اخبارِ اسلامغزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l غزہ میں جنگ بندی معاہدہ کے پچاس دن گزر چکے ہیں اِس دوران میں 590 سے زائد اسرائیلی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔فضائی حملے، توپ خانے کی گولہ باری اور مشرقی و وسطی غزہ میں تباہ کن دھماکوں نے صورت حال مزید سنگین بنا دی ہے،درجنوں گھر اور شہری عمارتیں ملبے کا ڈھیر بنا دی گئیں، زرد علاقے سمیت کئی مقامات پر درجنوں گرفتاریاں،مشرقی غزہ کے بڑے حصے پر قابض فوج کا کنٹرول، وسطی اور جنوبی مشرقی علاقوں میں بھی شدید حملے جاری ہیں۔شمالی مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی کارروائیوں کے دوران 22 کلومیٹر طویل سیکیورٹی راستے کے نام پرزمینیں چھینی جا رہی ہیں، گھروں کو جبراًخالی کرایا جارہا ہے،بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، رابطوں کے منقطع ہونے اور زرعی زمینوں کی ضبطی نے طوباس و طمون کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
l اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی عوام کو عزت، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا بنیادی حق حاصل ہےجبکہ گزشتہ دو برسوں میں اِن حقوق کی سنگین اور تشویشناک خلاف ورزیاں ہوئی ہیں، جو عالمی برادری کے لیے گہری فکر اور فوری اقدام کا تقاضا کرتی ہیں۔
l قابض اسرائیل کی اپوزیشن جماعتوں نے صدر اسحاق ہرزوگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کو کوئی معافی نہ دیں جب تک وہ مکمل طور پر سیاسی میدان سے کنارہ کشی اختیار نہ کر لیں اور اپنے جرائم کا اعتراف نہ کریں۔یہ مطالبات اس وقت سامنے آئے جب نیتن یاہو نے صدر ہرزوگ کو باقاعدہ درخواست دے کر بدعنوانی کے الزامات میں معافی مانگی تھی۔ ان الزامات میں رشوت ستانی، دھوکہ دہی اور امانت میں خیانت شامل ہیں۔قابض اسرائیل کے قانون کے مطابق کسی بھی ملزم کے لیے صدر سے معافی حاصل کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ وہ پہلے اپنے جرم کا اعتراف کرے۔
l اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے مرکزی رہنما اور مذاکراتی وفد کے رکن غازی حمد کے فرزند عبداللہ حمد کے بھائی محمد حمد نے تصدیق کی ہے کہ اُن کے بھائی عبداللہ حمد رفح میں قابض اسرائیل کے محاصرے اور مہینوں طویل گھمسان کی جھڑپوں کے بعد شہید ہو گئے ہیں۔
l عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کی عزت، آزادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے لیے مکمل اور غیر متزلزل سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ غزہ کو جس طرح انسانیت اور عالمی ضمیر کی قبر بنا دیا گیا ہے، اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
l مقبوضہ بیت المقدس کی واٹر اتھارٹی جو رام اللہ کے علاقوں کو پانی فراہم کرتی ہے نے بتایا کہ ایک گروہ نے عین سامیہ کے مقام پر واقع کنواں نمبر 6 پر حملہ کرکے متعدد فلسطینی دیہاتوں کی پانی کی ترسیل مکمل طور پر روک دی ہے ۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l پاکستان : پہلا عالمی مقابلہ حسن قرأ ت کے نتائج: اسلام آباد میں منعقدہ عالمی مقابلہ حسن قرأت میں دنیا بھر سے 40 ممالک کے قاریوں نے شرکت کی۔یہ مقابلہ ملائشیا کے امین رضوان بن محمد رملان نے جیتا جبکہ دوسرے نمبر پرایرانی قاری مومن خمیس ،تیسرے نمبر پر پاکستانی قاری عبدالرشید، چوتھے پر افغانستان،پانچویں پر انڈونیشیا اور چھٹے پر مراکش کے قاری آئے جنہیں نقد انعام دئیے گئے۔
l فلسطین:غزہ اسلامی یونیورسٹی میں تدریس شروع : غزہ اسلامی یونیورسٹی میں دو سال بعد پہلی بار باضابطہ کلاسز کا آغاز ہو گیا۔ جزوی طور پر بحال ہوئے ٹوٹی پھوٹی دیواروں والے کلاس رومز میں شعبہ ادویات اور ہیلتھ سائنسز کے طلبہ کی واپسی ہوگئی۔ یونیورسٹی کے صدر نے کہا یونیورسٹی مکمل طور پر کھولنے کا کام جاری ہے۔
l بنگلہ دیش: شیخ حسینہ ، بہن ریحانہ اور بھانجی کو کرپشن کیس میں قید کی سزا: ڈھاکہ کے سپیشل جج کورٹ نمبر4 نے سرکاری رہائشی پلاٹس کی مبینہ غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق ہائی پروفائل کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ، ان کی بہن شیخ ریحانہ اور بھانجی برطانوی رکنِ پارلیمنٹ سابق وزیر ٹیولپ صدیق کوبالترتیب5 سال، 7سال اور2 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے منجمد بینک لاکرز سے 10 کلو گرام سونا ضبط کرچکی ہے جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر بتائی جارہی ہے۔
l امریکہ:واشنگٹن فائرنگ میں ملوث سی آئی اے کا سابق ایجنٹ نکلا: امریکی خفیہ ایجنسی نےتصدیق کی ہے کہ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والا 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال ماضی میں افغانستان میں جنگ کے دوران امریکا کی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے لیے کام کرتا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق افغان حملہ آور 2021ء میں آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکا پہنچا تھا۔ جو ان افغانوں کے لیے خصوصی پروگرام تھا ۔ جنہوں نے امریکی حکومت کے ساتھ کام کیا تھا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستوں پر فوری پابندی لگا دی ہے۔
l سعودی عرب: روس سے 90 روزہ ویزا فری سفر کا تاریخی معاہدہ: دارالحکومت ریاض میں سعودی اورروسی انویسٹمنٹ اور بزنس فورم کے دوران سعودی عرب اور روس نے 90 دن کے باہمی ویزا فری سفر کا تاریخی معاہدہ کیاہے جس کے تحت دونوں ملکوں کے شہری 90 دن کے لیے بغیر کسی ویزے کے سیاحت کر سکیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد سیاحت، کاروبار اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔
l ترکیہ:ترک وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات: ترک وزیر خارجہ فاقان فیدان نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کی اور فلسطین‘ غزہ‘ شام ، لبنان اور اسرائیل کی توسیع پسندی پر بات کرنے کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر بھی بات کی ۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026