اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس قرارداد کے حق میں 151 ممالک نے ووٹ دیا، گیارہ نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ گیارہ ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد میں مشرقِ وسطیٰ امن عمل کے تمام معاملات پر قابل اعتماد مذاکرات فوری طور پر شروع کرنے اور ماسکو میں بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ جنرل اسمبلی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے، غیر قانونی قبضہ ختم کرے، نئی آباد کاری روکے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے تمام یہودی آبادکاروں کو نکال دے۔
l گزشتہ سال دنیا بھر میں 67 صحافیوں کو قتل کیا گیا جن میں سے نصف کے قریب فلسطین میںاسرائیلی فوج کے ہاتھوں جاں بحق ہوئے۔
l سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے امریکی عوام کے خیالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور یہ تبدیلی اسرائیلی پالیسیوں اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں منفی رخ اختیار کر چکی ہے۔ یہ صورت حال واضح پیغام دیتی ہے کہ ظلم، جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالی کے مقابلے میں عالمی شعور اب زیادہ بیدار ہو چکا ہےاور آوازیں اب کھل کر فلسطین کے حق اور انصاف کے لیے اُٹھنے لگی ہیں۔
l قابض اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق، مشرقی رفح میںگزشتہ چند ماہ سے اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے والے ’’القوات الشعبیة ‘‘ نامی گروہ کے سربراہ یاسر ابو شباب کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کر دیا ہے ۔ابو شَبّاب کی ہلاکت کو ’’اسرائیل کے لیے ایک ناخوشگوار پیش رفت‘‘ سمجھا جا رہا ہے۔
l بیلجئم کی بائیں بازو کی سیاسی جماعت ورکرز پارٹی آف بیلجئم سے تعلق رکھنے والے یورپی پارلیمنٹ کے سابق رکن مارک بوٹینگا نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں کو کیوں قبول کیے بیٹھے ہیں؟جوہری معاہدہ ایران نے نہیں، امریکہ نے توڑا،پھر ایران پر پابندیاں کیوں؟اسرائیلی حملوں پر یورپی یونین کی خاموشی کیوں؟مغربی پابندیاں حکومتوں کونہیں بلکہ عام ایرانیوں کی دوائیوں اور بنیادی ضرورتوں تک رسائی کو متاثر کر رہی ہیںاور خطے میں عدم استحکام بڑھا رہی ہیں۔
l امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب میں اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کو جدید ترین اور خطرناک ہتھیاروں کی فراہمی صرف ایک معمولی تعاون نہیں بلکہ ایک باقاعدہ اور مضبوط عسکری شراکت داری تھی۔
l اسرائیلی فوج کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی وقت اچانک جنگ بھڑک سکتی ہےاور اس ممکنہ صورت حال کے پیشِ نظر فوج کو تمام محاذوں پر مکمل چوکس اور اعلیٰ ترین سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
l اقوامِ متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر اور انسانی بحران کے امور کے سربراہ توماس فلیچر نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں حماس کی جانب سے امداد پر قبضے کا کوئی ثبوت موجود نہیں بلکہ اصل مسئلہ اسرائیلی پابندیاں اور بندشیں ہیں، کیونکہ سرحدی گزرگاہیں اسرائیل خود بند رکھتا ہے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l امریکہ : صدر سے مشرق وسطیٰ میں آپریشن کا اختیار واپس لینے کا فیصلہ: ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز نے دفاعی بجٹ کے مسودے پر اتفاق کر تے ہوئے طے کیا ہے کہ امریکی صدر کے بیرون ملک طاقت کے استعمال کے قوانین ختم کئے جائیں گے ، ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں فوجی آپریشن کا فیصلہ تنہا نہیں کر سکیں گے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ سے متعلق نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے پاس مشرقِ وسطیٰ میں عظیم بننے کا حقیقی موقع ہے۔
l ایران:ڈالر کے مقابلے میں ،ایرانی ریال تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گیا: اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار کے قریب ریکارڈ کی گئی۔ 2018ء میں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران پر سخت پابندیاں نافذ کیں توایک ڈالر تقریباً 55 ہزار ایرانی ریال کے برابر تھا، اِس کے بعد سے ایرانی ریال مسلسل زوال کا شکار ہے۔
l سعودی عرب :روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے نئے اوقات مقرر: مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے نئے اوقات مقرر کئے گئے ہیں ۔اب مردوں کےلیے ’زیارت‘ کا وقت شب 2 بجے سے نماز فجر تک اوردن میں وقت11 بجے سے عشاء تک ہوگا۔جبکہ خواتین کےلیے زیارت کا وقت فجرکے بعد سے دن 11 بجے اور عشاء کے بعد رات 2 بجے تک ہوگا۔مرد زائرین نماز جمعہ کے بعد سے عشاء تک زیارت کرسکیں گے جبکہ خواتین جمعہ کو نماز فجر کے بعد سے صبح 9 بجے تک زیارت کرسکیں گی۔
l بھارت:مغربی بنگال میں ’’نئی بابری مسجد‘‘ کا سنگ بنیاد: 1992ء میں ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کی 33 ویں برسی کے موقع پر ریاست مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں ’’نئی بابری مسجد‘‘ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ، ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی)کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی،سینکڑوں شرکاء علامتی طور پر اینٹیں اُٹھائے تقریب میں پہنچے۔مسجد کے منتظم ہمایوں کبیر نے دعویٰ کیا کہ یہ چھوٹے پیمانے پر بابری مسجد کی رپلیکا ہوگی۔
l شام : اسرائیلی سرحدی پالیسی شام کے لیے خطرناک ہے:احمد الشرع : عبوری صدر احمد الشرع نے دوحہ فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام اسرائیل کے ساتھ 1974ء کے معاہدے کا مکمل احترام کرتا ہے تاہم اسرائیل کی سرحدی پالیسی شام کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔اسرائیل کی کوشش ہے کہ وہ جنوبی شام میں ایک حفاظتی زون قائم کرے، شام کو شدید خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
l اسرائیل: ٹونی بلیئر کو ’غزہ امن کونسل‘ سے ہٹا دیا گیا: یہودی اخبار یدیعوت احرونوت نے رپورٹ کیا کہ ٹونی بلیئر اب اُس کونسل کی رکنیت کے لیے زیرِ غور نہیں ہیں، جس کی تجویز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دی تھی۔واضح رہے کہ عرب اور مسلم ممالک نے ٹونی بلیئر کے کردار پر اعتراض کیا تھا، توقع ہے کہ وہ اس کے بجائے چھوٹی ایگزیکٹو کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026