاء الرحمٰن عارف نے’’قافلہ تنظیم: منزل بہ منزل ‘‘ کے عنوان سے ستمبر 2024 تا ستمبر 2025 کی جامع کارکردگی رپورٹ پیش کی جسے پاکستان بھر کے چھ رونز میں لائیو دکھایا گیا۔ اس کے بعد امیر محترم کا اختتامی خطاب اور دعا پاکستان بھر کے چھ رونز میں براہِ راست نشر کیے گئے۔
اللہ تعالیٰ ہماری تمام کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ہمیں اخلاص، استقامت، اور اقامت ِدین کی جدوجہد میں کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین!
(مرتب: ناظم نشر و اشاعت،حلقہ کراچی جنوبی کمانڈر سرفراز احمد)
(3)زون وسطی پاکستان
پاکستان کے دیگر مقامات کی طرح وسطی پاکستان زون میں بھی15 اور16 نومبر کو قرآن اکیڈمی بی زیڈ کیمپس ملتان میں منعقد ہوا۔اجتماع کے انتظامات کی تیاریاں 10 دن پہلے شروع کر دی گئی تھیں اور اجتماع کے ناظمین کی فہرست بھی مکمل کر لی گئی تھی۔جمعہ کے دن استقبالیہ لگا دیا گیا تھا۔رفقاء جمعہ کی شام سے ہی دور دراز کے رفقاء تشریف لانا شروع ہو گئے اور15 نومبر کی صبح تک رفقاء تشریف لاتے رہے۔ رفقاء کے لیے کمروں کے اندر رہائش کا انتظام کیا گیا۔ مختلف سٹالز لگائے گئے تھے۔ طبی امداد کے لیے فرسٹ ایڈ کا کمرہ بھی تیار کیا گیا تھا۔ ہفتے کی صبح9: 00 بجے اجتماع شروع ہو گیا ۔
مرکزی خطابات جو کراچی اورلاہور سے براہِ راست دکھائے گئے اُن کے علاوہ زون کی سطح پر درج ذیل مدرسین نے اِن موضوعات پر خطاب فرمایا:
(1)سٹیج سیکرٹری: محترم نعمان اصغر، امیر حلقہ فیصل آباد
(2)ناظم اجتماع:محترم ناصر بھٹی، نائب ناظم اعلیٰ زون
(3)زیر صدارت:محترم ڈاکٹر عبدا لسمیع، مشیر خصوصی
(4)فکر ِ آخر: محترم ڈاکٹر عبد السمیع
(5)قرآن حکیم کا تصورِ دین: محترم طاہر خاکوانی، صدر انجمن خدام القرآن ملتان
شام کا سیشن: 15 نومبر بعد نمازِ عصر تا نمازِ عشاء
(6)مطالعہ حدیث ’’حیا کا جامع تصور‘‘ـ: محترم پروفیسر ارشد
(7)مطالعہ حدیث’’علمِ دین اور قرآنی حلقوں کی فضیلت‘‘: محترم جام عابد
(8)ہم اور ہمارا گھر: محترم عبد اللہ اسمٰعیل
(9)دعوتی اعتبار سے رفقائے تنظیم کے عملی تجربات: محترم قمر رئیس
16 نومبر: آخری سیشن صبح9: 00تا دوپہر2: 00بجے
(10)درس قرآن: سورۃ الشوریٰ آیات36تا43: محترم عابد مستعان
(11)فریضہ ٔ اقامت دین اوررفیق تنظیم: محترم سلیم اختر
اللہ تعالیٰ تمام رفقاء کی محنتوں کو قبول فرمائے اور اِسے ہمارے لیے آخرت کا توشہ بنائے۔ آمین! (مرتب کردہ: شوکت حسین انصاری، معتمد حلقہ پنجاب جنوبی)
(4)زون شمالی پاکستان
اسلام آباد میں تنظیم اسلامی کے زیر اہتماممتبادل زونل سالانہ اجتماع15 اور16 نومبر2025ءکو منعقد ہوا۔اسلام آباد کے زونل اجتماع میں اسلام آباد، پنجاب شمالی، آزاد کشمیر اور پنجاب پوٹھوہارپر مشتمل چار حلقوں سے تقریباً810 فرزندان توحید نے شرکت کی ۔
پروگرام کا آغاز صبح ٹھیک 9:00بجے ہوا، سٹیج سیکرٹری کے فرائض حلقہ اسلام آباد کے ناظم تربیت محترم عامر نوید نے انجام دئیے جبکہ اجتماع کی صدارت مرکزی ناظم رابطہ، انتظامی و قانونی امور محترم اظہر بختیار خلجی نے کی۔ 15 نومبر کو پروگرام کا باقاعدہ آغاز کراچی سے براہ راست نشر کیے گئے۔ امیر محترم جناب شجاع الدین شیخ s کےافتتاحی کلمات سے ہوا جس میں انہوں نے اجتماع کی کامیابی کےلیے اللہ تعالیٰ سے دعا کی درخواست کی۔ اس کے بعد ناظم اجتماع محترم ڈاکٹر امتیاز نے شرکائے اجتماع کےلیے ضروری ہدایات جاری فرمائیں۔امیر حلقہ آزاد کشمیرمحترم طاہر سلیم مغل نے’ فکر ِآخرت‘ کے موضوع پر مفصل گفتگو کرتے ہوئے شرکائے محفل کواپنی دینی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔ اس کے بعد محترم ڈاکٹر خالد محمود نے قران حکیم کےتصور ِدین پر سیر حاصل گفتگو کی۔
چائے کے وقفے کے دوران رفقا ئے تنظیم کو تعارف حاصل کرنے کا موقع ملا۔ وقفے کے فوراً بعد ’’امیر سے ملاقات‘‘ پروگرام میں امیر محترم نے رفقاء کے سوالات کے جوابات دئیے۔ امیر محترم نے تنظیمی امور کے علاوہ عصر ِحاضر کے کئی ایک اہم مسائل کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئےرفقاءکےاشکالات اورابہام کو دور کرنے کی کوشش کی۔ یہ سلسلہ نمازِ ظہر تک جاری رہا جس کے بعد طعام و آرام کا وقفہ تھا۔
دوسری نشست میں نمازِ عصر کے بعد محترم شمس خان نے’ حیا کے جامع تصور‘ پر اپنے افکار و خیالات پیش کئے۔ پینل گفتگو ’’ زمانہ گواہ ہے‘‘ کی ریکارڈنگ تمام زونز میں بیک وقت دکھائی گئی جس میں شرکائے گفتگو نے قومی اور ملکی مسائل کے علاوہ بین الاقومی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاکستان کے ساتھ افغانستان اور بھارت کے حالیہ کشیدگی کے علاوہ فلسطین اور سوڈان کے حالات سے بھی رفقائے تنظیم کو روشناس کرایا۔
نمازِ مغرب کے بعد مطالعہ حدیث کے دوران محترم خرم شہزاد نے ’علم ِدین اور قرآنی حلقوں کی فضیلت ‘پر روشنی ڈالی جبکہ محترم اعجاز حسین نے ’ہم اور ہمارے گھر‘ کے عنوان سے بچوں کی تربیت اورمیاں بیوی کے درمیان تعلقات کے حوالے سے قرآن و سنت کی روشنی میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے بعد امرائے حلقہ اسلام آباد محترم راجہ اصغر،پنجاب شمالی محترم اشتیاق حسین اور پوٹھوہارمحترم حافظ ندیم مجید نے دعوتی اعتبار سے رفقائے تنظیم کے عملی تجربات سے شرکائے محفل کو مستفیدکرایا۔ اِسی نشست کے آخر میں مرکزی ناظم سوشل میڈیا محترم آصف حمید نے ’سوشل میڈیا اور نظریاتی جدو جہد‘کے موضوع پرخطاب کرتے ہوئے شرکائے محفل کو بتایا کہ نظریات کے ابلاغ کے لیے دستیاب ہر قسم کے وسائل کو کام میں لانے کےلیے مستقل کوشش کا نام نظریاتی جدوجہد ہے جو ایک مستقل عمل ہے اور استقامت کا تقاضا کرتی ہے۔ اُن کا خطاب لاہور سے براہ راست تمام زونز میںدکھایا گیا۔
دوسرے دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد درس کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محترم شفاء اللہ نے حاصل کی۔ ناشتے کے وقفے کے بعد محترم ڈاکٹر شاہین نے’ فریضہ اقامت دین اور رفیق تنظیم‘ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے رفقائے تنظیم کو اقامت دین کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔ اُس کے بعد بانی محترم کی ویڈیو چلائی گئی جس میں رفقائے تنظیم کو منہج انقلاب نبویؐ کا سبق یادکرایا گیا۔ جس کے فوراً بعد اِسی موضوع پر سابق امیرتنظیم محترم حافظ عاکف سعید sکی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
چائے اور باہمی تعارف کے لیے دئیے گئے مختصر وقفے کے بعد دوسرے دن کی آخری نشست میں ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن عارف نے’ قافلہ تنظیم منزل بہ منزل‘ کے عنوان کے تحت اعداد و شمار کے ذریعے تنظیمی ڈھانچے، ساخت،وسعت اور ماہیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے پچھلے سال کی ساری پیش رفتوں کی تفصیل رکھی۔ پروگرام کے آخری حصے میں امیر محترم جناب شجاع الدین شیخ s نے اختتامی کلمات میں اجتماع کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہوئے رفقائے تنظیم پر زوردیا کہ وہ اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرتے ہوئے جذبہ ایمانی سے سرشارہوکردعوت کے کام میں تیزی لائیں اور اس کے لیے دستیاب ذرائع ابلاغ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ آج اُمّت ِمسلمہ کے زوال کی اصل وجہ مسلمانوں کی دنیا سے محبت اور اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے زرین اصولوں کو پس پشت ڈالنا ہے۔ امیر محترم نے مزید فرمایا کہ اگر مسلمان اپنی عظمت ِرفتہ کو دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں تو واحد حل یہ ہے کہ وہ قران سے جڑجائے کہ یہی وہ جوڑنے والی واحد طاقت ہے۔ آخر میں اُنہوں نے دعا کرائی۔ امیر محترم کی اختتامی گفتگو اور دعا کو تمام زونز میں بیک وقت کراچی سے براہِ راست نشر کیا گیا۔ یوں یہ با برکت متبادل سالانہ اجتماع نمازِ ظہر کے وقت اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ہدایت پر استقامت عطا فرمائے۔ آمین! (مرتب:ڈاکٹر اشرف علی، ناظم نشر و اشاعت، حلقہ اسلام آباد)
(5)زون خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا زون میںمتبادل زونل سالانہ اجتماع کا انعقاد پشاور کے ایک نرسنگ کالج میں کیا گیا۔تنظیم اسلامی کے رفقاء خصوصاً پشاور غربی کے رفقاء نے بڑی محنت اور لگن سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور شبانہ روز محنت سے متبادل زونل سالانہ اجتماع کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا۔ اس اجتماع میں حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی اور حلقہ مالاکنڈ کے رفقاء نے شرکت کااہتمام فرمایا۔ اجتماع کی صدارت مرکزی ناظم تعلیم و تربیت محترم خورشید انجم نے کی۔
اجتماع کی نظامت کی ذِمّہ داری نائب ناظم اعلیٰ خیبرپختونخوا زون محترم محمد شمیم خٹک نےادا کی اور محترم ڈاکٹر محمد عثمان خان ، امیر مقامی تنظیم پشاور غربی نے ان کی نیابت کی۔ محترم فیصل الرحمٰن استقبالیہ / رجسٹریشن کے نگران تھے،جبکہ محترم شاہ وارث حلقہ مالاکنڈ کے رفقاء کے حوالے سے اُن کی معاونت فرما رہے تھے۔ سکیورٹی اور پارکنگ کی ذِمّہ داری محترم کاشف منیر نے سرانجام دی، تربیت گاہ کے نگران محترم فضل باسط تھے، آڈیو وژول کے انتظامات کی نگرانی محترم جنید کامران کرتے رہے۔ رہائش گاہ کی دیکھ بھال محترم ارشد علی نے کی، مطبخ کی ذمہ داری محترم حبیب الرحمٰن نے ادا کی،طہارت خانے اور عمومی دیکھ بھال (پانی، بجلی ٹرانسپورٹ وغیرہ) کی دیکھ بھال میر محمد کے ذِمّہ تھی۔
باقی زونز کی طرح خیبر پختونخوا زون میں بھی اجتماع کا آغاز 15 نومبر2025ء کو صبح 9: 00بجے ہوا۔
دور سے آنے والے رفقاء (حلقہ مالاکنڈ، مقامی تنظیم ڈیرہ اسماعیل خان، منفرد اسرہ کلپانی (بونیر) اور صوابی، منفرد رفقاء بنوں اور لکی مروت) کے رفقاء ایک دن قبل اجتماع گاہ پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ دور سے آنے والے رفقاء کے لیے لاہور اڈے اور مرکز حلقہ سےسواری کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ ان کے لیے ٹیوٹا ہائیس کا انتظام کیا گیا تھا جس کے ذریعے انہیں اجتماع گاہ پہنچایا گیا۔
دوران اجتماع سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترم فیصل ظہیر قاضی نے انجام دیئے۔تلاوتِ قرآن پاک کے بعد افتتاحی کلمات امیر محترمs نے بیان فرمائے، جسے باقی زونز کی طرح براہِ راست دکھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کے بعد نائب ناظم اعلیٰ خیبر پختونخوا زون محترم محمد شمیم خٹک نے اجتماع کے ضمن میں چند ہدایات دیں۔ اس کے بعد ناظم دعوت حلقہ محترم حبیب الرحمٰن نے’ فکر آخرت‘کے موضوع پر درس دیا۔ اس کے بعد حلقہ مالاکنڈ کی مقامی تنظیم سوات کے امیر محترم حبیب علی نے’ قرآن حکیم کا تصورِ دین‘ کے موضوع پر کلام فرمایا۔بعد ازاں چائے کا وقفہ کیا گیا۔ اس دوران رفقاء نے ایک دوسرے کا تعارف حاصل کرنے کے علاوہ باہمی دلچسپی اور تنظیمی فکر کے ضمن میں بھی گفتگو کی۔ 11 بج کر 30 منٹ پر ’امیر سے ملاقات‘ کے خصوصی پروگرام کو کراچی سے براہِ راست نشر کیا گیا۔ امیر محترم شجاع الدین شیخs نے تمام سوالات کے مدلل اور پر اثر جوابات دیئے۔ اس کے بعد نمازِ ظہر اور طعام و آرام کے لیے وقفہ کیا گیا۔
نمازِ عصر کے بعد دوسری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ مطالعہ حدیث کی ذِمّہ داری امیر مقامی تنظیم ڈیرہ اسماعیل خان محترم نور خالد نے ادا کی۔ ان کا موضوع’ حیا کا جامع تصور تھا‘۔ اس کے بعدپروگرام ’زمانہ گواہ ہے‘ کی پینل گفتگو کی ویڈیو بڑی سکرین پر دکھائی گئی۔اس کے بعد نماز ِمغرب ادا کی گئی۔ جس کے بعد حلقہ مالاکنڈ کےمحترم نبی محسن نے مطالعہ حدیث بعنوان’ علم دین اور قرآنی حلقوں کی فضیلت‘ کرایا۔ بعد ازاں محترم فضل ِ باسط نے’ ہم اور ہمارا گھر‘ کے موضوع پر درس دیا۔ اس کے بعد امیر حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی محترم محمد آصف سلاج نے دعوتی اعتبار سے رفقائے تنظیم کے عملی تجربات پر گفتگو فرمائی اور اس ضمن میں کئی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے رفقاء کی کوششوں کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔اس کے بعد مرکزی ناظم شعبہ سمع وبصر محترم آصف حمید کا خطاب بعنوان ’سوشل میڈیا اور نظریاتی جدوجہد‘ مرکز لاہور سے براہِ راست دکھایا گیا۔ یہ موضوع انتہائی اہم تھا اور رفقاء نے اسے پسند کیا۔ یہ ہفتے والے دن کا آخری پروگرام تھا۔ اس کے بعد نمازِ عشاء کا اہتمام کیا گیا اور بعد ازاں وقفہ برائے طعام و آرام و قیام الیل و تلاوت قرآن کیا گیا۔ اگلے روز اتوار کے دن صبح6: 00 بجے نمازِ فجر ادا کی۔ نماز فجر کے بعد درسِ قرآن کی ذِمّہ داری محترم فیض الرحمٰن نے ادا کی۔ انہوں نے سورۃ الشوریٰ آیات36 تا 43 کی روشنی میں گفتگوفرمائی۔ اس کے بعد ناشتہ و آرام کے لیے وقفہ کیا گیا۔صبح 9 بجے پروگرام کا دوبارہ آغاز کیا ۔ ڈاکٹر حافظ محمد مقصود نے’فریضہ اقامت دین اور رفیق تنظیم‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔بعدازاںبانی محترمؒ اور سابقہ امیر محترم و مکرم حافظ عاکف سعید s کی منہج انقلاب نبویؐ اور خاص طور پر اِس کے آخری مرحلہ کے حوالے سے ویڈیو دکھائی گئی ۔ اس کے بعد چائے کے لیے وقفہ کیا گیا۔وقفے کے بعد ناظم اعلیٰ محترم و مکرم ڈاکٹر سیدعطاء الرحمٰن عارف کا خطاب بعنوان’ قافلہ منزل بہ منزل : پیش رفت ‘مرکز لاہور سے براہ راست دکھایا گیا۔ اس اجتماع کا آخری پروگرام امیر محترم کا اختتامی خطاب اور دعا پر مشتمل تھا،جسے باقی زونز کی طرح خیبر پختونخوا زون میں بھی کراچی سے براہِ راست پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطاء فرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔ (مرتب: سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی)