امیر محترم کی حلقہ لاہور شرقی کے زیر اہتمام نوجوانوں سے خصوصی ملاقات
تنظیم اسلامی حلقہ لاہور شرقی کے زیرِ اہتمام مسجد النور باغ والی نزد ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخs کی نوجوانوں سے خصوصی ملاقات (Youth Meetup) کا پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام نمازِ عشاء کے بعد 7:30 بجے شروع ہوا اور رات 10:30 بجے اختتام پذیر ہوا۔ ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن عارف بھی امیر محترم کے ساتھ تھے۔حلقہ لاہور شرقی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد پروگرام تھا۔ اس پروگرام میں 16 سے 30 سال تک کے نوجوانوں کو مدعو کیا گیا تھا جو رفقاء کے بیٹے یا قریبی رشتہ دار تھے۔امیر حلقہ نے پروگرام کے باقاعدہ آغاز کے لیے رفیق تنظیم محترم ندیم حسین کے بیٹے جنید ندیم کو تلاوت قرآن کے لیے دعوت دی۔ تلاوت قرآن کے بعد امیر محترم نے شرکاء سے مختصر تعارف حاصل کرنے کے لیے کچھ سوالات پوچھے۔ انہوں نے تنظیم سے تعارف کے سلسلے میں شرکاء سے بانی تنظیم اسلامی، حلقہ قرآنی، دورۂ ترجمہ قرآن، رجوع الیٰ القرآن کورسز، فہم دین پروگرام اور تنظیم کے تحت دیگر دعوتی پروگراموں سے واقفیت اور شرکت کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔ اس کے بعد سوال و جواب کی نشست کا آغاز ہوا جو تقریباً 2 گھنٹے جاری رہا۔ سوالات زبانی بھی آئے اور تحریری بھی۔ الحمدللہ تمام سوالات کے تفصیلی جوابات دئیے گئے۔ تمام سوالات کا احاطہ اس رپورٹ میں ممکن نہیں البتہ چند ایک سوالات کا ذکر مفید رہے گا۔ ایک نوجوان نے سوال کیا کہ آج کا نوجوان غیر مسلموں کو دین کی دعوت دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا، یہ صلاحیت وہ کیسے حاصل کر سکتا ہے؟ امیر محترم نے فرمایا ہمیں عصری علوم و فنون کے ساتھ بنیادی دینی تعلیم کے حصول کو بھی اپنا فرض سمجھنا چاہیے۔ البتہ دعوت صرف زبان سے نہیں بلکہ کردار اور عمل سے بھی دینی چاہیے۔ ایک بزرگ کا واقعہ سنایا کہ انہوں نے اپنے ایک شاگرد کو وصیت کی کہ کوشش کریں کہ آپ کو تبلیغ کے لیے زبان کم سے کم استعمال کرنی پڑے یعنی اپنے عمل سے دوسروں کو دین کی طرف راغب کریں۔ ایک نوجوان نے سوال کیا کہ آج کی مصروف زندگی میں خصوصاً دوران تعلیم اوقات کو کیسے دین کی تفہیم و تعلیم کے لیے فارغ کیاجائے؟ امیر محترم نے وضاحت فرمائی کہ جب ہم اپنی تعلیم کے دوران، کھیلوں، تفریحی پروگراموں اور سماجی تقریبات کے لیے وقت نکال لیتے ہیں تو دین کے لیے بھی وقت نکالنا مشکل معاملہ نہیں ہے۔ یہ صرف ترجیحات کے تعین کا مسئلہ ہے۔ ٹائم سب کے پاس ہے مگر ٹائم ٹیبل کی ضرورت ہے۔ ایک سوال یہ آیا کہ فرقہ واریت کا خاتمہ کیسے ہو؟ امیر محترم نے فرمایا فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے امت کو قرآن کی طرف رجوع کرنا ہوگا کیونکہ یہی وہ’ حبل اللہ ‘ ہے جس سے اُمّت کے اندر اتفاق و اتحاد کی فضا قائم ہوسکتی ہے۔ اُمّت آج اپنے اجتماعی فرض یعنی دین کے عالمی غلبے کے مشن سے غافل ہے اس لیے مسلکی اور گروہی بنیادوں پر تقسیم در تقسیم ہوگئی ہے۔ انہوں نے اُمّت کے زوال کے حوالے سے شیخ الہند ؒ کا قول بھی سنایا۔ امیر تنظیم اسلامی نے اختتامی کلمات میں فرمایا کہ رمضان المبارک کی آمد قریب ہے، اس موقع کو غنیمت جان کر دورۂ ترجمہ قرآن کے پروگرام میں شرکت کا ابھی سے ارادہ کرلیں اور اپنے دوستوں کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دیں۔ امیر حلقہ نے آخر میں اعلان کیا کہ اس سال رمضان المبارک میں ان شاءاللہ امیر تنظیم لاہور میں دورہ ترجمہ قرآن فرمائیں گے۔ امیر محترم نے دعا پر پروگرام کا اختتام فرمایا۔
(مرتب: نعیم اختر عدنان ،ناظم نشر و اشاعت، تنظیم اسلامی حلقہ لاہور شرقی)
حلقہ کراچی جنوبی میں توسیع دعوت کیمپ
حلقہ کراچی جنوبی کے تحت الاحمد لان صدر میں توسیع دعوت پروگرام مقامی تنظیم اولڈ سٹی کے تحت منعقد کیا گیا ۔ جس میں حلقہ کراچی جنوبی کی پانچ تناظیم اختر کالونی تنظیم، ڈیفنس تنظیم، کلفٹن تنظیم، قرآن اکیڈمی تنظیم اور سوسائٹی تنظیم کے رفقاء نے شرکت کرتے ہوئے معاونت فرمائی۔
پروگرام سے دو دن قبل اولڈ سٹی تنظیم کے رفقاء نے مختلف مساجد میں 1000ہینڈ بلز تقسیم کیے اور علاقے میں 30 پول بینرز اور 8 بینرز آویزاں کروائے۔
بروز اتوار اولڈ سٹی تنظیم کے ذمہ داران الاحمد پان صدر میں نمازِ ظہر کے بعد آگئے تھے ، ساڑھے تین بجے کے قریب مہمان تناظیم کے رفقاء بھی جمع ہوئے۔ تین بجکر پینتیس منٹ پر پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ملتزم رفیق محترم ازان نے دعوتی آداب بیان کیے۔ دس مساجد کے ارد گرد کے علاقے میں دعوتی گشت کرنے کے لیے10 ٹیمیں تشکیل دی گئی۔ ایک ٹیم میں تقریباً پانچ رفقاء تھے ۔ رفقاء نے مختلف مقامات پر ہینڈ بلز تقسیم کیے۔ مغرب سے پہلے اسٹیج پر تنظیم اسلامی کے جھنڈے پر مبنی فریم مع بینرآویزاں کیا گیا اور پنڈال میں دعوتی بینرز ااور اسٹینڈیز بھی آویزاں کیے گئے ۔
پروگرام کا آغاز بعد نمازِ مغرب 6:20 پرمحترم حافظ ریان غوری کی تلاوت سے ہوا ۔ اس کے بعد امیر حلقہ کراچی جنوبی و مدیر قرآن اکیڈمی ڈیفنس محترم ڈاکٹر محمد الیاس نے ’’ نبی اکرمﷺ کی اتباع اور اس کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا ۔ انہوں نے حضور اکرمﷺ کے اسوہ کو نہ صرف نمایاں کیا بلکہ منہج انقلاب نبویﷺ کو تفصیل سے بیان کیا ۔ اللہ کی کبریائی کو زمین پر بالفعل نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کی طرف توجہ مبذول کروائی ۔ یہ پروگرام قبل از نمازِ عشاء اجتماعی دعا پر ختم ہوا۔ پروگرام میں تقریباً 125 رفقاء اور احباب جبکہ30 خواتین نے شرکت فرمائی ۔
اللہ سبحانہ و تعالیٰ تمام ذمہ داران اور رفقاء کی محنتوں کو قبول فرمائے اور اس کا دنیا اور آخرت میں بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین! (رپورٹ : محمد سلمان غوری ، امیر اولڈ سٹی تنظیم)