(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

10 /
حلقہ اسلام آباد کے زیرِاہتمام ایک سالہ قرآن فہمی کورسز کی تقسیم اسناد 
 
انجمن خدام القرآن اسلام آباد کے تحت چلنے والے ایک سالہ قرآن فہمی کورسز کی تقسیمِ اسناد کی تقریب 11 جنوری 2025 ء کو مسجد حرمین شریفین گلزار قائدراولپنڈی میں بعد نمازِمغرب منعقد ہوئی ۔ اس پروگرام میں سال 23۔2022 اور 24۔2023 کے دوارن قرآن اکیڈمی گلزار ،حمدان ،پہیونٹ اور کمیٹی چوک سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو کتب کی شکل میں خصوصی تحائف دئیے گئے ۔ جبکہ تفسیر کورس میں شرکت کرنے والے طلبہ میں خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
اس تقریب میں امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شخ مہمان خصوصی تھے،جو انجمن خدام القرآن اسلام آباد کے نگرانِ اعلیٰ بھی ہیں۔ انہوں نے اپنی گونا گوں مصروفیات کے باوجود صدر انجمن خدام القرآن اسلام آباد کی دعوت پر پروگرام میں شرکت کی ۔
اس پروگرام میں طلبہ کے علاوہ انجمن کے ممبران کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔نمازِ مغرب کے بعد جناب قاری عنایت منظور کی تلاوت قرآن حکیم سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔سٹیج سیکریٹری کی   ذمہ داری جناب ڈاکٹر رضوان حیدر نے ادا کی ۔تلاوتِ قرآن پاک کے بعد بعض نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ نے قرآن فہمی کورس کے حوالے سے تاثرات بیان کیے۔طالبات کے تاثرات تحریری طور پر موصول ہوئے جوکہ جناب ابرار احمد نے پڑھ کر سنائے ۔
نماز عشاء کے بعد پروگرام کے اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ڈائریکٹر اکیڈمکس    جناب بریگیڈیر (ر)عنایت ولی نے سابقہ کورسز کے حوالے سے اپنی گزارشات سامعین کے سامنے پیش کیں جبکہ آئند ہ کورسز کے حوالے سے نئےاہداف کی نشاندہی بھی کی ۔اس کے بعد صدر انجمن ڈاکٹر خالد نعمت نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔صدر انجمن نے اپنی گفتگو میں ان کورسز کے حوالے سے ایک طائرانہ جائزہ پیش کیا ۔ اس خطاب کے بعد طلبہ میں اسناد وانعامات تقسیم کیےگے۔ طالبات کو ان کے انعامات اور اسناد قائم کردہ کیمپ میں دئیے گئے۔
پروگرام کے آخر میں مہمان خصوصی محترم شجاع الدین شیخ نے خطاب فرمایا۔ انہوں نے قرآن حکیم کی تعلیمات کو ایمانِ حقیقی کا منبع قرار دیتے ہوئےاُس پر عمل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے استادِ محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ کی اس کاوش کا ذکر کیا جس کے لیے ڈاکٹرصاحب ؒنے قرآن کو عوام الناس تک پہنچانے کے لیے اپنی پوری زندگی صرف کر دی۔ دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔(رپورٹ: ریاض حسین )
حلقہ ملاکنڈ، مقامی تنظیم واڑی کا ماہانہ تربیتی اجتماع
26جنوری2025 ء کوتنظیم اسلامی واڑی کاماہانہ تربیتی اجتماع نیومیاں صیب ہوٹل جاگام اڈہ واڑی میں منعقدہوا۔
اجتماع کاآغاز جناب مولانااحسانُ اللہ کے درسِ قرآن سے ہوا۔ انہوں نے ’’مومِن کی بنیادی صفات‘‘کےموضوع پرسورۃ المومنون کی ابتدائی آیات پرمشتمل درسِ قرآن دیا۔
       جناب میاں فریداللہ نے’’دوستی کامعیار‘‘ پر درس حدیث دیا۔ جناب میاں نذیراللہ نے ’’التزامِ جماعت‘‘ پرمفصل گفتگوکی۔اس کے بعد جناب میاں محسن نے’’دین کاجامع تصور‘‘ پیش کیا۔ جناب ارشاد احمدصاحب نے’’فرائضِ دینی کاجامِع تصور‘‘کو موضوعِ بحث بنایا۔راقم نے’’منہج انقلاب نبوی ﷺ‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ جناب شاہ ولی خان نے ’’سیرتِ صحابہؓ‘‘ کےعنوان سے حضرت ابوعبیدہ بن الجراح ؓکی سیرت پرسیرحاصل بحث کی۔
مقامی امیر تنظیم جناب عنایت اللہ توحیدی نے اختتامی کلمات اداکیے۔
میاں فرید اللہ کی دُعا سے اس بابرکت محفل کااختتام ہوا۔راقم نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
پروگرام میں کُل14رفقاء واحباب شریک ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ہماری اس چھوٹی سی کوشش کواپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔آمین!(رپورٹ:صاحبزادہ خان)
امیر حلقہ ملاکنڈ کا دعو تی دورہ  دیر بالا 
 
  25فروری کو راقم، امیر حلقہ اور جناب فیض ا لر حمان کے ہمراہ دوپہر دیر بالا روا نہ ہوا۔راستے میں جہاں بھی نما ز کا وقت آ تا تو مسجد میں’’ عظمت قرآن‘‘ کے حوالے سے بیان بھی کیا جاتا۔ آ نے اور جانے کے دوران راقم نے 5 اور جناب فیض الرحمن نے     3مساجد میں بیانات دیے ۔دیر با لا میں رات جناب عالم زیب کے ہاں قیام کیا۔صبح قر یبی مسجد میں درس قرآن ہوا۔ ٹھیک 9 بجے 3تناظیم ، دیر بالا،بیبوڑ اور دارو ڑہ کاتربیتی اجتماع شروع ہوا۔ رفقاء کی بڑی تعداد اجتماع میں شریک ہوئی ۔ امیر حلقہ ، جناب فیض الرحمن اور راقم نے رفقاء کو دعوت وتربیت اور اہداف کے حوالے سے ترغیب و تشویق دلا ئی۔مقامی لوگوں میں دینی جذبہ موجود ہے۔ شوقِ جہاد ،شوقِ عبادت اور انتہائی اہتمام کے ساتھ دینی بات سننے کے لیے بیٹھنااور مہمانوں کی حو صلہ افزائی کرنا یہاں کے لوگوں کی گھٹی میں شامل ہے۔اس موقع پر بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد m   کے لیے بھی دل سے دعانکلی کہ اے اللہ بانی محترم ؒ کو جنت الفردوس عطا فرما جنہوں نے ہمیں اقا مت دین کے تصور سے روشناس کرایا ۔سا تھ ہی ملاکنڈ ڈویژن میں تنظیم کی داغ بیل ڈالنے والے شخص یعنی محمد فہیم صاحب جو انتہائی پیرانہ سالی کےباوجود باطل نظر یا ت و افکار کے خلاف محوسفر ہے۔اور اس قرآنی فکر کو عام کرنے کے لیے اپنی یخ بستہ راتوں کو بے آرام کر  رہے ہیں ۔ اس طرح محترم گل رحمان صاحب جس نے باجوڑ میں اقا مت دین کے تصور کو علماء کرام میں عام کیا اور اب الحمدللہ با جو ڑ میں 2 مقامی تنظیم ہیں۔موصوف بھی مختلف جسمانی عوارض میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنی تنظیمی ذمہ داریاں پوری جانفشانی سے سرانجام دے رہے ہیں۔   اللہ سبحانہ و تعالیٰ دونوں کو ایمان و صحت سمیت عمر دراز عطا فرمائے۔ آمین ۔ اللہ تعالیٰ حلقہ ملاکنڈ کے رفقاء کو اس لشکر کا ہر اول دستہ ثابت کر ے جو امام مہدیؓ کے لشکر کو تقویت دینے کے لیے یہاں سے جائیں گے۔ (رپورٹ :ابوکلیم نبی محسن)
سوات میں دعوتی پروگرام
 
 
17جنوری کو سوات میں رفیق تنظیم جناب محمد عارف نے ایک دعوتی پروگرام کا انعقاد کیا ۔ پروگرام کے موضوعات انتہائی دلچسپ تھے۔ یعنی، مومن کی صفات ، مسلمان گھرانے کی صفات ، مسلمان ملک کی صفات اور اسوہ حسنہ ۔راقم، امیر حلقہ کے ہمراہ تیمرگرہ سے صبح روانہ ہوئے ۔ناشتہ کبل میں جناب صدیق سواتی کے ہاں کیا ۔ٹھیک ساڑھے نو بجے خواز ہ خیلہ پہنچے ۔اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔تلاوت کے بعد رفیق تنظیم جناب عارف صاحب نے مومن کے بنیادی اوصاف بیان کیے۔اس کے بعد راقم نے مسلمان گھر اور مسلمان ملک کے اوصاف بیان کیے۔ ہماری زندگی قرآن وسنت کے مطابق ہونا چاہیے۔ہمیں اپنے تہذیب وتمدن کے بقاء کے لیے سنت رسولﷺ کو گلے لگانا چاہیے۔ آخر میں امیر حلقہ نے اسوۂ حسنہ پر مفصّل خطاب کیا۔ واپسی پرایک مسجد میں فرائض دینی پربیان کیا ۔ رات امیر حلقہ کے ہاں قیام کیا ۔ا للہ تعالیٰ ہماری اس معمولی سی سعی کو اپنے ہاں شر فِ قبولیت عطاء فرمائے۔ آمین!(رپورٹ: ابو کلیم نبی محسن )