(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلامغزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l وزارتِ صحت غزہ فلسطین کی جاری کردہ اطلاعات کے مطابق7 اکتوبر 2023ء سے23 جنوری 2025 ء تک اسرائیلی جارحیت سے 47285  مسلمان شہید اور 111472  زخمی ہو چکے ہیں۔
l امریکی صدر ٹرمپ کے بیان’’ فلسطینیوں کو غزہ کے علاقے سے مصر اور اردن منتقل کیا جائے‘‘ پرحماس نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم جس نے صہیونی قابض فوج کی طرف سے تاریخ کے بدترین مظالم اور نسل کشی کے خلاف ثابت قدمی دکھائی اور خاص طور پر شمالی غزہ میں جبری ہجرت کی تمام کوششوں کو مسترد کیا،اپنی سرزمین سے بے دخل ہونے اور نقل مکانی کی تمام سازشوں کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ امریکی انتظامیہ ان تجاویز کو ترک کردے جو اسرائیلی منصوبوں سے ہم آہنگ اور ہماری قوم کے حقوق اور اس کی آزاد مرضی سے متصادم ہیں۔ اس کے بجائے فلسطینی عوام کو اُن کی آزادی حاصل کرنے، اپنی آزاد ریاست قائم کرنے، جس کا دارالحکومت القدس ہو، میں مدد فراہم کرے ۔ادھر مصر اور اردن نے ٹرمپ کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے اور فلسطینی مسئلے کے تصفیئے کے حوالے سے اپنے مؤقف پر زور دیا ہے۔ دونوں ممالک نے واضح کیا ہے کہ وہ فلسطینی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں۔حماس نے مصر اور اردن کے اس مؤقف کو سراہا ہے ۔ عرب لیگ نے بھی اردن اور مصر ی مؤقف کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔
l القسام بریگیڈز نے عسکری لباس میں ملبوس چار اسرائیلی فوجی خواتین قیدیوں کو قیدیوں کے تبادلہ کے لیے منعقد ہ خصوصی تقریب کے دوران ریڈ کراس کے حوالے کیا۔اس موقع پر اسرائیلی ایلیٹ فورسز کا خاص ہتھیار’’تافور‘‘ رائفل القسام بریگیڈز کے جنگجوؤں کے ہاتھوں میں نظر آیا ۔عبرانی میڈیا نے اِس منظرکو اسرائیلی فوج کے وقار پر ایک زخم قرار دیاہے۔
l امریکی انتظامیہ کی طرف سے یمن کی تنظیم ’’انصار اللہ‘‘ کو نام نہاد ’’دہشت گرد تنظیموں کی فہرست‘‘ میں شامل کرنے پرحماس نے کہا ہے کہ حقیقی دہشت گردی اور خطے میں کشیدگی کااصل ذریعہ توصہیونی ریاست اور اس کی وہ حکومت ہے جس کی قیادت ایک جنگی مجرم کے ہاتھ میںہے اوروہ اپنے جارحانہ اور توسیع پسندانہ ایجنڈے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
l اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں یو این آر ڈبلیو اے (UNRWA) کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے دوران کہا ہےکہ     یو این آر ڈبلیو اے کو نشانہ بنا کر اسرائیل نہ صرف فلسطینی عوام کو دی جانے والی انسانی امداد کا ڈھانچہ ختم کرنا چاہتا ہے بلکہ اُن کی شناخت اور اُن کے جائز حقوق کو بھی مٹانے کے درپے ہے، تاکہ انصاف اور امن کے لیے ان کی جدوجہد کو کمزور کیا جاسکے۔
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں 
l غزہ: واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ تباہ: فلسطینی واٹر اتھارٹی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے محصور شمالی غزہ میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے والے واحد ڈی سیلینیشن پلانٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ تکنیکی ٹیموں کو سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بڑے پیمانے پر تباہی کے ساتھ ساتھ آلات اور ایندھن کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
l لبنان : غزہ جانے والوں پر اسرائیلی فائرنگ: جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلاء کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد گھروں کو لوٹنے والے لبنانی شہریوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 22 افراد شہید ہو گئے۔
  l شام:الاسد حکومت کے افسروں سمیت 35 افراد کو پھانسی: بشار الاسد کا تختہ الٹنے والی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نے مغربی حمص کے علاقے میں خلاف ورزیوں پر متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس (ایس او ایچ آر) کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں سنگین خلاف ورزیوں اور پھانسیوں کے بعد کی گئی ہیں، سزائے موت پانے والوں میں زیادہ تر اسد حکومت کے سابق افسران ہیں، جنہوں نے خود کو نئی حکومت کے مراکز میں پیش کیا تھا۔
 l یمن: حوثیوں نے 150سے زائد جنگی قیدی رہا کردئیے: یمن کے حوثی باغیوں نے 153بیمار اور بزرگ جنگی قیدیوں کو ریڈ کراس کے تعاون سے رہا کردیا تاہم رہا کیے جانے والے قیدیوں کی شناخت کے حوالے سے نہیں بتایا گیا۔ 
 l سوڈان: ہسپتال پر ڈرون حملہ: ڈارفر ریجن میں الفشر کے علاقے میں قائم ہسپتال میں ڈرون حملے میں مریضوں سمیت 70 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ سوڈان میں پیرا ملٹری آر ایس ایف اور سرکاری فورسز کے درمیان مسلح لڑائی جاری ہے ۔ تاہم اس حملے کے حوالے سے وضاحت نہیں ہوئی کہ کس فریق نے حملہ کیا تھا۔
l سعودی عرب: مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری: ادارۂ امورِ حرمین کی جانب سے مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری کئے گئے ہیں۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں رمضان المبارک کے دوران پرمٹ کے بغیر افطاری دسترخوان نہیں لگایا جاسکے گا۔افطاری دسترخوان لگانے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق افطاری منظور شدہ کیٹرنگ سے تیار کرا کے فراہم کریں ۔ افراد کو کسی ایک جگہ جبکہ فلاحی تنظیموں کو 10 جگہ پر دسترخوان لگانے کی اجازت ہوگی۔ ذیابیطس اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کے لیے مخصوص اشیاء فراہم کی جائیں جو کم کیلوریز پر مشتمل ہوں۔
ادارہ امور حرمین شریفین مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین کی سہولت کے  لیے بیرونی صحنوں میں سامان رکھنے کے لیے مفت لاکرز کی سہولت بھی فراہم کررہا ہے۔